ایران کا دبئی میں یوکرینی ایٹی ڈرون سسٹم تباہ کرنے کا دعویٰ: ’یہ بالکل جھوٹ ہے،‘ کئیو کی تردید

ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے دبئی میں ’یوکرین کے اینٹی ڈرون سسٹمز‘ کے ایک گودام کو نشانہ بنایا ہے۔

خلاصہ

  • ایران پر حملے ٹرمپ کی سفارت کاری کے لیے دی گئی مہلت کے منافی ہیں: عراقچی
  • جی سیون کا عام شہریوں پر حملے روکنے اور آبنائے ہرمز کی بحالی کا مطالبہ
  • یمن کے حوثی باغیوں کی بھی جنگ میں شامل ہونے کی دھمکی
  • امریکہ اور ایران کے نمائندے 'بہت جلد' پاکستان میں ملاقات کر رہے ہیں: جرمن وزیرِ خارجہ
  • اقوامِ متحدہ کا ایران میں بچیوں کے سکول پر حملے کی شفاف تحقیقات جلد مکمل کرنے اور نتائج عام کرنے کا مطالبہ
  • اسرائیل کا ایران کی سمندری بارودی سرنگیں بنانے کی فیکٹری تباہ کرنے کا دعویٰ
  • امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ 'ایرانی حکومت کی درخواست پر' ایران میں انرجی پلانٹس پر حملے مزید 10 دن تک مؤخر کر رہے ہیں

لائیو کوریج

  1. جنگ ختم کرنے کے امریکی منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ نہیں، برطانوی وزیرِ دفاع

    برطانیہ کے وزیر دفاع جان ہیلی نے بی بی سی ریڈیو 4 سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر تمام ممالک کو اکٹھا کر رہا ہے اور ایسا حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس میں عسکری قوت کا استعمال نہ کرنا پڑے۔

    جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا وہ جانتے ہیں کہ امریکہ جنگ کے خاتمے کے لیے کیا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جان ہیلی کا کہنا تھا، ’منصوبے تو تیار کیے جا رہے ہیں۔ فی الحال اس بارے میں تفصیلات میسر نہیں۔‘

    ان کا کہنا ہے کہ اس مرحلے پر جو چیز اہم ہے وہ یہ ہے کہ بہت سے ممالک اس بات کا عزم ظاہر کریں کہ وہ آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے ضروری اقدامات میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے تیار ہیں۔

    وزیرِ دفاع کا مزید کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان اب بات چیت ہو رہی ہے جس کا خیرمقدم کیا جانا چاہیے۔ ’کیونکہ اگر ہمیں آبنائے میں جہاز رانی دوبارہ شروع کرنی ہے، ہمیں خطے میں استحکام واپس لانا ہے، تو ہمیں اس تنازع کو ختم کرنے کا راستہ ڈھونڈنا ہوگا۔‘

  2. ایرانی پارلیمنٹ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے ٹول وصول کرنے کے لیے بل تیار کر رہی ہے: ایرانی میڈیا

    آبنائے ہرمز

    ،تصویر کا ذریعہNurPhoto via Getty Images

    ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایرانی پارلیمنٹ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے ٹول وصول کرنے کا قانون منظور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    پارلیمنٹ کی تعمیراتی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ اس حوالے سے ایک مسودہ تیار کر لیا گیا ہے لیکن ابھی بل حتمی مرحلے تک نہیں پہنچا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس بل کا مقصد آبنائے ہرمز سے ’گزرنے والے جہازوں کو تحفظ فراہم کرنا‘ ہے۔

    تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ ممکنہ طور پر جہازوں سے کتنا ٹول وصول کیا جائے گا۔

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے گذشتہ رات سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ایران نے اب تک ’چین، روس، پاکستان، عراق اور انڈیا‘ جیسے ممالک کی جانب سے جہازوں کو گزرنے دینے کی درخواستیں قبول کی ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ایران کے نقطہ نظر سے ہرمز مکمل طور پر بند نہیں بلکہ صرف دشمنوں کے لیے بند ہے۔

  3. مذاکرات کے حوالے سے غیر یقینی کی صورتحال برقرار، ایران اور لبنان پر حملے جاری

    لبنان

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کے حوالے سے متضاد اطلاعات کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے بات چیت جاری ہے جبکہ ایرانیوں کا اصرار ہے کہ مذاکرات نہیں ہو رہے۔

    تاہم اس درمیان ایک چیز جو واضح ہے وہ یہ ہے کہ پورے خطے میں حملے ابھی بھی جاری ہیں۔

