آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا وائرس: پاکستان میں 24 گھنٹوں میں 1430 نئے متاثرین، 33 ہلاکتیں

کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں اب تک 44 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر اور تین لاکھ سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ پاکستان میں کورونا کے کل متاثرین کی تعداد 37,176 ہو گی ہے اور ہلاکتوں کی کل تعداد 803 ہے۔ دوسری جانب جرمنی میں گذشتہ روز 100 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں اور 900 سے زیادہ نئے متاثرین سامنے آئے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. اقوام متحدہ: وبا کے باعث ذہنی صحت کا بحران جنم لے رہا ہے

    اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے ساتھ ساتھ دنیا میں ذہنی صحت کا بحران بھی جنم لے رہا ہے اور اس کی وجہ کئی ممالک میں ذہنی امراض کے علاج پر عدم توجہ ہے۔

    فرنٹ لائن طبی عملے سے لے کر اپنی نوکریاں کھونے والوں اور یا اپنے پیاروں کے بچھڑنے کا غم سہنے والوں سے لے کر گھروں میں قید بچوں اور طالب علموں تک، یہ وبا سب لوگوں کے لیے ذہنی دباؤ اور کوفت کا باعث ہے۔

    جمعرات کو جاری ہونے والے ایک پالیسی بیان میں اقوامِ متحدہ نے دنیا کے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے وبا سے نمٹنے کے منصوبوں میں ذہنی صحت کے علاج اور عوام کے لیے نفسیاتی امداد فراہم کرنے کے طریقے بھی شامل کریں۔

    اچھی ذہنی صحت ایک پھلتے پھولتے معاشرے کے لیے ضروری ہے اور اقوامِ متحدہ کے مطابق ان اقدامات کے بغیر وبا کے ساتھ ساتھ دنیا میں ذہنی صحت کا بحران بھی جنم لے سکتا ہے۔

  2. بلوچستان کے وزیر خزانہ میں کورونا وائرس کی تشخیص

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے وزیرِ خزانہ ظہور بلیدی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ میں ان تمام افراد کا شکرگزار ہوں جنھوں نے میری جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

    انھوں نے لکھا کہ ’مجھ میں علامات نہیں ہیں اور میں صحتیاب ہو رہا ہوں۔‘

    خیال رہے کہ اس سے قبل صوبائی و وفاقی حکومت کے متعدد اراکین میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔ جن میں سندھ کے وزیرِ تعلیم سعید غنی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری، خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی اور رکن پارلیمان علی وزیر میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

  3. لاک ڈاؤن ڈائری: اپنا خیال رکھیں نہ رکھیں، دوسروں کا تو رکھیں

  4. ہیوسٹن میں سماجی دوری وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کیسے مددگار ثابت ہو رہی ہے؟

    کورونا وائرس سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں امریکہ سر فہرست ہے۔

    جہاں اس میں نیو یارک، لاس اینجلس جیسی بڑی اسٹیٹس شامل ہیں وہی امریکہ کی ریاست ٹیکسس میں رہنے والے لوگوں نے اس وبا کا ڈٹ کی مقابلہ کِیا ہے، ہمارے ساتھی نعمان مسرور سے ہیوسٹن میں بسنے والی شیریں امتیاز نے وہاں کے حالات سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ہیوسٹن شہر کی صورتحال بتائی گئی ہے۔

  5. دبئی ایئرپورٹ کے سربراہ: کورونا کی وجہ سے فضائی سفر مہنگا ہو جائے گا

    درجہ حرارت کی چیکنگ اور چہرے کے ماسک دنیا کے ہوائی اڈوں کا ایک مستقل حصہ بن سکتے ہیں لیکن سماجی دوری پر عمل کرنے کے لیے آنے والے دنوں میں ہوائی سفر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔

    دنیا کے سب سے مصروف دبئی ایئرپورٹ کے چیف ایگزیکٹیو پال گرفتھس نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ عوام اور اپنے عملے کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔

    متحدہ عرب امارات میں ہوائی سفر پر لگائی پابندیوں میں کچھ نرمی لائی جا رہی ہے لیکن اب تک واضح نہیں کہ معمول کی پروازوں کا سلسلہ کب شروع ہوگا۔

    گرفتھس نے بتایا کہ سماجی دوری کو مدنظر رکھتے ہوئے ہوائی کمپنیاں پہلے سے کم ٹکٹ فروخت کریں گی اور جہازوں میں کئی نشستیں خالی رکھی جائیں گی جس کی وجہ سے ٹکٹوں کی قیمت میں اضافہ ہوگا۔

