بیونس آئرس نے لاک ڈاؤن پابندیوں کو ختم کرنا شروع کردیا ہے۔
جولائی کے آغاز سے یومیہ 3،000 سے زیادہ نئے متاثرین کی تصدیق کے باوجود معاشرتی دوری کے اقدامات کو کم کیا جا رہا ہے۔
ارجنٹائن کے صدر البرٹو فرنینڈیز نے گذشتہ ہفتے پابندیوں میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کیا تھا۔
پہلے مرحلے کے ایک حصے کے طور پر جس کا اطلاق 2 اگست تک ہے، گھر سے باہر ورزش کی اجازت ہوگی اور بال کٹوانے اور پیشہ ورانہ خدمات جیسے کاروبار کو دوبارہ کھلنے کی اجازت ہوگی۔
بیونس آئرس کے میئر ہوراسیو روڈریگو لاریٹا نے لوگوں سے ذمہ دار ہونے کی اپیل کی کیونکہ ’ذاتی رابطہ انفیکشن کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔‘
بیونس آئرس وبائی مرض سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور وہاں 20 مارچ سے لاک ڈاؤن نافذ تھا۔
ارجنٹائن میں کورونا وائرس کے کل متاثرین اور اموات کے ایک بڑا حصے کا تعلق بیونس آئرس سے ہے۔
پچھلے مہینے ارجنٹائن کی حکومت نے متاثرین میں تیزی سے اضافے کے بعد بیونس آئرس کے آس پاس کے علاقوں تک لاک ڈاؤن کو بڑھایا اور اس میں مزید سختی کر دی تھی۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق مجموعی طور پر ملک میں اب تک 130،774 متاثرین اور 2373 اموات ہوئیں ہیں۔