آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

عالمی ادارہ صحت: موسم تبدیل ہونے سے کورونا وائرس ختم نہیں ہو جائے گا

کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 65 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ پاکستان میں متاثرین کی تعداد دو لاکھ 76 ہزار ہے۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اس موسم گرما میں شمالی نصف کرہ میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے بارے میں غفلت برتنے سے گریز کیا جائے۔

لائیو کوریج

  1. کورونا وائرس پیر کو دنیا بھر میں کیا کیا ہوا؟

    • عالمی ادرۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ اس وقت کووڈ 19 انفیکشن سے دنیا بھر میں ہنگامی صورتحال کی سب سے سنگین حالت ہے۔ اب تک ایک کروڑ 63 لاکھ سے زیادہ افراد اس وبا کی گرفت میں آچکے ہیں، جبکہ چھ لاکھ پچاس ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ او برائن کورونا متاثرہ پائے گئے ہیں۔ وہ اب تک امریکہ میں اعلی ترین عہدے دار ہیں جن کو کورونا سے متاثر پایا گیا ہے۔
    • ایک دن میں ہانگ کانگ میں کورونا انفیکشن کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس کے پیش نظر، لاک ڈاؤن کو بہت سختی سے نافذ کیا گیا ہے۔
    • دوسری جانب ، سپین نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے انفیکشن کے نئے واقعات کے باوجود یہ ملک سیاحوں کے لیے محفوظ ہے۔ در حقیقت، برطانیہ نے سپین سے واپس آنے والے لوگوں کے لیے 14 دن تک قرنطینہ میں قیام لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس سے سپین کی سیاحت کی صنعت متاثر ہوئی ہے۔
    • شمالی کوریا میں کورونا کا پہلا مشتبہ کیس سامنے آیا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق، ایک شخص میں کورونا کی علامات پائی گئیں جو گذشتہ ہفتے جنوبی کوریا سے واپس آئے تھے۔
    • امریکہ کورونا وائرس کے انفیکشن کا مرکز بنا ہوئی ہے ، دنیا بھر میں کورونا انفیکشن کے تقریبا 20 فیصد کیس صرف امریکہ میں ہی رپورٹ ہوئے ہیں۔
  2. بریکنگ, گلگت بلتستان میں مزید 21 افراد میں کورنا وائرس کی تصدیق

    محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق مزید 21 افراد میں کورنا وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2010 ہوگئی ہے۔

    گلگت بلتستان میں اب تک مجموعی طور پر 48 مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔

    مزید 46 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر 1613 افراد شکست دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

    اس وقت گلگت بلتستان میں مجموعی طور پر 349 مریض زیر علاج ہیں۔

  3. ہسپانوی تنظیم نے سیاحوں کی ٹیسٹنگ کا خرچہ اٹھانے کی پیشکش کردی

    سپین سے برطانیہ آنے والے تمام افراد پر 14 دن قرنطینہ کی شرط کے نفاذ کے بعد ایک ہسپانوی سیاحتی گروہ نے سیاحوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا خرچہ اٹھانے کی پیشکش کی ہے۔

    سپین میں ریستوران اور سیاحت کی تنظیم کے سربراہ نے مطالبہ کیا ہے کہ یورپ کی سطح پر سیاحت کے شعبے کے لیے یہ اقدام ضروری ہے تاکہ اس صنعت کی بحالی ممکن ہوسکے۔

    انھوں نے برطانوی حکومت کے فیصلے کو حیران کن اور افسوسناک قرار دیا ہے۔ ’یورپ کی سطح پر سیاحوں اور سیاحت سے جڑے افراد کی حفاظت کے لیے اقدامات ہونے چاہیے۔‘

    جرمنی میں بھی اسی نوعیت کی ایک بحث چھڑ گئی ہے اور حکومت پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے خدشات کا زیادہ شکار ملکوں سے آنے والوں کے ٹیسٹ لازم کیے جائیں۔