  6. شبلی فراز: حکومت لاک ڈائون کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت اقدامات لے گی

    وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت لوگوں کی جانب سے لاک ڈاؤن کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں سخت اقدامات کرے گی۔

    ریڈیو پاکستان کے مطابق انھوں نے ایک نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے ان کے تحفظ کے لیے وضع کیے گئے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کریں۔

    وفاقی وزیر نے حزب اختلاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں پرزور دیا کہ وہ ملک میں کورونا وائرس کے مسلسل پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے موثر کردار ادا کریں۔

  7. کورونا وائرس ’اینٹی باڈی ٹیسٹ‘ انگلینڈ کے حکام سے منظور

    انگلینڈ میں حکام نے ایک ایسے ٹیسٹ کی منظوری دی ہے جس سے یہ معلوم کیا جا سکتا ہے کہ آیا کسی شخص کو کبھی کووڈ 19 انفیکشن ہوا تھا یا نہیں۔

    پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے مطابق سوٹزرلینڈ کی دوا ساز کمپنی روش کی جانب سے تیار کیا جانے والا ٹیسٹ ’ایک انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔‘

    یہ ٹیسٹ انسان کے جسم میں وہ اینٹی باڈیز تلاش کرتا ہے جن سے معلوم ہو سکتا ہے کہ کبھی ان کے جسم نے اس وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے اینٹی باڈیز بنائی تھیں۔

    حکام کے مطابق اب تک کیے جانے والے ٹیسٹ ناقابلِ اعتبار تھے لیکن یہ پہلا تجربہ ہے جس کی کامیابی کی امید ہے۔

    اس سے قبل یورپی یونین اور امریکہ کے متعلقہ اداروں اس ٹیسٹ کی منظوری دے رکھی ہے۔

  8. کورونا کی وبا انسانی رشتوں پر کیسے اثرانداز ہوگی؟, کرس سٹوکل واکر، بی بی سی فیوچر

    ہم ان دنوں انسانوں کے درمیان جو انتہائی فاصلے دیکھ رہے ہیں امید کہ وہ ایک غیر مستقل تبدیلی ہو۔

    لیکن چونکہ اب زیادہ تر ممالک اپنے لاک ڈاؤن کو ختم کر رہے ہیں تو ہمارے سامنے یہ پریشانی ہے کہ ہم عام زندگی کی طرف کس طرح لوٹیں اور کس طرح ایک دوسرے کے ساتھ ملیں جلیں کہ ہم محفوظ بھی رہیں اور کسی کے جذبات کو ٹھیس بھی نہیں پہنچائیں۔

    شائستگی اور محبت کے جذبات کے مظہر زندگی بھر کے سیکھے گئے معاشرتی اصولوں کے تجربے کو ختم کرنا مشکل رہا ہے: بہت ساری ثقافتوں میں جب ہم نئے لوگوں کا استقبال کرتے ہیں تو ان سے مصافحہ کرتے ہیں، جن سے بہت قریب ہوتے ہیں ان سے بغل گیر ہوتے ہیں اور جس کو مدد کی ضرورت ہوتی ہے اس کے لیے حقیقی معنوں میں ہاتھ بڑھاتے ہیں۔

    جوں جوں لاک ڈاؤن میں نرمی آ رہی ہے تو ہم سب ایک بار پھر باہر جانے کی تیاری کر رہے ہیں جہاں ان تمام عادات کو روکنا پڑ سکتا ہے!

    فرانسیسیوں کا ہوائی بوسہ مرض کے پھیلنے کا سبب ہوسکتا ہے۔ اطالویوں کا پرجوش خیرمقدم ممکنہ طور پر زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے۔

    اب چھونے والے طور طریقے شاید قابل قبول نہ ہوں اور اس کے ساتھ ہم نے جو جسمانی رابطے کے طور طریقے سیکھے ہیں ان میں بھی تبدیلی رونما ہو سکتی ہے۔

    کیا مستقبل میں بوسہ لینا، مصافحہ کرنا یا بغل گیر ہونا معیوب سمجھا جائے گا؟ مزید جاننے کے لیے کلک کیجیے

