اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے: ایمنسٹی انٹرنیشنل

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے دعویٰ کیا ہے کہ تحقیقات کے دوران انھیں ایسے شواہد ملے ہیں جن سے یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی ہے اور یہ اب بھی جاری ہے۔
جمعرات کے روز ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گذشتہ سال 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد اسرائیل کی جانب سے فلسظینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سیکریٹری جنرل ایگنس کیلامرڈ کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی کی رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ فلسطینیوں کو تباہ کرنے کے ارادے سے اسرائیل نے جینوسائیڈ کنونشن میں ممنوع کارروائیاں کی ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ وہ کئی ماہ کے واقعات اور اسرائیلی حکام کے بیانات کا تجزیہ کرنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں۔
اسرائیل نسل کشی کے ان الزامات کی مسلسل تردید کرتا آیا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے ہمیشہ بین الاقوامی قوانین کا احترام کیا ہے اور اسے 7 اکتوبر جیسے حملوں سے دفاع کا حق حاصل ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے 1948 کی جینوسائیڈ کنونشن کے تحت ممنوع پانچ میں سے تین کارروائیوں کا ارتکاب کیا ہے جن میں قتل، سنگین جسمانی یا ذہنی نقصان پہنچانا، اور جان بوجھ کر زندگی کے حالات کو نقصان پہنچانا ہے جن کا مقصد ایک خاص گروپ کی تباہی ہے۔
کیلامرڈ کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی کا ارادہ نسل کشی ثابت کرنا نہیں تھا تاہم شواہد اور بیانات کا جائزہ لینے کے بعد واحد نتیجہ یہ نکلا ہے کہ اسرائیل کا غزہ میں نسل کشی کا ارادہ تھا اور اب بھی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے ممالک جو اسرائیل کو اسلحہ فراہم کر رہے ہیں انھیں معلوم ہونا چاہیے کہ وہ بھی نسل کشی کو روکنے کی اپنی ذمہ داری کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
نسل کشی سے کیا مراد ہے؟
- نسل کشی: ایسی کارروائیاں جن کا مقصد کسی قومی، لسانی، نسلی یا مذہبی گروہ کو جسمانی طور پر، مکمل یا جزوی طور پر تباہ کرنا ہے۔ جسمانی نقصان اور جان بوجھ کر ایسے حالات پیدا کرنا کہ معمولاتِ زندگی کو نقصان پہنچے۔ سنہ 1946 سے بین الاقوامی قانون کے تحت اسے جرم کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔
- نسل کشی پر اکسانا: اقوام متحدہ کے جینوسائڈ کنونشن میں کہا گیا ہے کہ عوامی طور پر نسل کشی کے لیے اکسانا بھی قابل سزا ہو گا۔
- نسلی کلینزنگ: ایک نسلی یا مذہبی گروہ کی طرف سے کسی دوسرے گروہ کی شہری آبادی کو کسی خاص علاقے سے طاقت یا دھمکی کے ذریعے ہٹانے کا عمل۔
ذریعہ: اقوام متحدہ کی جینوسائڈ کنونشن اور یورپی کمیشن








