آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

ٹرمپ کا ایران سے ’غیر مشروط سرینڈر‘ کا مطالبہ، ایرانی صدر کا روسی حمایت پر پوتن کا شکریہ

امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ ’غیر مشروط سرینڈر‘ کے سوا کوئی ڈیل نہیں ہوگی جبکہ ’ایک قابل قبول رہنما کے انتخاب کے بعد ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایران کو تباہی کے دہانے سے واپس لائیں گے۔‘ ادھر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے روس کی حمایت پر پوتن کا شکریہ ادا کیا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے جاری ہیں جبکہ اسرائیل نے ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔

خلاصہ

  • امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ اس نے ایران میں تین ہزار سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا جبکہ اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر کے مطابق گذشتہ سنیچر سے اب تک اسرائیلی و امریکی حملوں میں 1300 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں
  • امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ ’غیر مشروط سرینڈر‘ کے سوا کوئی ڈیل نہیں ہوگی
  • ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پوتن سے گفتگو کرتے ہوئے روس کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے
  • فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں نے لبنان میں اقوامِ متحدہ کی تنصیبات پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے
  • اقوامِ متحدہ کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں لڑائی بے قابو ہو سکتی ہے

لائیو کوریج

  1. برطانیہ کی پہلی پرواز مشرق وسطیٰ سے اپنے شہریوں کو لے کر لندن پہنچ گئی

    برطانیہ کی حکومت کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ سے برطانوی شہریوں کو نکالنے کے لیے چارٹر کیا گیا پہلا طیارہ لندن سٹینسٹڈ ایئرپورٹ پر اُتر گیا ہے۔

    بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ یہ پرواز عمان کے دارالحکومت مسقط سے روانہ ہوئی تھی۔

  2. ہتھیاروں کی تیاری کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کے حکام امریکی دفاعی کمپنیوں سے ملاقات کریں گے: وائٹ ہاؤس

    وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو تصدیق کی ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے حکام جمعے کو امریکی دفاعی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے تاکہ ہتھیاروں کی تیاری پر بات چیت کی جا سکے۔

    یہ ملاقات وائٹ ہاؤس میں ہوگی اور اس میں لاک ہیڈ مارٹن اور آر ٹی ایکس، ریتھیون کی پیرنٹ کمپنی، سمیت دیگر ادارے شریک ہوں گے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گفتگو کا محور ہتھیاروں کی پیداوار کو تیز کرنا ہوگا کیونکہ پینٹاگون ایران پر حملوں اور دیگر فوجی کارروائیوں کے بعد اپنے ذخائر کو دوبارہ بھرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کچھ دیر پہلے پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکہ کے پاس وافر مقدار میں گولہ بارود موجود ہے اور وہ ایران کے خلاف اپنی مہم کو جتنی دیر چاہے جاری رکھ سکتا ہے۔

  3. ملک کے مشرقی علاقے میں ڈرون تباہ کیا گیا ہے: سعودی عرب

    سعودی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ملک کے مشرقی خطے میں ایک ڈرون تباہ کیا گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سعودی وزارتِ دفاع نے یہ نہیں بتایا کہ یہ ڈرون کس علاقے میں تباہ کیا گیا ہے یا کسی کی طرف سے لانچ کیا گیا تھا۔

    اب سے کچھ دیر پہلے سعودی عرب کی وزارتِ دفاع کے ترجمان کی جانب سے پرنس سلطان ایئر بیس کی طرف لانچ کیے گئے تین میزائلوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا تھا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سعودی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کیے گئے ایک مختصر بیان میں کہا گیا تھا کہ ’پرنس سلطان ایئربیس کی طرف لانچ کیے گئے تین بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کیا گیا ہے۔‘

    وزارتِ دفاع کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ میزائل کب تباہ کیے گئے یا اور کس نے فائر کیے تھے۔

  4. ایران نے دو ہوٹلوں اور ایک رہائشی عمارت پر حملہ کیا ہے: بحرین

    بحرین کا کہنا ہے کہ ایران نے اس کے دارالحکومت منامہ میں دو ہوٹلوں اور ایک رہائشی عمارت پر حملہ کیا ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بحرین کی وزارتِ داخلہ کا کہنا تھا کہ حملوں سے عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    یاد رہے رواں ہفتے ایران نے بحرین میں میزائلوں کے ذریعے امریکی بحریہ کے اڈے کو نشانہ بنایا تھا۔

  5. جنگ کے لیے طویل عرصے سے تیار تھے، خونریزی کی ذمہ دار امریکی انتظامیہ ہے: ایرانی وزیرِ خارجہ

    ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ وہ اس جنگ کے لیے طویل عرصے سے تیار تھے اور ’ایران کی طاقتور مسلح افواج اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ جو بھی اسے آگے بڑھانے کی کوشش کرے اس کے لیے یہ جنگ ایک دلدل ثابت ہو۔‘

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان کا اپنے ایک پیغام میں کہنا تھا کہ ’ہم نے اس امریکی انتظامیہ کے ساتھ دو مرتبہ مذاکرات کیے، دونوں مرتبہ بات چیت کے دوران ہم پر حملہ کیا گیا۔ اس خونریزی کی پوری ذمہ داری اسی پر عائد ہوتی ہے۔‘

  6. پرنس سلطان ایئر بیس کی طرف فائر کیے گئے تین میزائل تباہ کر دیے: سعودی عرب

    سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اس نے پرنس سلطان ایئر بیس کی طرف لانچ کیے گئے تین میزائلوں کو تباہ کیا ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سعودی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کیے گئے ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پرنس سلطان ایئربیس کی طرف لانچ کیے گئے تین بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کیا گیا ہے۔‘

    وزارتِ دفاع کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ میزائل کب تباہ کیے گئے یا اور کس نے فائر کیے تھے۔

    خیال رہے تین مارچ کو سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض میں امریکی سفارتخانے پر ’ایرانی حملے‘ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’تمام بین الاقوامی روایات اور قوانین کی خلاف ورزی‘ قرار دیا ہے۔

    منگل کو سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ ’اس ایرانی غیراخلاقی رویے کا دبارہ دُہرایا جانا اس خطے کو مزید کشیدگی کی طرف دھکیل دے گا۔‘

    جمعرات کو سعودی عرب میں ایرانی سفیر علی رضا عنایتی نے ریاض میں امریکی سفارتخانے پر حملے کرنے کی تردید کی تھی۔

  7. گذشتہ چند گھنٹوں میں امریکی حکام نے ایران کے حوالے سے کیا کہا ہے؟

    اب سے کچھ دیر قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے ایران کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔

    • امریکی سیکریٹری دفاع کا کہنا ہے کہ امریکہ کے پاس کافی گولہ بارود باقی ہے اور وہ ایران کے خلاف اپنی مہم جاری رکھ سکتا ہے۔
    • امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے گذشتہ 72 گھنٹوں میں ایران میں تقریباً 200 اہداف کو نشانہ بنایا ہے اور 30 سے زیادہ بحری جہازوں کو ڈبویا ہے۔
    • امریکی سیکریٹری دفاع کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف حملوں میں اب ڈرامائی تیزی آنے والی ہے۔
    • پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا ہے کہ امریکہ کی مدد کے لیے متعدد اتحادی آگے آ رہے ہیں۔
    • امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی حکام انھیں فون کر کے معاہدے کی دعوت دے رہے ہیں۔ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اس دعوے کی تردید کر چکے ہیں۔
    • ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا ہے کہ امریکہ ایران کے ڈرون اور میزائل نظام کو ’ہر گھنٹے میں‘ نشانہ بنا رہا ہے۔
  8. امریکہ کا ایرانی ڈرون بردار بحری جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ

    امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے گذشتہ 72 گھنٹوں میں ایران میں تقریباً 200 اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

    امریکی سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے ہمراہ ایک پریس بریفنگ کے دوران ایڈمرل کوپر کا کہنا تھا کہ امریکہ اب تک 30 ایرانی بحری جہازوں کو ڈبو چکا ہے۔

    ’کچھ گھنٹوں پہلے ہم نے ایک ڈرون بردار بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے، جس کا سائز دوسری عالمی جنگ کے طیارہ بردار جہاز جتنا تھا۔ جب ہم آپ سے بات کر رہے ہیں اس وقت اس میں آگ لگی ہوئی ہے۔‘

    اس موقع پر بات کرتے ہوئے امریکی سیکریٹری دفاع ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ ایران میں امریکہ کا مشن ’فیصلہ کُن طریقے سے آگے‘ بڑھ رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’ایران امید کر رہا ہے کہ یہ (آپریشن) ہم جاری نہیں رکھے سکیں گے، جو کہ ایک غلط تاثر ہے۔‘

    ’ہم نے ابھی فیصلہ کُن طریقے سے لڑنے کی شروعات کی ہے۔‘

  9. ایران کے پاس نہ فضائیہ رہ گئی ہے اور نہ فضائی دفاع: صدر ٹرمپ کا دعویٰ, برنڈ ڈیبسمین جونیئر، وائٹ ہاؤس

