ایران کے ساتھ امریکہ اور اسرائیل کی جنگ میں حوثیوں کی مداخلت پر جنگ پھیلنے کے خدشات

،تصویر کا ذریعہReuters
ایران کے ساتھ امریکہ اور اسرائیل کی جنگ میں حوثیوں کی مداخلت سے بحیرہ احمر کے قریب تنازع کے پھیلنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
حوثیوں نے سات اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہونے والی لڑائی کے دوران بھی اسرائیل کی جانب میزائل داغے تھے۔
حوثیوں نے بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں کو ڈرونز، میزائلوں اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا تھا۔ اس کی وجہ سے کمپنیوں نے یہ روٹ اختیار کرنے کے بجائے افریقہ کا طویل روٹ اپنانے کو ترجیح دی تھی۔
حوثیوں نے جنوری 2024 میں برطانوی اور امریکی جنگی جہازوں پر بھی حملے کیے تھے۔
برطانیہ اور امریکہ نے جواب میں یمن میں حوثی اہداف کے خلاف متعدد حملے کیے اور حوثی باغیوں کے حملوں سے جہاز رانی کی حفاظت کے لیے رائل نیوی کا ایک ڈسٹرائر تعینات کیا۔
مشرق وسطیٰ میں جنگ میں حوثیوں کی مداخلت آبنائے ہرمز، جہاں متعدد ٹینکروں پر حملہ کیا گیا ہے، ایران کی جانب سے مؤثر طریقے سے بند کیے جانے کے بعد جہاز رانی کے لیے مزید خدشات پیدا کر سکتے ہیں۔
حوثی باغیوں نے 2014 سے شمال مغربی یمن کے زیادہ تر حصے پر کنٹرول کر رکھا ہے، جب اُنھوں نے دارالحکومت صنعا سے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کو بے دخل کیا اوراس کے بعد خانہ جنگی شروع ہو گئی تھی۔












