کورونا وائرس: بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بچے ویکسین تک رسائی سے محروم
دنیا میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 31 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ پاکستان میں متاثرین کی کل تعداد دو لاکھ 55 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ دوسری جانب حکومتِ پنجاب نے صوبے میں کورونا وائرس کے حوالے سے پابندیوں میں مزید 15 روز کی توسیع کر دی ہے۔
لائیو کوریج
افغان تجارت کے لیے واہگہ بارڈر کھولنے کا فیصلہ
پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کی درخواست پر ٹرازٹ ٹریڈ معاہدے کے تحت افغانستان کی درآمدی اشیا کی کراسنگ کے لیے 15 تاریخ سے واہگہ بارڈر کو کھول دیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس موقع پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔
پاکستان نے افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بحال کی ہوئی ہے اور افغانستان کے ساتھ تمام سرحدوں کو تجارت کے لیے کھولا ہوا ہے۔
'تقریباً ایک کروڑ بچوں کا دوبارہ سکول نہ آنے کا خطرہ'
،تصویر کا ذریعہEPA
برطانیہ کے ایک خیراتی ادارے کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے نوے لاکھ ستر ہزاربچے دوبارہ سکول نہیں آ سکیں۔
سیو دی چلڈرن تنظیم کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سنگین معاشی اثرات کی وجہ سے ایک کروڑ بچے شاید دوبارہ سکول نہ آ سکیں اور وہ جلد کام پر چلے جائیں۔
تنظیم کے مطابق لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں کے زیادہ متاثر ہونے کے امکانات ہیں کیونکہ ان میں سے اکثریت کے سروں پر کم عمری کی شادی کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔
جن ممالک میں ان بچوں کے سکول چھوڑنے کے امکانات ہیں ان میں مغربی اور وسطی افریقہ، یمن اور افغانستان شامل ہیں۔
سیو دی چلڈرن کی صدر اور سی ای او جانتی سوریپتو کا کہنا ہے کہ یہ ایک غیر معمولی قسم کی تعلیمی ایمرجنسی ہے اور حکومتوں کو فوری طور پر اس شعبے میں خرچ کرنا چاہیے۔
بریکنگ, سندھ پولیس کے کورونا سے متاثرہ اہلکاروں کی تعداد 2210 کے قریب
پاکستان کے صوبہ سندھ میں پولیس کے ترجمان کے مطابق گذشتہ دو روز کے دوران کورونا کے114نئے کیسز سامنے آئے۔ جس کے بعد وائرس سے مجموعی طور پر متاثر ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 2210 کےقریب ہو گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا کے خلاف فرائض کی ادائیگی کے دوران 16پولیس افسران و جوان ہلاک ہوئے۔
بتایا گیا ہے کہ زیرعلاج افسران اور جوانوں کی تعداد 1608
ہے جبکہ 586 افسران اورجوان صحتیاب ہوکر گھر جاچکے ہیں۔
بریکنگ, پاکستان میں 321 مقامات پر سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ: این سی او سی
،تصویر کا ذریعہCM PUNJAB
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں پاکستان میں 321 سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے موصول ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سیکریٹریٹ لاہور میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں شریک اعلی حکام کو ٹی ٹی کیو اور سمارٹ لاک ڈاون حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کی میزبانی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صدارت اسد عمر کر رہے تھے ۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ این سی او سی نے 30 بڑے شہروں کو کووڈ ہاٹ سپاٹ کے طور پر شناخت کیا جو آٹو ٹریس اور این آئی ٹی بی کے نقشوں کا استعمال کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ متاثرہ تھے۔
بتایا گیا ہے کہ پورے ملک میں اس پالیسی کو اپنانے کے بعد سے اوسطاً 30 سے 80 لاکھ آبادی10 سے 30 فیصد متاثرہ افراد کے ساتھ کو رولنگ بنیادوں پر 300-500 سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت رہتی ہے۔
