خلیجی ممالک میں رات بھر کہاں حملے ہوئے؟

،تصویر کا ذریعہReuters
ایسے میں کہ جب امریکہ اور اسرائیل ایران پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور اسرائیل لبنان میں بھی حملے کر رہا ہے اسی دوران ایران کی جانب سے بظاہر جوابی حملوں کو خلیجی ممالک کی طرف سے روکا جا رہا ہے۔
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ انھوں نے سوموار اور منگل کی درمیانی شب ایک بیلسٹک میزائل اور پانچ حملہ آور ڈرونز کو تباہ کیا۔
کویت کی فوج کے مطابق اس نے بھی کامیابی سے چھ ڈرونز کو مُلکی فضائی حدود میں نشاندہی کے بعد مار گرایا۔
سوموار کی رات بحرین کے دارالحکومت منامہ میں ایک حملے میں 29 سالہ خاتون کی ہلاکت کے بعد بحرین میں خطرے کے سائرن بجا دیے گیے اور شہریوں سے محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی اپیل کی گئی۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے منگل کی صبح اعلان کیا کہ وہ ایران کی جانب سے آنے والے ’میزائل اور ڈرونز‘ کو روکنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے اور اس مقصد کے لیے فضائی دفاعی نظام اور جنگی طیارے تعینات کر دیے گئے ہیں۔
یو اے ای کی انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ شمالی عراق کے شہر اربیل میں اس کے قونصل خانے کو ایک ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس سے عمارت کو جزوی نقصان ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
















