آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

عالمی ادارہ صحت: موسم تبدیل ہونے سے کورونا وائرس ختم نہیں ہو جائے گا

کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 65 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ پاکستان میں متاثرین کی تعداد دو لاکھ 76 ہزار ہے۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اس موسم گرما میں شمالی نصف کرہ میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے بارے میں غفلت برتنے سے گریز کیا جائے۔

لائیو کوریج

  1. انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے ’اوپن ایئر سکول‘ لاک ڈاؤن کا انوکھا توڑ

  2. آندھراپردیش میں سینیٹائزر اور جعلی شراب پینے سے 38 افراد ہلاک

  3. کیا پاکستان میں کورونا وائرس کے اعداد و شمار قابل بھروسہ ہیں؟

  4. ترکی کا سوشل میڈیا بل: آن لائن اظہار رائے کے خلاف کریک ڈاؤن

  5. آکسفورڈ یونی ورسٹی ویکسین ٹیم کی سربراہ سارا گلبرٹ کون ہیں؟

  6. ’آج پاکستان میں استعفوں کا دن ہے۔۔۔’

  7. حج 2020: ’کوئی کام نہیں، کوئی تنخواہ نہیں، کچھ بھی نہیں‘

  8. منگل کو کورونا انفیکشن سے متعلق دنیا بھر سے اہم خبریں

    • دنیا بھر میں کورونا انفیکشن کے ایک کروڑ 65 لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ جبکہ اب تک چھ لاکھ 55 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
    • امریکہ میں کورونا انفیکشن کے کل کیسز 43 لاکھ 9 ہزار سے زیادہ ہیں، جبکہ ایک لاکھ 48 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
    • برازیل میں 24 لاکھ 42 ہزار سے زیادہ انفیکشن کے کیسز ہیں جب کہ 86 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
    • انڈیا تیسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا انفیکشن کے کیسز 15 لاکھ سے تجاوز کر چکے ہیں ، جبکہ انڈیا میں قریباً 34 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
    • کورونا انفیکشن کی وجہ سے جنوری سے مئی کے دوران سیاحت کی صنعت کو 320 بلین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ یہ انکشاف اقوام متحدہ کی عالمی سیاحت کی تنظیم (یو این ڈبلیو ٹی او) نے کیا ہے۔ اس جائزے کے مطابق ، یہ نقصان 2009 کی عالمی کساد بازاری کے دوران ہونے والے نقصان سے تقریبا تین گنا زیادہ ہے۔
    • دنیا بھر کی فضائی کمپنیوں کا خیال ہے کہ ہوابازی کی صنعت میں بحالی 2024 سے پہلے نہیں ہوگی۔ پہلے یہ سمجھا جا رہا تھا کہ 2023 تک آپریشنز بحال ہو جائیں گے لیکن اب یہ کہا جارہا ہے کہ اس میں مزید ایک سال لگے گا۔
    • جرمنی کی پبلک ہیلتھ ایجنسی کے سربراہ نے ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے انفیکشن کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔
  9. پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر: کورونا کے 15 نئے متاثرین، ہلاکتوں کی تعداد 50 ہو گئی, ایم اے جرال، صحافی

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 268 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں سے سات خواتین اور ایک ڈاکٹر سمیت 15 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    محکمہ صحت کے فوکل پرسن برائے کووڈ 19 ڈاکٹر ندیم الرحمن کے مطابق کوٹلی میں کورونا کے باعث ایک شخص ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 50 ہو گئی ہے۔

    ڈاکٹر ندیم الرحمن کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 2055 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

    ان کے مطابق کورونا سے متاثر ہونے والی دو خواتین سمیت آٹھ افراد کا تعلق مظفرآباد، چار خواتین سمیت چھ افراد کا راولاکوٹ جبکہ ایک خاتون کا تعلق کوٹلی سے ہے۔

    ڈاکٹر ندیم الرحمن کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 61 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد اس خطے میں صحتیاب مریضوں کی تعداد 1543 ہوگئی ہےآ

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں اب تک 25368 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  10. ’عید پر مروجہ قواعدِ و ضوابط کی دھجیاں مت اڑائیں‘

    پاکستان میں گزشتہ چند ہفتوں سے کورونا وائرس کے کیسز میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے لیکن اب بھی ماہرین کو اس بات کا ڈر ہے کہ اگر عید پر ایس او پی فالو نہ کیے گئے تو ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آ سکتی ہے۔

    اس سے پاکستان کے صحت کے نظام کو کیا نقصان ہو سکتا ہے، یہ بتا رہی ہیں ڈاکٹر تمکنت منصور اس وی لاگ میں۔

  11. لاک ڈاؤن میں زندگی، ایک فوٹوگرافر کے پرانے کیمرے کی نظر سے

    ہم میں سے بیشتر لوگوں کی طرح، فوٹو گرافر جو ڈی بانزی نے 2020 کا موسم بہار اپنے گھر والوں کے ساتھ گھر میں رہتے ہوئے لاک ڈاؤن میں گزرا۔

