اسرائیل کی غزہ کے پناہ گزین کیمپ ’جبالیہ‘ پر فضائی حملے کی تصدیق، دھماکے میں درجنوں فلسطینی ہلاک

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے غزہ پناہ گزین کیمپ پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں حماس کا ایک سینئر کمانڈر ہلاک ہو گیا ہے دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پناہ گزین کیمپ پر حملے میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہوئے ہیں

لائیو کوریج

  1. القدس ہسپتال کہاں واقع ہے ؟

    اسرائیلی افواج غزہ کی پٹی کے شمالی نصف حصے پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہے، اور القدس ہسپتال غزہ شہرمیں ہے، جو انخلاء کے علاقے کے عین وسط میں ہے۔

    القدس ہسپتال

    اوپر دیے گئے نقشےمیں یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ القدس ہسپتال کہاں واقع ہے۔

  2. القدس ہسپتال کے اردگرد اب شدید بمباری شروع ہو گئی ہے: ڈاکٹرز

    ہم شمالی غزہ میں موجود اہم سہولت القدس ہسپتال کے علاقے میں بمباری سے متعلق رپورٹ کر رہے ہیں۔

    اسرائیلی فوج نے اتوار کو ہسپتال کو خالی کرنے کا حکم جاری کیا تھا لیکن وہاں کے عملے نے کہا ہے کہ اس وقت ہسپتال میں کئی سو مریض زیرعلاج ہیں انھیں وہاں سے کہیں اور لے کر جانا ناممکن ہے۔

    ’بی بی سی نیوز ٹو نائیٹ‘ کو وہاں سے ایک نامعلوم ڈاکٹر کا پیغام موصول ہوا جو بتا رہے تھے ’اب القدس ہسپتال کے اردگرد شدید بمباری شروع ہو گئی ہے۔‘

    انھوں نے کہا ’سب کے سب خاص طور پر بچے خوف زدہ ہیں، انھوں نے ہسپتال کے عقب میں موجود رہائشی ٹاور پر بمباری کی ہے‘

    اس سے پہلے بھی ہمیں غزہ کے ایک شہری نے کہا ’انھوں نے دو رہائشی ٹاورز پر بمباری کی اور اب وہ تیسری پر کر رہے ہیں، خدا ہماری حفاظت کرے۔‘

  3. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید

    غزہ اور اسرائیل تنازعے کی صورتحال سے متعلق بی بی سی کی لائیو پیج کوریج میں خوش آمدید۔

    29 اکتوبر کی خبروں کو پڑھنے کے لیے اس لنک پر کلک کریں