کورونا وائرس: بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بچے ویکسین تک رسائی سے محروم

دنیا میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 31 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ پاکستان میں متاثرین کی کل تعداد دو لاکھ 55 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ دوسری جانب حکومتِ پنجاب نے صوبے میں کورونا وائرس کے حوالے سے پابندیوں میں مزید 15 روز کی توسیع کر دی ہے۔

لائیو کوریج

  1. ’جان بوجھ کر ٹیسٹنگ کی صلاحیت کم کرنا اپنے ہی عوام کے خلاف سازش ہے‘ بلاول بھٹو

    فاف

    پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جہاں جہاں پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت ہے، وہاں جان بوجھ کرٹیسٹنگ کم کی جا رہی ہے اور یہ پاکستان کے عوام کی زندگی اور صحت کو مزید خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

    کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ اگر آپ ٹیسٹنگ کرکے بیمار افراد کو نہیں پکڑیں گے تو اس سے ناصرف آپ بیماروں کو نہیں بچا پائیں گے بلکہ دوسرے پاکستانیوں کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ جب جان بوجھ کر ٹیسٹنگ کی صلاحیت کم کی جاتی ہے تو پھر یہ اپنے عوام کے خلاف سازش ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’آپ کسی کو بیوقوف نہیں بنارہے بلکہ وزیراعظم اور ان کے وزرا اپنا ہی مذاق بنوارہے ہیں جب وہ یہ کہتے ہیں کہ گراف نیچے جارہا ہے۔ اگر آپ ٹیسٹنگ نہیں کریں گے تو گراف خود بخود نیچے ہی جائے گا۔‘

    انھوں نے کہا کہ آپ کو مریض نظر نہیں آئیں گے لیکن اتنے ہی لوگ بیمار ہوں گے اور اتنے ہی فوت ہوں گے اور عوام کا نقصان ہوگا۔

  2. لاطینی امریکہ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں دوسرے نمبر پر

    لاطینی امریکہ

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    لاطینی امریکہ کورونا وائرس کی ہلاکتوں کے حوالے سے امریکہ اور کینیڈا کو پیچھے چھوڑکر دنیا میں سب سے متاثرہ علاقوں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

    ابھی تک وہاں پر تقریباً 1 لاکھ 45 ہزار افراد کووڈ۔19 سے ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں آدھی سے زیادہ تعداد صرف برازیل سے ہے۔

    ہلاکتوں کے حوالے سے یورپ پہلے نمبر پر ہے جہاں 2 لاکھ سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔

    یہ خبر اس وقت آئی ہے جب میکسیکو میں ہلاکتوں کی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جو کہ دنیا میں اموات کے حوالے سے چوتھے نمبر پر ہے۔

  3. تھائی لینڈ: کورونا وائرس کی دوسری لہر کے خوف سے سرحدوں پر سکیورٹی میں اضافہ

    تعع

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    تھائی لینڈ میں پچھلے مہینے ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن کی گرفتاری کے بعد، کورونا وائرس انفیکشن کی ممکنہ دوسری لہر کے خدشات کے سبب حکام نے پیر کو زمینی سرحدوں پر سکیورٹی بڑھانے کا حکم دیا ہے۔

    اس بیماری سے متعلق تھائی لینڈ کی ٹاسک فورس کے ترجمان، تویسن وسانیوتین نے بتایا کہ جون کے آغاز کے بعد سے حکام نے 3000 تارکین وطن کارکنوں کو ملک میں داخلے کی کوششوں کےدوران گرفتار کیا ہے۔

    تویسن وسانیوتین نے فضائی راستے سے آنے والے غیر ملکیوں کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کیا۔ بیرونِ ملک سے آنے والے دو افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور ان میں سے ایک نے قرنطینہ کے سخت قواعد کی خلاف ورزی بھی کی۔

