اجمل وزیر: ’بلاول سندھ پر توجہ دیں، خیبر پختونخوا میں کورونا صورتحال قابو میں ہے‘

،تصویر کا ذریعہRadio Pakistan
خیبر پختونخوا کے مشیرِ اطلاعات اجمل وزیر نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول سندھ پر توجہ دیں، خیبر پختونخوا میں کورونا صورتحال قابو میں ہے۔
یاد رہے گذشہ روز پریس کانفرنس سے خطاب میں بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ شروع میں لاک ڈاؤن اچھی طرح اپنایا گیا مگر بعد میں ایک سازش کے تحت اس کے خلاف کام کیا گیا۔
اجمل وزیر کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق متاثرین کی رپورٹنگ ہورہی ہے اور یہاں کورونا سے صحتیابی کی شرح سندھ سے کافی بہتر ہے۔
اجمل وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی میں وزیر اعلیٰ سندھ کو سب سے زیادہ وقت دیا جاتا ہے جس کا میں خود اور تمام صوبوں کے وزرائے اعلی گواہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں قومی رابطہ کمیٹی میں وزیر اعلی سندھ سمیت تمام وزرائے اعلی سے تمام ایشوز پر تفصیلی گفتگو ہوتی ہے اور تمام صوبوں اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے وزیراعظم کی مشاورت سے تمام تر فیصلے ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے حکمرانوں کی منطق سمجھ نہیں آتی کہ باہر آکر کیوں اس طرح بے جا تنقید کرتے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر کے 49 ہسپتالوں کے طبی عملے کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حفاظتی سامان کی ساتویں کھیپ مہیا کردی گئی۔















