ٹرمپ کے لیے جارجیا میں جیت برقرار رکھنا کیوں ضروری ہے؟

ہمیں کب معلوم ہو گا کہ جارجیا میں کون جیتا اور یہ نتیجہ اہم کیوں ہے؟
سنہ 2016 میں ٹرمپ نے اس ریاست میں پانچ پوائنٹس کی برتری سے فتح حاصل کی تھی۔ اس ریاست میں ڈیموکریٹس کو آخری مرتبہ سنہ 1992 میں فتح حاصل ہوئی تھی جب بِل کلنٹن یہاں سے جیتے تھے۔ اب سنہ 2020 میں اس ریاست میں پھر مقابلہ ہے۔
زیادہ تر مبصرین کے خیال میں جارجیا وہ ریاست ہے جس کے 16 ایلیکٹورل کالج ووٹ بائڈن سے زیادہ ٹرمپ کے لیے اہم ہیں۔ بائڈن اگر یہ ریاست جیت جاتے ہیں تو یہ ان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہو گی لیکن اندازوں کے لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو بائڈن کے لیے صدر کا انتخاب جیتنے کے اور بھی راستے کھلے ہیں۔
’ٹرمپ نے اتوار کو جارجیا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوگوں کو معاشی مندی اور معاشی ترقی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے جس سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ اس ریاست پر ریپبلیکن گرفت کمزور ہوئی ہے۔ جو بائڈن کو امید ہے کہ سیاہ فام اور مضافاتی علاقوں کے ووٹر وہ دو گروپ ہیں جو انھیں اس ریاست میں جتوا سکتے ہیں۔
اس صدارتی انتخاب میں جارجیا میں قبل از وقت ووٹنگ کی شرح نے ماضی کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور سنہ 2016 کے مقابلے میں زیادہ ووٹ پڑنے کا امکان ہے۔ توقع ہے کہ اس ریاست کے نتائج رات کے دوران سامنے آ جائیں گے لیکن یہاں ماضی میں ووٹنگ سے متعلق مسائل رہے ہیں۔ ایک خاندان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ انھیں ووٹ ڈالنے کے لیے 11 گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔






