    ایران میں تازہ حملے: اسرائیل نے جمعرات کو علی الصبح اعلان کیا کہ اس نے اصفہان شہر اور کئی دیگر علاقوں پر حملوں کی نئی لہر شروع کی ہے۔

    امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے گذشتہ رات بتایا کہ طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن ایران کے اندر فوجی اہداف کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

    لبنان: ملک کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی (این این اے) نے بدھ کو دیر گئے خبر دی کہ جنوبی لبنان میں حروف پر اسرائیلی حملوں میں دو افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔

    جمعرات کے اوائل میں لبنانی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ قریبی قصبے عربسلیم پر حملے میں مزید آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

  4. جنگ سے قبل روس ایران کو انٹیلی جنس معلومات فراہم کر رہا تھا، برطانوی وزیر دفاع کا دعویٰ

    برطانیہ کے وزیر دفاع جان ہیلی نے بی بی سی بریک فاسٹ پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس اور ایران کے درمیان ’جارحیت کا محور‘ قائم ہے۔

    انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ تازہ ترین دفاعی انٹیلی جنس سے پتہ چلتا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں تنازعات سے قبل روس نہ صرف ایران کو انٹیلی جنس معلومات فراہم کر رہا تھا بلکہ ایران کو تربیت بھی فراہم کر رہا تھا۔

    جان ہیلی کا مزید کہنا ہے کہ ایران کے پیچھے روسی صدر پوتن کا ہاتھ ہے۔

  5. ابوظہبی میں میزائل کا ملبہ گرنے سے دو افراد ہلاک, آزادے مشری، بی بی سی

    ابوظہبی میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایک میزائل کا ملبہ گرنے سے دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق متعدد کاروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    مشرقِ وسطیٰ میں جاری لڑائی کے دوران ابو ظہبی کو بھی متعدد حملوں کا سامنا رہا ہے اور یہاں ایران نے اب تک 2100 سے زائد میزائل اور ڈرونز لانچ کیے ہیں۔

    اگرچہ وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ زیادہ تر حملوں کو روک دیا گیا ہے، لیکن معلومات تک رسائی میں یہاں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

    حملوں سے ہونے والے نقصانات کی تصاویر لینے اور ویڈیو ریکارڈ کرنے کی پاداش میں اب تک 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    برطانیہ کے دفتر خارجہ نے برطانیہ کے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ یہاں کی حکومت پر تنقید کرنے والے مواد کو پوسٹ کرنا بھی غیر قانونی ہے۔

    لیکن ابوظہبی میں ہونے والے یہ حملے متحدہ عرب امارات میں تحفظ اور استحکام کی کھینچی گئی تصویر کو دُھندلا کر رہے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت کے دوران اس کے میزائل اور ڈرون پروگرام پر طویل مدت تک پابندی ہونی چاہیے۔

    حکام یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ ایرانی حملوں نے متحدہ عرب امارات کو واشنگٹن کے ساتھ اپنے سکیورٹی تعلقات کو بڑھانے پر مجبور کیا ہے۔

  6. ملائیشیا کے وزیر اعظم کا شہباز شریف کو ٹیلی فون، ’امریکہ، ایران مذاکرات کے لیے سفارت کوششوں پر بات چیت‘

    ملائیشیا کے وزیر اعظم کا شہباز شریف کو ٹیلی فون

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے پاکستانی ہم منصب شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

    وزیرِ اعظم پاکستان کے دفتر کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے عید الفطر کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور امت کے اتحاد اور ترقی کے لیے دعا کی۔

    بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی قیادت میں ثالثی کی کوششوں کی حمایت کے پیغام پر ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے برادر خلیجی ممالک اور ایران کے رہنماؤں کے ساتھ ان کی بات چیت سمیت تازہ ترین سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔

    بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور اُنھیں یقین دلایا کہ پاکستان خطے کی موجودہ صورتحال میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مخلصانہ اور حقیقی کوششیں جاری رکھے گا۔ دونوں رہنماؤں نے آپسی رابطے بحال رکھنے پر اتفاق کیا۔

  7. ’اگر آپ خود نہیں آتے تو وہ آپ کو گھر سے لے جاتے ہیں:‘ ایران میں لازمی فوجی سروس پر نوجوانوں کے تحفظات, فرگل کین، بی بی سی نیوز

    امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے شروع ہونے کے بعد سے ایران میں انٹرنیٹ تقریباً مکمل طور پر بند ہے۔ لیکن بی بی سی جنگ کے بارے میں کچھ ایرانیوں سے بات چیت کرنے میں کامیاب رہا ہے۔