    تھائی لینڈ میں چھ ہفتوں سے زیادہ عرصہ سے مقامی طور پر منتقلی کے کسی مریض کی اطلاع نہیں ہے۔ جنوری سے تھائی لینڈ میں وائرس متاثرین کی تعداد 3220 ہے اور 58 اموات ہوئی ہیں۔

  4. امریکہ: کورونا متاثرین میں اضافہ، ٹرمپ انتظامیہ صحت کے اہلکاروں سے ناخوش

    ڈاکٹر اینتھونی

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    وائٹ ہاؤس کی صحت کے اہلکاروں کے ساتھ تکرار کے ساتھ ساتھ امریکہ میں انفیکشنز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جان ہاپکنز کے مطابق متاثرین کی تعداد 33 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔

    امریکہ میں ہونے والے واقعات پر ایک نظر:

    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ ری ٹیوٹ کی ہے جس میں امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن پر کووڈ۔19 کے حوالے سے جھوٹ بولنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ یہ پوسٹ پہلے کنزرویٹیو گیم شو کے میزبان چک وولری نے ٹویٹ کی تھی۔
    • وائٹ ہاؤس نے ملک کے سب سے اعلیٰ متعدد بیماریوں کے ماہر ڈاکٹر فاؤچی کے خلاف بھی بریفنگ دی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے میڈیا کو دیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ڈاکٹر فاؤچی ’کئی چیزوں میں غلط ہیں۔‘
    • دریں اثنا کورونا وائرس کی انفیکشنز پورے ملک میں بڑھ رہی ہیں، خصوصاً مغربی اور جنوبی ریاستوں میں، جہاں کچھ جگہوں پر لاک ڈاؤن کی پابندیوں کو اٹھایا گیا ہے۔
  5. جاپان میں امریکی فوجی اڈوں میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے

    دگگ

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    جاپان میں امریکی فوجی اڈوں میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور جزیرے اوکیناوا میں کم سے کم 95 امریکی فوجی جوانوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ہفتے کے آخر میں دو سمندری اڈوں میں 60 متاثرین کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وہاں لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ سات دیگر اڈوں پر اضافی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

    تاہم متاثرین کی تعداد کے بارے میں معلوم ہونے سے قبل جزیرے کے گورنر نے کہا تھا کہ انھیں امریکی فوج کے اس وبا سے نمٹنے کے ردعمل کے بارے میں ’سخت شکوک و شبہات‘ ہیں۔

    امریکی میرینز کی جانب سے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا گیا کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ’اضافی اقدامات‘ کیے جائیں گے۔

    جاپان کی کوڈو نیوز ایجنسی کے مطابق اوکیناوا جہاں دسیوں ہزار امریکی فوجی مقیم ہیں، وہاں کی عام شہری آبادی میں 148 متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔

  6. کورونا وائرس کے دنوں میں ورچوئل شادی

    کورونا وائرس کے باعث شادی کی بڑی تقاریب اور اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس وجہ سے کئی جوڑوں کے شادی کرنے کے منصوبے اب ملتوی ہو گئے ہیں۔ لیکن حسان غزالی اور ان کی منگیتر لورنا رسل نے ایک منفرد انداز میں اپنی شادی کا اہتمام کیا۔ انھوں نے اپنی شادی میں مہمانوں کو ورچوئل دعوت دی اور شادی کی پوری تقریب فیس بک پر نشر کی۔ ان کی کہانی مزید جانیے وقاص انور کی اس ویڈیو میں

  7. نئی تحقیق: کووڈ 19 کے مریض کا دل کس طرح متاثر ہوتا ہے

    werw

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    تحقیق کاروں کے مطابق جو افراد کووڈ 19 کی تشخیص کے بعد ہسپتالوں میں داخل ہوئے ہیں ان کے دل بھی اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں۔

