آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پنجاب میں 1228 نئے متاثرین، ’سال کے آخر تک کورونا ویکسین تیار ہونے کی امید‘

دنیا میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 90 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ پاکستان میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 87 ہزار سے زیادہ ہے۔ دوسری طرف امریکہ کے ڈائریکٹر آف دی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ایلرجی اینڈ انفیکشیئس ڈیزیزز ڈاکٹر اینتھونی فاؤچی نے منگل کو کہا کہ وہ بڑے محتاط ہو کر یہ امید کرتے ہیں کہ 2020 کے آخر تک ویکسین تیار ہو جائے گی۔

لائیو کوریج

  1. کیا دنیا میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آ سکتی ہے؟

    جہاں دنیا کے متعدد ممالک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے عائد پابندیوں میں نرمی ہو رہی ہے وہیں اس امر پر بھی توجہ مرکوز ہے کہ اس وبا کی دوسری لہر سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔

  2. پاکستان میں گذشتہ روز کورونا وائرس ٹیسٹنگ کی تعداد میں نمایاں کمی

    پاکستان میں گذشتہ روز کورونا وائرس ٹیسٹنگ کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

    گذشتہ روز ملک میں صرف 24599 ٹیسٹ کیے گئے تھے، جبکہ اس سے قبل گذشتہ ہفتے میں یہ تعداد 30 ہزار کے لگ بھگ رہی ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ روز سندھ میں سب سے زیادہ 9841 ٹیسٹ کیے گئے۔

  3. بریکنگ, کورونا وائرس: پاکستان میں مزید 105 ہلاکتیں، 3946 نئے مریض

    پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 105 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ 3946 نئے مریض بھی سامنے آئے ہیں۔

    اب تک ملک میں کل 3695 افراد اس وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 85 ہزار سے زائد متاثر بھی ہوئے ہیں۔

    اب تک اس وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 73471 ہو گئی ہے۔

  4. کورونا وائرس: کیا پاکستان کا طبی نظام مفلوج ہو گیا ہے؟

    پاکستان میں اس وقت کورونا کے مریضوں کے لیے ہسپتالوں میں بستروں، ادویات، طبی آلات اور وینٹیلیٹر کا حصول دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

    اس بات کا اندازہ ہماری ساتھی ترہب اصغر کو اس وقت ہوا جب انھیں خود اپنے ایک عزیز کو ہسپتال میں داخل کروانے کے لیے بہت سے اعلیٰ حکام سے التجائیں کرنی پڑیں۔

    اس دن کی کہانی سنیے ترہب اصغر کی ہی زبانی، اس پوڈکاسٹ میں۔۔

  5. سائنسدان جنگلی حیات پر لاک ڈاؤن، ’انسانوں کی جانب سے لیے گئے توقف‘ کا جائزہ لیں گے

    برطانیہ کی زیرِ نگرانی سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے ایک ایسے پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے لاک ڈاؤن سے پہلے اور بعد میں جنگلی حیات کی نقل و حرکت کو دیکھا جا سکے گا۔

    محققین چاہتے ہیں کہ وہ دنیا بھر میں ’انسانوں کی جانب سے لیے گئے اس توقف‘ کا جائزہ لیں اور دیکھیں کہ انسانی نقل و حرکت میں کمی کے باعث جنگلی حیات کو کیسے متاثر کیا ہے۔

    ان کے مطابق اس جائزے کے ذریعے ہم یہ جان سکیں گے کہ ہم اپنے سیارے کو دیگر جانداروں کے ساتھ کس طرح بانٹ سکتے ہیں۔

    انھوں نے یہ اعلان ایک سائنٹیفک رپورٹس نامی جریدے میں شائع ہونے والے پیپر میں کیا۔

    انھوں نے یہ جائزہ لینے کی بھی کوشش کی کہ انسانوں کی متعدد جگہوں سے غیرموجودگی کے ذریعے سائنسدان کیا سیکھ سکتے ہیں۔

