آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

عالمی ادارہ صحت: موسم تبدیل ہونے سے کورونا وائرس ختم نہیں ہو جائے گا

کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 65 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ پاکستان میں متاثرین کی تعداد دو لاکھ 76 ہزار ہے۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اس موسم گرما میں شمالی نصف کرہ میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے بارے میں غفلت برتنے سے گریز کیا جائے۔

لائیو کوریج

  1. حکومتِ بلوچستان: عید الضحیٰ پر احتیاطی تدابیر کا خیال نہ رکھا گیا تو پھر سے سخت لاک ڈاﺅن لگا سکتے ہیں, محمد کاظم، کوئٹہ - بی بی سی اردو

    حکومت بلوچستان نے خبردار کیا ہے کہ اگر لوگوں نے عید الضحیٰ پر کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کا خیال نہیں رکھا تو حکومت ایک مرتبہ پھر سخت لاک ڈاﺅن کی طرف جائے گی۔

    کوئٹہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہاکہ بلوچستان میں کورونا کے کیسز میں بہت زیادہ کمی آئی ہے اور پہلے کے مقابلے میں یہ صرف چھ فیصد رہ گئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عید الفطر پر شہریوں کی جانب سے ایس او پیز کا خیال نہیں رکھا گیا جس کی وجہ سے کیسز 70 فیصد تک بڑھ گئے تھے۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ عید الاضحیٰ پر ایس او پیز کا خیال رکھیں اور اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

    لیاقت شاہوانی نے کہا کہ ہم نے پنجاب کی طرح سخت لاک ڈاﺅن نہیں کیا تاہم اگر کیسز میں اضافہ ہوا تو ہم ایک مرتبہ پھر مارکیٹیں بند کرنے کے علاوہ ٹریفک کا پہیہ جام کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ اگر عید کے بعد کیسز میں اضافہ نہیں ہوا تو ان تمام شعبوں کو کھول دیا جائے گا جو کہ اب تک بند ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ جہاں کیسز میں کمی آرہی ہے وہاں کورونا سے متاثرہ صحتیاب ہونے والے افراد کی شرح بھی بڑھ کر 86 فیصد ہوگئی ہے۔

  2. کورونا وائرس کی وبا سے عالمی سطح پر سیاحت کی صنعت کو 320 ارب ڈالر کا خسارا ہوا

    اقوام متحدہ کی عالمی سیاحت کی تنظیم (یو این ڈبلیو ٹی او) کے مطابق، جنوری اور مئی کے درمیان عالمی سطح پر سیاحت کی صنعت کو 320 بلین ڈالر (248 بلین پاؤنڈ ) کا خسارہ ہوا ہے۔

    ایک رپورٹ میں تنظیم نے کہا ہے کہ یہ نقصان 2009 کے عالمی مالیاتی بحران سے تین گنا زیادہ تھا۔

    اس عرصے کے دوران لاک ڈاؤن اقدامات اور بین الاقوامی سفر پر پابندیوں سے سیاحوں کی تعداد میں بھی 300 ملین تک کمی واقع ہوئی- جو گذشتہ سال کے اسی وقت کے دورانیے سے 56 فیصد کم تھی۔

    یو این ڈبلیو ٹی او کے سیکرٹری جنرل زوراب پولیکاشویلی نے کہا ’ان تازہ ترین اعداد و شمار سے ہی سیاحت کو دوبارہ شروع کرنے کی اہمیت واضح ہوجاتی ہے۔‘

  3. گلگت بلتستان حکومت کیوں اس خطے کو سیاحت کے لیے نہیں کھول رہی؟

    پاکستان کے شمالی خطے گلگت بلتستان میں الیکشن سے پہلے اِس وقت ایک عبوری حکومت قائم ہے جس پر قدرتی حسن سے مالامال اِس خوبصور ت پہاڑی علاقے کو مقامی سیاحت کے لیے کھولنے کا مشکل فیصلہ آن پڑا ہے۔