    ایڈنبرا یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک نئی تحقیق میں 69 ممالک سے 1200 افراد کے نمونے سے پتہ چلا کہ ان میں آدھے سے زیادہ افراد کے دل میں کچھ مسائل تھے اور 15 فیصد کو تو دل کی شدید بیماری لاحق تھی۔

    یہاں اس بات کو مدِ نظر رکھنا ضروری ہے کہ اس تحقیق میں صرف ان لوگوں کو شامل کیا گیا تھا جو کووڈ 19 سے بری طرح متاثر تھے۔

    تحقیق کے رہنما پروفیسر مارک ڈیک نے بی بی سی ریڈیو 4 کے پروگرام کو بتایا کہ اس تحقیق سے جو اہم بات سامنے آئی ہے وہ یہ ہے کہ ہمیں ’مریضوں کی دیکھ بھال میں بہتری لانی چاہیئے۔‘

    ’اگرچہ دل کو نقصان ممکنہ طور پر ان مریضوں کے لیے ایک بہت سنجیدہ مسئلہ ہے اور یہ ان کی بیماری سے بچنے اور بحال ہونے کی صلاحیت پر اثر انداز ہو سکتا ہے، لیکن اب ہمارے پاس دل کے دورے کا بہت، بہت اچھا علاج ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ اگر ہم ان کووڈ 19 کے مریضوں کی شناخت کر لیں جن کے دل کو مسئلہ ہے، ’تو یہ ممکن ہے کہ ان کو ایسا علاج مہیا کیا جا سکے جس سے وہ جلدی بہتر ہو سکتے ہیں۔‘

  8. ہانگ کانگ: کورونا وائرس کی تیسری لہر کا خدشہ، معاشرتی فاصلے کے قواعد میں سختی

    گشگ

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ہانگ کانگ کی چیف ایگزیکٹو کیری لام نے کہا ہے کہ ہانگ کانگ کورونا وائرس متاثرین کی تیسری لہر کے بارے میں بڑھتے خدشات کے باعث بدھ سے معاشرتی فاصلے کے اقدامات کو مزید سخت کرے گا۔

    حکومت اب 50 کے بجائے چار سے زیادہ افراد کے اکھٹے ہونے پر پابندی عائد کردے گی۔ اس سے قبل اس اقدام کا نفاذ مارچ میں دوسری لہر کے دوران کیا گیا تھا۔

    جم اور گیمنگ سینٹرز سمیت مزید بارہ قسم کے اداروں کو ایک ہفتے کے لیے بند کرنا ہوگا۔ ریستورانوں سے صرف شام 6 بجے کے بعد ٹیک آوے کی اجازت ہوگی۔

    ہانگ کانگ میں پیر کو کورونا وائرس کے 52 نئے متاثرین رپورٹ ہوئے جن میں 41 میں وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا۔

    جنوری کے آخر سے ہانگ کانگ میں 1522 متاثرین رپورٹ ہوئے ہیں اور مقامی میڈیا نے پیر کو آٹھویں موت کی تصدیق کی ہے۔

  9. ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے مریضوں کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا کتنا خطرہ ہے؟

    دگد

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    کورونا وائرس کی زد میں کوئی بھی آ سکتا ہے لیکن ان لوگوں کے لیے خطرہ زیادہ ہے جن کو پہلے سے ہی صحت کا مسئلہ ہے یا جو عمر دراز ہیں۔

    دی لانسیٹ جرنل میں شائع ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ عمر رسیدہ ہیں یا جن کو ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس جیسی بیماریاں ہیں ان میں کورونا وائرس سے جان جانے کا زیادہ خطرہ ہے۔

    یہ تحقیق چین کے ووہان کے دو ہسپتالوں کے 191 مریضوں پر کی گئی ہے۔ اس میں محققین نے ان لوگوں کا مطالعہ کیا جو کورونا کی وجہ سے یا تو انتقال کر گئے یا پھر صحتیابی کے بعد انھیں ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

