بریکنگ, پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے بعد ٹریڈنگ معطل
پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں قریب 10 ہزار پوائنٹس کی گراوٹ کے بعد ٹریڈنگ عاضی طور پر روکی گئی ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج نے آج آبنائے ہرمز کے قریب ایران کی 16 بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں کو تباہ کر دیا ہے۔ سینٹ کام نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں بظاہر ان کشتیوں کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے تازہ بیان میں کہا ہے کہ اس نے ایران پر ایک بار پھر حملے شروع کر دیے ہیں اور لبنان کے دارالحکومت بیروت پر بھی نئی فضائی کارروائی کی گئی ہے۔
پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں قریب 10 ہزار پوائنٹس کی گراوٹ کے بعد ٹریڈنگ عاضی طور پر روکی گئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہAndalou via Getty Images
امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ میں کشیدگی آنے کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ خدشہ پایا جا رہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل رکاوٹ کا شکار رہ سکتی ہے۔
ایشیا میں برینٹ کروڈ کی قیمت 24 فیصد اضافے کے ساتھ 114.74 فی بیرل رہی۔
آبی گزر گاہ آبنائے ہرمز کے ذریعے دنیا کے 20 فیصد تیل کی ترسیل ممکن ہو پاتی ہے۔ لیکن جنگ کی شروعات سے وہاں ٹینکر جمع ہو رہے ہیں۔
توانائی کی مصنوعات کے راستے میں اس بڑی رکاوٹ کے باعث یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ دنیا بھر میں صارفین اور کاروباروں کے لیے قیمتیں بڑھ سکتی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ہم نے تہران میں تین نوجوان مردوں سے پوچھا ہے کہ ایران کے نئے رہبر اعلیٰ مجتبی خامہ ای کی تعیناتی ان کے لیے کیا معنی رکھتی ہے۔
انٹرنیٹ کی بندش کے باعث لوگوں سے رابطہ مشکل ہو گیا ہے لیکن وقتاً فوقتاً ان سے بات چیت کا موقع مل جاتا ہے۔ ان کے تحفظ کے لیے شناختیں ظاہر نہیں کی جا رہیں۔
ایک مرد کا کہنا تھا کہ ’نظام کے اندر تبدیلی کے امکانات موجود نہیں ہیں۔ اسمبلی سابقہ رہنما کے قریب ہونے والے کسی دوسرے فرد کو منتخب نہیں کر سکی۔ تو کافی کچھ جوں کا توں رہے گا۔ انھیں حمایت ظاہر کرنے کے لیے نعرے بھی تبدیل نہیں کرنے پڑیں گے۔‘
ایک دوسرے مرد نے کہا کہ ’وہ انتقام لینا چاہیں گے۔ انھوں نے ان کے والد کو قتل کیا اور اب وہ اسے بھولیں گے نہیں۔ اگر وہ امریکہ سے بدلہ نہ لے سکے تو وہ عام لوگوں سے بدلہ لیں گے۔ مجھے امید ہے اسرائیل اور امریکہ انھیں نشانہ بنائیں گے۔‘
تیسرے شخص نے کہا کہ ’اس کا مطلب ہے کچھ تبدیل نہیں ہوگا۔ یہ وہی راستہ ہے، اس سے بھی بُرا۔ میرا نہیں خیال حالات ایسے ہی رہیں گے۔ مجھے نہیں لگتا وہ دیر تک چل سکیں گے۔‘
خیال رہے کہ ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان، ایرانی فوج، پاسداران انقلاب اور دیگر اعلیٰ قیادت نے مجتبی خامنہ ای کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی ہے۔

،تصویر کا ذریعہWHITE HOUSE
ٹائمز آف اسرائیل کو دیے ایک انٹرویو میں امریکی صدر ٹرمپ نے نئے ایرانی رہبر اعلیٰ مجتبی خامنہ ای کی تعیناتی پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے محض یہ کہا کہ ’دیکھتے ہیں آگے کیا ہو گا۔‘
