پاسدران انقلاب کا اسرائیل کے تین کروز میزائل، 10 ڈرونز اور درجنوں یو اے ویز تباہ کرنے کا دعویٰ، تہران کا آئل ڈپو اور اسرائیل میں حیفا ریفائنری حملوں کا نشانہ بنے
ایران کی پاسدران انقلاب فورس نے کہا ہے کہ اگر اسرائیلی حملے جاری رہے تو ایران کے حملوں میں بھی شدت آئے گی۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کا کہنا ہے کہ ’مستقبل قریب میں آپ اسرائیلی طیارے، اسرائیلی ایئر فورس، ہمارے پائلٹوں کو تہران کی فضا میں دیکھیں گے۔‘
خلاصہ
- اسرائیل ایران میں ہر 'سائٹ' اور 'ہدف' کو نشانہ بنائے گا: نتن یاہو
- 'پاکستان ایران اور برادر عوام کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہے': شہباز شریف کی ایرانی صدر سے ٹیلی فون پر گفتگو
- اسرائیل کا دفاع کیا تو پھر خطے میں فوجی اڈوں کا نشانہ بنائیں گے: ایران کی برطانیہ، فرانس اور امریکہ کو تنبیہ
- ایران اور اسرائیل کے درمیان سنیچر کی صبح فضائی حملوں کا تبادلہ ہوا جس دوران تل ابیب اور یروشلم میں ایئر ریڈ سائرن بجنے اور تہران میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں
- ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اس نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغے ہیں، اسرائیلی حکام نے تین ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے
- ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے گذشتہ روز کے اسرائیلی حملوں کے جواب میں دشمن کو ’کاری ضربیں‘ لگانے کا اعلان کیا ہے
- ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق ایران نے اسرائیل کے حملوں کے بعد جوابی کارروائی کو آپریشن ’وعدہِ صادق 3‘ کا نام دیا ہے
- ایران کے جوابی حملوں میں اسرائیل میں ایک خاتون ہلاک اور چالیس افراد زخمی ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے
- ایران کے اقوام متحدہ میں سفیر کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 78 ایرانی شہری ہلاک ہوئے جن میں اعلیٰ فوجی افسران بھی شامل ہیں جبکہ 320 سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے
لائیو کوریج
،ویڈیو کیپشنتل ابیب میں دھماکے اور دھوئیں کے بادل ایران کے اسرائیل پر حملوں میں 40 افراد زخمی
ایران کے اسرائیل پر تازہ ترین بیلسٹک میزائل حملے میں 40 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ان زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمی افراد اسرائیل کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
تل ابیب کے اچیلوف ہسپتال میں 18 افراد زیر علاج ہیں۔ جبکہ پیٹہ ٹکوا میں بیلنسن ہسپتال میں سات افراد زیر علاج ہیں جن میں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
رامت گان میں شیبا ہسپتال 15 مریضوں کا علاج کر رہا ہے، جن میں تشویشناک حالت والے مریض بھی شامل ہیں۔
زخمی افراد کو چھرے لگنے، دھواں بھرنے اور دھماکے سے پہنچنے والے صدمے کے لیے ہسپتال لایا گیا ہے۔
ایرانی حملوں سے تل ابیب میں ہونے والے نقصان کی تصاویر

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا ذریعہReuters
بریکنگ, اسرائیل کا مقصد ایرانی حکومت کو ’روکنا‘ ہے: نتن یاہو

،تصویر کا ذریعہIsraeliPM/ YouTube
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے اب سے کچھ دیر قبل اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے ’آپریشن رائزنگ لائن‘ سے متعلق ایک بیان پوسٹ کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے ملک کے ایران پر حالیہ حملوں کا مقصد ’ایرانی حکومت کے جوہری اور بیلسٹک میزائل کے خطرے کو روکنا ہے۔‘
خطاب کے دوران انھوں نے کہا کہ اسرائیل کی لڑائی ایرانی عوام سے نہیں بلکہ ایران کی قیادت کے خلاف ہے۔
انھوں نے اسرائیل کی طرف سے نشانہ بنائے جانے ایرانی اہداف کے متعلق بتایا جن میں عسکری اور جوہری مقامات بھی شامل ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مزید حملے راستے پر ہیں۔ ایرانی حکومت نہیں جانتی کہ ان کا کس سے سامنا ہوا ہے، یا ان پر کیا اثر پڑے گا۔‘
انھوں نے ایرانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ آپ کا موقع ہے کہ آپ کھڑے ہو جائیں اور اپنی آوازیں اٹھائیں۔‘
انھوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسرائیل کا مقصد ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو ناکام بنانا ہے جسے وہ اسرائیل کے لیے ’خطرے‘ کے طور پر بیان کرتے ہیں۔
