بریکنگ, تہران اور واشنگٹن کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہو رہی: ایران کی وزارتِ خارجہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایران کی وزارتِ خارجہ نے امریکی ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔
کچھ دیر پہلے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ انھوں نے مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے لیے ’ایک مکمل اور حتمی حل‘ کے حوالے سے ایران کے ساتھ ’تعمیری بات چیت کی ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’امریکی صدر کے بیانات توانائی کی قیمتوں کو کم کرنے اور اپنے فوجی منصوبوں کے لیے وقت حاصل کرنے کی کوششوں کے تناظر میں ہیں۔‘
اس کے بعد جب امریکی صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ وہ ایران کے بجلی گھروں اور توانائی کی اہم تنصیبات پر حملوں کو پانچ دن کے لیے مؤخر کر رہے ہیں، تو تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی جبکہ مالیاتی منڈیوں میں حصص کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
وزارتِ خارجہ نے ساتھ ہی ثالثی کی کوششوں کا بھی ذکر کیا اور کہا گیا کہ ’جی ہاں، خطے کے ممالک کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور ہمارا ان سب کے لیے جواب واضح ہے کہ ہم وہ فریق نہیں ہیں جس نے یہ جنگ شروع کی اسی لیے یہ تمام درخواستیں واشنگٹن کو بھیجی جانی چاہئیں۔‘


