    اس دوران ان کے بہنوئی کی وفات ہو گئی جو این ایچ ایس کے ایک پیرامیڈک کے طور پر کام کرتے ہوئے وائرس کا شکار ہو گئے تھے۔

    روزانہ کی ورزش سے لے کر لاک ڈاؤن میں بال کٹوانے تک، انھوں نے وبائی امراض کے اثرات کو ایک قدیم کیمرہ پر لی گئی تصویروں کی ایک سیریز کے ذریعے بیان کیا ہے۔

    تو آئیے آپ کو ان کی لی گئی چند تصاویر دکھاتے ہیں۔

  12. بلوچستان میں کورونا وائرس کے 30 نئے متاثرین کی تصدیق

    بلوچستان میں کورونا کے 30 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 11654 ہوگئی ہے۔

    صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 136 ہے۔

    محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق 28 جولائی کو کورونا کے صرف 1302 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 30 پازیٹو آئے۔

    بلوچستان میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر 59380 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے47726 کے نتائج منفی آئے ہیں۔

    بلوچستان میں مجموعی طوپر پر138350افراد کی سکریننگ کی گئی ہے۔

    صوبے میں کورونا وائرس سے اب تک 10080 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

  13. کووڈ 19 کی ویکسین کے آزمائشی تجربے سے میں نے کیا سیکھا؟, رچرڈ فِشر، بی بی سی فیوچر

    آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کی گئی کووِڈ 19 کی ویکیسن نے اب تک بہت ہی زبردست اور حوصلہ افزا نتائج ظاہر کیے ہیں۔ رچرڈ فِشر بتاتے ہیں کہ اُن کا اس ویکسین کے آزمائشی تجربات میں بطور رضاکار شرکت کرنا کیسا تجربہ تھا۔

    میں ایک ہسپتال کے استقبالیے پر بیٹھا ہوا ہوں اور میرے سانس لینے کی وجہ سے میری عینک کے شیشے دُھندلا رہے ہیں۔ چند منٹ پہلے میں گلیوں کی مرطوب گرمی سے گزر رہا تھا۔ مجھے ڈاکٹر کے پاس اپنے طے شدہ وقت پر پہنچنے میں تاخیر ہو رہی تھی۔

    اس وقت میرے پاس سے ڈاکٹر اور نرسیں اُسی ہسپتال کی جانب آرام سے پیدل جا رہے تھے، مجھے معلوم تھا کہ میری صحت بہتر دکھائی نہیں دے رہی تھی۔ اس سے پہلے آخری مرتبہ مجھے جنوبی لندن کے ہسپتال سینٹ جارجز میں جانے کا اتفاق اُس وقت ہوا تھا جب میری بیٹی پیدا ہوئی تھی۔

    لیکن آج مجھے کافی تکلیف محسوس ہو رہی تھی۔

  14. گورنر بلوچستان کی اپیل: ’اس مرتبہ عیدالاضحیٰ سادگی سے گھروں میں منائیں‘

    گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے صوبے بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ جان لیوا کورونا وائرس سے بچاﺅ کی خاطر اس مرتبہ عیدالاضحیٰ سادگی سے گھروں میں منائی جائے۔

    اپنے ایک بیان میں گورنر نے کہا کورونا کے خطرے کے پیش نظر اس مرتبہ گورنر ہاؤس کوئٹہ میں بھی عید الاضحٰی کے موقع پر لوگوں سے ملاقات کا کوئی اہتمام نہیں ہوگا۔

    گورنر یاسین زئی نے کہا کہ حفاظتی تدابیر کی پاسداری کے حوالے سے عوامی سطح پر معمولی غفلت، ذرہ بھر بے احتیاطی یا غیرسنجیدگی بڑے نقصانات کا باعث بن سکتے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ تمام حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ ہمیں باجماعت نمازوں، بالخصوص عیدالضحیٰ کی نماز سمیت ہر قسم کے اجتماعات اور تقریبات کے دوران بھی کورونا وائرس کی حساسیت کو سنجیدگی سے لینے اور حفظان صحت کے تمام اصولوں کو سختی سے اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔

    گورنر نے کہا کہ اس بیماری پر قابو پانے کا پائیدار حل اپنے روایتی رویوں اور سوچ میں جدید انسانی ضرورتوں اور معاشرتی تقاضوں کے مطابق تبدیلی لانی سے مشروط ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں اپنی آمدورفت کو محدود اور غیر ضروری رابطوں کو ختم کر دیں۔

  15. ٹویٹر: وائرس سے متعلق پوسٹ لگانے پر ٹرمپ جونیئر کے اکاؤنٹ پر پابندی

    ٹویٹر نے صدر ٹرمپ کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کے اکاؤنٹ پر عارضی طور پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ پابندی ان کے ایک ویڈیو پوسٹ کرنے کے بعد لگائی گئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ٹویٹر نے کووڈ 19 کے بارے میں غلط معلومات سے متعلق اپنی پالیسیوں کی خلاف ورزی کی ہے۔

    انھوں نے ہائیڈرو آکسیروکلروکین دوا کے بارے میں ایک ویڈیو شیئر کی، جسے صدر نے اکثر کورونا وائرس کے ممکنہ علاج کے طور پر پیش کیا ہے۔

