پینٹاگون نے کویت حملے میں ہلاک ہونے والے مزید دو فوجیوں کی شناخت بھی ظاہر کر دی
امریکی فوج نے ایران کے ساتھ جاری جنگ میں ہلاک ہونے والے مزید دو امریکی فوجیوں کی شناخت بھی ظاہر کر دی ہے۔
امریکی فوج کے مطابق کویت میں ایک فوجی تنصیب پر اتوار کو ایرانی حملے میں چھ فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکی فوج کے مطابق ایران کے ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے پانچویں فوجی کا نام میجر جیفری او برائن تھا جو سنہ 2012 میں امریکی فوج میں بھرتی ہوئے۔ وہ ڈیلاس کاؤنٹی آئیووا کے رہائشی تھے تاہم سنہ 2019 میں ان کی کویت میں تعیناتی ہوئی تھی۔
دوسری جانب پینٹاگون نے ابھی اعلان کیا ہے کہ خیال کیا جا رہا ہے کہ کویت پر حملے میں مارے جانے والے چھٹے فوجی 54 سالہ رابرٹ ایم مرزان تھے، جن کا تعلق امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تھا۔ رابرٹ ایم مرزان کی تصویر ابھی تک جاری نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ امریکہ نے منگل کے روز ایران کے ساتھ جنگ کے ابتدائی دنوں میں ہلاک ہونے والے چار امریکی فوجیوں کی شناخت ظاہر کی تھی، یہ فوجی امریکی آرمی ریزرو کے 103ویں سسٹینمنٹ کمانڈ (ڈیس موئنز، آئیووا) سے تعلق رکھتے تھے۔
ان میں 35 برس کے کیپٹن کوڈی اے خورک تھے جن کا تعلق ونٹر ہیون فلوریڈا سے تعلق تھا۔ 42 برس کے سارجنٹ فرسٹ کلاس نوح ایل ٹیٹجینز کا تعلق بیلویو، نیبراسکا سے تھا۔ 39 برس کے سارجنٹ فرسٹ کلاس نکول ایم امور وائٹ بیئر لیک، منی سوٹا کے رہائشی تھے۔ 20 برس کے سارجنٹ ڈیکلن جے کوڈی ویسٹ ڈیس موئنز، آئیووا سے تعلق رکھتے تھے۔
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے پیر کو کہا تھا کہ کویت میں ایک امریکی بنکر کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب ایران کا جوابی حملہ فضائی دفاعی نظام سے بچ نکلا۔
امریکی فوج کے مطابق ایران کے خلاف اسرائیل کے ساتھ مل کر کارروائی شروع کرنے کے بعد اب تک صرف یہی چھ ہلاکتیں باضابطہ طور پر تصدیق شدہ ہیں۔