ان کا ایرانی عوام سے اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ ’جیسا کہ ہم اپنا مقصد حاصل کر رہے ہیں، ہم آپ کے لیے آپ کی آزادی کے حصول کا راستہ بھی ہموار کر رہے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’وقت آ گیا ہے کہ ایرانی عوام اپنے جھنڈے اور اس کی تاریخی میراث کے گرد متحد ہو کر شیطانی اور جابر حکومت سے آزادی کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔‘
بریکنگ, ایرانی میڈیا کا دو اسرائیلی لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کا دعویٰ
ایران کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی فوج نے کم از کم دو اسرائیلی لڑاکا طیارے مار گرائے گئے ہیں۔
تاہم اب تک اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
بریکنگ, ایران کے تل ابیب پر حملے میں کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے: اسرائیلی ایمبولینس سروس
اسرائیل کی قومی ایمبولینس سروس کا کہنا ہے کہ تل ابیب کے میٹروپولیٹن علاقے میں پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں، جنھیں ہسپتال منتقل کیا جایا جا رہا ہے۔
اسرائیلی ایمبولینس سروس نے بیان میں کہا ہے ان زخمیوں میں سے ایک کو زیادہ زخم آئے ہیں جبکہ دیگر چار چھرے لگنے سے ’معمولی زخمی‘ ہوئے ہیں۔
بریکنگ, ایران کی اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کی تصدیق

،تصویر کا ذریعہReuters
ایران کے پاسداران انقلاب فورس نے اسرائیل میں’درجنوں اہداف، فوجی مراکز اور فضائی اڈوں‘ پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کی تصدیق کی ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب فورس نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں ایران نے اسرائیل کے حملوں کے بعد جوابی کارروائی کو آپریشن ’وعدہ صادق 3‘ کا نام دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران نے اسرائیل میں درجنوں اہداف، عسکری و فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آپریشن کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
بریکنگ, ایران کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل کو ’زبردست نقصان‘ پہنچائے گا
ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے تازہ ترین بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے ’جنگ شروع کرنے‘ کے بعد ایران اسرائیل پر ’کاری ضرب لگائے گا۔‘
بریکنگ, ایران کا اسرائیل پر جوابی میزائل حملہ: تل ابیب میں ہنگامی سائرن کی آوازیں اور عمارتوں کے قریب دھوئیں کے بادل

،تصویر کا ذریعہReuters
ایران نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں تل ابیب کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔
بی بی سی فارسی کے مطابق اسرائیلی شہر تل ابیب کی بلند عمارتوں کے ارد گرد دھوئیں کے بادل دیکھے جا سکتے ہیں۔
تل ابیب میں ہنگامی سائرن بج رہے ہیں اور شہریوں کو محفوظ مقامات میں پناہ لینے کا کہا گیا ہے۔
اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران سے تقریباً 100 میزائل داغے گئے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا پر جاری کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ میزائلوں کو اسرائیلی فضائی اور میزائل ڈیفنس نے روکا اور تباہ کر دیا، جبکہ کم از کم ایک میزائل وسطی تل ابیب میں گرا ہے۔
بریکنگ, اسرائیل کا اصفہان میں ایرانی جوہری پلانٹ کو تباہ کرنے کا دعویٰ
اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اصفہان میں موجود ایران کے جوہری پلانٹ کو تباہ کر دیا ہے۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے جوہری مقام پر حملہ کیا، جہاں افزودہ یورینیم کی بحالی کا عمل ہوتا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ایک بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہاں جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے عمل کا اگلے مرحلے پر کام کیا جاتا تھا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ’میٹالک یورینیم تیار کرنے کی سہولت، افزودہ یورینیم کو تبدیل کرنے کے بنیادی ڈھانچے، لیبارٹریز اور اضافی انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے۔‘
