آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

ڈونلڈ ٹرمپ: ’امریکہ میں وبا کی صورتحال بہتر ہونے سے پہلے مزید خراب ہو سکتی ہے‘

دنیا میں ایک کروڑ 47 لاکھ سے زیادہ لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ پاکستان میں متاثرین کی تعداد دو لاکھ 66 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ پاکستان کے مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کورونا کی وبا میں مبتلا لوگوں کی مہارت سے نشاندہی کے نتیجے میں وبا میں واضح طور پر کمی ہو رہی ہے۔

لائیو کوریج

  1. کورونا وائرس: دہلی کی صورت حال میں اس قدر جلد بہتری کیونکر ممکن ہوئی؟

    انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا انفیکشن کے متاثرین میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے۔

    تو کیا یہ تسلیم کر لیا جائے کہ دہلی، جسے کچھ دن پہلے انڈیا کا 'سب سے بڑا کورونا ہاٹ سپاٹ' کہا جا رہا تھا، وہاں آنے والے دنوں میں کورونا متاثرین کا گراف فلیٹ ہو جائے گا؟

    دو ہفتے قبل دہلی میں انفیکشن کی رفتار دیکھ کر ایسا لگا کہ صورتحال بے قابو ہوگئی ہے۔

    دہلی میں اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 18 ہزار سے زیادہ کورونا متاثرین سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے 17 ہزار سے زیادہ فعال متاثرین ہیں جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 97 ہزار سے زیادہ ہے۔

    جون کا مہینہ دہلی کے لیے بہت برا رہا۔ ہر دن ریکارڈ تعداد میں نئے متاثرین سامنے آ رہے تھے۔ پورا ملک دہلی میں متاثرین کی بڑھتی تعداد پر نظر رکھے ہوئے تھا۔

    لیبارٹریاں کووڈ 19 ٹیسٹنگ کرانے والوں کے ہجوم سے بھری تھیں، سرکاری ہسپتالوں میں خوف و ہراس اور تناؤ تھا۔ نیز، دہلی حکومت اور مرکزی حکومت کے بیانات سے متضاد معلومات سامنے آرہی تھیں۔

    لیکن جون کے آخر میں، دہلی کی ریاستی حکومت نے اپنی حکمت عملی میں کچھ تبدیلیاں لائیں۔ وہ تبدیلیاں کیا تھیں جاننے کے لیے مزید پڑھیے

  2. کوئٹہ: مویشی منڈی سے ملحقہ ایس اور پیز کیمپ میں ہنگامہ آرائی، سامان نذرِ آتش, محمد کاظم، بی بی سی کوئٹہ

    بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مویشی منڈی میں مشتعل بیوپاریوں نے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے لگے پی ڈی ایم اے کے کیمپ میں توڑ پھوڑ کی اور سامان کو نذر آتش بھی کیا۔

    عید کے لیے قربانی کی جانوروں کی سب بڑی منڈی کوئٹہ شہر میں مشرقی بائی پاس کے علاقے میں قائم کی گئی ہے جبکہ اس کے ساتھ کورونا کے ایس اوپیز کے حوالے سے ایک کیمپ بھی قائم کیا گیا تھا۔

    کوئٹہ میونسپل کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق منڈی کے مین گیٹ پر ٹمریچر زیادہ ہونے والے 30 سے زائد بیوپاریوں اور ان کے ساتھیوں کو ٹیسٹ کے لیے بھجوانے کے لیے کہا گیا تو وہ اس پر مشتمل ہوگئے اور انھوں نے مبینہ طور پر ہنگامہ آرائی کی۔

    ترجمان کے مطابق مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور میٹروپولٹن اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے لگے کیمپ اور اس کے سامان کو بھی نظر آتش کر دیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مشتعل افراد کچھ سامان بھی لوٹ کر ہمراہ لے گئے۔ ترجمان کا دعویٰ ہے کہ بیوپاریوں کا یہ مطالبہ ہے کہ ان کا ٹمریچر چیک نہ کیا جائے ۔

  3. نائیجیریا کے وزیر خارجہ میں کورونا وائرس کی تصدیق, اسحاق خالد، بی بی سی نیوز ابوجا

    نائیجیریا کے وزیر خارجہ جیفری اونیما میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ وہ ایک صدارتی ٹاسک فورس کے ممبر ہیں جو وبائی امراض کے بارے میں ملک کے ردعمل کو ہم آہنگ کررہی ہے۔

    اونیما نے اتوار کے روز ایک ٹویٹ میں اعلان کیا ہے کہ وہ صحت کی سہولت سے الگ تھلگ رہیں گے۔

