16 مئی کے بعد من موہن سنگھ کہاں جائیں گے؟

،تصویر کا ذریعہap
- مصنف, نتن شریواستو
- عہدہ, بی بی سی، دہلی
- وقت اشاعت
بھارت میں انتخابی ہلچل میں بحث صرف یہی ہے کہ اگلی حکومت کون بنائے گا؟ اس شور شرابے میں اگر کسی سے لوگوں کی نظریں ہٹ چکی ہیں تو وہ ہیں موجودہ وزیر اعظم من موہن سنگھ۔
زیادہ تر انتخابی ہلچل دہلی کے باہر ہے اور نئی دہلی کے ساؤتھ بلاک میں واقع وزیر اعظم کے دفتر میں من موہن سنگھ کی موجودگی کم ہوتی جا رہی ہے۔
چونکہ ضابطۂ اخلاق نافذ ہے اس لیے نہ تو بڑے فیصلے ہو رہے ہیں اور نہ ہی تبادلے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پی ایم او میں ان دنوں من موہن سنگھ کا ذاتی سامان پیک کیا جا رہا ہے، جس میں ان کی کتابیں شامل ہیں۔
لیکن اس بات کا کسی کو بھی علم نہیں کہ 16 مئی کے بعد من موہن سنگھ کیا کریں گے یا کہاں ہوں گے؟
دراصل اس سوال کا جواب خود من موہن سنگھ کے خاندان والوں کے پاس بھی نہیں ہے کہ وزیر اعظم کے عہدے کے بعد وہ کیا کریں گے۔
ان کے خاندان کے ایک رکن نے کہا: ’ان میں متحیر کر دینے والے فیصلے کرنے کی زبردست صلاحیت ہے۔ ہمیں لگتا ہے کہ وہ ایسا ہی کچھ کرنے والے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہAP
ان کے قریبی افراد پر اعتماد ہیں کہ اب من موہن سنگھ سرگرم سیاست کے میدان میں اترنے والے ہیں۔
من موہن سنگھ پہلے بھی کئی دفعہ اس طرف اشارہ کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے رکن کے طور پر ابھی ان کے پاس پورے چار سال کی مدت بھی ہے۔ اس دوران نہ چاہتے ہوئے بھی انھیں پارلیمان کی سیاسی سرگرمیوں سے دو چار تو ہونا ہی پڑے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ویسے اطلاعات کے مطابق من موہن سنگھ کے پاس کیمبرج یونیورسٹی سے ایک پرکشش پیشکش بھی ہے۔ انھوں نے کیمبرج سے معاشیات کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور انھیں اس ادارے خاص لگاؤ بھی ہے۔
ہو سکتا ہے کہ من موہن سنگھ کیمبرج میں جا کر کچھ دن کے لیے معاشیات پڑھانے کی پیشکش پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہوں۔ اگر وہ یہ فیصلہ کرتے ہیں تو اس کے لیے انھیں وقتاً فوقتاً برطانیہ جا کر رہنا ہوگا اور اس طرح وہ خود بخود فعال سیاست سے دور ہو جائیں گے۔
کسی زمانے میں من موہن سنگھ کے ساتھ پنجاب یونیورسٹی میں کام کرنے والے ایک سابق پروفیسر کا خیال ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں لکھنے پڑھنے میں مصروف ہو جائیں گے۔ ان کے خاندان کے رکن کے مطابق: ’من موہن سنگھ ہمیشہ سے ہی اخبار اور میگزین وغیرہ پڑھتے وقت بھی نوٹ بناتے رہتے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
لیکن اس سوال کا جواب کسی کے پاس نہیں ہے کہ کیا من موہن سنگھ اپنے دس سال کے دورِ اقتدار پر بھی کتاب لکھ سکتے ہیں؟ بعض قریبی لوگوں کا خیال ہے کہ بہت ممکن ہے کہ وہ سونیا اور راہل گاندھی کے لیے پس پردہ مشیر کا کردار ادا کریں گے۔