    ان میں 135 مریض جنینتان ہسپتال اور 56 ووہان پلمنری ہسپتال کے تھے۔ ان 191 مریضوں میں سے 137 کو ہسپتال سے رخصت دی گئی جبکہ 54 ہلاک ہوگئے۔ کل نمونوں میں سے 58 مریضوں کو ہائی بلڈ پریشر تھا 36 کو ذیابیطس اور 15 کو دل سے متعلق امراض تھے۔

    مریضوں کی عمر 18 سے 87 سال تک ہے۔ زیادہ تر مریض مرد تھے۔

    اس مطالعے میں سنگین بیماری اور موت سے وابستہ خطرات کی تحقیقات کی گئیں۔ مزید پڑھیے۔

  10. کورونا وائرس کے خلاف قوتِ مدافعت شاید صرف چند مہینوں تک ہی باقی رہ سکے, مشیل رابرٹس - ہیلتھ ایڈیٹر، بی بی سی نیوز

    شف

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    کرونا وائرس سے متاثر اور صحتیاب ہونے والے افراد کے بارے میں ایک نئی تحقیق میں یہ معلوم ہوا ہے کہ وائرس کے خلاف قوتِ مدافعت شاید بہت کم عرصے تک باقی رہ سکتی ہے۔

    کنگز کالج لندن کے سائنسدانوں نے تحقیق کی کہ انسانی جسم اینٹی باڈیز بنا کر وائرس سے کس طرح لڑتا ہے اور صحتیاب ہونے کے بعد یہ قوتِ مدافعت کتنے ہفتوں اور مہینوں تک باقی رہتی ہے۔

    تحقیق میں شریک تقریباً 96 افراد کے جسم میں قابل شناخت اینٹی باڈیز موجود تھیں جو کورونا وائرس کو بے اثر بنا کر اسے روک سکتی تھیں۔ لیکن تحقیق کے تین ماہ بعد ان کی سطح کم ہونا شروع ہوگئی۔

    جو بات ابھی تک واضح نہیں ہے وہ یہ ہے کہ کیا یہ کمی ہمیں دوبارہ اسی وائرس کا شکار بناتی ہے۔ عام سردی کی طرح دوسرے وائرس میں بھی اسی طرح کے مختصر دورانیے والے ردعمل دیکھنے کو ملتے ہیں۔ لہذا یہ ممکن ہے کہ ہم دوبارہ متاثر ہوجائیں۔

    لیکن اگر ہمارے جسم میں کوئی قابل شناخت اینٹی باڈیز نہیں بچے تو اس کا لازمی مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم میں قوتِ مدافعت نہیں ہے۔ اینٹی باڈیز واحد چیز نہیں جو ہمیں تحفظ فراہم کرتی ہے۔ وائرس سے لڑنے میں مدد کے لیے ہمارے جسم ٹی سیل بھی بنا سکتے ہیں۔

    یہ جاننے کے لیے کہ اگر لوگ دوسری یا تیسری بار وائرس کے ساتھ رابطے میں آئیں تو کیا ہوتا ہے، زیادہ سے زیادہ تحقیق کی ضرورت ہے۔

    کیا وہ بیمار پڑ جاتے ہیں یا چونکہ ان کا جسم پہلے بھی بیماری سے لڑ چکا ہے تو وہ دوبارہ بھی ایسا کر سکتے ہیں؟ اس قسم کی تحقیق یہ سمجھنے کے لیے اہم ہوگی کہ ویکسین کتنی اچھی طرح سے کام کر سکتی ہے اور دیرپا قوتِ مدافعت کے لیے ویکسین کی کتنی خوراکوں کی ضرورت پڑسکتی ہے۔

  11. مراکش کے شہر طنجة میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا

    شصودصو

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    مراکش کے شمالی شہر طنجة میں کورونا وائرس کی پابندیاں ایک بار پھر لاگو کر دی گئی ہیں۔