    صدر محمدو بخاری نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک حواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    نائیجیریا میں متعدد سینئر سیاستدانوں، بشمول متعدد ریاستی گورنرز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

  4. ’قرنطینہ ڈانس‘ سے مشہور ہونے والے نیپالی پولیس افسر

    نیپال کے ایک کورونا وائرس کے قرنطینہ کیمپ میں مقیم افراد کو محظوظ کرنے کے لیے ڈانس کرنے والے پولیس آفیسر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پولیس اہلکار جے پرکاش چوہدری نے بتایا کہ انھوں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ویڈیو وائرل ہوجائے گی، وہ تو صرف لوگوں کو تفریح فراہم کرنا چاہتے تھے۔

  5. پاکستان: چاروں صوبوں کے منتخب اضلاع میں ’انسداد پولیو مہم‘ کا آغاز

    پاکستان کے چاروں صوبوں کے منتخب اضلاع میں آج پیر سے انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا گیا ہے جو پانچ روز جاری رہے گی، پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد پولیو کی یہ پہلی مہم ہے۔

    کراچی سے بی بی سی کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق کراچی میں بلدیہ، اورنگی ٹاؤن، سائیٹ ایریا، نارتھ ناظم آباد، اور لیاقت آباد میں یہ مہم جاری ہے، اس مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے 2 لاکھ 60 ہزار بچوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔

    محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیو رضاکاروں کے لیے سینیٹائیزر، ماسک اور گلوز فراہم مروجہ ایس او پیز کی پیروی کریں گے، والدین سے فاصلہ رکھیں گے اور گھروں میں زیادہ وقت نہیں رکیں گے۔

    اس سے قبل مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی کہہ چکے ہیں کہ بچوں اور رضاکاروں کی صحت کا خیال رکھا جائیگا اور ایس او پیز اور گائیڈ لائینز کا خیال رکھا جائیگا۔

    ریڈیو پاکستان کے مطابق پنجاب میں پانچ روزہ مہم کے تحت فیصل آباد کی 44 یونین کاؤنسلز اور اٹک کی 14 یونین کاؤنسلز میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو قطرہ پلائے جائیں گے۔

    خیبر پختون خواہ میں جنوبی وزیرستان اور بلوچستان میں کوئٹہ شہر میں اس مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ گلوبل پولیو انیشیٹو کی ویب سائیٹ کے مطابق پاکستان میں رواں سال کے سات ماہ میں پولیو کیسز کی تعداد 58 ہوچکی ہے، گزشتہ سال ان کیسز کی تعداد 147 تھی۔

  6. روس میں کورونا وائرس کے 6000 نئے مریضوں کی تصدیق

    روس میں پیر کو ناول کورونا وائرس کے 5940 نئے متاثرین رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 777،486 ہوگئی ہے۔ روس دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔

    روسی عہدیداروں کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 85 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد سرکاری سطح پر اموات کی تعداد 12،427 ہوگئی ہے۔

  7. کیا امیر ممالک کووڈ 19 کی ویکسین کی ’ذخیرہ اندوزی‘ کر سکتے ہیں؟

    کورونا وائرس کی ویکسین سے متعلق ہونے والی فنڈنگ کانفرنس سے امریکہ اور روس غیر حاضر تھے جبکہ چین نے ویکسین کی تیاری اور علاج پر تحقیق کے لیے براہ راست مالی مدد کا کوئی وعدہ نہیں کیا۔ فارماسوٹیکل طاقت کے دو مراکز: امریکہ اور چین کی علیحدہ ویکسین تیاری کی کوشش ایک پریشان کن صورتحال کی طرف اشارہ کر رہی ہے۔

    یورپین ممالک کا خیال ہے کہ اس وائرس کے لیے تیار ہونے والی ویکسین پر تمام ممالک کی ملکیت کا حق تسلیم کیا جانا چائیے۔ یورپی ممالک کے اس خیال کی تائید کرنے والے ممالک کو تشویش ہے کہ اس وقت ویکسین کی تیاری کے لیے ایک مقابلہ نظر آ رہا ہے۔

    ماہر جینیات کیٹ براڈیریک سائنسدانوں کی اس ٹیم کا حصہ ہیں جو دنیا بھر میں کووڈ 19 کے لیے ایک ویکسین تیار کرنے کی کوشش کرنے والے 44 منصوبوں میں سے ایک ہے۔