    تحلیل ہوجانے والی حکومت نے دوردراز پہاڑی علاقوں میں بری طرح کووڈ 19 پھیل جانے کے خدشے کے پیش نظر وفاقی حکومت اور سیاحتی صنعت سے وابستہ حلقوں کے زبردست دباؤ کے باوجود گلگت بلتستان کو سیاحت کے لیے کھولنے سے انکار کردیا تھا۔

    دیکھیے بی بی سی کے علی کاظمی کی خصوصی رپورٹ۔

  4. بریکنگ, عالمی ادارہ صحت: موسم تبدیل ہونے سے کورونا وائرس ختم نہیں ہو جائے گا

    عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اس موسم گرما میں شمالی نصف کرہ میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے بارے میں غفلت برتنے سے گریز کیا جائے۔ ان کے مطابق، کورونا وائرس انفلوئنزا جیسا نہیں ہے جو موسم کے رجحانات کے مطابق برتاؤ کرتا ہے۔

    جنیوا میں ورچوئل بریفنگ کے دوران عالمی ادارہ صحت کی مارگریٹ ہیریس کا کہنا تھا ’لوگ ابھی بھی موسم کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ لیکن ہم سب کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ نیا وائرس ہے، یہ مختلف طرح سے برتاؤ کر رہا ہے۔‘

    ہیرس نے زور دیا کہ بڑی تعداد میں لوگوں کے اجتماعات وائرس پھیلنے کا سبب بن رہے ہیں اس لیے وائرس پر قابو پانے کے اقدامات پر نگاہ رکھیں۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا ’یہ وائرس ایک بہت بڑی لہر ہے۔ یہ لہر بہت اتار چڑھاؤ دیکھے گی۔ بہترین کام یہ ہے کہ اس وائرس کا خاتمہ کر دیا جائے۔‘

  5. ماسک پہننے کے قواعد دکانداروں کے خلاف تشدد کی وجہ بن رہے ہیں

    برطانیہ کی ایک سپر مارکیٹ چین ’کو آپٹ‘ کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے انگلینڈ میں دکانوں میں چہرے کا ماسک لازمی قرار دینے کے بعد سے ان کے عملے کے خلاف بدسلوکی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

    پچھلے ہفتے تقریباً ایک ہزار کارکنان نے خریداروں کے ہاتھوں بدسلوکی کی اطلاع دی تھی- جو اس سال کی سب سے زیادہ شرح ہے۔

    کو آپٹ کے کمپینز اور پبلک امور کے ڈائریکٹر، پول گیرارڈ نے کہا کہ ان واقعات میں متشدد حملے اور خریداروں کا کارکنان پر یہ کہتے ہوئے تھوک پھینکنا شامل ہیں کہ انھیں کورونا وائرس ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اکثر اوقات بدسلوکی کی ابتدا تب ہوئی جب عملے نے خریداروں کو معاشرتی فاصلے کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی یاد دلائی اور چہرے کا ماسک پہننے کی ضرورت سے ان کے خلاف تشدد کی وجہ بن گئی تھی۔

  6. سواب ٹیسٹ کے بارے میں بے بنیاد دعوؤں کی حقیقت

    دماغ کی حفاظت کرنے کے لیے کئی حفاظتی تہیں ہوتی ہیں۔ اس میں سب سے پہلے تو گردن ہی ہے۔ اس کے علاوہ بھی دماغ کئی حفاظتی جھلیوں اور سیال میں گھرا ہوا ہوتا ہے۔

    خون کی وہ رگیں جو دماغ سے ملتی ہیں، وہ خلیوں کی تہوں میں گھری ہوتی ہیں جو خون میں شامل مالیکیولز کو دماغ تک پہنچنے سے روکتی ہیں جبکہ یہ آکسیجن اور غذائی اجزا کو دماغ تک جانے دیتے ہیں۔