  9. ’حیران کن طور پر‘ وائرس سے پاک جاپان میں آج ایمرجنسی اٹھائے جانے کا امکان

    جاپان میں دنیا کی سب سے عمر رسیدہ آبادی ہے جبکہ دنیا کے سب سے گنجان آباد شہروں میں سے ایک ٹوکیو اس کا دارالحکومت ہے۔ ان دو وجوہات کی بنا پر ہی یہ ملک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونا چاہیے تھا۔

    تاہم حیران کن طور پر ایسا نہیں ہوا۔

    جاپان کے محکمہ صحت کے مطابق 12 اعشاریہ چھ کروڑ کی آبادی والے اس ملک میں اب تک صرف 16 ہزار 24 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 668 اموات بھی ہوئی ہیں۔

    جاپان میں انفیکشن اور اموات کی شرح اتنی کم ہے کہ دیگر ممالک یہاں کے اعداد و شمار دیکھ کر سر کھجاتے رہ جاتے ہیں جبکہ اکثر ان اعداد و شمار کو شک کی نگاہ سے بھی دیکھتے ہیں کہ شاید حکام ملک کی مکمل صورتحال سامنے نہیں رکھ رہے۔

    اس کے علاوہ حالیہ ہفتوں میں جاپان میں نئے مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے جس کے بعد یہ توقع کی جا رہی ہے کہ وزیرِ اعظم شنزو ایب جمعرات کو ملک کے بیشتر حصوں سے ایمرجنسی ہٹا دیں گے۔

    اس ظاہری کامیابی کے باوجود ناقدین کا کہنا ہے کہ جاپان میں ٹیسٹنگ کی کم شرح کے باعث اصل صورتحال تاحال واضح نہیں ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق ملک میں 11 مئی تک 218204 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جو کہ جی7 ممالک میں سب سے کم ہے۔

    حکومت کے متعدی امراض کے ماہر شیگیرو اومی یہ تسلیم کر چکے ہیں کہ کورونا وائرس کے اصل اعداد و شمار کے بارے میں ’کوئی نہیں جانتا‘ اور ملک میں اصل متاثرین ’مصدقہ متاثرین سے 10، 12 یا 20 گنا زیادہ ہو سکتے ہیں۔‘

    تاہم ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ ملک میں ماسک پہننے کی پابندی، جوتے اتارنے کا رواج، ہاتھ ملانے کی بجائے جھک کر ملنا، کم موٹاپا اور ایک قسم کی خوراک کھانا ایسے ثقافتی عوامل ہو سکتے ہیں جن کے باعث ملک میں وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار سست رہی ہے۔

  10. جرمنی: 24 گھنٹوں میں 900 سے زیادہ نئے مریض، 89 ہلاکتیں

    جرمنی کے رابرٹ کوک انسٹی ٹیوٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 933 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں مریضوں کی کُل تعداد 172239 ہو گئی ہے۔

    بدھ کو 89 اموات کے بعد جرمنی میں اب تک 7723 افراد وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔

  11. کورونا وائرس: کیا چین دس دن میں ایک کروڑ ٹیسٹ کر سکتا ہے؟

  12. ’وزیر اعظم عمران خان کووڈ 19 پر ورلڈ اکنامک فورم کی میٹنگ میں شرکت کریں گے‘

    پاکستان کے وزیر خاگرجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم کے ’کووڈ ایکشن پلیٹ فارم‘ کے اجلاس میں شرکیت کریں گے۔

    ریڈیو پاکستان کے مطابق انھوں نے بتایا کہ اجلاس میں وزیر اعظم بین الاقویمی برادری کو پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہ کریں گے اور انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے مسائل کے علاوہ دنیا کے پسماندہ ممالک کے قرضوں کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کریں گے۔

  13. صدر ٹرمپ کی اپنے ہی مشیر پر تنقید

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے اہم رکن، ڈاکٹر اینتھونی فاؤچی پر تنقید کی ہے۔

    ڈاکٹر فاؤچی نے گذشتہ روز امریکی قانون سازوں کے سامنے دیے گئے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر امریکہ نے لاک ڈاؤن کی سختیاں جلد بازی میں ختم کیں تو یہ موت کو دعوت دینے کے برابر ہوگا۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ تنبیہ ’ناقابلِ قبول‘ ہے اور الزام لگایا کہ ڈاکٹر فاؤچی دونوں طرف کی سیاست کر رہے ہیں۔

    صدر کے مطابق وہ خاص طور پر وائٹ ہاؤس ٹاسک فورس کے رکن کی سکولوں کو کھولنے کے حوالے سے تجاویز سے ناخوش ہیں۔