    میں اس وقت وائٹ ہاؤس کے ایسٹ روم میں موجود ہوں جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انٹر میامی ٹیم سے ملاقات کر رہے ہیں، جو میجر لیگ سوکر کی چیمپیئن ہے اور اس کے مالکان میں سابق برطانوی فٹبالر ڈیوڈ بیکہم بھی شامل ہیں۔

    ٹرمپ اس وقت پوڈیم پر موجود ہیں، ان چند فٹ کے فاصلے پر ایک گلابی رنگ کی نمبر ’47‘ جرسی اور فٹبال رکھی ہے، جس پر ان کے دستخط کے ساتھ انٹر میامی کے کھلاڑیوں کے دستخط بھی موجود ہیں، جن میں لیونل میسی بھی شامل ہیں۔ مارکو رو بیو اور ان کی اہلیہ تقریب شروع ہونے سے چند منٹ پہلے ہی ہال میں داخل ہوئے ہیں۔

    جیسا کہ ہم نے ابھی رپورٹ کیا ہے، امریکی صدر نے ایران کے بارے میں تازہ ترین صورتحال بتانے میں بالکل وقت ضائع نہیں کیا اور فوراً اس موضوع پر بات شروع کر دی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کہتے ہیں کہ امریکہ ایرانی ڈرون اور میزائل صلاحیتوں پر ’ہر گھنٹے‘ میں حملے کر رہا ہے۔

    امریکی صدر نے ایران کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ: ’نہ تو ان کے پاس کوئی فضائیہ رہ گئی ہے، نہ فضائی دفاع۔ ان کے تمام طیارے ختم ہو چکے ہیں، ان کا مواصلاتی نظام ختم ہو چکا ہے۔‘

    صدر ٹرمپ نے انٹر میامی کے کھلاڑیوں اور سٹاف سے ملاقات کے دوران اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ ایرانی حکام ’فون کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ہم کوئی معاہدہ کیسے کر سکتے ہیں؟‘

    ’میں نے ان سے کہہ رہا ہوں کہ آپ نے دیر کر دی ہے۔ ہم اب لڑنا چاہتے ہیں۔‘

    خیال رہے اس سے قبل ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی امریکہ کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کو مسترد کر چکے ہیں۔

    انھوں نے این بی سی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’حقیقت یہ ہے کہ ہمارا امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا تجربہ مثبت نہیں رہا ہے، خاص طور پر اس انتظامیہ کے ساتھ۔ ہمیں نے گذشتہ برس اور اس برس دو مرتبہ مذاکرات کیے ہیں اور پھر مذاکرات کے درمیان انھوں نے ہم پر حملہ کر دیا۔‘

  10. امریکی فوج اسرائیل کے ساتھ مل کر ایرانی اہداف کو ’مکمل طور پر تباہ‘ کر رہی ہے: صدر ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے ہیں، جہاں وہ ایران کے بارے میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں۔

    وہ کہتے ہیں کہ امریکی فوج اسرائیل کے ساتھ مل کر ایرانی اہداف کو ’مکمل طور پر تباہ کر رہی ہے‘ اور یہ کارروائیاں ’شیڈول سے کہیں آگے‘ بڑھ چکی ہیں۔

    ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایرانی حکومت ’47 سال کی ہولناک‘ کارروائیاں کر رہی ہے اور اس نے بےگناہ ایرانی عوام کو نقصان پہنچایا ہے۔

    ’ہمارے لوگ شاندار کام کر رہے ہیں۔‘

    امریکی صدر نے مزید کہا کہ ان کے پاس اس تنازع کے دوران تیل کی قیمتوں کو کم رکھنے کا منصوبہ موجود ہے۔

  11. انڈین فضائیہ کا لڑاکا طیارہ تربیتی مشن کے دوران آسام میں گر کر تباہ ہو گیا

    انڈیا فضائیہ کا لڑاکا طیارہ سخوئی ایس یو 30 آسام میں گِر گر تباہ ہو گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں انڈین فضائیہ کا کہنا تھا کہ ایس یو 30 طیارہ تربیتی مشن پر تھا اور یہ آسام کے علاقے کاربی آنگلونگ میں گِر کر تباہ ہوا ہے۔

    خیال رہے کچھ گھنٹوں قبل انڈین فضائیہ نے اس جہاز کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ اس طیارے نے آسام کے شہر جورہٹ سے پڑواز بھری تھی اور اس سے آخری رابطہ مقامی وقت کے مطابق سات بجکر 42 منٹ پر ہوا تھا۔