    ناک میں ڈالے جانے والے سویب کو دماغ کو خون سے محفوظ رکھنے والی تہہ تک پہنچنے کے لیے بافتوں کی متعدد تہوں کو توڑنا اور ایک ہڈی کو ڈرل کرنا ہوگا۔مکمل تحریر پڑھیے۔

  7. بریکنگ, سندھ میں کورونا کے مزید 574 متاثرین، 10 اموات

    پاکستان کے صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 574 متاثرین اور 10 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

    سندھ ملک میں کووڈ 19 کی عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔ یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 119398 ہے جبکہ اب تک کل 2172 اموات ہوئی ہیں۔

    صوبے میں اب تک 108989 افراد اس بیماری سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ’آج 509 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو روانہ ہوگئے اس وقت 8237 مریض زیر علاج ہیں۔

  8. شمالی کوریا: سرحدی شہر کیسونگ شہر میں مکمل لاک ڈاؤن، سرحدوں پر سختی میں اضافہ

    شمالی کوریا کی حکومت نے کیسونگ شہر پر مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جنوب سے متصل سرحد پر کنٹرول سخت کردیا گیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق سرحدی اضلاع میں سکریننگ کی جارہی ہے اور ٹیسٹ کٹس، حفاظتی لباس اور طبی سامان فراہم کیا جارہا ہے۔

    حکام کے مطابق پچھلے ہفتے جنوبی کوریا سے سرحد پار کرکے ایک شخض شمالی کوریا واپس آیا۔ حکام کو خدشہ ہے کہ یہ شخص کورونا وائرس سے متاثرہ ہے۔

    اتوار کے روز ملک کے رہنما کم جونگ ان نے ملک کے اس حصے میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا تھا۔

    اس سے قبل شمالی کوریا نے وائرس سے پاک ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔

    اگرچہ تجزیہ کاروں نے اس دعوے پر شبہ ظاہر کیا ہے، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امکان یہی ہے کہ شمالی کوریا میں کورونا وائرس پہلے ہی پڑوسی ملک چین سے داخل ہوچکا ہو۔

  9. بریکنگ, جرمنی کی اپنے شہریوں کو سپین کے کچھ علاقوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

    جرمنی کی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو سپین کے تین علاقوں میں غیر ضروری سفر کرنے کے خلاف متنبہ کیا ہے۔

    ایک بیان میں انھوں نے ’انفیکشن کی بڑھتی تعداد اور مقامی لاک ڈاؤن‘ کی وجہ سے اراگون، کاتالونیا اور ناوارہ کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی۔

    علاقوں میں حالیہ دنوں کے دوران کورونا متاثرین میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے، لیکن ہسپانوی حکام کا اصرار ہے کہ بیشتر علاقوں میں انفیکشن کنٹرول میں ہیں۔

    ایسا اس وقت ہوا جب جرمنی کے رابرٹ کوچ انسٹی ٹیوٹ (آر کے آئی) نے ملک بھر میں متاثرین میں حالیہ اضافے کی وجہ غفلت کو قرار دیا ہے۔

    آر کے آئی کے سربراہ لوتھر والر نے نامہ نگاروں کو بتایا ’جرمنی میں متاثرین کی تعداد میں اضافہ مجھے بہت پریشان کر رہا ہے۔‘

    منگل کے روز جرمنی میں 630 سے ​​زیادہ نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے، اور آر کے آئی نے کام کی جگہوں اور پارٹیوں کے دوران سماجی رابطوں میں اضافے کا الزام عائد کیا ہے۔

    انھوں نے لوگوں سے معاشرتی فاصلے کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا مطالبہ کیا۔

  10. کیا کورونا وائرس آپ کو دوبارہ بھی متاثر کر سکتا ہے؟

    کیا آپ کورونا وائرس سے دوبارہ متاثر ہوسکتے ہیں؟ آپ کا نظام مدافعت کسی بھی وائرس سے بچاؤ میں کیا کردار ادا کرتا ہے اور اینٹی باڈیز کیسے متاثرہ جسم کو آئندہ اس بیماری سے بچا سکتی ہیں۔ جانیے اس ڈیجیٹل ویڈیو میں۔