    جمعے کو حکام نے برازیل، ترکی اور امریکہ سے آنے والے افراد کے لیے مفت ٹیسٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ بعض سیاستدان اسے لازم بنانا چاہتے ہیں۔

  4. یاسر نواز نے بیماری کا مقابلہ کیسے کیا؟

    ہدایتکار، اداکار یاسر نواز چند دن پہلے کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں ۔ ان کے مطابق ان کو یہ بیماری کیسے لگی؟ ٹیسٹ کے مثبت نتائج آنے کے بعد قرنطینہ کے دنوں میں ان کی مصروفیات کیا رہی ؟ اور انھوں نے بیماری کا مقابلہ کیسے کیا؟ سنتے ہیں ان کی زبانی اس وی لاگ میں

  5. پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا کے چھ نئے متاثرین، 33 مریض صحتیاب

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں محکمہ صحت کے فوکل پرسن برائے کووڈ 19 ڈاکٹر ندیم الرحمن کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 208 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں چھ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ان کے مطابق اس خطے میں مجموعی طور پر اب تک وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 2040 ہوگئی ہے۔

    ڈاکٹر ندیم الرحمن کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے چار افراد کا تعلق راولاکوٹ، ایک شخص کا باغ جبکہ ایک شخص کا بھمبر سے تعلق ہے۔

    ان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 33 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد اس خطے میں صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 1482ہوگئی ہے.

    اب تک اس خطے میں پچیس ہزار ایک سو افراد کے ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔

  6. انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کے 20 کھلاڑی منتخب

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان 20 کھلاڑیوں کے سکواڈ کا اعلان کیا ہے جنھیں انگلیڈ دورے میں ٹیسٹ میچز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

    انگلینڈ کے خلاف میچز کے آغاز سے قبل ان کھلاڑیوں کے متعدد کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ ان کرکٹرز نے قرنطینہ میں بھی وقت گزارا ہے جس کے بعد انھوں نے چار روزہ پریکٹس میچ کھیلا۔

    ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے جبکہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے میچز منسوخ ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب پاکستانی کھلاڑیوں کو میدان میں دیکھا جائے گا۔

    سکواڈ: اظہر علی (کپتان)، بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق، فواد عالم، فہیم اشرف، امام الحق، عمران خان سینیئر، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، سرفراز احمد، نسیم شاہ، شاداب خان، شاہین آفریدی، شان مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری، وہاب ریاض اور یاسر شاہ۔

  7. بلوچستان میں کورونا کے 23 نئے متاثرین

    بلوچستان میں کورونا کے 23 نئے متاثرین کے اضافے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 11624 ہوگئی ہے۔

    کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی مصدقہ تعداد 136 ہے۔

    محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق 27 جولائی 2020 کو کورونا کے صرف 543 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 23 مثبت آئے۔

    بلوچستان میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر 58078 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 46454 کے نتائج منفی آئے۔

    بلوچستان میں مجموعی طور پر 136490 افراد کی سکریننگ کی گئی ہے۔ کورونا وائرس سے اب تک 10023 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

  8. کورونا کے دنوں میں ورچوئل شادی

    کورونا وائرس کے باعث شادی کی بڑی تقاریب اور اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس وجہ سے کئی جوڑوں کے شادی کرنے کے منصوبے اب ملتوی ہو گئے ہیں۔ لیکن حسان غزالی اور ان کی منگیتر لورنا رسل نے ایک منفرد انداز میں اپنی شادی کا اہتمام کیا۔ انھوں نے اپنی شادی میں مہمانوں کو ورچوئل دعوت دی اور شادی کی پوری تقریب فیس بک پر نشر کی۔ ان کی کہانی مزید جانیے وقاص انور کی اس ویڈیو میں