  6. کووڈ 19 کے مریضوں کی جان بچانے والی دوا ’ڈیکسامیتھازون‘ ماہرین کی نظر میں کیسے آئی؟

    یہ ایک غیر معمولی اور خوش آئند لمحہ ہے کہ ہم کووڈ 19 کے علاج کے بارے میں کچھ مثبت کہنے کے قابل ہوئے ہیں۔

    ایک ہفتے پہلے تک جان بچانے والی کسی بھی دوا کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی لیکن اب ہمارے پاس ڈیکسامیتھازون ہے، جس سے وینٹیلیٹر پر موجود ایک تہائی مریضوں میں موت کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے اور جو مریض آکسیجن پر ہوں ان میں سے 20 فیصد کو بچایا سکتا ہے۔

    میں ’اہم پیشرفت‘ جیسی اصطلاح کا استعمال کم ہی کرتا ہوں لیکن اس معاملے میں واقعی ایسا ہی ہوا ہے۔

    ایسا آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایک چھوٹی سی ٹیم کی استقامت اور یک جہتی اور برطانیہ بھر کے ہسپتالوں کے تعاون اور ہزاروں مریضوں اور ان کے اہلخانہ کی رضامندی کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔

  7. دنیا بھر کی صورتحال

    عالمی ادارہ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا متاثرین کی یومیہ تعداد میں سب سے زیادہ 18300متاثرین کا اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔

    ان میں سے زیادہ تر متاثرین کا تعلق برازیل، امریکہ اور انڈیا سے ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اس وائرس کے خلافعالمی سطح پر یکجہتی اور لیڈرشپ کا فقدان وائرس سے زیادہ بڑا خطرہ ہے

    جنوبی کوریا میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کورونا وائرس کی دوسری لہر سے گزر رہا ہے تاہم ملک میں متاثرین کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔

    فرانس نے ملک میں سینما گھر، سوئمنگ پول اور چھٹی گزارنے کے مراکز کھول دیے ہیں اور 15 برس تک کے تمام طلبا بھی سکول جا رہے ہیں۔

    امریکہ یونیورسٹی جان ہاپکنز کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 90 لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔

  8. نواک جوکوچ کو کورونا وائرس کے حوالے سے ’ذمہ داری کا مظاہرہ‘ کرنا چاہیے

    دنیا بھر میں ٹینس کے پیشہ وارانہ مقابلے اور دورے کورونا وائرس کے باعث کم از کم اگست تک معطل ہیں تاہم اس دوران ایک خطے میں رہنے والے کھلاڑیوں میں متعدد ڈومیسٹک اور نمائشی مقابلوں کا انعقاد دیکھنے میں آیا ہے۔

    تاہم اس سب کے دوران بالکان میں ہونے والے ادریہ ٹور میں جس کا انعقاد ٹینس کی عالمی نمبر ایک نواک جوکوچ نے کیا میں دو کھلاڑوں میں کورونا کی تشخیص کے بعد انھیں سخت تنقید کا سامنا ہے۔

    ان پر حالیہ میں تنقید کرنے والوں میں برطانوی نمبر ون ٹینس سٹار ڈین ایوان شامل ہیں جنھوں نے ادریہ ٹور کے دوران دو کھلاڑیوں میں وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد کہا ہے کہ جوکوچ کو کورونا کے متعلق ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

    جوکوچ نے سنیچر کے روز کروشیا کے شہر زادر میں ان میں سے ایک کھلاڑی کے خلاف میچ کھیلا تھا اور اب اپنے کووڈ 19 کے ٹیسٹ کے نتائج آنے کے منتظر ہیں۔

    تاہم منتظمین کا کہنا ہے کہ اتوار کو کھیلے جانے والا فائنل میچ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر منسوخ کر دیا گیا ہے۔