    انڈین فضائیہ کی جانب سے اس طیارے کے پائلٹ کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔ تاہم اس کا کہنا ہے کہ ایس یو 30 طیارہ جورہٹ سے 60 کلومیٹر دور تباہ ہوا ہے اور اس علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

  12. کویت میں امریکی سفارتخانے کے آپریشنز معطل

    امریکہ نے کویت میں اپنا سفارتخانے کے آپریشنز معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    کویت میں اب تک کوئی امریکی زخمی نہیں ہوا ہے لیکن امریکہ محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک امریکی شہریوں کی حفاظت ان کی پہلی ترجیح ہے۔

    اپنے بیان میں امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ ’امریکی شہری اگر باحفاظت نکل سکتے ہیں تو کویت کو چھوڑ دیں۔‘

    ’وہ امریکی شہری جو وہاں سے نہیں نکل سکتے وہ محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہو جائیں۔‘

  13. اسرائیل جنگ کو لبنان تک نہ پھیلائے، حزب اللہ ہتھیار ڈال دے: فرانسیسی صدر

    فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو سے درخواست کی ہے کہ وہ ’لبنان تک جنگ کو نہ پھیلائیں۔‘

    اپنے بیان میں فرانسیسی صدر نے ایران کے حامی مسلح گروہ حزب اللہ سے بھی کہا ہے کہ وہ اپنے ہتھیار ڈال دے، اسرائیل کی طرف فائرنگ نہ کرے اور ’ثابت کرے کہ وہ بیرونِ ملک سے ہدایات نہیں لے رہی۔‘

    انھوں نے اسرائیل سے یہ بھی کہا ہے کہ لبنان میں فوج بھیجنے یا ’لبنان میں وسیع آپریشن‘ شروع کرنے سے گریز کیا جانا چاہیے۔

    ’لبنانی حکام نے مجھ سے عہد کیا ہے کہ وہ حزب اللہ کی پوزیشنز کو اپنے کنٹرول میں لیں گے اور اپنی زمینی حدود میں سکیورٹی کی ذمہ داری اٹھائیں گے۔‘

    فرانسیسی صدر نے کہا کہ وہ لبنان میں حکام کو پوری مدد فراہم کریں گے۔

    ’فرانس لبنان کی مسلح افواج کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرے گا، اسے بکتر بند گاڑیاں اور دیگر آپریشنل اور لوجسٹیکل مدد فراہم کرے گا۔‘

    صدر میکخواں کا مزید کہنا تھا کہ ’لبنان کو ایک مرتبہ پھر جنگ میں گھسیٹے جانے سے روکنے کے لیے سب کچھ کیا جانا چاہیے۔‘

  14. قطر میں ’گمراہ کن معلومات‘ پھیلانے کے الزام میں متعدد ممالک سے تعلق رکھنے والے 194 افراد گرفتار

    قطر کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ اس کے سائبر کرائم ڈپارٹمنٹ نے ملک میں ’ویڈیو کلپس بنانے، پھیلانے اور گمراہ کُن معلومات شائع کر کے عوامی رائے کو مسخ کرنے‘ کے الزام میں متعدد ممالک سے تعلق رکھنے والے 194 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

    قطر کی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جا رہی ہے۔

    وزارتِ داخلہ نے اپنے بیان میں لوگوں کو ان سرگرمیوں سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکام خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔

  15. ایران کے پاسدارانِ انقلاب کا آبنائے ہرمز میں امریکی آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی بحری فورس نے خلیجِ فارس کے شمالی حصے میں امریکی آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کے زیرِ اثر تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق امریکی آئل ٹینکر پر میزائل حملہ جمعرات کو کیا گیا تھا، جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔

    پاسدارانِ انقلاب کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ امریکہ، اسرائیل، یورپی ممالک اور ان کے حامیوں کے عسکری اور تجارتی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  16. ایران کے خلاف آپریشن ’اگلے مرحلے‘ میں داخل ہو رہا ہے: اسرائیلی فوج

    اسرائیلی ڈیفینس فورسز (آئی ڈی ایف) کے چیف آف سٹاف کا کہنا ہے کہ ان کی فوج ایران کے خلاف ’آپریشن کے اگلے مرحلے میں داخل‘ ہو رہی ہے جس میں اس کی ’حکومت اور عسکری صلاحیتوں کو مزید نقصان‘ پہنچایا جائے گا۔

    لیفٹیننٹ جنرل ایال زامر کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل نے ایران کو ’سٹریٹجک تنہائی‘ میں دھکیل دیا ہے اور اسے کمزور کر دیا ہے۔

