اقوامِ متحدہ بھارت سے فوجی چھڑانے میں مدد کرے: اٹلی

اٹلی کے دو میرین دہلی میں اطالوی سفارت خانے میں موجود ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشناٹلی کے دو میرین دہلی میں اطالوی سفارت خانے میں موجود ہیں
وقت اشاعت

اٹلی نے بھارت میں دو بھارتی مچھیروں کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے واقع میں ملوث دو اطالوی میرین (فوجیوں) کی رہائی کے لیے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق اطالوی وزیر داخلہ اینجیلینو ایلفانو نے کہا ہے کہ اٹلی کی حکومت ان دونوں فوجیوں پر اٹلی میں مقدمہ چلانے کے لیے تیار ہے لیکن پہلے انھیں بھارت سے رہائی دلوا کر اٹلی لانا ہوگا۔

اطالوی وزیر داخلہ نے یہ بیان اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے اپنی ملاقات سے قبل دیا۔

اٹلی کی حکومت بھارت کی قید سے اپنے دو فوجیوں کی رہائی کے لیے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جن میں یورپی برادری، امریکی اور نیٹو میں اس کے اتحادی ممالک شامل ہیں۔

اٹلی کے دو میرین فوجیوں میسیمیلانو لاتورے اور سلواتورے گیرونی نے فروری سنہ دو ہزار بارہ میں بھارت کی جنوبی ریاست کیریلہ میں دو مچھیروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جس کے بعد سے بھارت اور اٹلی کے درمیان سفارتی تعلقات کشیدگی کا شکار ہو گئے تھے۔

اٹلی کے ایک آئل ٹینکر پر سوار ان دونوں فوجیوں کا کہنا ہے کہ انھوں نےمچھیروں کو بحری قزاق سمجھ کر ہلاک کر دیا تھا۔ فی الحال یہ دونوں میرین دہلی میں اٹلی کے سفارت خانے میں ہیں اور اپنے مقدمے کی سماعت شروع ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔

اٹلی کے لکژی ہیلی کاپٹر اہم شخصیات کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں

،تصویر کا ذریعہbbc

،تصویر کا کیپشناٹلی کے لکژی ہیلی کاپٹر اہم شخصیات کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں

دریں اثناء بھارت اور اٹلی کے درمیان ہیلی کاپٹر کے ایک سودے میں بھارت کی طرف سے اٹلی کو بینک گارنٹی کے طور پر ادا کی گئی اڑتیس کروڑ ستر لاکھ ڈالر کی رقم بھی وجہ تنازع بنائی ہوئی ہے۔

اٹلی کی ایک عدالت نے بھارت کی یہ درخواست رد کر دی تھی کہ ہیلی کاپٹروں کے سودے میں گارنٹی کے طور پر اٹلی کو دی گئی رقم بھارت کو واپس کی جائے۔

بھارت اٹلی کی اس عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے پر غور کر رہا ہے۔

بھارت نے بدعنوانی کے الزامات سامنے آنے کے بعد گزشتہ ماہ اٹلی سے ہیلی کاپٹر خریدنے کی پچہتر کروڑ تیس لاکھ ڈالر کا معاہدہ ختم کر دیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت اٹلی نے بارہ ’لگژری ہیلی کاپٹر‘ جو وی آئی پی شخصیات کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں بھارت کو فراہم کرنے تھے۔

بھارت کی حکومت اٹلی کے شہر میلان میں اس فیصلہ کے خلاف اپیل دائر کرنے والی ہے۔