اسرائیلی اخبار کے مطابق ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے کا فیصلہ ’مشترکہ‘ ہو گا جو وہ نیتن یاہو کے ساتھ مل کر کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ یہ فیصلہ مشترکہ ہے۔۔۔ ہم بات کر رہے ہیں۔ میں مناسب وقت پر فیصلہ کروں گا۔ لیکن ہر چیز کو مدنظر رکھا جائے گا۔‘
ٹرمپ نے اسرائیلی صدر سے مطالبہ بھی کیا کہ وہ بدعنوانی سے جڑے مقدمات میں نیتن یاہو کو صدارتی معافی دیں۔
ایشیا پیسیفک خطے میں سٹاک مارکیٹس میں نمایاں گراوٹ دیکھی جا رہی ہے کیونکہ تیل کی قیمت چار برس میں پہلی بار 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلی گئی ہے۔
جاپان میں چھ فیصد سے زیادہ کمی، جنوبی کوریا میں 12 فیصد اور آسٹریلیا میں تقریباً چار فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔
گذشتہ ہفتے کے دوران امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر تازہ فضائی حملوں نے عالمی سطح پر اس خدشے میں اضافہ کیا ہے کہ خطے سے توانائی کی سپلائی میں بڑی رکاوٹیں پیدا ہو سکتی ہیں۔
یہ اس لیے پریشان کن ہے کیونکہ اس سے دنیا بھر میں صارفین اور کاروباروں کے لیے قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ماضی میں مجتبیٰ خامنہ ای کا نام ایران میں ایک ممکنہ امیدوار کے طور پر لیا جاتا رہا ہے۔ لیکن یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ ایران کے اندر ہر شخص، چاہے وہ نظام کا حصہ ہو یا نہ ہو، اور چاہے وہ نظام کی حمایت کرتا ہو یا نہیں، اس وقت شدید دباؤ میں ہے۔
اگرچہ مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا رہبر اعلیٰ بنایا گیا ہے لیکن یہ واضح ہے کہ اُن کا عہدہ ان کے والد جتنا طاقتور نہیں ہو گا جنھوں نے چالیس برس تک بھرپور اثر و رسوخ کے ساتھ قیادت سنبھالی تھی۔
شاید اب اُن کا کام نظام کے مختلف دھڑوں کے درمیان کسی حد تک ثالثی کا ہوگا۔
ہم صدر اور دیگر حکومتی شخصیات کی جانب سے بہت مختلف بیانات سن چکے ہیں۔ یہ تمام صورتحال اس جنگ میں ایک اور تہہ کا اضافہ کرتی ہے۔ یہ ایک ایسی جنگ ہے جس نے صرف ایک ہفتے میں بے یقینی، تبدیلی اور مشکلات میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
انھیں منتخب کرنے والے 88 رکنی علما کے ادارے کے لیے یہ دراصل بقا کی لڑائی ہے۔
وہ اپنے والد تک رسائی دلانے کے لیے جانے جاتے تھے اس لیے وہ لازماً نظام کے اندر ہونے والے بہت سے معاملات سے بخوبی واقف ہوں گے۔
مجتبیٰ خامنہ ای بنیادی طور پر دفتر میں موجود شخصیت تھے۔ چاہے وہ پہلے اُس کرسی پر نہیں بیٹھتے تھے مگر اب وہی میز کے پیچھے موجود ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جنوبی کوریا کی سٹاک مارکیٹ میں آٹھ فیصد کی مندی کے بعد سرکٹ بریکر نافذ کیا گیا ہے، یعنی حصص کی خرید و فروخت روک دی گئی ہے۔
مقامی وقت 10:31 کے مطابق کوریا کے سٹاک ایکسچینج نے 20 منٹ تک ٹریڈنگ معطل کی ہے۔
گذشتہ بدھ کو بھی یہی قدم اُس وقت اٹھایا گیا تھا جب مارکیٹ میں 12 فیصد سے زیادہ کی گراوٹ آئی تھی۔ سرکٹ بریکر خودکار طور پر اس وقت فعال ہوتا ہے جب انڈیکس میں آٹھ فیصد یا اس سے زیادہ اُتار چڑھاؤ ہو۔
جنوبی کوریا مشرقِ وسطیٰ سے قدرتی گیس اور تیل کا بڑا درآمد کنندہ ہے۔
آج صبح ایشیائی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے کہیں اوپر چلی گئی ہے جس کی وجہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی طویل بندش بتائی جا رہی ہے۔
بحرین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کے ڈرون حملے کے نتیجے میں دارالحکومت کے قریب کم از کم 32 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تمام زخمیوں کا تعلق بحرین سے ہے۔ ان میں ایک 17 سالہ لڑکی بھی شامل ہے جس کے سر اور آنکھوں کی شدید چوٹیں آئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے کم عمر زخمی دو ماہ کا بچہ ہے۔
