ہر گزرتے دن کے ساتھ امریکی ریاستیں خود سے عوامی مقامات پر شہریوں کے لیے ماسک پہننا لازم قرار دے رہی ہیں۔ امریکہ کی 50 ریاستوں میں سے 25 سے زیادہ امریکی ریاستیں شہریوں کے لیے عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال لازم قرار دے چکی ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں مسلسل ریکارڈ یومیہ اضافہ ہو رہا ہے۔
ماسک لازمی قراد دینے والی ریاستوں کی اس فہرست میں حالیہ عرصے کے دوران لوزیانا کا اضافہ ہوا ہے جہاں اب اِن ڈور میں بھی ماسک پہننا لازم ہوگیا ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے گورنر کا کہنا ہے کہ جنوب مشرقی ریاست میں بار بھی بند رہیں گی۔
کولوراڈو کے گورنر، جو ڈیموکریٹ ہیں، نے مغربی ریاست میں دس سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کو عوامی مقامات میں ماسک پہننے کا حکم دیا تھا۔
تاہم یہ ایک ایسا موضوع ہے جس پر رائے منقسم ہے۔
جارجیا میں ریپبلیکن پارٹی کے گورنر نے بعض میئرز کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے، جنھوں نے اپنے شہروں میں ماسک کو لازمی قرار دیا تھا۔ ان کے مطابق میئرز کے پاس ایسے اختیارات نہیں ہیں۔
صدر ٹرمپ کو گذشتہ ہفتے پہلی مرتبہ عوامی مقام پر ماسک پہنے دیکھا گیا تھا۔