  11. امریکی صدر کے مشیر میں کورونا وائرس کی تشخیص، صدر ٹرمپ محفوظ

    وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے قومی سلامتی رابرٹ او برائن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    54 برس کے رابرٹ برائن نے اپنے آپ کو گھر پر ہی علیحدہ کر لیا ہے اور اب وہ اپنے امور گھر سے ہی سر انجام دے رہے ہیں۔

    وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ اور ان کے نائب صدر مائیک پینس محفوظ ہیں جبکہ صدر ٹرمپ کے مشیر میں اس وائرس کی معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔

    رابرٹ برائن کو امریکی انتظامیہ میں اہم مقام حاصل ہے البتہ یہ نہیں معلوم کہ وہ آخری دفعہ صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس سے کب ملے تھے۔ انتظامیہ کے ایک ترجمان کے مطابق کہ ان کی کئی دنوں سے ملاقات نہیں ہوئی تھی۔

    رابرٹ براؤن دو ہفتے قبل میامی کے دورے میں صدر ٹرمپ کے ساتھ تھے۔

  12. ڈاکٹر نے وائرس کے خلاف پرعزم ساتھیوں کے کام کو فن پاروں کے ذریعے اجاگر کیا

    نورفولک ہسپتال کی ایمرجنسی میں کام کرنے والی ڈاکٹر کیٹ گرانٹ نے کورونا وائرس کے دنوں میں انتہائی سرشاری اور عزم سے کام کرنے والے اپنے ساتھیوں کے کام کو دنیا کے سامنے اپنے فن پاروں کے ذریعے اجاگر کیا ہے۔

    نورفولک اور نوروچ یونیورسٹی ہسپتال میں کام کرنے والی ڈاکٹر کیٹ گرانٹ نے اپنے ساتھیوں کی محنت کو اپنے نایاب فن پاروں کے ذریعے محفوظ کیا ہے۔

    ان پینٹنگز میں عملے کو مریضوں کا علاج اور ضروری کام کرتے دکھایا گیا ہے۔

    ڈاکٹر کیٹ کا کہنا ہے کہ اسے ہسپتال میں کام کرنے والے عملے کی جانثاری سے بہت متاثر ہوئیں۔ ڈاکٹر کیٹ نے یہ فن پارے تصاویر کی مدد سے تیار کیے ہیں۔

    انھیں جب ہسپتال کے عملے کی تصاویر بھیجی گئیں تو پھر انھوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

    یہ 22 فن پارے ہسپتال کی ایمرجنسی کی طرف جانے والے رستے میں لگائے جائیں گے۔

    ڈاکٹر کیٹ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں کے عزم اور حوصلے سے بہت متاثر تھیں اور وہ کورونا کے دنوں میں ان کے غیر معمولی کام کے مناظر کو محفوظ کرنا چاہتی تھیں۔

    ان کے مطابق یہ ایک بہت غیر معمولی وقت ہے اور میرے خیال میں ان لمحات کو محفوظ بنایا جانا چائیے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بہت فخر محسوس کرتی ہیں کہ ان کے فن پاروں کو ہسپتال کی زینت بنایا جائے گا۔

    ڈاکٹر کیٹ گرانٹ اپنا وقت نورفولک اور نوروچ یونیورسٹی ہسپتال کے ایمرجنسی اور عام وارڈز میں مریضوں کی دیکھ بھال کرتے ہوئے گزارتی ہیں۔

    اپنے کریئر بریک کے دوران انھوں نے امریکہ میں اپنی بیٹیوں کے ساتھ ہیوسٹن کے گلاسویل سکول آف آرٹ سے اس حوالے سے نباتاتی عکاسی کا ایک کورس کیا تھا۔