    وہ امریکہ کی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی اینویو میں محققین کی ایک ٹیم کا حصہ ہیں جو دسمبر تک اس ویکسین کی دس لاکھ خوراکیں تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ لیکن یہ ویکسین کہاں اور اور کن لوگوں کو ملے گی۔

    یہ ایسا سوال ہے جو اکثر ڈاکٹر براڈیریک کے ذہن میں آتا ہے۔ سکاٹ لینڈ کی اس سائنسدان کی ایک بہن برطانیہ نیشنل ہیلتھ سروس میں بطور نرس کام کرتی ہیں۔

  8. پیرو میں اموات کی تعداد 13 ہزار سے بڑھ گئی

    لاطینی امریکہ کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں کے ممالک اس وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔

    خطے کی تازہ ترین صورتحال:

    • پیرو میں وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 13،000 سے تجاوز کر چکی ہے لیکن اس کے باوجود ملک میں نافذ پابندیوں کو کم کر دیا گیا ہے۔ ریستوراں آج سے 40 فیصد صلاحیت کے ساتھ دوبارہ کھل سکتے ہیں۔ ملک میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 189 اموات اور 4090 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی۔ پیرو، جہاں 33 ملین افراد رہائش پذیر ہیں، لاطینی امریکہ کا دوسرا متاثرین ترین ملک ہے۔
    • میکسیکو، جو دنیا میں اموات کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے وہاں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 38،888 ہو گئی ہے۔ میکسیکو کے صدر نے خطے میں صحت کے معیار کو بہتر بنانے کا عہد کیا ہے۔
    • لیکن یہ برازیل ہی ہے جو لاطینی امریکہ کا بدترین متاثر ملک ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق یہاں 20 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 79،000 سے زیادہ کی موت ہو چکی ہے۔ اور صدر جیر بولسنارو - جو خود بھی وائرس سے متاثر تھے، نے معاشی فاصلے کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات نے معیشت کو ’مار ڈالا‘ ہے۔
  9. برطانیہ: کورونا وائرس ویکسین کی 90 ملین خوراکوں کے معاہدے پر دستخط

    برطانیہ کی حکومت نے کورونا وائرس ویکسین کی 90 ملین خوراکوں کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جنھیں تیار کیا جارہا ہے۔

    ان ویکسینز پر تین دوا ساز کمپنیاں تحقیق کر رہی ہیں جن میں بائیوٹیک، فائزر کے علاوہ فرم ویلینیوا شامل ہیں۔

    نیا معاہدہ آکسفورڈ یونیورسٹی ویکسین کے 100 ملین خوراکوں کے علاوہ ہے جسے آسٹر زینیکا کے ذریعہ تیار کیا جارہا ہے۔

    تاہم یہ ابھی تک یقینی نہیں ہے کہ ان تجرباتی ویکسینز میں سے کون سی کام کرسکتی ہے۔

    دنیا بھر میں زندگی کو معمول پر لانے کے لیے ویکسین کی اشد ضرروت ہے۔ اور اس سلسلے میں غیر معمولی پیمانے پر تحقیق ہورہی ہے۔

    اس سال کے آغاز میں دنیا کورونا وائرس سے آگاہ ہوئی اور اب تک 20 سے زیادہ ویکسین کلینیکل آزمائش کے مراحل میں ہیں۔

    ان میں سے کچھ ویکسینز مدافعتی ردعمل پیدا کرسکتی ہیں ، لیکن ابھی تک انفیکشن سے بچانے کے لیے کوئی بھی بہترین ثابت نہیں ہوئی ہے۔

  10. چین کا شہر ووہان لاک ڈاؤن سے کیسے نکلا؟

    وسطی چین کا بڑا شہر ووہان سے کورونا کی وبا کا آغاز ہوا اور پھر شہر 76 دن تک لاک ڈاؤن میں رہا۔ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے دو ماہ بعد وہاں زندگی کیسی ہے؟

  11. کیا لازمی ماسک پہننے کے احکامات پر عملدرآمد کروایا جا سکے گا؟

  12. پروٹین سے آزمائشی علاج ’ایک اہم پیش رفت‘

    برطانیہ کی ایک کمپنی کے مطابق کلینیکل ٹرائل کے ابتدائی نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ کووڈ 19 کا نیا علاج ڈرامائی طور پر انتہائی نگہداشت کی ضرورت والے مریضوں کی تعداد کو کم کر دیتا ہے۔

    ساؤتھ ہیمپٹن میں قائم بائیوٹیک فرم سنائیرجن، اس علاج کے لیے انٹرفیرون بیٹا نامی پروٹین کا استعمال کرتی ہے، جسے انسانی جسم وائرل انفیکشن ہونے پر بناتا ہے۔

