کورونا وائرس: بلوچستان میں کورونا کے 304 نئے مریض، خیبرپختونخوا میں متاثرین 15 ہزار سے زیادہ

دنیا بھر میں اب تک 72 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ پاکستان میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ دو ہزار سے زائد افراد اس مرض سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرین اور ہلاکتیں صوبہ پنجاب میں ہیں۔

لائیو کوریج

  1. بچا ہوا کھانا مستحق افراد تک پہنچا کر ’پوائنٹ آف لائٹ ایوارڈ‘ جیتنے والے پاکستانی نوجوان

  2. کورونا وائرس: بلوچستان میں کورونا کے 304 نئے مریض، خیبرپختونخوا میں متاثرین 15 ہزار سے زیادہ

  3. بریکنگ, گذشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں 1782 نئے متاثرین، 24 مزید ہلاکتیں

    table

    صوبہ پنجاب کی جانب سے شائع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق چھ جون کو مزید 1782 نئے متاثرین کی شناخت ہوئی ہے جبکہ 24 مزید افراد ہلاک ہو گئے۔

    صوبے میں صحتیاب ہونے والوں کی کل تعداد اب آٹھ ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  4. خطے کے مختلف ممالک میں فی دس لاکھ آبادی اموات کی شرح، پاکستان دوسرے نمبر پر

    pak

    ،تصویر کا ذریعہWHO

    پانچ جون کو پاکستان میں یومیہ اموات کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی جب کورونا وائرس کی وجہ سے 97 افراد کی ہلاکت ریکارڈ کی گئی۔

    اس اضافے کے بعد پاکستان میں کل اموات کی تعداد 1935 تک پہنچ گئی تھی جس کے بعد فی دس لاکھ آبادی شرح اموات کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان اپنے پڑوسی ممالک میں دوسرے نمبر پر تھا۔

    فی دس لاکھ آبادی شرح اموات کے حساب سے درجہ بندی:

    • ایران - 98
    • پاکستان - 9
    • افغانستان - 8
    • انڈیا - 5
    • چین - 3
  5. پاکستان میں فی دس لاکھ آبادی اموات کی شرح، اسلام آباد اور خیبر پختون خوا آگے

    hsb

    ،تصویر کا ذریعہWHO

    عالمی ادارہ صحت کی چھ جون کی یومیہ رپورٹ برائے پاکستان میں بتایا گیا ہے کہ فی دس لاکھ آبادی کے اعتبار سے پاکستان میں سب سے زیادہ اموات اسلام آباد میں ہوئی ہیں جو کہ 22 ہیں۔

    درجہ بندی کے مطابق:

    • اسلام آباد - 22
    • خیبر پختونخوا - 18
    • سندھ - 13
    • گلگت بلتستان - 7
    • پنجاب - 6
    • بلوچستان - 4
    • پاکستان کے زیر انتظام کشمیر - 2
  6. بریکنگ, بلوچستان: 24 گھنٹوں میں 1435 ٹیسٹس، یومیہ نئے مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    table

    صوبائی حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان میں 1435 ٹیسٹ کے نتیجے میں کورونا وائرسکے 445 نئے متاثرین کے اضافے بعد مجموعی تعداد6221 ہوگئی ہے۔

    اب تک بلوچستان میں ایک دن میں نئے متاثرین کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔

    ادھر ہلاکتوں کے اعتبار سے اب تک کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی مصدقہ تعداد54 ہے۔

    کورونا وائرس سے اب تک2175 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

  7. ماہرین کے مطابق آنسو گیس کے استعمال سے کووڈ 19 کا مرض لاحق ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے

    US

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    امریکہ میں طبی ماہرین نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ نسل پرستانہ رویہ کے خلاف ’بلیک لائیوز میٹر‘ والے احتجاجوں میں شریک مظاہرین کے خلاف آنسو گیس اور مرچوں والے سپرے کا استعمال سے ان مظاہرین میں کورونا وائرس ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

    طب کے شعبے سے تعلق رکھنے والے 1288 ماہرین نے ایک کھلے خط کے ذریعے حکام کو اپنے خدشات سے آگاہ کیا ہے اور لکھا کہ کووڈ 19 کے باعث بڑی تعداد میں لوگوں کو جمع ہونے سے منع کرنے کے احکامات کے باوجود ان مظاہروں میں شرکت کرنا کتنا ضروری ہے۔