’ایرانی مسلح افواج اسرائیلی حکومت کا برا حال کر دے گی‘: رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای
ایران پر اسرائیل کے حملوں پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے دوسرے پیغام میں کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج ’طاقت کے ساتھ جواب دیں گی اور اسرائیلی حکومت کا برا حال کر دیں گی۔‘
اپنے پیغام میں انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کو ’اس جرم کی سزا دی جائے گی‘ اور ’ایرانی قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ اس ضمن میں کوئی سستی نہیں کی جائے گی۔‘
جمعہ کی صبح ایران پر اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران کے رہبر اعلیٰ خامنہ ای کا یہ دوسرا پیغام ہے۔ اس سے قبل اپنے پہلے پیغام میں انھوں نے اسرائیلی حملوں کو ’جرم‘ قرار دیا تھا اور اسرائیل کو ’تلخ انجام‘ کی دھمکی دی تھی۔
بریکنگ, ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغے گئے ہیں، اسرائیلی فوج کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے کچھ دیر قبل اسرائیل کی جانب میزائل داغے ہیں اور اس کا دفاعی نظام خطرے کو روکنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عوام کو اگلی اطلاع تک محفوظ مقامات میں پناہ لینے کو کہا گیا ہے۔
یمن سے اسرائیل پر میزائل داغا گیا: اسرائیلی فوج کا دعوی
اسرائیل کے سرکاری ریڈ الرٹ سسٹم کے مطابق یروشلم کے فضائی دفاعی نظام کو کچھ ہی دیر قبل متحرک کیا گیا گور بعدازں اسے بند کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن سے اسرائیل کی طرف ایک راکٹ داغا گیا ہے۔ اور اسے فضا میں نشانہ بنانے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔‘
ٹیلیگرام پر ایک پوسٹ میں اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ ’یروشلم ڈسٹرکٹ پولیس ان علاقوں کا پتہ لگانے اور چھان بین کے لیے تیار ہے جہاں ہتھیار گرے ہیں۔‘
ایران کو معاہدے کرنے کے لیے اب بھی زیادہ دیر نہیں ہوئی: ڈونلڈ ٹرمپ کا روئٹرز کو انٹرویو
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ اس نے ٹیلی فون پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا انٹرویو کیا ہے جس میں امریکی صدر نے کہا کہ یہ بالکل واضح نہیں ہے کہ آیا اسرائیل کی جانب سے ایران کے جوہری اور فوجی تنصیبات پر حملوں کے بعد بھی ایران کا جوہری پروگرام موجود ہے یا نہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’کوئی نہیں جانتا، ایران کے لیے یہ بہت شدید دھچکا ہے۔‘
انھوں نے روئٹرز کو بتایا کہ امریکہ اب بھی اتوار کو جوہری صلاحیت سے متعلق ہونے والے مذاکرات میں موجود ہے مگر یہ پتا نہیں کہ ایران بات چیت کرنے کو تیار ہے۔‘
صدر ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کو معاہدے کرنے کے لیے اب بھی زیادہ دیر نہیں ہوئی۔
تہران کے جنوب میں جوہری تنصیب کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات
ایران کی پاسداران انقلاب فوج سے منسلک فار نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ تہران کے جنوب میں واقع فوردو جوہری تنصیب کے قریب دو دھماکے ہوئے ہیں۔
فوردو تہران کے جنوب میں واقع ہے اور یہ قم کے مرکزی شہری سے تقریباً 20 میل شمال مشرق میں ہے۔ یہ جوہری تنصیب 100 میٹر زیر زمین ہے۔ اس سے قبل بھی ایسی رپورٹس ملی تھیں کہ لوگوں نے وہاں دھماکوں کی آوازیں سنی تھی۔
امریکہ اور اعلیٰ یورپی طاقتوں نے اس سے قبل اس مخصوص جوہری تنصیب میں 83.7 فیصد خالصتاً افزودہ یورینیم کے ذرات کی دریافت پر خطرے کا اظہار کیا تھا۔
جمعے کی صبح اسرائیل نے ایران پر حملہ کرتے ہوئے نطنز میں جوہری پلانٹ کو نشانہ بنایا تھا۔
انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس پلانٹ کے باہر تابکاری کی سطح میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، لیکن اندر موجود تابکار آلودگی کو ’مناسب حفاظتی اقدامات‘ کے ساتھ سنبھالا جا سکتا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے نئے سربراہ کا بیان: ’اسرائیل کو تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاسداران انقلاب کے نئے سربراہ محمد پاکپور کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو ’تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘
انھیں اپنے پیشرو کی ہلاکت کے بعد پاسداران انقلاب کا نیا سربراہ بنایا گیا ہے۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران حملے میں ہلاک ہونے والوں کا ’انتقام‘ لے گا۔ اس میں کہا گیا کہ اسرائیل نے ایران کی ’قومی سلامتی اور علاقائی خودمختاری کی خلاف ورزی کی ہے۔‘
یہ بھی پڑھیے
اسرائیل کے ایران پر حملے: اب تک کیا ہوا؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشناسرائیل کا دعویٰ ہے کہ ایران نے اپنے ایٹمی پروگرام سے ہتھیار بنانے کے اقدام کیے۔ ایران اس کی تردید کرتا ہے - اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے گذشتہ ایک گھنٹے کے دوران ایران پر مزید حملے کیے ہیں۔ گذشتہ شب کے اسرائیلی حملوں میں ایرانی فوجی قیادت، پاسداران انقلاب کے کمانڈروں اور جوہری سائنسدانوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اسرائیل نے ایرانی فوجی اور جوہری اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
- اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ ایران نے اپنے ایٹمی پروگرام سے ہتھیار بنانے کے اقدام کیے۔ ایران اس کی تردید کرتا ہے۔
- ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے حملے پر ’سخت سزا‘ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ایران نے آج صبح اسرائیل پر قریب 100 ڈرون داغے جن میں سے کئی کو ناکام بنایا گیا۔
- ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ان حملوں میں بچوں سمیت عام شہریوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں۔ تاہم اس کی آزادانہ تصدیق نہ ہو سکی۔
- ان حملوں میں ایران کی مسلح افواج کے سربراہ اور پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف کی بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
- کئی عالمی رہنماؤں نے دونوں فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹرمپ نے ایران کو ایٹمی پروگرام پر معاہدہ کرنے کی تجویز دی ہے۔
ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں سات فیصد اضافہ, جوناتھن جوزف، بی بی سی بزنس رپورٹر
اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
لیکن نیو یارک میں کاروباری روز کے آغاز پر سٹاک مارکیٹوں سے آنے والا ردعمل کوئی خاص نہیں ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ کاروباری حضرات کو فی الحال یہ یقین نہیں ہے کہ معاملات کس سمت میں آگے بڑھیں گے یا کتنے خراب ہوں گے۔
ایس اینڈ پی 500 اور نسداک میں کاروبار کے پہلے گھنٹے میں ایک فیصد سے بھی کم گراوٹ دیکھی گئی۔
تاہم تیل کی قیمتوں میں اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ آنے والے دنوں میں چیزوں کی قیمتیں بڑھیں گی۔
فی الحال برینٹ کروڈ کا بینچ مارک سات فیصد بلند ہو کر فی بیرل 73 ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
تیل کی قیمتوں میں اضافے کا دارومدار اس بات پر بھی ہو گا کہ دونوں ممالک میں کشیدگی کتنا عرصہ جاری رہتی ہے۔
جنرل عبدالرحیم موسوی ایران کی مسلح افواج کے نئے سربراہ تعینات, پوریا مہرویان، بی بی سی
ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے میجر جنرل عبدالرحیم موسوی کو ایرانی مسلح افواج کا نیا سربراہ تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
عبدالرحیم موسوی اسرائیلی حملے میں مارے جانے والے جنرل محمد باقری کی جگہ لیں گے۔ جنرل باقری اُن اعلیٰ فوجی شخصیات میں شامل ہیں جنھیں اسرائیل نے ایران پر حملے کے پہلے روز ٹارگٹڈ کارروائیوں میں ہلاک کیا ہے۔
سنہ 1960 میں ایران کے مقدس شہر قم میں پیدا ہونے والے عبدالرحیم موسوی سنہ 2017 سے ایران کی بری فوج میں بطور کمانڈر انچیف فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق انھیں اگست 2017 بریگیڈیئر جنرل کے عہدے سے میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی اور اس کے بعد ان کی بطور بری فوج کے کمانڈر انچیف تعیناتی کی گئی تھی۔
اسرائیلی فوج کا ایک ڈرون گرانے کا دعویٰ
اسرائیل کی دفاعی افواج نے کہا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ اور نیوی نے ایران کی جانب سے داغا گیا ایک ڈرون مار گرایا ہے۔
اسرائیلی فوج نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر اس واقعے سے متعلق آگاہ کیا ہے اور اس کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔
ایران نے فی الحال اس پر تبصرہ نہیں کیا ہے۔
