ایران اسرائیل امریکہ جنگ، گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ
بی بی سی کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم آگے بڑھنے سے پہلے آپ کو ایران، اسرائیل، امریکہ کی حالیہ جنگ میں گزشتہ روز کی چیدہ چیدہ خبروں سے آگاہ کرتے چلیں۔
- اسرائیل کے وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایرانی عوام کے نام ایک پیغام جاری کیا ہے، جس میں انھیں آیت اللہ حکومت کو گرانے اور ’اپنی آزادی حاصل کرنے‘ کی اپیل کی گئی ہے۔ انھوں نے لکھا کہ ’آیت اللہ اب نہیں رہے، اور میں جانتا ہوں کہ آپ نہیں چاہتے کہ ان کی جگہ کوئی اور جابر آئے۔ اس لیے آپ کو عمل کرنا ہوگا۔ ہم آپ کے لیے حالات پیدا کر رہے ہیں تاکہ آپ ایسا کر سکیں۔‘۔
- متحدہ عرب امارات کی نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’فضائی دفاعی نظام اس وقت میزائل خطرے کا جواب دے رہا ہے۔‘ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری تازہ بیان میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ محفوظ مقام پر رہیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
- امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی افواج نے ایران کی 10 کشتیوں کو نشانہ بنایا ہے جو بحری بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کر رہی تھیں۔ صدر ٹرمپ نے یہ اعلان ابھی سوشل میڈیا پر کیا۔
- ایران کے اقوامِ متحدہ میں سفیر امیر سعید ایراوانی نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے اتوار کو بیروت کے رمادا ہوٹل پر حملے میں چار ایرانی سفارتکاروں کو ہلاک کیا۔
- امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ’ایران نے آبنائے ہرمز میں کوئی بارودی سرنگیں بچھائی ہیں‘ تو اس کے نتائج ’ایسے ہوں گے جو پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے‘، تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ امریکہ کے پاس اس بارے میں ’کوئی رپورٹ موجود نہیں‘۔
- روس نے کہا ہے کہ ایران کے شہر اصفہان میں اس کا قونصل خانہ ہفتے کے آخر میں اس وقت متاثر ہوا جب قریب واقع گورنر کے دفتر پر حملے کیے گئے۔
- امریکہ کے صدر ٹرمپ کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ سے جب صحافیوں نے پوچھا کہ ایران میں جاری جنگ کب تک چلے گی تو انھوں نے جواب دیا کہ ’ابتدائی منصوبہ چار سے چھ ہفتوں کا تھا، جس میں ایران کے میزائل اور بحریہ کو تباہ کرنا، اس کی جوہری صلاحیت ختم کرنا اور اس کے اتحادی گروہوں کو مٹانا شامل تھا۔
- پینٹاگون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 28 فروری کو ایران جنگ کے آغاز سے اب تک تقریباً 140 امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
- ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے سربراہ نے متعدد میڈیا اداروں کو بتایا ایران میں جنگ کے آغاز سے اب تک 19 ہزار سے زائد شہری ’یونٹس‘ کو نقصان پہنچا ہے۔ اس سوسائٹی میں امریکی ہیومن رائٹس ایکٹوسٹس نیوز ایجنسی بھی شامل ہے۔ ان میں سے 16 ہزار سے زائد رہائشی اور تین ہزار سے زیادہ تجارتی یونٹس ہیں۔ نقصان پہنچنے والی سہولتوں میں 77 دواساز اور طبی مراکز، اور 69 سکول بھی شامل ہیں۔
- ایران کے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے چھ مختلف زبانوں میں جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’آبنائے ہرمز یا تو سب کے لیے امن اور خوشحالی کا باعث ہو گی یا پھر جنگی جنون میں مبتلا لوگوں کے لیے شکست و تکلیف کی وجہ بنے گی۔‘