  9. گلگت میں عید الاضحیٰ اور منڈی مویشیوں کے لیے ایس او پیز تیار

    پاکستان میں گلگت بلتستان کے دارالحکومت گلگت کے لیے عید الاضحیٰ اور منڈی مویشیوں کے لیے ایس او پیز تیار کر لیے گئے ہیں۔

    ترجمان گلگت حکومت مظہر علی مغل کے مطابق گلگت کے چار مقامات کیہمراہ جوٹیال، خومر، ریورویو روڈ اور امپھری پر ماڈل مال مویشیاں قائم کی گئی ہیں۔

    مظہر علی خان کے مطابق اس موقع پر ایس او پیز کا نفاذ سختی سے کیا جائے گا جس میں ہر صورت میں خریداروں اور بیوپاریوں کے درمیان فاصلہ ہوگا۔

    ’کسی کو بھی بغیر ماسک کے منڈی مویشی میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بلدیہ عظمی نے تمام منڈی مویشیوں میں جراثیم کشن سپرے کے ساتھ ساتھ سینٹی لائزرز کا بھی بندوبست کیا ہے۔‘

    ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت کیپٹن (ر) اسامہ مجید چیمہ کے مطابق کورونا کی روک تھام کے لیے عید الاضحیٰ کے موقع پر کسی بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہوگا جس میں جرمانوں کے علاوہ مال مویشی ضبط بھی ہوسکتے ہیں۔

    کیپٹن (ر) اسامہ مجید چیمہ کے مطابق کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے جہاں سے ہمہ وقت نگرانی کا عمل بھی جاری رہے گا۔

  10. خیبر پختونخوا میں کورونا کے مزید 113 متاثرین، دو اموات

    خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 113 متاثرین اور دو اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

    صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 33510 ہوگئی ہے جبکہ اب تک کووڈ 19 سے 1180 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    دوسری طرف 27196 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

  11. ڈیرہ اسماعیل خان میں دفعہ 144 نافذ

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں واقع ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈپٹی کمشنر نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت ضلعے کی حدود میں صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے تدارک کے حوالے سے وضع کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس پابندی کا اطلاق ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے مفاد عامہ اور بہتر ملکی مفاد میں کیا گیا ہے۔‘

    ’فوری طور پر نافذ العمل ہونے والے اس حکمنامے کا اطلاق 30 یوم تک رہے گا جبکہ خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘

  12. سونے کی قیمت اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    عالمی منڈی میں سونے کی قیمت آج اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ کورونا کے بحران کے دوران اضطراب میں مبتلا سرمایہ کار اپنوں پیسوں سے سونے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں کیونکہ ملکوں کی معیشتیں کمزور ہو رہی ہیں اور غیر یقینی کی صورتحال اب بھی برقرار ہے۔

    سونے کی قیمت میں آج 2.4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ایک اونس سونے کی قیمت 1944 ڈالر کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی ہے۔ ستمبر 2011 میں یہ قیمت 1921 ڈالر تھی۔

    کئی سرمایہ کار سونے یا قیمتی دھات میں اس لیے سرمایہ کاری نہیں کرتے کیونکہ اس میں سود نہیں ملتا۔ لیکن روایتی طور پر سونا خریدنا محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔

    عالمی صورتحال میں خدشات کے پیشِ نظر اس کی خریداری میں اضافہ ہوتا ہے۔ رواں سال سونے کی قیمت 25 فیصد سے زیادہ بڑھی ہے۔

    امریکی ڈالر میں کمی سے بھی سونے کی قیمت بڑھی ہے۔ سونے کی قیمت اکثر امریکی کرنسی میں بتائی جاتی ہے۔

  13. امریکہ میں قومی سلامتی کے مشیر میں کورونا کی تشخیص

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ او برائن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے اس خبر کی تصدیق کر دی ہے۔

    ایک بیان میں حکومت نے کہا ہے کہ رابرٹ او برائن میں ہلکی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ انھوں نے خود ساختہ آئسولیشن اختیار کر لی ہے اور وہ ایک محفوظ مقام سے کام کر رہے ہیں۔