    اس خط میں ایک نکتے کے مطابق: ’ہم آنسو گیس، دھویں اور ایسی کسی بھی چیز کے استعمال کی مخالفت کرتے ہیں جس کے باعث سانس لینے میں دشواری ہو سکتی ہو۔

  8. یو ایس اوپن کے لیے دیے گیے ضوابط کے تحت کھیلنا ’ناممکن‘ ہے: نواک جوکووچ

    pak

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ٹینس کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی نواک جوکووچ نے کہا ہے کہ ٹینس کے چوتھے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یو ایس اوپن کی جانب سے تجویز کردہ حفاظتی اقدامات کے تحت ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ’ناممکن‘ ہوگا۔

    نیویارک شہر میں 31 اگست سے کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے جوکووچ نے کہا انھوں نے ٹورنامنٹ کے مستقبل کے بارے میں اس کے منتظمین سے بات کی ہے۔

    ’جو قوانین اور ضابطہ کار انھوں نے ہمیں بتائے ہیں جس کے تحت کھیل ہو سکے گا، وہ بہت سخت ہیں۔‘

    سربیا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی نے کہا کہ منتظمین کے مطابق ہم شہر کے مرکزی حصے مان ہیٹن نہیں جا سکتے، ہمیں ائیرپورٹ کے پاس ہوٹلوں میں رکنا اور سونا ہوگا ، اور ہفتے میں دو سے تین بار ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

    ’ہمیں کہا گیا کہ آپ صرف ایک شخص اپنے ساتھ لا سکتے ہیں جو کہ بہت ہی ناممکن ہے۔ ہمیں اپنے ساتھ کوچ کی ضرورت ہوتی ہے، فٹنس ٹرینر کی، فزیوتھراپسٹ کی۔‘

  9. برطانیہ میں مزید 284 اموات، کل تعداد 40465 ہو گئی ہے

    AFP

    ،تصویر کا ذریعہAFp

    برطانیہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ مزید 204 اموات کے ساتھ ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 40465 ہو گئی ہے جبکہ مزید 1557 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    اب تک برطانیہ میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کل 284868 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

  10. کورونا وائرس کے خطرے کے باوجود واشنگٹن ڈی سی میں جارج فلائیڈ کی ہلاکت پر بڑا مظاہرہ متوقع

    DC

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں مظاہرین کے ایک بڑا احتجاج متوقع ہے جس میں وہ نسل پرستی اور پولیس کی جانب سے تشدد کے خلاف مظاہرہ کریں گے۔

    امریکہ کے شہر منیاپولس میں 25 مئی کو سیاہ فام جارج فلائیڈ کی پولیس افسر کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سے امریکہ بھر میں شدید غم و غصے کی لہر پھیل گئی ہے اور کئی شہروں میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوئے ہیں جس سے نپٹنے کے لیے حکام نے پولیس اور نیشنل گارڈز کو بلا لیا تھا۔

    ہفتے کے روز ہونے والے احتجاج کے بارے میں بات کرتے ہوئے واشنگٹن ڈی سی کے پولیس سربراہ نے کہا کہ ’یہ شاید ہمارے شہر میں ہونے والے سب سے بڑے مظاہروں میں سے ہوگا۔‘

    ایسے احتجاج صرف امریکہ میں ہی نہیں بلکہ دنیا کے کئی مختلف ممالک میں ہو رہے ہیں۔

    برطانیہ میں مرکزی لندن میں پارلیمنٹ سکوائر پر ایک بڑی تعداد میں عوام موجود تھی حالانکہ لندن میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے لوگوں کو ہجوم میں جمع ہونے سے منع کیا گیا ہوا ہے۔

  11. اٹلی کو اپنے شہریوں کے لیے یورپی سرحدیں کھلنے کی امید

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    اٹلی کے وزیرِ خارجہ لوئیگی ڈی مائیو نے امید ظاہر کی ہے کہ 15 جون کو دیگر یورپی ممالک اطالوی شہریوں کے لیے اپنی سرحدیں کھول دیں گے۔