ریپڈ رسپانس ٹیموں اور کال سینٹرز کے امتزاج کے ذریعے رابطے کی کھوج کو تیز کیا جارہا ہے۔ کووڈ 19 کے خلاف جنگ میں مقامی آبادیاں کلیدی حصہ ہیں جس میں دیہی سپورٹ نیٹ ورک کی تنظیمیں، مقامی تنظیمیں، مقامی انتظامیہ کی مدد کے لیے مختلف شعبوں میں حصہ لینے کے قابل افراد موجود ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹی ٹی کیو حکمت عملی کے تحت 750،000 سے زائد رابطوں کا سراغ لگایا گیا جو کووڈ انفیکشنڈ لوگوں سے رابطے میں آئے۔ ان رابطوں میں سے جن لوگوں نے مثبت تجربہ کیا ان کو پورے ملک میں قرنطینہ / گھر میں تنہائی میں ڈال دیا گیا تھا۔
حکام کا دعویٰ ہے کہ ممکنہ طور پر تقریباً 300،000 افراد کو انفیکشن ہونے سے بچایا گیا ہے۔
جاپان میں امریکی فوجی اڈے میں درجنوں کورونا سے متاثر، مقامی آبادی میں تشویش
،تصویر کا ذریعہReuters
جاپانی اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ جنوبی اوکیناوا جزیرے پر امریکی فوجی اڈے پر کورونا وائرس سے متاثرین کی تشخیص کے بعد معلومات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔
اتوار کو جاپانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ منگل سے اب تک 62 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔
دو فوجی اڈوں میں سے ایک میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔
اس جزیرے کے گورنر ڈینی تماکی کا کہنا ہے کہ انھیں اس وبا کے پھیلاؤ کا سن کر صدمہ ہوا ہے۔
اس جزیرے میں کئی امریکی فوجی ٹھہرے ہوئے ہیں اور ان کی اس موجودگی اور فوجی اڈوں پر مقامی آبادی کو تشویش بھی ہے۔
عید پر محدود اوقات میں 700 کے قریب مویشی منڈیاں
،تصویر کا ذریعہCATTLE MARKET ADMINISTRATION
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر پورے پاکستان میں 700 کے قریب مویشی منڈیاں قائم ہیں اور متعلقہ انتظامیہ کو کہا گیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے موصول ہونے والے بیان کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب سیکریٹریٹ لاہور میں جاری ہے۔
اجلاس میں شریک وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ مویشی منڈیوں کا صحیع انتظام بیماریوں پر قابو پانے کے لیے بہت ضروری ہے خاص طور پر دیہی علاقوں کے لوگوں کا شہروں میں جانا اور جانوروں کی فروخت کے بعد واپس جانا۔
اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ شہروں سے باہر مویشی مینڈیاں قائم کی جائیں گی شہروں کے اندر کسی مویشی منڈی کی اجازت نہیں ہے۔
صحت کے پروٹوکول اور رہنما اصول پر عمل کرنے کے لیے منڈیوں کی ترتیب کو سب کے ساتھ بانٹنا چاہیے۔
مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یقینی بنائے کہ
منڈیوں کے اوقات صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک ہوں۔
منڈیوں میں داخل ہونے والے لوگوں کی سکریننگ ماسک اور سماجی دوری کا استعمال اور کسی بھی جگہ پر مخصوص افراد کو ایک وقت اجازت دیں تا کہ زیادہ سے زیادہ ہجوم سے بچا جاسکے۔
مویشی منڈیوں کی تعداد بڑھا دی جائے ، جبکہ حجم کو چھوٹا رکھا جائے۔
عید الفطر کے منصوبے کے مطابق عید کی نماز پڑھائی جائے۔
،تصویر کا ذریعہKHAIR MUHAMMAD
مویشی منڈی تو لگ گئی لیکن کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حفاظتی تدابیر نظر انداز, محمد کاظم، بی بی سی، کوئٹہ
،تصویر کا ذریعہKHAIR MUHAMMAD
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر قائم سب سے بڑی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے لوگوں کا رش بڑھ گیا ہے لیکن تاحال وہاں کورونا سے بچاﺅ کے لیے موثر انتظامات دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔
منڈی کے داخلی راستے پر نہ کورونا سے بچاﺅ کے لیے سپرے کے انتظامات کیے گئے ہیں اور نہ ہی ہاتھوں کو دھونے یا سینیٹائز کرنے کے لیے کوئی بندوبست ہے۔
جہاں متعلقہ حکومتی اداروں کی جانب سے ابھی تک کورونا سے بچاﺅ کے لیے موثر انتظامات نظر نہیں آرہے ہیں وہیں مال مویشی فروخت کرنے والے اور خریدار بھی ماسک اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرتے ہوئے دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے جہاں مویشی منڈیوں کے لیے ایس او پیز جاری کیے گئے تھے وہاں یہ بھی کہا گیا تھا کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے جراثیم کش سپرے کا بھی انتظام کیا جائے گا۔