    مراکش کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایم اے پی کے مطابق یہ اقدامات ابتدائی طور پر شہر کے کچھ حصوں میں متعارف کروائے گئے تھے لیکن پیر سے ان میں توسیع کردی گئی۔

    شہر اور اس کے باہر آمد و رفت کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ رہائشیوں کو صرف انتہائی ضرورت کی صورت میں ہی اپنے گھر سے نکلنے کی اجازت ہے۔

    مراکش نے مارچ میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کرنا شروع کیا تھا لیکن حالیہ ہفتوں میں پابندیوں میں نرمی لانا شروع کی گئی تھی۔

    اس وبائی امراض کے آغاز کے بعد سے ملک میں 15،000 سے زیادہ متاثرین اور 253 اموات ہو چکی ہیں۔

  12. سکاٹ لینڈ میں مسلسل پانچویں روز کوئی اموات نہیں ہوئیں

    سکاٹ لینڈ

    ،تصویر کا ذریعہPA Media

    سکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن کے مطابق سکاٹ لینڈ میں مسلسل پانچویں روز بھی کورونا وائرس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔

    انھوں نے سکاٹ لینڈ کی حکومت کی کورونا وائرس پر بریفنگ میں بتایا کہ اب تک سکاٹ لینڈ میں وائرس سے 2 ہزار 490 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جو کہ وہی اعداد و شمار ہیں جو بدھ کو تھے۔

    انھوں نے کہا کہ 18 ہزار 365 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جو کہ اتوار کے 18 ہزار 359 سے 6 زیادہ ہے۔ اتوار کو سکاٹ لینڈ میں 19 متاثرین رپورٹ ہوئے تھے جن میں سے 12 کا تعلق گلاسگو سے تھا۔

    ان میں سے 7 متاثرین ایسے تھے جو کہ سمپٹومیٹک (وہ مریض جن میں علامات نظر نہیں آتیں) تھے اور ان کا تعلق ایک ہی کیئر ہوم سے تھا۔ سٹرجن کہتی ہیں کہ کیئر ہوم اور مریضوں کی مزید دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کووڈ۔19 کے کل 550 تصدیق شدہ اور مشتبہ مریض ہسپتالوں میں موجود ہیں۔ ان میں سے 6 انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں ہیں جن کی حالت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

  13. ہمارے دماغ کورونا وائرس کی وبا سے کیسے نمٹ رہے ہیں

    سماجی تنہائی، بیروزگاری، اور کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خوف وہ چند وجوہات ہیں جو عالمی وبا کے دنوں میں ہماری ذہنی صحت کو متاثر کر رہی ہیں۔See

  14. پشاور میں مویشی منڈیاں لگانے کے لیے ایس او پیز جاری کر دیے گئے

    afas

    ،تصویر کا ذریعہCATTLE MARKET ADMINISTRATION

    پشاور کے ڈپٹی کمشنر نے عید الاضحیٰ کی مناسبت سے مویشی منڈیاں لگانے کے لیے ضابطہِ اخلاق (ایس او پیز) جاری کر دیے ہیں۔

    جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق:

    شہری علاقوں اور میونسپل حدود میں مویشی منڈیاں لگانے پر پابندی ہو گی

    رنگ روڈ کے اندر جانوروں کی خرید و فروخت پر پابندی ہو گی

    مویشی منڈی کا کنٹریکٹر محکمہ لوکل گورنمنٹ کے پلان کے مطابق منڈی لگائے گا

    مویشی منڈیوں میں حکومتی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا

    مویشی منڈی میں سیفٹی ماسک کے بغیر داخلے پر پابندی ہوگی

    دس سال سے کم عمر بچوں اور پچاس سال سے زائد عمر کے افراد کے منڈیوں میں داخلے پر پابندی ہوگی