    ’صدر یا نائب صدر کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ قومی سلامتی کونسل کا کام بغیر کسی رکاوٹ جاری ہے۔‘

    54 سالہ او برائن صدر ٹرمپ کی انتظامیہ میں سب سے عمر رسیدہ اہلکار ہیں جن میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    ماضی میں ٹرمپ انتظامیہ کے متعدد اہلکار وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ او برائن رواں ماہ یورپی ہم منصب سے خارجہ پالیسی کے مسائل پر بات چیت کے لیے پیرس گئے تھے۔

  14. وائلن سے مریضوں کا دل بہلانے والی نرس

    چلی میں کورونا وائرس کے خلاف صفِ اوّل میں کام کرنے والی ایک نرس اپنا کام ختم کرنے کے بعد انتہائی نگہداشت کے مریضوں کے وارڈ میں وائلن بجاتی ہیں۔ ہفتے میں دو مرتبہ شام چھ بجے، ڈمارس سِلوا مشہور لاطینی گانوں کی دھن بجا کر مریضوں اور وہاں کے طبی عملے کو محبت اور امید کا پیغام دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے، "میں یہ دل سے کرتی ہوں"۔ مزید جانیے اس ویڈیو میں

  15. کراچی میں ساحل سمندر، تفریحی مقامات بند رکھنے کا حکم

    پاکستان میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید کے دوران تمام تفریحی مقامات بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق مندرجہ ذیل مقامات 4 اگست تک بند رہیں گے اور یہاں داخلے پر مکمل پابندی رہے گی:

    • پارک
    • ساحل سمندر
    • سیاحتی و تفریحی جگہیں
    • سوئمنگ پولز
    • پلے گراؤنڈ
    • جِمز
    • اِن ڈور یا آؤٹ ڈور کھیلوں کی سرگرمیاں
    • جاگنگ ٹریکس
  16. امریکہ میں کورونا کی ویکسین آزمائش کے آخری مرحلے میں داخل

    امریکی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی ماڈرنا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کی آزمائش تیسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ پہلے دو مراحل حفاظتی پہلوؤں میں کامیاب رہے ہیں۔

    آزمائش کے اگلے مرحلے میں 30 ہزار طبی رضاکاروں کو دو خواکیں دی جائیں گی اور اس دورانیے میں 28 دن کا وقفہ رکھا جائے گا۔ یہ دیکھا جائے گا کہ آیا یہ ممکنہ ویکسین انھیں اس وائرس کی عالمی وبا سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔

    اس ویکسین کا نام ایم آر این اے 1273 ہے اور اس میں کورونا وائرس کے جینیاتی کوڈ کا کچھ حصہ شامل کیا گیا ہے۔

    اس سے انسان کورونا سے متاثر نہیں ہوگا تاہم جسم میں مدافعت کے نظام کو تربیت دی جاسکے گی کہ وہ کووڈ 19 سے لڑ سکے۔

    آدھے رضاکاروں کو اصل ویکسین کی خوراک دی جائے گی جبکہ آدھوں کو بتائے بغیر یہ مادہ نہیں دیا جائے گا اور دیکھا جائے گا کہ آیا وہ ذہنی طور پر خود بخود صحتیاب ہوسکتے ہیں۔ ویکسین کی کامیابی دیکھنے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔

    ماڈرنا وہ پہلی ویکسین نہیں جو تیسرے مرحلے تک پہنچی ہے۔ یہ ویکسین کی آزمائش کا تیسرا اور آخری مرحلہ ہے جس میں کامیابی کے بعد ویکسین نگراں ادارے کو جمع کرائی جاتی ہے تاکہ وہ جائزے لے کر اسے منظور کر سکیں۔

    برطانیہ میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی ویکسین تیسرے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ جبکہ دنیا بھر میں 120 سے زیادہ ویکسینز آزمائش کے مختلف مراحل میں ہیں۔