    اٹلی 3 جون کو یورپی شہریوں کے لیے اپنی سرحدیں کھول چکا ہے مگر ابھی تک زیادہ تر یورپی ممالک نے اب بھی اٹلی کے شہریوں کا داخلہ بند کر رکھا ہے۔

    اٹلی میں اموات کی تعداد دنیا میں چوتھے نمبر پر سب سے زیادہ ہے جہاں اب تک جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق 33 ہزار 774 اموات ہو چکی ہیں۔

  12. پاکستان مسلم لیگ ن کے خواجہ سلمان رفیق، ملک سیف الملوک کھوکر میں کورونا وائرس کی تشخیص

    PMLN

    ،تصویر کا ذریعہFacebook/SalmanRafique.pk

    مسلم لیگ ن کے پنجاب میں ممبر صوبائی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر اور ان کے صاحبزادے ملک فیصل یوسف کووڈ 19 کے مرض میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

    ایم پی اے ملک سیف الملوک کھوکھر اور ان کے بیٹے نے مرض کی تشخیص کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

    اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے ایک اور رہنما و سابق وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو بھی کووڈ 19 ہو گیا ہے جس کے بعد وہ بھی از خود قرنطینہ میں بیٹھ گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ خواجہ سلمان رفیق پارٹی کے صدر شہبازشریف کی ہدایت پر تمام سرکاری و پرائیویٹ ہسپتال میں طبی عملے کو کٹس، سینیٹائزر اور ماسکس تقسیم کرتے رہے ہیں۔

    PMLN

    ،تصویر کا ذریعہFacebook/SaifulMalookPP160

  13. برطانیہ: جارج فلائیڈ کے قتل کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں میں ماسک تقسیم

    کورونا، نسل پرستی، جارج فلائیڈ، برطانیہ

    ،تصویر کا ذریعہTwitter/christinamobley via PA Media

    ،تصویر کا کیپشننیوکاسل میں ایک پولیس اہلکار نے جارج فلائیڈ کے قتل کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں احتراماً اپنا ہیٹ اتار رکھا ہے

    امریکہ میں سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف جہاں امریکہ بھر میں مظاہرے ہو رہے ہیں، وہیں برطانیہ میں بھی لوگ اس حوالے سے احتجاج کر رہے ہیں۔

    اب یہ مظاہرے صرف وسطی لندن تک محدود نہیں رہے ہیں بلکہ دیگر علاقوں مثلاً نیو کاسل میں سینکڑوں لوگوں نے مظاہرے کیے، جبکہ شمال مشرقی لندن میں بھی ہزاروں افراد نے ایک آن لائن مظاہرہ دیکھا۔

    نیو کاسل سٹی سینٹر میں ارل گرے یادگار پر مظاہرین میں ماسکس تقسیم کیے گئے جبکہ ہینڈ سینیٹائزر بھی دستیاب کیا گیا تھا۔

    اس دوران شمال مشرقی لندن میں نسل پرست مخالف تنظیم سٹینڈ اپ ٹو ریسیزم کی جانب سے منعقد کیے گئے آن لائن مظاہرے کو ہزاروں افراد نے آن لائن دیکھا۔ مظاہرے میں جینیٹ ایلڈر نے بھی تقریر کی جن کے بھائی کرسٹوفر 1998 میں پولیس کی حراست میں ہلاک ہو گئے تھے۔

    برطانیہ کے شہر شیفیلڈ میں سینکڑوں افراد ڈیوون شائر گرین پر جمع ہوئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

  14. بریکنگ, خیبر پختون خوا میں 542 نئے متاثرین، مزید 20 افراد کی ہلاکت

    pak

    صوبہ خیبر پختون خوا کی وزارت صحت نے ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 542 نئے متاثرین کی تشخیص ہوئی ہے۔

    لگاتار دوسرے روز بھی خیبر پختون خوا میں 20 افرد کی کووڈ 19 سے ہلاکت ہوئی جس کے بعد مجموعی تعداد 561 ہو چکی ہے اور کل صحتیاب افراد 3450 ہو گئے ہیں۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  15. مراد سعید کا سندھ حکومت پر کورونا علاج کی آڑ میں کرپشن کا الزام