    20 سال علی بھی لازمی فوج سروس کے اہل ہیں، حال ہی میں ایک فوجی اڈے پر فضائی حملے میں اُن کے ایک قریبی دوست کی ہلاکت ہو گئی تھی۔

    علی کہتے ہیں کہ ’میں نے سنا کہ اُنھوں نے اس جگہ پر بمباری کی ہے۔ اس کے بعد، مجھے پتہ چلا کہ میرا دوست مارا گیا ہے۔ مجھے خود یقین نہیں آیا۔ میں نے دوسرے دوستوں کو فون کیا اور اُنھوں نے مجھے بتایا: ہاں ہمارا وہ دوست مارا گیا ہے۔‘

    ایران میں 18 سال سے زیادہ عمر کے ہر مرد کے لیے فوجی تربیت حاصل کرنا لازمی ہے۔

    علی کہتے ہیں کہ ’آپ کو جانا پڑتا ہے۔ وہ آپ کے پیچھے آتے ہیں، وہ آپ کو گھر سے لے جاتے ہیں۔ وہ اگر آپ کو گھر سے باہر دیکھتے ہیں تو آپ کو اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔‘

    لیکن علی کا کہنا ہے کہ ’میں نہیں جانا چاہتا، میں کوئی نظریاتی نوجوان نہیں ہوں۔ سادہ سی بات ہے کہ میں مرنا نہیں چاہتا۔‘

    وہ کہتے ہیں کہ ’میں یقینی طور پر نہیں جاؤں گا، کیونکہ میری زندگی کو خطرہ ہو گا۔ میں پوری کوشش کروں گا کہ مجھے فوج میں نہ جانا پڑے۔‘

  8. حکومتِ پاکستان نے فیول سبسڈی کے لیے ترقیاتی بجٹ میں 100 ارب روپے کی کٹوتی کر دی, تنویر ملک، صحافی

    فیول سبسڈی

    ،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images

    پاکستان میں وفاقی حکومت نے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے رواں مالی سال کے لیے ترقیاتی بجٹ میں 10 فیصد کمی کرتے ہوئے اسے 1000 ارب روپے سے کم کر کے 900 ارب روپے کر دیا ہے۔

    مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کے لیے سبسڈی فراہم کی، تاہم ہائی آکٹین اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کرنا پڑا۔

    وزارتِ خزانہ نے وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں 100 ارب روپے کی کمی کر دی گئی ہے۔

    حکومت نے پی ایس ڈی پی کے تحت وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کے لیے 685.9 ارب روپے مختص کیے تھے، جن میں 583 ارب روپے مقامی جبکہ 102 ارب روپے کا فارن فنانس شامل تھا۔ اس کے علاوہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور پاور سیکٹر کارپوریشن سمیت کارپوریشنز کے لیے 314 ارب روپے رکھے گئے تھے، جس سے مجموعی حجم 1000 ارب روپے بنتا تھا۔

    دریں اثناء وزیراعظم کی ہدایات پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو وزیراعظم کے کفایت شعاری فنڈ سے 27 ارب روپے کی پہلی قسط فراہم کر دی گئی ہے تاکہ حکومت کے اس فیصلے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے پرائس ڈیفرینشل کلیمز ادا کیے جا سکیں، جس کے تحت صارفین کو بین الاقوامی سطح پر تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق یہ فنڈز وفاقی حکومت کے اندر مختلف اخراجات میں کمی کے اقدامات کے ذریعے حاصل کیے گئے اور انھیں وزیراعظم کے کفایت شعاری فنڈ میں جمع کرایا گیا۔ حکومت اس بات پر بھی غور کر رہی ہے کہ مزید اخراجات میں کمی کے اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے، بجٹ کی حدود میں رہتے ہوئے مزید بچت کے مواقع بھی تلاش کیے جا سکیں۔

  9. وسطی اسرائیل میں میزائل حملے میں چھ افراد زخمی، امارات کا ایرانی میزائل حملے روکنے کا دعویٰ

    وسطی اسرائیل

    ،تصویر کا ذریعہIsraeli emergency services

    اسرائیل کی ایمرجنسی سروس میگن ڈیوڈ ایڈوم (ایم ڈی اے) کا کہنا ہے کہ وسطی اسرائیل پر ہونے والے میزائل حملے کے بعد چھ افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    اسرائیلی حکام کے مطابق کفر قاسم شہر میں بھی کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل ایران کی جانب سے داغے گئے۔

    اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں حکام نے بتایا تھا کہ یہاں ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کو روکا جا رہا ہے۔

    اماراتی حکام کے مطابق بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کے لیے فضائی دفاعی نظام تعینات کیا جا رہا ہے جب کہ لڑاکا طیارے آنے والے ڈرون کو مار گرانے کے لیے آسمان پر ہیں۔

    بدھ کی رات سے وزارت دفاع کی جانب سے یہ تیسرا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

  10. امریکہ کا ایرانی بحریہ کی 92 فیصد صلاحیت ختم کرنے کا دعویٰ

    امریکہ کا ایرانی بحریہ کی 92 فیصد صلاحیت ختم کرنے کا دعویٰ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    مشرق وسطیٰ میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے ایران کی ڈرون اور میزائل سازی کی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ اس کے شپ یارڈز کے دو تہائی حصے کو ’نقصان یا تباہ‘ کر دیا ہے۔

    کوپر نے بدھ کے روز ایک پر اپنے بیان میں کہا کہ ’اب تک، ہم نے ایران کے دو تہائی سے زیادہ ڈرون اور میزائل کی تیاری کی تنصیبات کے ساتھ ساتھ اس کے شپ یارڈز کو نقصان یا تباہ کر دیا ہے اور ہم یہ سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘

    اُنھوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ امریکہ نے ایرانی بحری بیڑے کا 92 فیصد تباہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے تہران خطے اور دُنیا میں اپنے بحری اثر و رسوخ کو نمایاں طور پر کھو چکا ہے۔

    اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران سے بیلسٹک میزائل لانچ اور ڈرون حملوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ امریکہ، ایرانی فضائی حدود کو بھی کنٹرول کر رہا ہے۔

    ایڈمرل کور کے مطابق امریکی افواج نے ایران میں 10 ہزار سے زائد فوجی اہداف پر بمباری کی ہے۔

  11. ایران کی جانب سے مذاکرات سے انکار کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ

    تیل کی قیمتوں میں اضافہ

    ،تصویر کا ذریعہBloomberg via Getty Images

    ایران کی جانب سے امریکہ کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات سے انکار کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    بدھ کو ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ دوست ممالک نے امریکی تجاویز بھجوائی ہیں، تاہم یہ کوئی مذاکرات یا گفت و شنید نہیں ہے۔

    بدھ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا کہ ایران کے رہنما یہ تسلیم کرنے سے ’ڈرتے‘ ہیں کہ وہ بات چیت کر رہے ہیں۔

    اس دوران برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 1٫6 فیصد اضافے کے ساتھ 103٫85 ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 1.4 فیصد اضافے کے ساتھ 91.61 ڈالر پر کی سطح پر ہے۔

  12. ایران کا ایف-18 لڑاکا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ، امریکہ کی تردید

    f-18

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کی جانب سے ایف-18 لڑاکا طیارہ مار گرانے کی تردید کی ہے۔ اس سے قبل ایران کے پاسداران انقلاب نے جنگ کے دوران ایک امریکی ایف-18 طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

    پاسداران انقلاب نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ یہ طیارہ چابہار کے قریب گرایا گیا۔

    آئی آر جی سی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آئی آر جی سی کی نیول موبیلائزیشن فورس کے جدید ایئر ڈیفنس نے ایک لڑاکا طیارے کو درستگی سے نشانہ بنایا جو بحر ہند میں گر کر تباہ ہو گیا۔‘

    امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس پر فوری ردعمل دیتے ہوئے ایک پر لکھا کہ یہ خبر درست نہیں ہے۔

  13. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • ایک ایرانی فوجی اہلکار نے کہا ہے کہ اگر ایرانی سرزمین یا خلیج فارس میں اس کے جزائر پر امریکہ نے زمینی حملہ کیا گیا تو ملک ’باب المندب کی آبنائے میں ایک نیا محاذ کھول سکتا ہے۔‘
    • اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکہ اور اسرائیل سے کہا ہے کہ اب جنگ ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے، اور ایران سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ قریبی ممالک پر حملے بند کرے۔
    • امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے آغاز سے اب تک تقریباً 300 امریکی فوجی زخمی ہو چکے ہیں۔
    • وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ کے مطابق صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ اب بھی مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت‘ میں مصروف ہیں، حالانکہ تہران نے امریکی امن منصوبہ مسترد کر دیا ہے۔
    • وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں امریکہ ایران مذاکرات پر قیاس آرائیوں کو سرکاری مؤقف نہ سمجھا جائے۔
  14. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