    اس دوا پر بڑے پیمانے پر ہونے والی تحقیق سے یہ ظاہر ہوا کہ یہ دوا کورونا وائرس کے علاج کے طور پر موثر نہیں ہے۔

    ٹویٹر کا کہنا ہے کہ اس ٹویٹ نے کووڈ 19 سے متعلق گمراہ کن اور ممکنہ طور پر نقصان دہ معلومات سے متعلق ان کی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے۔ ٹویٹر نے ٹرمپ جونیئر کے اکاؤنٹ تک 12 گھنٹوں کے لیے رسائی محدود کردی ہے اور ویڈیو کو ہٹا دیا گیا ہے۔

    اس دوران ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر ٹوئٹر کو براؤز کرنے کے علاوہ براہ راست پیغامات بھیجنے کے قابل ہوں گے۔

  16. مکہ میں حج سے پہلے صفائی کا کام جاری

    سعودی عرب کے شہر مکہ میں حج کی تیاریاں جاری ہیں۔ مسلمانوں کے مقدس مقام مسجد الحرام میں ماحول کو صاف کرنے کے لیے جراثیم کش سپرے کیا جا رہا ہے اور خانہ کعبہ کے ارد گرد کا علاقہ بھی صاف کیا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سال کورونا وائرس کی وبا کے سبب صرف سعودی عرب میں مقیم افراد ہی حج کر سکیں گے۔ مزید جاننے کے لیے دیکھیں یہ ویڈیو۔

  17. بریکنگ, پاکستان کے زیر انتظام کشمیر: عید الضحیٰ کے پیشِ نظر چار روزہ مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان, ایم اے جرال، صحافی

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں عید الضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سمارٹ لاک ختم کرتے ہوئے چار روز کے لیے مکمل لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق 29 جولائی کی رات 12 بجے سے 2 اگست کی رات 12 بجے تک ریاست بھر میں مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران سیاحوں کی آمد پر پابندی رہے گی جبکہ سیاحتی مقامات اور پارکس بند رہیں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل و کریانہ سٹورز، پیٹرول پمپ، بیکریاں، سبزی و فروٹ، گوشت کی دکانیں طہ شدہ ضابطہ اخلاق کھلی رہیں گی اور ان پر لاک ڈاؤن کا اطلاق نہیں ہوگا۔

    لاک ڈاؤن کے دوران ایس او پی کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ بھی بحال رہے گی۔

  18. بریکنگ, خیبر پختونخوا میں کورونا کے 214 نئے متاثرین، مزید چھ اموات

    صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا کے 214 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 33,724 ہوگئی ہے جبکہ مزید چھ اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔

    صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 1186 ہو گئی ہے۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 528 مزید مریض صحتیاب ہوئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی کل تعداد 27,724 ہو گئی ہے۔

  19. کیا تھوک کی جانچ سے کورونا کی وبا کا خاتمہ ہو سکتا ہے؟

    اگر ایک بار پھر کورونا سے پہلے والی زندگی میں واپس آنے کا کوئی طریقہ ہو تو کیا ہوگا؟ یعنی ایک بار پھر سے کوئی سماجی دوری نہیں، چہرے کو ڈھانپنے کی کوئی ضرورت نہیں اور کووڈ 19 کا خوف نہیں۔ یقینا یہ تمام پابندیاں وائرس سے بچنے اور اس کے پھیلاؤ کو کم سے کم کرنے کے لیے ہیں۔

    ایسے میں ہمیں جس چيز کی ضرورت ہے وہ ایک تیز اور قابل اعتماد طریقہ کار ہے جس سے ہم اپنے آس پاس کے لوگوں میں انفیکشن کے بارے میں جان سکیں۔

    پہلا مسئلہ یہ ہے کہ کورونا وائرس کی جانچ میں مثبت پائے جانے والے ہر چار افراد میں سے کم سے کم ایک فرد میں جانچ والے دن وائرس کی علامات نہیں ہوتی ہیں۔

    یہی بات اس خطرے کو اجاگر کرتی ہے کہ لوگوں کو پتہ ہی نہیں ہوتا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی زد میں آ چکے ہیں۔

    دوسرا مسئلہ خود کورونا کی جانچ ہے۔ کورونا وائرس کا پتہ لگانے کا موجودہ معیاری طریقہ یہ ہے کہ گلے کے پچھلے حصے اور ناک کی اوپری نلی سے مادہ لیا جاتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ میں غیر ضروری طور پر حساس ہوں اور اپنے ٹانسل کے پاس روئی کے پھاہے لے جانا یا ناک کے نرم گوشے تک اسے لے جانا میرے لیے کلفت کا باعث ہو اور ابکائی کا باعث بنے۔

    یہ سب بس چند سیکنڈ میں ختم ہو جاتا ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ میں ہر ہفتے اس سے گزروں جیسا کہ برطانیہ کی این ایچ ایس کے فرنٹ لائن سٹاف کے لیے تجویز کیا گیا ہے۔