مزید بتایا گیا کہ زخمیوں میں سے چار افراد کی حالت نازک ہے جن میں وہ بچے بھی شامل ہیں جنھیں سرجری کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
خلیجی ریاستوں میں ایران کی جانب سے جاری ڈرون حملوں کے تناظر میں امریکی محکمۂ خارجہ نے غیر ہنگامی امریکی سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو سعودی عرب چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ اس کی وجہ سکیورٹی خدشات بتائی گئی ہے۔
محکمۂ خارجہ نے اپنے شہریوں سے سعودی عرب کے سفر پر دوبارہ غور کرنے کی ہدایت بھی دہرائی ہے۔
اس کی وجوہات میں ایرانی حملے، مسلح تنازع، دہشتگردی، انخلا پر پابندی اور مقامی سوشل میڈیا قوانین بتائے گئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق ملک نے اپنے نئے رہنما مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں پہلی بار سرائیل کی جانب میزائل داغے ہیں۔
ٹیلیگرام پر پیغام میں آئی آر آئی بی نے میزائل کی تصویر بھی پوسٹ کی جس پر یہ نعرہ درج تھا: ’لبیک سید مجتبی‘۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کا کہنا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ جنگ میں ’جتنی دور جانا پڑے، جانے کو تیار ہے۔‘
اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ ’آپ دشمن کو، میڈیا کو یا کسی اور کو یہ نہیں بتاتے کہ ایک آپریشن میں آپ کی حدیں کیا ہوں گی۔‘ انھوں نے امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کے پروگرام 60 منٹس کو انٹرویو دیا ہے۔
ہیگستھ کا کہنا تھا کہ امریکہ ’جیتنے کے لیے لڑ رہا ہے‘ اور ڈونلڈ ٹرمپ ’ایران کی شکست کی شرائط طے کریں گے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ہمیں معلوم ہو جائے گا کہ وہ لڑنے کے قابل نہیں رہے۔۔۔ چاہے انھیں اس کا احساس ہو یا نہ ہو۔ وہ جنگی طور پر ناکارہ ہو جائیں گے۔ وہ ہتھیار ڈال دیں گے۔‘
ہیگستھ نے مزید کہا کہ ایران کی بحریہ ’خاتمے کے قریب ہے‘ اور مزید کمزور ہوتی جائے گی۔
’یہ تو صرف آغاز ہے۔‘
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے ٹیلیگرام چینل پر جاری کردہ ایک پوسٹ کے مطابق بحرین اور کویت میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
اس سے قبل ایک اور پوسٹ میں اس نے بتایا تھا کہ بحرین میں سائرن بجنے کی آوازیں سنی گئیں لیکن مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
اے ایف پی کے صحافیوں نے بتایا کہ انھوں نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پیر کو ’متعدد دھماکوں‘ کی آوازیں سنی ہیں۔
جبکہ قطر کی وزارتِ دفاع نے کہا کہ اس کی افواج نے علی الصبح ہونے والے ایک میزائل حملے کو ناکام بنایا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ایران اسرائیل امریکہ جنگ اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب دنیا میں تیل اور گیس کی ترسیل کے سب سے اہم راستوں میں سے ایک آبنائے ہرمز امریکی اور اسرائیلی جنگ کے باعث ایران کے ساتھ سے بند ہے۔
برینٹ خام تیل تقریباً 18 فیصد اضافے کے بعد 108 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت بھی تقریباً 20 فیصد بڑھ کر 108 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