    ان کا یہ کام 2006 سے 2012 کے درمیان فلوریڈا کی ایک گیلری میں نمائش کے لیے رکھا گیا تھا۔

  13. انڈیا: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ نے ہسپتال سے کابینہ اجلاس کی سربراہی کی

    انڈیا کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ہسپتال سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کابینہ کے اجلاس میں شرکت کی ہے۔

    کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد وزیر اعلی بھوپال کے چرایو ہسپتال میں داخل ہیں۔ اس وائرس کی وجہ سے انڈین ریاست مدھیہ پردیش میں منگل کو کابینہ کی ورچوئل اجلاس ہوا۔

    وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور ایک دوسرے وزیر اروند بھدوریا دونوں ہی کورونا کے متاثرین میں شامل ہیں اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے پیر کے روز ہسپتال سے ہی دو اجلاس کیے ہیں۔

    پیر کو ہونے والے ایک اجلاس میں انھوں نے سینیئر عہدیداروں کے ساتھ ریاست میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

    اسی دوران اعلی عہدیداروں کے ساتھ دوسرے اجلاس میں کووڈ انفیکشن کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

  14. ایمریٹس ایئر لائن کووڈ-19 کے علاج اور تدفین کا خرچہ برداشت کرے گی

    ایمریٹس ایئر لائن نے لوگوں کے بین الاقوامی سفر کو یقینی بنانے کے لیے فری کووڈ-19 انشورنس کی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔

    خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی سفر بہت محدود ہو کر رہ گیا ہے۔

    ایمریٹس پہلی پرواز ہے جس نے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ سفر کے دوران اگر کسی کو کورونا وائرس ہو جاتا ہے تو وہ ایسے مسافر کا مفت علاج کرائے گی اور اگر کسی کی اس وائرس سے ہلاکت ہو گئی تو پھر تدفین کا خرچہ بھی ایئرلائن خود برداشت کرے گی۔

    مسافروں میڈیکل کے علاوہ ہوٹل میں قرنطینہ کے اخراجات تک بھی ایمریٹس ہی ادا کرے گی۔

    اس مہینے کے آغاز میں ایئر لائن نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ وہ نو ہزار ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرے گی۔

  15. انڈیا میں 47 ہزار سے زائد نئے متاثرین، 654 ہلاکتیں

    انڈیا میں کورونا وائرس سے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 47 ہزار سے زائد نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اس وائرس سے مزید 654 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    انڈیا کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں اس وائرس کے متاثرین کی تعداد 14 لاکھ 83 ہزار اور 157 ہو چکی ہے۔ اس وقت فعال متاثرین یعنی مریضوں کی تعداد چار لاکھ 96 ہزار اور 988 بنتی ہے۔ اس وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد ساڑھے نو لاکھ سے زائد یعنی 9,52,744 ہے۔

    اس وائرس سے اب تک انڈیا میں 33 ہزار 425 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  16. ہسپانوی وزیر اعظم: برطانیہ کی قرنطینہ جیسی پابندیاں نا انصافی پر مبنی ہیں

    سپین کے وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی طرف سے سپین سے آنے والوں کے لیے دو ہفتے تک قرنطینہ میں رکھنے والی پالسیی نا انصافی پر مبنی ہے۔

    پیڈرو سانچیز کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے مقابلے میں سپین کے زیادہ تر حصوں سے آنے والے سیاح وائرس سے محفوظ ہیں اور انھیں امید ہے کہ برطانیہ اپنی اس پالیسی پر از سر نو غور کرے گا۔

    ان کے مطابق برطانیہ کے ساتھ اس بات پر مزاکرات جاری ہیں کہ وہ اپنی اس ایڈوائس کو بھی بدلیں جس میں انھوں نے کہا تھا کہ غیر ضروری طور پر سپین کا سفر نہ کیا جائے۔

    برطانیہ کی حزب اختلاف کی جماعت لیبر پارٹی نے کورونا وائرس سے متعلق حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بنیاد افراتفری پر مبنی ہیں۔