    مدافعتی ردعمل کو متحرک کرنے کے مقصد کے ساتھ، پروٹین نیبولیسر کا استعمال کرتے ہوئے کورونا وائرس کے مریضوں کے پھیپھڑوں میں براہ راست سانس کے ذریعے داخل کی جاتی ہے۔

    ابتدائی نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ اس علاج سے کووڈ 19 سے شدید متاثرہ مریضوں کی مشکلات کو 79 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

  13. ایک دن میں 40 ہزار نئے متاثرین، عالمی سطح پر ’انڈیا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا مرکز‘

    اتوا کے روز انڈیا میں کورونا وائرس کے 40 ہزار نئے متاثرین کی تصدیق کی گئی جو اب تک یومیہ تعداد میں سب سے بڑا اضافہ ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق گذشتہ ہفتہ ’مہلک ترین‘ رہا جس میں 230،000 سے زیادہ متاثرین کی تصدیق ہوئی تھی۔

    انڈیا نے پچھلے ہفتے ایک ملین متاثرین کی حد کو عبور کیا تھا اور امریکہ اور برازیل کے بعد تیسرا متاثرہ ترین ملک بن گیا تھا۔

    ہر 20 دن میں متاثرین کی دوگنی تعداد کے ساتھ انڈیا اب عالمی سطح پر کورونا وائرس کا پھیلاؤ کا مرکز ہے۔

    انڈین میڈیا نے سرکاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ اس کے باوجود یہ بری خبر نہیں ہے - اطلاعات کے مطابق پہلی بار اموات کی شرح 2.5 فیصد سے کم ہو گئی ہے۔

    وزارت صحت نے کہا کہ یہ عالمی اوسط سے بھی کم ہے اور انڈیا میں ’اموات کی شرح سب سے کم ہے۔‘

    اس کے علاوہ قومی دارالحکومت دہلی میں فعال متاثرین میں کمی واقع ہورہی ہے۔

    انڈین ایکسپریس اخبار کے مطابق پیر تک شہر میں تقریباً 16،000 فعال متاثرین ہیں۔ اب تک 100،000 سے زیادہ متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔

  14. کیا جنوبی ایشیا میں کم ٹیسٹنگ سے وبا کی شدت پر پردہ ڈالا جا رہا ہے؟

  15. چین کے سینما گھر دوبارہ کھلنا شروع ہوگئے

    چین کے سینما گھر چھ ماہ بند رہنے کے بعد دوبارہ کھل رہے ہیں۔

    کم خطرے والے علاقوں میں سینما گھروں کو اس پیر سے دوبارہ کھلنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    ملک کے بیشتر حصے اب کم خطرہ والے درجے میں ہیں اس لیے توقع کی جارہی ہے کہ بنیادی طور پر ملک بھر میں سنیما دوبارہ کھل رہے ہیں۔

    سینما گھر سخت قواعد کے تابع ہوں گے جس میں سکریننگ صلاحیت صرف 30 افراد تک محدود ہوسکتی ہے اور دکھائی جانے والی فلموں کی تعداد بھی 50 فیصد کم ہے۔

    صارفین کا درجہ حرارت لیا جائے گا اور سنیما جانے والے اور عملے دونوں کو ہر وقت ماسک پہننا پڑے گا۔

    چین، جو وبائی مرض کا پہلا مرکز تھا، فلموں کی دنیا کا دوسرا سب سے بڑا بازار ہے ، جس میں 2019 میں ملک کے باکس آفس نے 9.2 بلین ڈالر (7.4 بلین ڈالر) رقم کمائی تھی۔

    لیکن سینما بند ہونے اور ملکی اور ہالی ووڈ فلموں کی ریلیز منسوخ ہونے یا آن لائن منتقل ہونے کی وجہ سے اس تعداد کے تیزی سے گرنے کی امید ہے۔

  16. پاکستانی نژاد ڈاکٹر نے امریکہ میں وینٹیلیٹرز کی کمی کا حل ایجاد کر لیا

    امریکہ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث وینٹیلیٹرز کی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ایسے میں ایک پاکستانی نژاد ڈاکٹر سعود انور نے ایک ایسا آلہ بنانے میں مدد کی ہے جس سے ایک وینٹیلیٹر کے ذریعے سات افراد کو آکسیجن فراہم کی جا سکتی ہے۔ طبی ماہرین نے ان کی اس کامیابی کو سراہا اور ان کی تعریف کی۔ ہمارے ساتھی ونیت کھرے نے ان سے بات کی اور اس بارے میں مزید جاننے کی کوشش کی۔ ڈاکٹر سعود نے کیا کہا، دیکھیں اس ویڈیو میں