یہ اضافہ فروری 2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سب سے زیادہ ہے، جب خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے کہیں اوپر چلی گئی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں تیز اضافے کا معاملہ خود ہی درست ہو جائے گا اور یہ عالمی سلامتی کے لیے ادا کی جانے والی بہت چھوٹی قیمت ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹرتھ سوشل‘ پر لکھا کہ تیل کی قیمتیں وقتی طور پر بڑھی ہیں، جو ایران کے جوہری خطرے کے خاتمے کے بعد تیزی سے نیچے آ جائیں گی۔
انھوں نے لکھا کہ ’یہ امریکہ اور دنیا کی سلامتی و امن کے لیے ادا کی جانے والی بہت چھوٹی قیمت ہے۔‘
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’صرف بیوقوفوں کی سوچ ہی اس سے مختلف ہو سکتی ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہTasnim News Agency
ایرانی میڈیا نے مجتبیٰ خامنہ ای کو اسلامی جمہوریہ کے رہنما اور اپنے والد کے جانشین کے طور پر منتخب کیے جانے کا اعلان کیا ہے۔
ایران کے نو منتخب رہبر اعلیٰ کے نام کے اعلان سے متعلق مجلسِ رہبری کا بیان سرکاری ٹی وی پر اینکر کی جانب سے پڑھ کر سنایا گیا۔
اس بیان میں کہا گیا کہ ’شدید جنگی حالات اور اس عوامی ادارے کے خلاف دشمنوں کی براہِ راست دھمکیوں کے باوجود اور اس کے باوجود کہ سیکریٹریٹ کے دفاتر پر بمباری کے نتیجے میں عملے اور سکیورٹی ٹیم کے کئی ارکان شہید ہوئے، اسلامی نظام کی قیادت کے انتخاب اور تعارف کے عمل میں ایک لمحے کی تاخیر بھی نہیں ہوئی۔‘
یاد رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکی، اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والے ایران کے رہبر اعلیٰ سید علی خامنہ ای کے جانشین کے طور اُن کے بیٹے، مجتبیٰ خامنہ ای کا انتخاب ’ناقابل قبول‘ ہو گا۔
آٹھ ستمبر 1969 کو شمال مشرقی شہر مشہد میں پیدا ہونے والے مجتبیٰ، علی خامنہ ای کے چھ بچوں میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ انھوں نے اپنی ثانوی تعلیم تہران کے مذہبی علوی سکول سے حاصل کی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق، 17 سال کی عمر میں، مجتبیٰ نے ایران عراق جنگ کے دوران کئی بار مختصر مدت کے لیے فوج میں خدمات انجام دیں۔ اس آٹھ سالہ خونریز تنازع نے ایرانی حکومت کو امریکہ اور مغرب کے بارے میں مزید مشکوک بنا دیا، جو عراق کی حامی تھے۔
مزید جانیے: ایران کے نئے رہبر اعلیٰ کون ہیں؟

،تصویر کا ذریعہEPA
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا رہبر اعلیٰ نامزد کر دیا گیا ہے۔ وہ اپنے والد علی خامنہ ای کے جانشین ہوں گے جن کی ہلاکت تہران میں اپنے کمپاؤنڈ پر امریکی اور اسرائیلی بمباری میں ہوئی تھی
سینٹکام کے مطابق گذشتہ ہفتے مشرقِ وسطیٰ میں ایران کے ابتدائی حملے کے دوران زخمی ہونے والا ایک ساتواں امریکی فوجی بھی جان کی بازی ہار چکا ہے
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر چکی ہے۔ تیل کی ترسیل کے لیے اہم آبی گزر گاہ آبنائے ہرمز پر ٹینکروں کی آمد و رفت رکاوٹ کا شکار ہے
لبنان میں حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں سے ہلاکتوں کی تعداد 400 کے قریب پہنچ چکی ہے
سعودی عرب کے ایک عہدے دار نے تصدیق کی ہے کہ ایک رہائشی علاقے پر پروجیکٹائل گرنے سے دو افراد ہلاک ہوئے ہیں
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور اس کے اثرات سے متعلق بی بی سی نے لائیو کوریج شروع کی ہے۔ یہاں آپ کو امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ اور تہران کے مشرق وسطیٰ میں جوابی حملوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