چین کا اسرائیل اور فلسطین کے درمیان دیرپا امن معاہدے پر زور
چین نے اقوام عالم سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر کشیدگی روکنے کے لیے اسرائیل اور حماس کے درمیان امن معاہدہ کرائیں۔
اتوار کو چین کے دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کو اس وقت اسرائیل اور فلسطین کے درمیان بڑھتی کشیدگی، تشدد اور تنازع پر گہری تشویش ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم متعلقہ فریقین کو پرامن رہنے، طاقت کے استعمال سے پرہیز اور فوری طور پر لڑائی کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں تا کہ عام شہریوں کی جان کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور صوتحال کو مزید خراب ہونے سے بچایا جا سکے۔
چین کے مطابق تنازع کا دوبارہ سر اٹھانے سے ایک بار پھر یہ بات عیاں ہو گئی ہے کہ عارضی امن معاہدہ زیادہ دیرپا ثابت نہیں ہو سکتا ہے۔
چین نے عالمی برادری سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر حرکت میں آئے اور دیرپا امن کے لیے کوئی حل تلاش کرے۔