  9. سعودی عرب کا رواں برس محدود حج کا اعلان

    سعودی عرب کی حکومت نے رواں برس کورونا وائرس کے پیش نظر حج کے شرکا کی تعداد محدود رکھنے اور صرف سلطنت میں مقیم افراد کو حج کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق 22 جون کی شب سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دنیا کے 180 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے پیش نظر محدود تعداد میں سلطنت میں مقیم مختلف ممالک کے شہریوں کو حج کا موقع دیا جائے گا۔‘

    جبکہ سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے ٹوئٹر پر بھی سعودی وزارت حج و عمرہ کے اس فیصلے کے متعلق آگاہ کیا گیا۔مکمل خبر پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

  10. نیدرلینڈ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے باعث کوئی ہلاکت نہیں ہوئی

    نیدرلینڈ کے صحت حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔

    نیدرلینڈ کے صحت حکام کے مطابق ملک میں مارچ سے کورونا کی وبا کے آغاز کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں کورونا کے باعث کسی ہلاکت میں اضافہ نہیں ہوا۔

    تاہم ملک میں 69 نئے متاثرین میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔

    نیدر لینڈ نے 13 مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا آغاز کر دیا تھا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کا سلسلہ حکم ستمبر تک جاری رہے گا۔

    نیدر لینڈ میں کورونا کے کل متاثرین کی تعداد 49658 ہے جبکہ 6090 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

  11. وائٹ ہاؤس کی ٹیسٹنگ میں کمی کے حکم کی تردید

    وائٹ کی ترجمان کیلے مکنینی نے تردید کی ہے کہ صدر ٹرمپ نے وائرس کی ٹیسٹنگ کو آہستہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

    یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ نے اوکلاہوما کی ریلی کے دوران اختتامِ ہفتہ کو کہا تھا کہ ٹیسٹنگ کا ’برا حصہ یہ ہے کہ آپ کو زیادہ کیسز ملیں گے۔‘

    ’سو میں نے اپنے لوگوں سے کہا کہ ٹسیٹنگ کو آہستہ کر دیں۔‘

    لیکن وائٹ ہاؤس نے سوموار کو اس بات کی تردید کی کہ ٹرمپ کا بیان کسی حقیقی صدارتی حکم کی عکاسی کرتا ہے۔

    وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا کہ ’ایسی کوئی بھی تجویز جو یہ بیان کرے کہ ٹیسٹنگ کو کم کر دیا گیا حقیقت پر مبنی نہیں ہے۔ یہ بات انھوں نے مذاق کے طور پر کہی تھی۔‘

  12. بریکنگ, کورونا وائرس سے پنجاب میں ایک روز میں 60 ہلاکتیں، 1365 نئے متاثرین

    پنجاب کے محکمہ صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 1365 مزید افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    چنانچہ اس صوبے میں متاثرین کی مصدقہ تعداد اب 68 ہزار 308 ہوچکی ہے۔

    حکام کے مطابق ایک دن میں یہاں اس وائرس کے سبب 60 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد یہاں ہلاکتوں کی کُل تعداد 1495 ہوگئی ہے۔

    پنجاب میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 19 ہزار 580 ہوگئی ہے۔

  13. کورونا وائرس: دنیا میں متاثرین 90 لاکھ سے زائد، پاکستان 14 واں سب سے زیادہ متاثر ملک

    دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 90 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک یہ وائرس چار لاکھ 69 ہزار 122 افراد کی جانیں لے چکا ہے۔

    جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ملک امریکہ ہے جہاں اب تک 22 لاکھ 89 ہزار 168 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    امریکہ کے بعد برازیل متاثرہ ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر جبکہ روس تیسرے نمبر پر ہے جہاں بالترتیب 10 لاکھ اور پانچ لاکھ سے زائد مصدقہ متاثرین موجود ہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان متاثرہ ممالک کی فہرست میں اس وقت 14 ویں نمبر پر ہے جہاں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد جبکہ ہلاکتیں 3630 ہوچکی ہیں۔