    MS

    ،تصویر کا ذریعہFacebook/MuradSaeedOfficial

    مراد سعید نے سندھ حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ہسپتالوں کے ساتھ معاہدے کر رہی ہے تاکہ انھیں کورونا سے لڑنے کے لیے 200 مریضوں کی پیشگی ادائیگی کی جا سکے۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ یہ رقم ایک لاکھ 10 ہزار روپے فی مریض کے حساب سے فراہم کی جا رہی ہے اور ان ہسپتالوں کو بھی اتنا ہی دیا جا رہا ہے جن کا کم خرچ ہے۔

    مراد سعید نے الزام عائد کیا کہ ان ہسپتالوں میں ڈاکٹر عاصم کا بھی ہسپتال شامل ہے، اور انھوں نے اسے پیپلز پارٹی کی جانب سے کرپشن کرنے کا منصوبہ قرار دیا۔

    انھوں نے کہا کہ ہر سال تھر میں بھوک سے سینکڑوں اموات ہوتی ہیں جبکہ وہاں پاکستان میں سب سے زیادہ غذائی قلت ہے۔ مراد سعید نے سوال کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ہر سہولت کے ساتھ پیسے بھی دیے گئے ہیں، یہ پیسہ کدھر گیا ہے؟

  16. ’ٹوکیو اولمپکس اگلے سال نہ ہو سکا تو پھر بالکل نہیں ہوگا‘

    tikyo

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے سینئیر رکن پئیر اولیوئیر بیکرس نے کہا ہے کہ جاپان کے شہر ٹوکیو میں 2020 اولمپکس ، جنھیں کورونا کی وبا کی وجہ سے اگلے سال تک ملتوی کر دیا گیا ہے، اگر 2021 میں بھی نہ ہوئے تو انھیں منسوخ کر دیا جائے گا۔

    ’ اس پر آنے والے اخراجات اور جتنی بڑی تعداد میں لوگ اس میں شریک ہیں ، اس کو دیکھتے ہوئے ہم یہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ اتنے بڑے منصوبے کو مزید اور بڑھائیں۔‘

    انھوں نے کہا کہ تمام کھیلوں کی فیڈریشنوں کو اولمپکس ملتوی ہونے کی وجہ سے اپنے اپنے منصوبے بدلنے پڑے ہیں اور ایسا بار بار نہیں ہو سکتا۔

    پئیر اولیوئیر بیکرس کا بیلجئین اخبار کو دیا گیا بیان آئی او سی کے صدر تھامس باخ کے بیان سے مماثلت رکھتا ہے جنھوں نے کہا تھا کہ اگر اگلے سال بھی اولمپکس نہ ہوئے تو وہ منسوخ کر دیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ ٹوکیو شہر کے میئر نے کہا ہے کہ ان کا شہر اور گیمز کا انعقاد کرنے والی تنظیم اس بارے میں سوچ و بچار کر رہی ہے کہ اولمپکس کو اگلے سال کیسے منعقد کیا جائے۔

  17. مراد سعید: 'صحت کے لیے سندھ کو دیے گئے ساڑھے پانچ کھرب روپے کہاں گئے؟'

    مراد سعید نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد صحت کا محکمہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری تھی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کو ٹیسٹنگ کٹس، رقم، تربیت وغیرہ دی جا رہی ہے اور احساس پروگرام کے تحت سندھ میں بھی لوگوں کو دیے جا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ گذشتہ آٹھ سالوں میں سندھ کو صحت کے شعبے کے لیے ساڑھے پانچ کھرب روپے دیے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود ایسا کوئی ہسپتال نہیں بنایا گیا جہاں آصف علی زرداری کا خود کا علاج ہو سکے۔

    مراد سعید نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ میں کتوں کے کاٹنے کی ویکسین اور سٹریچر تک نہیں ہوتے جبکہ ہر سال صحت کے لیے اربوں روپے صحت کی مد میں دیے جاتے ہیں۔

    انھوں نے کراچی میں فرنٹ لائن پر کورونا سے لڑتے ہوئے ہلاک ہونے والے ڈاکٹر فرقان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے پاس ان کے لیے بھی وینٹیلیٹر نہیں تھا۔ مراد سعید نے کہا وفاقی حکومت کی جانب سے 250 وینٹیلیٹر صوبوں کو دیے گئے ہیں، تو سندھ حکومت کے پاس انھیں دینے کے لیے ایک وینٹیلیٹر بھی نہیں تھا؟