    ان کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لبنان میں حزب اللہ جنگ میں شامل ہو کر ’سٹریٹجک غلطی‘ کی ہے اور اسرائیل ’اب لبنان کے اگلے محاذوں اور ملک کے اندر طاقت سے اس کا جواب دے رہا ہے۔‘

  17. بحرین میں ’ایرانی جارحیت‘ کی مبینہ حمایت کرنے پر چار افراد گرفتار

    بحرین میں حکام نے ’ایرانی جارحیت‘ کی مبینہ حمایت کرنے والے چار افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں بحرین کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک کی جنرل ڈائریکٹوریٹ برائے انسداد بدعنوانی، اقتصادی و الیکٹرانک سیکیورٹی نے چار افراد کو گرفتار کیا ہے، جنھوں نے ’ایرانی جارحیت کے ہولناک اثرات سے متعلق ویڈیو کلپس شیئر کی تھیں اور اس کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا تھا۔‘

    بحرین کی وزارتِ داخلہ نے گرفتار افراد کے اس عمل کو ’ملک سے غداری‘ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ’ان افراد نے ویڈیوز کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے پھیلایا، جس سے عوامی رائے کو گمراہ کرنے، شہریوں اور رہائشیوں میں خوف پھیلانے اور امن و عامہ اور سیکیورٹی کو نقصان پہنچانے میں مدد ملتی ہے۔‘

    ملک کے وزارتِ داخلہ کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد کو قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    بحرین کی وزارتِ داخلہ کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ ’معلومات سرکاری ذرائع سے حاصل کریں اور غیر مصدقہ ویڈیوز یا خبریں شیئر یا دوبارہ نشر کرنے سے گریز کریں، تاکہ قانونی جوابدہی سے بچا جا سکے اور ملک کی سلامتی و حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔‘

  18. کویت پر میزائل اور ڈرون حملے جاری: فوج کی تصدیق

    کویت کی فوج کا کہنا ہے کہ گذشتہ دو گھنٹوں میں اس کا فضائی دفاعی نظام ملک کی حدود میں میزائل اور ڈرون حملوں سے نمٹنے میں مصروف ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کویت کی فوج کا کہنا تھا کہ ملک میں جو آوازیں سنائی دے رہی ہیں وہ دفاعی نظام کے میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کرنے کی ہیں۔

  19. برطانوی بحری جنگی جہاز ایچ ایم ایس ڈریگن دو ہفتوں میں قبرص پہنچ جائے گا: برطانوی سیکریٹری دفاع

    برطانوی سیکریٹری دفاع جان ہیلی کا کہنا ہے کہ برطانوی بحری جنگی جہاز ایچ ایم ایس ڈریگن ’اگلے دو ہفتوں کے اندر‘ قبرص پہنچ جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے ’قبرص میں کسی دوسرے ملک سے زیادہ لڑاکا طیارے‘ اور ’معمول کے اہلکاروں کے علاوہ مزید 400 دفاعی ماہرین موجود ہیں۔‘

    ’ہم یہ اس لیے کر رہے ہیں تاکہ برطانوی اہلکاروں، برطانوی اڈے اور قبرص اور خطے میں اپنے اتحادیوں کا دفاع کر سکیں۔‘

    جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا برطانیہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شامل ہو سکتا ہے تو انھوں نے براہ راست کوئی جواب نہیں دیا اور کہا: ’کسی بھی جنگ یا تنازع کی نوعیت تبدیلی ہوتی رہتی ہے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں یقین سے نہیں معلوم کہ ایران کیا کرے گا‘ لیکن برطانیہ اپنے لوگوں، فورسز اور اتحادیوں کا تحفظ کرے گا۔

  20. امریکی صدر کی ایرانی کُرد فورسز کی حمایت

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی کُرد فورسز کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ بہت اچھی بات ہے اگر وہ یہ (لڑنا) چاہتے ہیں۔‘

    خبر رساں ادارے روئٹرز نے جب ان سے پوچھا کہ کیا امریکہ کُرد فورسز کو فضائی دفاع فراہم کرے گا تو ان کا کہنا تھا ’میں آپ کو یہ نہیں بتا سکتا‘ لیکن کرد فورسز کا مقصد ’فتح حاصل کرنا‘ ہوگا۔

    ’اگر وہ یہ کرنا چاہتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے۔‘

    خیال رہے گذشتہ کئی گھنٹوں سے یہ اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ ایرانی کُرد فورسز ایران کی سکیورٹی فورسز پر ملک کے مغرب میں حملے کرنے کے حوالے سے امریکہ سے مشاورت کر رہی ہیں۔