  14. پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں مزید 24 متاثرین، دو مزید ہلاکتیں, ایم اے جرال، صحافی

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے دو مریض ہلاک جبکہ 11 خواتین سمیت 24 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 869 ہوگئی ہے۔

    حکام کے مطابق وائرس سے متاثر ہونے والوں میں ایک لیڈی ڈاکٹر، ایک پیرا میڈیکل اسٹاف اور سٹاف نرس بھی شامل ہیں۔

    میرپور ڈویژن کے کمشنر محمد رقیب خان کے مطابق متاثرہ افراد میں سے 14 کا تعلق میرپور، چھ کا تعلق کوٹلی اور ایک کا تعلق بھمبر سے ہے۔

    دوسری جانب ضلع مظفرآباد کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سعید کے مطابق تین متاثرین کا تعلق مظفرآباد سے ہے۔

    ڈاکٹر سعید کے مطابق دارالحکومت میں قائم عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے آئیسولیشن وارڈ اور آئیسولیشن ہسپتال مظفرآباد میں الگ الگ زیر علاج دو مریض چل بسے جس کے بعد اس خطے میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔

    اس کے علاوہ صحتیاب افراد کی تعداد بھی دو افراد کے اضافے کے ساتھ 350 ہوگئی ہے۔

  15. کورونا وائرس: بیماری کے خوف سے کیسے نمٹیں؟

    کورونا وائرس نے دنیا کو غیر یقینی کی صورتِ حال میں ڈال دیا ہے اور اس وبا کے متعلق مسلسل خبریں بڑی بے رحم لگ سکتی ہیں۔

    یہ سب لوگوں کی ذہنی صحت پر اثر انداز ہو سکتی ہے، خصوصاً ان افراد کی صحت پر جن میں پہلے ہی اضطراب پایا جاتا ہے یا انھیں او سی ڈی ہے۔ سو ہم کس طرح اپنی ذہنی صحت کا تحفظ کر سکتے ہیں۔

    خبروں کے متعلق پرتشویش رہنا سمجھ میں آتا ہے، لیکن کئی لوگوں میں یہ پہلے سے جاری مسائل کو مزید بگاڑ سکتی ہے۔

    اس حوالے سے ماہرین کی کیا رائے ہے، اس مضمون میں جانیے۔

  16. خیبر پختونخوا: مزید 636 افراد میں وائرس کی تصدیق، صوبے میں متاثرین 22 ہزار 633

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 636 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد یہاں متاثرین کی کُل تعداد 22 ہزار 633 ہوگئی ہے۔

    اس کے علاوہ حکام کی جانب سے یہاں مزید 22 ہلاکتوں کی بھی تصدیق کی گئی ہے، چنانچہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں اب تک 843 افراد اس مرض سے ہلاک ہوئے ہیں۔

    مزید 333 افراد کے صحتیاب ہونے کے بعد یہاں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 6869 ہوگئی ہے۔

  17. پاکستان میں کووڈ 19 کی تشخیص کے لیے کون کون سے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں؟

    دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے کئی قسم کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ ان ٹیسٹوں کا طریقہ ایک دوسرے سے مختلف ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے نتائج کی حساسیت بھی مختلف ہے۔

    اس وقت پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس وائرس کی تشخیص کے لیے زیادہ تر ’پی سی آر‘ ٹیسٹ ہی کیے جا رہے ہیں۔

    تاہم پاکستان کی کچھ نجی لیبارٹریوں نے پی سی آر ٹیسٹ کے علاوہ اینٹی باڈی ٹیسٹ (آئی جی جی اور آئی جی ایم) بھی متعارف کروائے ہیں۔