  17. ایشوریا رائے بچن کی گھر واپسی

    بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے اور انھیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

    وہ ہسپتال سے نکل کر اپنی بیٹی ارادھیا کے ہمراہ گھر واپس جاچکی ہیں۔

    تاہم ان کے خاوند ابھیشیک بچن اور سسر امیتابھ تاحال ہسپتال میں موجود ہیں اور ان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ دوبارہ مثبت آئے ہیں۔

    ابھیشیک بچن نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ’شکر ہے ایشوریا اور ارادھیا کے ٹسیٹ منفی آئے ہیں اور دونوں کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ وہ اب گھر پر ہوں گے۔‘

    بالی وڈ کے بچن خاندان کے متعدد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔ انڈیا میں ہزاروں افراد نے ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی تھی۔

  18. ’عید پر ایس او پیز کی دھجیاں مت اڑائیں‘

    پاکستان میں گزشتہ چند ہفتوں سے کورونا وائرس کے کیسز میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ لیکن اب بھی ماہرین کو اس بات کا ڈر ہے کہ اگر عید پر ایس او پی فالو نہ کیے گئے تو ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آ سکتی ہے۔ اس سے پاکستان کے صحت کے نظام کو کیا نقصان ہو سکتا ہے، یہ بتا رہی ہیں ڈاکٹر تمکنت منصور اس وی لاگ میں

  19. بریکنگ, برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ پہلا جانور: پالتو بلی کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت

    برطانیہ میں ایک پالتو بلی میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے۔ یہ پہلا جانور ہے جسے اس وائرس نے متاثر کیا ہے اور جس میں کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    اس بات کی تصدیق برطانوی کے چیف وٹرنری ڈاکٹر نے کر دی ہے۔

    ماضی میں برطانوی حکومت نے کہا تھا کہ اس بات کے کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں کہ جانوروں سے انسانوں میں یا دوسرے جانوروں میں کورونا وائرس پھیل سکتا ہے۔ حکومت نے پالتو جانوروں کے مالکان کو اس حوالے سے بے فکر رہنے کا مشورہ دیا تھا۔

    تاہم بدھ کو ایک پالتو بلی کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

    انگلینڈ کے محکمہ صحت نے لوگوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ جانوروں کے پاس رہنے سے پہلے اور بعد میں اپنے ہاتھ دھوئیں۔

    چیف وٹرنری ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ: ’یہ ایک نایاب واقع ہے۔ متاثرہ جانور نے طبی علامات ظاہر کی ہیں اور کچھ دنوں میں صحتیاب ہوجائے گا۔‘

    ’اس کے کوئی شواہد نہیں کہ پالتو جانور انسانوں کو وائرس سے متاثر کر سکتے ہیں۔ ہم اس کے باوجود صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔‘

  20. برطانوی معیشت کی بحالی میں ’چار سال لگ سکتے ہیں‘

    برطانیہ کی معاشی بحالی اور کورونا کے بحران کے دوران ہونے والے نقصان کے حوالے سے کئی پیشگوئیاں کی گئی ہیں۔

    لیکن ایک حالیہ تحقیق میں ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کی معیشت سنہ 2024 سے قبل مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکے گی۔

    ان کا کہنا ہے کہ بے روزگاری 3.9 فیصد سے بڑھ کر 9 فیصد تک جا سکتی ہے۔

    ان کا خیال ہے کہ رواں سال معیشت 11.5 فیصد کمی کا شکار ہوگی۔ گذشتہ ماہ انھوں نے آٹھ فیصد کمی کی پیشگوئی کی تھی۔

    صارفین چیزیں خریدنے میں احتیاط برتنے پر مجبور ہیں اور کاروبار کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی کمی بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔

    تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کہنا تاحال قبل از وقت ہے کیونکہ کارآمد معلومات حالیہ چند عرصے میں سامنے آئی ہے۔