،تصویر کا ذریعہKHAIR MUHAMMAD
انڈونیشیا میں کورونا وائرس کو گالیاں دینے کے مقابلے کا انعقاد, ریستی وارو یونیار، بی بی سی نیوز جکارتہ
کورونا وائرس وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے لوگ مختلف طریقے استعمال کر رہے ہیں مگر انڈونیشیا میں اس وائرس کو شکست دینے کے لیے سب سے منفرد طریقہ اختیار کیا گیا ہے۔
یوگیا کارٹا میں جاواساٹرا کلچر موومنٹ ایک عالمی مقابلے کا انعقاد کرانے جا رہی ہے، جس میں لوگوں سے کہا جا رہا ہے کہ ہو اپنا غصہ ٹھنڈا کرنے کے لیے اس وائرس کو گالیاں دیں۔
مقابلے کا انعقاد کرنے والی تنظیم کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ہمارے دل میں جذبات ہوتے ہیں۔ ہمیں ایک مصیبت کا سامنا ہے، اس صورتحال سے متعلق ہمارے اندر غصہ پایا جاتا ہے اور اگر ہمارے اندر اگر کوئی حیا نہ ہو تو ہو سکتا ہے کہ ہم خدا کو بھی ہزاروں گالیاں دے ڈالیں۔
اس مقابلے میں جیتنے والے کو بادشاہ کو گالیاں دینے کے ٹائٹل سے نوازا جائے گا اور اس کے علاوہ اسے کافی کا ڈبہ، تین کتابیں، گالیوں کا مقابلہ جیتنے کا سرٹیفکیٹ، ایک ٹی شرٹ، روزانہ کی استعمال کی اشیا اور ایک لائٹر بھی دیا جائے گا۔
ایک ویڈیو میں ایک شخص کو جیونیس زبان میں کورونا وائرس کو گالیاں دیتے ہوئے کہتا ہے ’ہے کورونا وائرس، تم کتے ہو! تم نے میرے دوستوں کا روزگار چھینا ہے، اب وہ کوئی کام نہیں کر رہے ہیں۔
اتوار تک انڈونیشیا میں اس وائرس کے متاثرین کی تعداد 75 ہزار سے زائد ہے۔
کورونا وائرس: رواں ہفتے تیل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان
،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس بات کا امکان ہے کہ رواں ہفتے دنیا کے سرکردہ تیل پیدا کرنے والے ممالک تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کریں۔
اوپیک ممالک منگل اور بدھ کو ہونے والے اجلاس میں اس حوالے سے بات کریں گے۔
تجزیہ کاروں کی پیش گوئی کے مطابق تیل کی پیداوار والے ممالک سپلائی پرعائد پابندیوں میں نرمی کا اعلان کریں گے۔ خیال رہے کہ تیل کی قیمتوں کو گرنے سے بچانے کے لیے یہ پابندیاں اپریل سے عائد کی گئی تھیں۔
وبا کے دنوں میں طلب میں کمی کی وجہ سے اوپیک اور اس کے اتحادی جنھیں اوپیک پلس کہا جاتا ہے نے روزانہ کی بنیاد پر تیل کے استعمال میں 9.7 ملین بیرل کی کمی لائی۔
یہ معاہدہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پڑنے والے اثرات کو کم کرنے اور تیل کی قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔
اس سال برینٹ خام تیل کی قیمتوں میں 30 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ امریکہ میں اپریل میں ایک وقت ایسا بھی آیا کہ یہ قیمت منفی میں چلی گئی تھی۔
واضح رہے کہ برینٹ خام تیل کو عالمی طور پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ میں بنیادی حیثیت حاصل ہے۔
اگلے ماہ سے تیل کے استعمال پر عائد پابندی میں نرمی پیدا کر کے اس کے استعمال میں دو ملین بیرل یومیہ اضافہ کر دیا جائے گا۔
بریکنگ, صوبہ پنجاب: ایک دن میں سات اموات اور کورونا کے 487 نئے مریض
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 487 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ کورونا وائرس میں مبتلا مزید 7 مریض جان کی بازی ہار گئے۔
صوبے میں کورونا وائرس سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 2013 ہو گئی ہے۔
پیر کی صبح ترجمان پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ہونے والی تحریری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں مجموعی کورونا متاثرین کی تعداد 87,043 ہو گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق اب تک کورونا کی تشخیص کے لیے 596,974 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ جبکہ کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 58,023 ہو چکی ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور ایک بار پھر 208 کیسز کے ساتھ سرِ فہرست ہے دیگر اضلاع میں صورتحال کچھ یوں رہی:
ننکانہ 6، قصور16، شیخوپورہ 4، راولپنڈی27، اٹک 5، جہلم 6، گوجرانوالہ میں 14، سیالکوٹ 23، نارووال 7، گجرات 40، ملتان 14،خانیوال 10، وہاڑی 3، فیصل آباد 30 ٹوبہ ٹیک سنگھ 5، جھنگ 6، رحیم یار خان 3، سرگودھا 5، میانوالی 2، بھکر 10، بہاولنگر5، بہاولپور18، ڈی جی خان 3، مظفرگڑھ 3،راجن پور 1، ساہیوال 3، اوکاڑہ 1 اور پاکپتن میں 9 کیسز رپورٹ ہوئے۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان میں امتحانات شروع
،تصویر کا ذریعہWAFAQUL MADARIS
پاکستان میں دینی مدارس کے سب بڑے امتحانی بورڈ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے۔
وفاق المدارس کے صوبائی ناظم مولانا حسین احمد نے الجامعہ الاسلامیہ الفاروقیہ شاہ کس جمرود روڈ کے معائنے کے دوران کہا کہ کسی سرکاری ادارے میں بھی اس طرح کے انتظامات نہیں ہوسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'وفاق المدارس نے مشکل حالات میں بھی امتحانات کے منظم اور مثالی نظم و ضبط کی روایت برقرار رکھی اور ایس اوپیزپر مکمل عمل درآمد کے ساتھ ملک بھر میں امتحانات کا آغازکیا۔ '
،تصویر کا ذریعہWAFAQUL MADARIS
انڈیا: کورونا وائرس کے مریضوں کو زندہ رکھنے کی جدوجہد
،تصویر کا ذریعہReuters
آنے
والے ہفتوں میں جب یہ وبائی مرض انڈیا کے کونے کونے میں پھیل جائے گا، اس وقت یہ
یقینی بنانا کہ ملک بھر کے ہسپتالوں میں ہائی فلو آکسیجن تک رسائی والے کافی بستر
موجود ہیں، ایک بڑا چیلنج ہو گا۔
اپریل میں مغربی انڈیا کے ایک گاؤں میں
ایک وسیع و عریض ہسپتال کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ فوری طور پر کورونا وائرس کے
مریضوں کے لیے 200 بستروں کا ایک اضافی وارڈ قائم کرے۔
ریاست مہاراشٹرا میں انفیکشن بڑھ رہے
تھے، اس ریاست میں ناگپور شہر سے تقریباً 50 میل جنوب میں سیوگرام گاؤں میں 934
بستروں والا کستوربا ہسپتال واقع ہے۔ منافع کے لیے نہ کام کرنے والا یہ ہسپتال
پہلے ہی ہر سال دس لاکھ مریضوں سے نمٹ رہا تھا۔
کووڈ 19 کے مریضوں کے لیے ان میں بیشتر
بستروں پر (بشمول انتہائی نگہداشت والے 30 بستروں کے) پائپ کے ذریعے آکسیجن کی
فراہمی کی ضرورت تھی۔ اگلے چند ہفتوں میں ہسپتال میں سلینڈر بینک کے ایک ذخیرے کو
تانبے کے پائپوں کا استعمال کرتے ہوئے نئے بستروں سے جوڑنے کے لیے 40 ہزار ڈالر
خرچ ہوئے۔
’اسلام آباد ایئرپورٹ کی ویرانی: کچھ وبا کے نام کچھ حکومت کی نا اہلی کے نام‘
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسلام آباد ائیر پورٹ کی چند تصاویراپ لوڈ کی ہیں۔
انھوں نے ائیر پورٹ پر چھائی ویرانی کے حوالے سے یہ تو تسلیم کیا کہ یہ کورونا کی وبا کے باعث ہے تاہم ان کا یہ بھی الزام تھا کہ اس کی کچھ وجہ حکومت کی نااہلی بھی ہے۔
یاد رہے کہ یکم جولائی کو امریکہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے پاکستان کی قومی فضائی کمپنی، پی آئی اے، کو امریکہ تک خصوصی پروازیں چلانے کے حوالے سے دیا جانے والا خصوصی اجازت نامہ بھی منسوخ کر دیا تھا۔
یورپی یونین کی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی پہلے ہی پی آئی اے کو یورپی یونین کے ممالک تک پرواز کرنے کی اجازت چھ ماہ کے لیے معطل کر چکی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں جعلی لائسینس سکینڈل کے بعد یورپ اور امریکہ کے لیے فلائٹس پر پابندی کی وجہ سے پی آئی اے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
مئی میں پی آئی اے کی پرواز کو کراچی میں حادثہ پیش آیا تھا جس میں 97 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پائلٹس کو گراؤنڈ کرنے کے احکامات اس حادثے کے بعد جاری کیے گئے تھے۔
اس حوالے سے پاکستان کے وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان میں بیشتر پائلٹس کی ڈگریاں جعلسازی کے ذریعے حاصل کی گئی ہیں۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔
X پوسٹ کا اختتام
برطانیہ: فارم ہاؤس میں 73 متاثرین کی تشخیص، 200 مزدور آئسولیشن میں
برطانیہ میں ایک فارم ہاؤس میں فصل کاٹنے والے 73 مزدوروں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد تقریباً 200 مزدور آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔
ہیئرفورڈ شائر میں کورونا وائرس متاثرین کی تشخیص کے بعد سبزیاں پیدا کرنے والے اے ایس گرین اینڈ کو میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔
ان ورکرز کو خوراک اور دیگر ضروری اشیا کی فراہمی فارم ہاؤس پر کی جا رہی ہے، جہاں ان ورکرز کو علیحدہ سے موبائل ہومز میں رکھا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ اس فارم ہاؤس کو پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی طرف سے مدد ملتی ہے۔
ہیئرفورڈ شائر کونسل جو یہاں سے پیداوار کی فراہمی کو یقینی بناتی ہے کے خیال میں اس فارم ہاؤس میں کورونا وائرس ہے۔
پاکستان: کورونا سے مزید 69 ہلاکتیں اور 2,769 نئے مریض
،تصویر کا ذریعہEPA
پاکستان میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مریض 69 مریض ہلاک ہو گئے ہیں۔
پیر کی صبح جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک روز میں کورونا کی تشخیص کے لیے 22532 ٹیسٹ کیے گئے اور 2,769 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
اب تک سامنے آنے والے کورونا کیسز کی تعداد 251,625 بتائی گئی ہے جن میں سے 84,442 فعال متاثرین ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا کا کوئی مریض نہیں ہے۔
اب تک 161,917 اس مرض سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ملک میں مجموعی طور پر ہلاکتیوں کی تعداد 5266 تک پہنچ چکی ہے۔
سندھ میں اب تک 1795، پنجاب میں 2013، خیبرپختونخوا میں1099، دارالحکومت اسلام آباد میں 153،بلوچستان میں 126 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 44 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
این سی او کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا کے علاج کے لیے ملک میں 733 ہسپتالوں میں کل 3,589 مریض زیر علاج ہیں۔
اب تک مجموعی طور پر 1,585,170 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
کورونا وائرس: میکسیکو میں اٹلی سے زیادہ اموات
،تصویر کا ذریعہReuters
میکسیکو
میں کورونا وائرس کی وبا سے 35 ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہو چکے ہیں اور لاطینی امریکی کا یہ ملک اب اس وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعتبار سے اٹلی سے آگے نکل چکا ہے۔
اتوار کو میکسیکو کے صدر ایندرس مینوئل
لوپز کا کہنا تھا کہ اس وائرس کی شدت میں اب کمی واقع ہو رہی ہے۔ انھوں نے خوف
پھیلانے کا زمہ دار ’قدامت پسند میڈیا‘ کو قرار دیا۔
اتوار کو میکسیکو میں کورونا وائرس سے
276 ہلاکتیں ہوئیں اور 4482 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس وقت ملک میں
متاثرین کی کل تعداد تقریباً تین لاکھ ہو گئی ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جبکہ
برازیل اور برطانیہ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
جنوبی افریقہ نے دوبارہ شراب کی فروخت پر پابندی عائد کر دی
،تصویر کا ذریعہAFP
کورونا
وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جنوبی افریقہ نے چند مزید اقدامات اٹھائے ہیں جن
میں سے ایک شراب کی فروخت پر دوبارہ پابندی بھی شامل ہے۔
واضع رہے کہ اس سے پہلے بھی اس وبا کا
مقابلہ کرنے کے لیے ملک میں شراب کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
جنوبی افریقہ میں نئی احتیاطی تدابیر کے
تحت رات بھر کرفیو نافذ رہے گا جبکہ دن کو باہر نکلنے کے لیے ماسک پہننا لازمی
قرار دیا گیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے صدر سرل راما فوسا کا
کہنا ہے کہ شراب پر پابندی سے ہیلتھ کیئر کے نظام پر بوجھ کم ہو گا۔ خیال رہے کہ
یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب اس وائرس کے متاثرین کی تعداد ڈھائی لاکھ
سے بڑھ گئی۔
جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس سے چار ہزار سے زائد
ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ حکومتی اندازوں کے مطابق اس سال کے آخر تک یہ تعداد 50 ہزار
تک جا سکتی ہے
بی بی سی کی لائیو کوریج جاری ہے!
کورونا وائرس کے حوالے سے بی بی سی اردو کے تازہ لائیو پیج میں خوش آمدید۔