  17. کیری لام: ’ہانگ کانگ میں صورتحال بے قابو ہو رہی ہے‘

    ہانگ کانگ کے عہدیداروں نے متنبہ کیا ہے کہ کوورنا وائرس کے حوالے سے خطے میں صورتحال قابو سے باہر ہو رہے ہے اور وہ متاثرین میں اضافے سے نمٹنے کے لیے اقدامات تیز کر رہے ہیں۔

    اتوار کے روز 108 نئے متاثرین سامنے آئے جس کے بعد متاثرین کی کل تعداد 1900 ہو گئی ہے۔

    ہانگ کانگ کی چیف ایگزیکٹو کیری لام نے کہا ہے ’میرے خیال میں صورتحال واقعی نازک ہے اور ایسا کوئی اشارہ نہیں مل رہا جس سے لگے کہ صورتحال کو قابو میں کیا جا رہا ہے۔‘

    انہوں نے نئے اقدامات کا اعلان کیا، جس میں ان ڈور سرکاری مقامات میں ماسک پہننا لازمی بنانے کے منصوبوں اور غیر ضروری سرکاری ملازمین کو گھر سے کام کرنے کا ایک نیا حکم بھی شامل ہے۔

    لام نے کہا کہ اگر یومیہ متاثرین کی تعداد میں کمی نہیں آتی ہے تو مزید اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔

  18. کورونا وائرس ریکوری فنڈ: یورپی یونین کے رہنماؤں کے مابین اختلافِ رائے برقرار, مذاکرات چوتھے روز میں داخل

    کورونا ریکوری فنڈ کے حوالے سے یورپی یونین کے رہنماؤں کے درمیان اختلافِ رائے برقرار ہیں اور کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے مذاکرات اب چوتھے روز میں داخل ہو گئے ہیں۔

    750 بلین یورو کے اس پیکیج کا مقصد کورونا وائرس کے باعث شدید معاشی مسائل کا شکار یورپی ممالک کی مدد کرنا ہے۔

    تاہم وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک اور ریکوری فنڈ کے اخراجات کے بارے میں فکرمند ممالک کے رہنماؤں کے درمیان سرمائے کی فراہمی، ضوابط اور رسائی کے حوالے سے واضح اور گہرے اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔

    کچھ ممبر ممالک کا خیال ہے کہ 750 بلین یورو کا پیکیج بہت بڑا ہے اور اسے گرانٹ کے بجائے قابل ادائیگی قرضوں کے طور پر دیا جانا چاہیے۔

    یہ مذاکرات سخت آزمائشی ہیں اور ان کے دوران یورپی یونین کے رہنماؤں کی قوتِ برداشت کا اندازہ اس مثال سے لگایا جا سکتا ہے کہ پیر کی صبح کے اوائل میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے میز پر اپنا سر دے مارا اور دھمکی دی کہ وہ مباحثے سے باہر نکل جائیں گے۔

    مذاکرات کا آغاز جمعے کو برسلزمیں ہوا تھا لیکن اتوار کی شام تک رہنما کسی نتیجے تک پہنچنے میں ناکام رہے۔

    یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے رہنماؤں کو یاد دلایا کہ دنیا بھر میں چھ لاکھ سے زیادہ افراد اس وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں اور انھوں نے امید ظاہر کی کہ کل کی ہیڈ لائن یہ ہو گی کہ یورپی یونین نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔‘

    پیر کی دوپہر 12 بجے بات چیت دوبارہ شروع ہونے والی ہے۔

  19. پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1587 نئے متاثرین، 31 ہلاکتیں

    پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1587 نئے متاثرین میں کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ 31 افراد اس وائرس کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔

    پاکستان کے کورونا کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 265,083 ہو گئی ہے جبکہ ملک میں مجموعی ہلاکتیں 5,599 ہیں۔

    19 جولائی کو ملک بھر میں کل 19,108 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 7,977، پنجاب میں 7,024، خیبر پختونخواہ میں 2,275، بلوچستان میں 194، اسلام آباد میں 1,259، گلگت بلتستان میں 102جبکہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 277 ٹیسٹ کیے گئے۔

    ملک میں 205,929 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں جس کے بعد پاکستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 53,555 ہے۔

  20. جانور خریدتے ہوئے آپ کو کیا احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہییں؟