بشار الاسد آخر ہیں کہاں؟

،تصویر کا ذریعہReuters
باغی فورسز نے شام کے دارالحکومت دمشق کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ انھوں نے اتوار کی صبح یہ اعلان کیا ہے کہ بشارالاسد کی حکومت کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ بشارالاسد گذشتہ 25 برس سے شام کے مطلق العنان حکمران تھے۔
تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اقتدار کے خاتمے کے بعد بشارالاسد گئے کہاں ہیں۔
ایسی اطلاعات ہیں کہ شام کے معزول ہونے والے صدر ایک طیارے پر سوار ہو کر دمشق سے باہر چلے گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کا کہنا ہے کہ دو سینیئر عسکری حکام نے بتایا ہے کہ بشارالاسد اتوار کو دمشق سے کسی نامعلوم مقام پر چلے گئے ہیں۔
ترکی کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس بات کے قوی امکان ہیں کہ بشارالاسد شام چھوڑ چکے ہیں مگر انھوں نے بھی یہ نہیں بتایا کہ وہ آخر گئے کہاں ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے بھی ایک سینیئر اہلکار نے بھی اپنے ملک میں بشارالاسد کی موجودگی یا عدم موجودگی سے متعلق تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔


