    برطانیہ نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی دو ہفتوں والی قرنطینہ کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم بورس جانسن کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وبا کے دنوں میں کوئی سفر بھی خطرے سے خالی نہیں ہے۔

  17. کورونا وائرس: برطانیہ میں انگلش کے علاوہ دیگر زبانوں میں معلومات کا فقدان کیوں؟

    برطانیہ کے وزیر صحت کو ملک میں دیگر زبانیں بولنے والوں کا ایک مشترکہ خط موصول ہوا جس میں یہ شکایت کی گئی ہے کہ ملک میں انگلش کے علاوہ دیگر زبانیں بولنے والوں کے لیے کورونا وائرس سے متعلق مفید مشورے اور معلومات کا فقدان ہے جس سے ان کی صحت خطرے میں ہے۔

    برطانوی حکومت کا یہ کہنا ہے کہ عوامی صحت سے متعلق معلومات کا 25 مختلف زبانوں میں ترجمہ کیا گیا ہے اور یہ معلومات بڑے پیمانے پر پہنچائی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے مہم چلانے والے افراد کا موقف ہے کہ حکومت اس وقت بہت کم زبانوں میں ان معلومات کا ترجمعہ کرا رہی ہے اور اگر جب کبھی اصول اور ایڈوائس تبدیل ہوتی ہے تو پھر ایسی صورت میں نئی معلومات کا ترجمہ کرنے میں کئی ہفتے لگ جاتے ہیں۔

    ایک خیراتی گروپ کا کہنا ہے کہ ابھی تک حکومت نے اس حوالے سے کوئی سرگرمی نہیں دکھائی ہے۔

    تازہ ترین اعداددوشمار کے مطابق برطانیہ اور ویلز میں چار ملین سے زائد لوگ انگلش کو اپنی ترجیحی زبان نہیں سمجھتے۔ ان میں 860,000 ایسے افراد بھی شامل ہیں جو انگلش بہت کم یا بالکل ہی نہیں بول سکتے۔

    برطانیہ میں انگلش کے علاوہ 88 زبانیں بولی جاتی ہیں۔

    ایک حکومتی ترجمان کے مطابق ان سب زبانوں میں تو صحت اور کورونا وائرس سے متعلق معلومات کا ترجمہ ممکن نہیں ہے البتہ ان میں سے ایسی زبانیں جو زیادہ بولی جاتی ہیں ان میں معلومات کا ترجمہ کیا جاتا ہے۔

  18. عالمی ادارہ صحت: گذشتہ چھ ہفتوں میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد دگنی ہو گئی

    عالمی ادارہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر کورونا وائرس آج تک کی سب سے شدید صحت ایمرجنسی ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کے چیف ڈاکٹر تیدروس ادہانوم گیبریئیسس کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے عالمی ادارہ صحت کی ایمرجنسی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ طلب کریں گے۔

    پانچ اور بیماریوں کے لیے بھی عالمی سطح پر صحت ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں دوبار ایبولا، زیکا، پولیو اور سوائن فلو شامل ہیں۔

    کورونا وائرس سے جنوری سے لے کر اب تک ایک کروڑ ساٹھ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے سارھے چھ لاکھ سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

    ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کا کہنا ہے کہ جب انھوں نے 30 جنوری کو اس وائرس کو عالمی وبا قرار دیتے ہوئے صحت ایمرجنسی کا اعلان کیا تو اس وقت چین سے باہر صرف 100 لوگ اس سے متاثر ہوئے تھے اور کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تھی۔

    ان کے مطابق اس وائرس نے دنیا کو بدل کر رکھ دیا ہے۔

    ان کے مطابق گذشتہ چھ ہفتوں میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد تقریباً دگنا ہو گئی ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کے مطابق اگرچہ دنیا نے اس وبا پر قابو پانے کے لیے بہت محنت کی لیکن اب بھی اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے خاصا وقت لگے گا۔