    ان ٹیسٹوں کی اقسام، قیمت اور اہمیت کے بارے میں مزید اس تفصیلی مضمون میں پڑھیے۔

  18. بریکنگ, بلوچستان میں کورونا کے 112 نئے متاثرین سامنے آ گئے

    بلوچستان میں کورونا کے 112 نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 9587 ہوگئی ہے۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید دو افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جس کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی مصدقہ تعداد 104 ہوگئی ہے۔

    محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق 22 جون 2020 کو کورونا کے 790 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 112 مثبت آئے۔ بلوچستان میں اب تک کورونا کے مجموعی طور پر 43 ہزار 894 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے34 ہزار 307 کے نتائج منفی آئے۔

    صوبے میں کورونا وائرس سے اب تک 3670 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

  19. برطانیہ میں کورونا وائرس سے 15 ہلاکتیں

    13 ماہ قبل شروع ہونے والے لاک ڈاؤن کے بعد برطانیہ میں پہلی مرتبہ تصدیق شدہ متاثرین کی تعداد سب سے کم تر سطح پر آئی ہے۔

    وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں بھی کم ہو کر 15 ہو گئی ہیں، جو کہ 15 مارچ کے بعد سب سے کم نمبر ہے۔ 16 مارچ سے حکومت نے روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے متعلق بریفنگ شروع کر دی تھی۔

    تاہم، سوموار کو اکثر اموات میں کمی ہوتی ہے جس کے ایک وجہ اختتام ہفتہ پر رپورٹنگ کے مسائل بھی ہیں۔

    وزیرِ صحت میٹ ہینکوک نے روزانہ کی بریفنگ کے دوران بتایا کہ 24 گھنٹوں میں ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 5000 سے کم ہو کر 4869 پر آ گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پورے ملک میں تقریباً ایک جیسی ہی تصویر میں ہے۔

    سوموار کو 15 ہلاکتوں کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ’ہر ہلاکت ہی بہت زیادہ ہوتی ہے۔‘

  20. این سی او سی کا اجلاس، چیف سیکریٹریز کی حکومتی اقدامات پر بریفنگ

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں کورونا وباء کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ پورے ملک میں 549 جگہوں پر لاک ڈاؤن نافذ ہیں۔

    پیر کو ہونے والے اجلاس میں صوبائی چیف سیکرٹریز کی جانب سے ملک بھر میں ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن کی تازہ ترین صورت حال، آکسیجن کی ضرورت کا تخمینہ، وباء کے اعداد و شمار کا جائزہ، ریسورس مینیجمنٹ سسٹم کی تازہ ترین صورت حال اور پاک نگہبان ایپ سے متعلق فراہم کی گئی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔

    چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ میں کوئی انتظامی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔

    ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب نے اجلاس میں بتایا کہ لاہور شہر میں گذشتہ چند روز کے دوران کورونا کے بڑی تعداد میں مثبت متاثرین سامنے آئے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کمیٹی وسیع علاقے میں کورونا کے نئے ہاٹ سپاٹ سامنے آنے کے تناظر میں مستقبل کی حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔

    چیف سیکریٹری سندھ نے این سی او سی کو بتایا کہ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں رہائش پذیر کاروباری اداروں کے ملازمین کی غیر حاضری پر ان کے خلاف کارروائی سے روکنے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

    انھوں نے مزید متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق توسیع کی تجویز سے بھی آ گاہ کیا۔

    چیف سیکریٹری بلوچستان نے اجلاس میں بتایا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے لیے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور منصوبے کے تحت صرف ایک فرد کو ضروری خریداری کے لیے گھر سے باہر جانے کی اجازت ہو گی۔

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے چیف سیکریٹری نے بتایا کہ چار اضلاع میں مکمل لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ مقامی سطح پر اختیارات دیے گئے جہاں ڈپٹی کمشنرز نے متعلقہ اضلاع میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔

    انھوں نے بتایا کہ کورونا مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح تقریباً 70 فیصد ہے، جبکہ کُل 1288 متاثرین میں سے 865 صحتیاب ہو چکے ہیں۔