اگرچہ کانگریس کے ایک بڑے لیڈر نے اسے نظر انداز کر دیا لیکن ان کی طرح بہت سے دوسرے رہنماؤں کو اس بات کا مکمل یقین ہے کہ سونیا گاندھی من موہن سنگھ کو ان کی ایمانداری اور ’وفاداری‘ کے لیے مخصوص جگہ دیتی رہی ہیں۔
اقتصادی معاملات پر من موہن سنگھ کی گرفت کے پیش نظر انھیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، تاہم یہ بھی سچ ہے کہ من موہن سنگھ کے بعض قریبی لوگ اس بات سے بالکل بھی خوش نہیں ہے کہ 2014 کے انتخابات کے پہلے کانگریس پارٹی کے بڑے رہنماؤں نے من موہن دور کا بچتے بچاتے ہی ذکر کیا۔
زیادہ توجہ راہل گاندھی کی قیادت میں ’پروان چڑھنے والی‘ نوجوان پارٹی پر ہی رہی۔ خود من موہن سنگھ نے پارلیمنٹ سے لے کر پارٹی اجلاسوں تک میں راہل کے نام پر مہر بھی لگائی لیکن انتخابات سے ٹھیک پہلے انھیں ’ریٹائرڈ‘ سا قرار دینے کی بات سے وہ دلبرداشتہ ضرور ہوں گے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
شاید یہی وجہ ہے کہ حال ہی میں ان کے سابق میڈیا مشیر سنجے بارو کی کتاب ’دی ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ یعنی ’اتفاقی وزیراعظم‘ شائع ہونے کے فوراً بعد من موہن سنگھ کی بیٹیوں نے اپنے والد کے دفاع میں بیان دیے۔
من موہن سنگھ کے دوسرے دور میں میڈیا مشیر پنکج پچوری نے ایک پریس کانفرنس میں زور دے کر کہا: ’وزیر اعظم نے گذشتہ دس سالوں میں ایک ہزار سے زیادہ تقاریر کیں۔‘
جب من موہن سنگھ وزیر خزانہ تھے اس دور میں ان کے ساتھ کام کرنے والے بعض لوگ بتاتے ہیں کہ ’وہ اپنی ایماندارانہ شبیہہ کے پیشِ نظر ہمیشہ سنجیدہ رہے اس لیے فیصلے کرنے سے قبل وہ پورا وقت بھی لیتے ہیں۔‘
بہر حال من موہن سنگھ نے اس فیصلے میں زیادہ دیر نہیں لگائی کہ وہ سات ریس کورس (وزیر اعظم کی رہائش) چھوڑنے کے بعد دہلی میں کہاں رہیں گے۔
انھوں نے اپنی بیوی گرچرن کورکے ساتھ انتخابات کے اعلان سے قبل ہی یہ طے کر لیا تھا کہ انھیں صرف ایک چار بیڈرومز والا گھر چاہیے۔ دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کی اس وقت کی رہائش گاہ 3 موتی لال نہرو پلیس کو اس کے لیے منتخب کیا گیا۔

،تصویر کا ذریعہAP
فی الحال وہاں مرمت کا کام جاری ہے اور گھر کے ساتھ تین ایکڑ کے باغ تک میں کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں کیونکہ وزیر اعظم کے خاندان کا خیال ہے کہ 16 مئی کو عام انتخابات کے نتائج سے پہلے ہی انھیں اس میں شفٹ کر دیا جائے۔
اس تاریخ کی ایک اور اہمیت یہ ہے کہ اس کے بعد سے من موہن سنگھ بھارتی تاریخ میں مسلسل دو بار پانچ سالہ مدت پوری کرنے والے وزیر اعظم کے طور پر یاد کیے جائیں گے۔
جنوری 2014 میں اپنی ایک اہم پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا تھا: ’امید ہے کہ تاریخ میرا تجزیہ کشادہ دلی سے کرے گی۔‘
من موہن سنگھ کہیں بھی رہیں، کچھ بھی کریں، ان کی باریک نظر اپنے بارے میں لکھی جانے والی تاریخ پر ضرور رہے گی۔






