    خلاف ورزی کر نے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی

    شف

    ،تصویر کا ذریعہDC Peshawar

  15. کورونا وائرس: سندھ میں 1089 نئے متاثرین، مزید 31 ہلاکتیں

    ssf

    پاکستان کے صوبہ سندھ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1089 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 106622ہو گئی ہے۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 31 افراد دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 1826 ہو گئی ہے۔

    صوبے میں اس وقت 40967 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 39375 مریض گھروں اور 398 آئسولیشن سینٹرز پر ہیں۔

    اب تک 63829 افراد اس وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

  16. بورس جانسن: دکانوں میں ماسک پہننا ضروری ہے

    sfsf

    ،تصویر کا ذریعہPA Media

    برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ تنگ جگہوں میں چہرہ ڈھانپنے کی بہت اہمیت ہے اور حکومت اس حوالے سے آئندہ چند روز میں قواعد کے نفاذ پر غور کرے گی۔

    انگلینڈ میں دکانوں کے اندر چہرے کو ڈھانپنا لازمی قرار دیا گیا ہے ، اور وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ حالیہ چند مہینوں میں اس حوالے سے مزید سائنسی ثبوت سامنے آئے ہیں۔

    بورس جانسن نے کہا کہ ’دکانوں میں چہرے کو ڈھانپنا بہت ضروری ہے‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں ایسا کرنا چاہیے۔‘

    لیکن اس حوالے سے انھوں نے کسی پابندی کا اعلان نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ’آئندہ چند روز میں‘ مزید ہدایات پر غور کرے گی۔

  17. کورونا وائرس: تین جنگوں میں شرکت کے بعد کورونا کی جنگ جیتنے والے 98 سالہ شخص کی کہانی

    دوسری جنگِ عظیم میں برطانوی افواج، اور پھر 1965 اور 1971 کی جنگوں میں پاکستانی فوج کے لیے خدمات سر انجام دینے والے مولانا فضل رؤف حال ہی میں کووڈ 19 کے مرض میں مبتلا ہو گئے تھے اور ماہرین کی اس عمومی رائے کے باوجود کہ عمر رسیدہ افراد کو کورونا وائرس سے شدید خطرہ ہو سکتا ہے، مولانا رؤف اس مرض کو شکست دے کر صحتیاب ہو گئے ہیں۔ دیکھیے محمد زبیر خان اور محمد ابراہیم کی یہ ویڈیو۔

  18. ہوٹل اور ریسٹورنٹ میں گاہگ بٹھانے دیں: دھرنے کے شرکا کا مطالبہ

    BALOCHISTAN

    ،تصویر کا ذریعہKHAIR MUHAMMAD

    کورونا وائرس کے باعث بلوچستان میں ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے اندر لوگوں کو بیٹھنے کی اجازت نہ دینے کے خلاف کوئٹہ میں تاجروں نے احتجاجی ریلی نکالی اور شہر کے مصروف ترین علاقے منان چوک پر دھرنا دیا۔

    ریلی کا آغازکوئٹہ میٹرو پولیٹن کے سبزہ زار سے ہوا۔ ریلی کے شرکا مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے منان چوک پہنچے اور وہاں دھرنا دیا۔

    دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انجمن تاجران بلوچستان کے اپنے گروپ کے صدر رحیم آغا، سیکریٹری جنرل اللہ داد ترین اور دیگر رہنماﺅں نے کہا کہ اس وقت کاروبار کے جتنے بھی شعبے ہیں سب کو رعایتیں دی گئی ہیں لیکن ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو گاہکوں کو اندر بٹھانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ ایس او پیز کے تحت ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو اندر بٹھانے کی اجازت دی گئی جس پر ہوٹل مالکان اور ملازمین نے خوشی کا اظہار کیا مگر چند گھنٹوں بعد اس نوٹیفیکیشن کو واپس لیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ جب جہازوں اور بسوں کے اندر مسافروں کو بیٹھنے کی اجازت دی گئی تو ایس او پیز کے تحت ان کو ہوٹلوں کے اندر بھیٹنے کی اجازت کیوں نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ گاہکوں کو اندر بٹھانے پر پابندی سے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس مالکان شدید مالی مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں جبکہ ان کے مالی مشکلات کے نتیجے میں ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں کام کرنے والے ملازمین اپنے روزگار سے محروم ہورہے ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہوٹلوں اور ریستورانوں میں گاہکوں کو ایس او پیز کے تحت بٹھانے کی اجازت دی جائے ہوٹل مالکان ان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔

    تاجروں کا کہنا ہے کہ گاہکوں کو اندر بٹھانے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں ان کا احتجاج جاری رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ لاک ڈاﺅن کے باعث تاجر شدید مالی مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔

    عید پر کاروبار ان کی مشکلات میں کمی کا باعث بن سکتا ہے اس لیے دکانوں اور مارکیٹوں کے کھولنے کے وقت میں توسیع کو رات دس بجے تک بڑھایا جائے تاکہ انہیں کاروبار کے لیے زیادہ مواقع مل سکیں۔

    BALOCHISTAN

    ،تصویر کا ذریعہKHAIR MUHAMMAD

  19. جاپان میں آئندہ برس اولمپکس گیمز کا انعقاد ممکن ہو سکے گا؟

    جاپان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیر کو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے گورنر نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے دنوں میں ’عالمی اتحاد کی علامت‘ کے طور پر آئندہ سال اولمپکس مقابلوں کا انعقاد ضرور کیا جانا چائیے۔

    اگرچہ جاپان اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیاب رہا ہے مگر اس کے باوجود ٹوکیو میں حالیہ دنوں میں اس وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس وقت ٹوکیو میں ملک کے ایک تہائی سے زیادہ متاثرین موجود ہیں۔

    جاپان میں اس وائرس کے متاثرین کی کل تعداد 20،000 بنتی ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے جولائی میں ہونے والی 2020 کی اولمپکس مقابلوں کو ملتوی کرنا پڑا۔

    روئٹرز کو دیے گئے انٹرویو میں ٹوکیو کے گورنر کا کہنا تھا کہا ’اس مشکل صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی اتحاد کی علامت کے طور پر اور انسانی رشتوں کو باہم مضبوط بنانے کے لیے میں ان مقابلوں کی میزبانی کرنا چاہتا ہوں۔

    تاہم گورنر نے ان مقابلوں کے لیے کوئی شیڈول یا تفصیلات نہیں بتائیں کہ کیسے اور کب یہ مقابلے ہوں گے۔

  20. قطر ایئرویز: پاکستانی مسافروں کے لیے اپنا کورونا وائرس کا نیگیٹو رزلٹ پیش کرنا لازم

    Qatar

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    قطر ایئرویز سے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کے لیے لازمی ہو گا کہ وہ اپنا سفر شروع کرنے سے 72 گھنٹے پہلے اپنا کورونا وائرس کا نیگیٹو ٹیسٹ پیش کریں گے۔

    بلومبرگ کے ایک ترجمان نے ای میل کے ذریعے بتایا کہ اس نئی شرط کا اطلاق پیر سے ہو رہا ہے۔

    قطر ایئرلائن پاکستان کے چار شہروں سے بیرون ملک مسافر لے جاتی ہے۔ ان شہروں میں اسلام آباد، کراچی، لاہور اور پشاور شامل ہیں۔

    امریکہ کی جان پاپکنز یونیورسٹی کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ڈھائی لاکھ سے زیاد ہے جبکہ اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5،266 ہے۔

    جون میں جب جنوبی کوریا اور ہانک کانگ میں پاکستانی شہریوں میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی تو ایمریٹس ایئرلائن نے عارضی طور پر اپنی پروازیں معطل کر دیں۔

    گلف نیوز کے مطابق ایئرلائن نے گذشتہ ہفتے سے پاکستان کے تین شہروں سے پروازیں بحال کر دی تھیں۔