  18. مراد سعید: 100 ٹیسٹ یومیہ کی صلاحیت کو 30 ہزار ٹیسٹ یومیہ تک لے کر آئے

    test

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    وفاقی وزیر مراد سعید نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کو پی پی ای کٹس فراہم کی گئی ہیں اور وبا کے آغاز پر پاکستان میں یومیہ 100 ٹیسٹ کیے جا سکتے تھے جبکہ اب یہ تعداد یومیہ 30 ہزار سے زیادہ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ جب یہ وبا آئی تو پی پی ای کٹس کو درآمد کیا جا رہا تھا جبکہ آج پاکستان کٹس، ماسک اور سینیٹائزر برآمد کرنے کی حالت میں آ چکا ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے 1200 ارب روپے مالیت کا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پیکج دیا ہے جو خطے کے ان دوسرے ممالک سے بھی زیادہ بڑا ہے جن کی معیشتیں پاکستان سے بہتر ہیں۔

    مراد سعید نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کے تمام 15 ہزار 450 کے تحت تمام ہسپتالوں کو ایک آن لائن سسٹم کے تحت منسلک کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن 848 مقامات پر نافذ ہے۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ میں لوگوں تک کیش امداد پہنچا دی لیکن سندھ حکومت نے وعدہ کیا گیا راشن لوگوں تک نہیں پہنچایا جس کے باعث لوگ سڑکوں پر آئے جس سے وبا کے پھیلنے کا خدشہ بڑھا۔

  19. وفاقی وزیر مراد سعید کا بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل

    MS

    ،تصویر کا ذریعہFacebook/MuradSaeedOfficial

    وفاقی وزیر برائے پوسٹل سروسز مراد سعید نے اب سے کچھ دیر قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی مضبوط معیشتیں اور بہترین نظامِ صحت اس وبا کے سامنے بے بس ہوچکے ہیں۔

    انھوں نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس نظامِ صحت پر انھیں اعتبار نہیں، پاکستان اسی نظامِ صحت کے ساتھ اس عالمی وبا کا مقابلہ کر رہا ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ دوسری جانب شریف خاندان ہے جو عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے بیرونِ ملک علاج کروانے چلا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ صحت پر کبھی کسی نے توجہ نہیں دی اور پاکستان قرضے میں ڈوبا ہوا ہے۔ 'جب یہ عالمی وبا آئی تو وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے لوگوں کو مرض اور غربت دونوں سے بچانا ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ لوگوں کا روزگار بھی بچانا ہے اور ان کی صحت کا بھی خیال رکھنا ہے۔

    مراد سعید نے کہا کہ 144 ارب روپے کا احساس پروگرام پیکج وفاقی حکومت کی جانب سے غریب عوام کے لیے جاری کیا گیا اور اسی طرح صنعتوں کے لیے بھی اربوں روپے کا پیکج جاری کیا گیا تاکہ وہ لوگوں کو روزگار سے نہ نکالیں۔

    وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ دنیا نے احساس پروگرام کو سراہا ہے۔

  20. پنجاب میں ماسک نہ پہننے پر کارروائی کی جائے گی: وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار

    Pak

    ،تصویر کا ذریعہFacebook/UsmanAKBuzdarCM

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نےصوبے میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم دیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پبلک مقامات، مارکیٹوں، بازاروں اور پارکوں میں ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کرایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی

    وزیر اعلی کہ کہنا تھا کہ ماسک پہننا شہریوں کی حفاظت کیلئے ضروری ہے اور گھر سے نکلتے وقت شہری ماسک لازم پہنیں۔

    انھوں نے کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے مزید کہا کہ متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

    ’پنجاب کے ہسپتالوں میں خالی بیڈز بھی موجود ہیں اور وینٹی لیٹرز بھی اور ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کیلیے ضروری ادویات دستیاب ہیں۔‘

    اس کے علاوہ انھوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے متاثرہ مریضوں کو گھروں میں آئسولیشن کی اجازت دے دی ہے۔

    کاروباری سرگرمیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کاروبار کی اجازت ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہے اور خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔

    انھوں نے اس موقع پر کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات کو سراہا اور انھیں خراج تحسین پیش کیا۔