  19. فکس یور بائیک: برطانیہ میں ڈاکٹرز اب نسخے میں سائیکل بھی تجویز کریں گے

    برطانیہ میں منگل کو سائیکل چلانے اور پیدل چلنے کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومت سائیکل کی مرمت کے لیے 50 پاؤنڈز والی واؤچر سکیم کا اجرا کرے گی۔

    پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر آغاز میں پچاس ہزار واؤچرز آن لائن دستیاب ہوں گے۔

    حکومت پہلے مختلف گروپس میں اس سکیم کی افادیت کا جائزہ لے گی اور پھر اس زیادہ لوگوں تک بھی اس کو بڑھا سکے گی۔

    برطانیہ کے وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ حکمت عملی کے طور پر یہ بائیک نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے پاس بھی دستیاب ہوں گے۔

    حزب اختلاف کی جماعت لیبر پارٹی کا کہنا ہے کہ حکومت کی اکثر منصوبے حقیقت کا روپ دھارنے میں بہت وقت لیتے ہیں۔

    خیال رہے کہ پیر کو برطانوی حکومت نے موٹاپا کم کرنے کے لیے شہریوں پر زور دیا اور این ایچ ایس پر بوجھ کم کرنے کے لیے شہیریوں کو جسمانی ورزش کرنے کا مشورہ دیا۔

    یہ سائیکل سکیم بھی لوگوں کو صحت مند رکھنے کی سکیم کا تسلسل ہے گ

    برطانیہ کے ایسے علاقے جہاں لوگوں کی صحت خراب ہے ان کی حوصلہ افزائی کے لیے سائیکل انھیں نسخے کے طور پر دی جائی گی اور مریض مقامی ڈاکٹر سے بھی سائیکل حاصل کر سکیں گے۔

    برطانیہ میں حالیہ ایک تحقیق کے مطابق وزن زیادہ ہونے یا موٹاپے کا شکار افراد میں کورونا وائرس کا زیادہ خطرہ رہتا یا ایسے افراد کی ہلاکت کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔

    سرکاری اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے انتہائی نگہداشت کے وارڈ تک پہنچنے والوں میں آٹھ فیصد تعداد ایسے افراد کی ہے جو موٹاپے کا شکار ہیں جبکہ صرف دو اعشاریہ نو فیصد عام افراد اس وائرس کی وجہ سے آئی سی یو تک پہنچتے ہیں۔

    برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ سائیکل چلانے اور واک کرنے سے صحت اور ماحول پر بہت اچھا اثر پڑتا ہے۔

    ان کے مطابق لوگوں کو دو پہیوں پر سفر کرنے کی حوصلہ افزائی کے لیے ہمیں بہتر انفراسٹرکچر، ٹریننگ اور سپورٹ کی ضرورت ہے۔

  20. انڈیا کی ایک جیل میں 22 قیدی اور سات اہلکار کورونا سے متاثر

    انڈیا کی ریاست چھتیس گڑھ کی بلاس پور سینٹرل جیل میں ، 22 قیدی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ جیل کے سات سکیورٹی گارڈ میں بھی کورونا ٹیسٹ مثبت پائے گئے ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں قیدیوں کی رپورٹ آنا باقی ہے۔ ایسی صورتحال میں کورونا کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ممکن ہے۔

    بلاس پور شہر کے وسط میں واقع اس سنٹرل جیل کے علاوہ آس پاس کے علاقوں سے بھی 42 کورونا متاثرین کی شناخت کی گئی ہے۔

    ریاستی حکومت نے ریاست کے مختلف علاقوں میں نافذ لاک ڈاؤن کو 22 جولائی سے 6 اگست تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یہ فیصلہ وزیر اعلی کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ سینئر وزیر رویندر چوبے نے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے رائے پور، درگ اور بلاسپور جیسے بڑے شہروں میں جہاں انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے وہاں لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