  14. بریکنگ, کورونا وائرس: پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1452 نئے مریض، مزید 33 اموات

    تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث 35790 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ گذشتہ روز ہونے والی 33 اموات کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی کل تعداد 770 ہو گئی ہے۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1452 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اب تک کل 9695 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

    صوبہ پنجاب تاحال متاثرین کی اعتبار سے ملک کا سب سے متاثرہ صوبہ ہے جہاں اب تک 13561 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

    ادھر اموات کے اعتبار سے صوبہ خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ 275 اموات ہوئی ہیں۔

  15. لاس اینجلس کے ساحل عوام کے لیے کھول دیے گئے

    امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سب سے بڑے شہر لاس اینجلس نے کئی ہفتوں بعد بدھ کو ساحلِ سمندر عوام کے لیے دوبارہ کھول دیے۔

    عوام سمندر کنارے جانے کی اجازت ملتے ہی دھوپ سینکنے کے غرض سے نکل آئی اور شہر کے متعدد ساحلوں پر بڑی تعداد میں لوگ نظر آئے۔

    ریاست نے شہریوں کو موسم گرما کے دوران اپنے گھروں تک محدود رہنے کی ہدایات دی ہیں۔

    تاہم نئی ہدایات کے مطابق شہریوں کو ساحل پر آنے کی اجازت ہے بشرطیکہ وہ ماسک پہنیں اور چلتے پھرتے رہیں اور ریت پر نہ بیٹھیں۔

  16. بریکنگ, کورونا وائرس: اسلام آباد میں ریکارڈ 63 نئے مریض، کل متاثرین 800 سے زیادہ, اسلام آباد میں کل متاثرین: 822 | اموات: 6 | صحتیاب: 100

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے باعث گذشتہ 24 گھنٹوں میں 63 نئے مریض سامنے آ چکے ہیں جو شہر میں ایک دن میں متاثرین کی تعداد میں سب سے بڑا اضافہ ہے۔

    اسی کے ساتھ شہر میں کورونا متاثرین کی کل تعداد 800 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک یہاں چھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    اسلام آباد میں اب تک 100 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

  17. ترکی: لاک ڈاؤن کے دوران استنبول کیسا لگتا ہے؟

  18. یورپ کی تازہ ترین صورتحال

    فرانس میں 83 مزید ہلاکتوں کے بعد ملک میں کل اموات کی تعداد 27074 ہوگئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 2428 مریض انتہائی نگہداشت کے سنٹرز میں ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 69 نئے سنگین کیسز سامنے ائے ہیں۔

    گذشتہ روز ہلاکتوں کی تعداد میں قدرے کمی آئی ہے۔ منگل کے روز 348 اور پیر کے روز 263 ہلاکتیں ہوئیں۔

    امریکہ، برطانیہ، اٹلی اور سپین سبھی میں 27000 سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

    فرانس میں ہلاکتوں کی تعداد سپین سے زیادہ ہو گئی تھی تاہم گذشتہ 24 گھنٹوں میں سپین میں 184 ہلاکتوں کے بعد سپین میں اموات 27104 تک پہنچ گئی ہیں اور فرانس ایک مرتبہ پھر دنیا میں پانچویں نمبر پر آ گیا ہے۔

    ادھر اٹلی میں بدھ کے روز 172 اموات ہوئیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی کل تعداد 31106 ہوگئی ہے۔

  19. قرنطینہ کا تصور کہاں سے آیا؟

  20. ہو سکتا ہے کہ کووڈ 19 کبھی بھی ختم نہ ہو: عالمی ادارہِ صحت

    عالمی ادارہِ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ کووڈ 19 کبھی بھی ختم نہ ہو۔

    ڈبلیو ایچ او کے ایمرجنسیز کے ڈائریکٹر مائیکل رائن نے جنیوا سے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہو سکتا ہے کہ یہ وائرس ہماری کمیونٹی میں ایک اینڈیمک بن جائے اور ہو سکتا ہے کہ یہ وائرس کبھی ختم نہ ہو۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’ایچ آئی وی ختم نہیں ہوا ہے مگر ہم نے اس وائرس کا مقابلہ کرنا سیکھ لیا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ویکسین کے بغیر لوگوں میں اس وائرس کے خلاف قوتِ مدافعت درکار سطح تک آنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔

    دنیا بھر میں کئی ماہرین ویکسین تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے یہ کبھی نہ بن سکے گی۔