آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا وائرس: پاکستان میں 24 گھنٹوں میں 1430 نئے متاثرین، 33 ہلاکتیں

کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں اب تک 44 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر اور تین لاکھ سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ پاکستان میں کورونا کے کل متاثرین کی تعداد 37,176 ہو گی ہے اور ہلاکتوں کی کل تعداد 803 ہے۔ دوسری جانب جرمنی میں گذشتہ روز 100 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں اور 900 سے زیادہ نئے متاثرین سامنے آئے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. مرغیوں کا فضلہ کووڈ 19 کے خلاف جنگ میں کیسے استعمال ہو رہا ہے؟

  2. شبلی فراز: اشرافیہ ایک 'سٹیٹ آف مائنڈ‘ ہوتا ہے

    شبلی فراز نے سینیٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اشرافیہ کا آج کل بہت ذکر ہو رہا ہے۔ ’اشرافیہ وہ طبقہ ہے جو زندگی کے ہر پہلو میں ہم سے بہتر سمجھا جاتا ہے۔‘

    ’یہ وہ لوگ ہیں جو بیمار ہوتے ہیں تو ملک سے باہر چلے جاتے ہیں۔ آپ پاکستان میں رہیں!‘

    سینیٹر فراز کے مطابق اشرافیہ ایک ذہنی کیفیت یا ’سٹیٹ آف مائنڈ‘ ہے۔

    ’قانون سے وہ اپنے آپ کو بالاتر سمجھتے ہیں، عام لوگوں کی کوئی پرواہ نہیں۔ یہ اشرافیہ کی تعریف ہے۔‘

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن کی باتیں کرنے والے اشرافیہ ہیں جنھیں عام آدمی کے مسائل کی کوئی پرواہ نہیں۔

  3. آرمینیا: کورونا کے باعث ایمرجنسی میں 13 جون تک توسیع

    آرمینیا میں کورونا وائرس کے پیش نظر نافذ ایمرجنسی میں 13 جون تک توسیع کر دی ہے۔

    اپریل کے اؤآخر سے ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تاہم مئی کے شروع میں ہی حکومت نے معیشت کے تقریباً تمام شعبوں کو کھولنے کا اجازت دے دی تھی۔

    30 لاکھ آبادی والے قفقاز کے خطے میں واقع اس ایشیائی ملک میں اب تک کورونا کے 3860 مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ جمعرات تک ملک میں 49 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

  4. شبلی فراز: حکومت نے کورونا وائرس پر سیاست نہیں کی

    وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سینیٹ میں تقریر کرتے ہوئے این سی او سی کے حوالے سے بتایا کہ وہ ایک مکمل ادارہ ہے جو کورونا کی وبا کے تمام پہلوؤں پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اس میں تمام صوبوں کے نمائندے شامل ہے۔

    انھوں نے کہا کہ سندھ میں بدقسمتی سے سخت لاک ڈاؤن کے باعث لوگ راشن کے لیے پھر سڑکوں پر رہے تھے اور کاروباری برادری بھی سڑکوں پر نکل آئی۔

    انھوں نے کہا: ’ہماری کوشش ہے کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہو، چاہے ہماری وہاں حکومت ہے یا نہیں۔ ہم نے اس پر سیاست نہیں کی اور ہم حزبِ اختلاف کو بھی کہتے ہیں کہ اس معاملے پر سیاست نہ کریں۔‘

    ان کا کہنا تھا: ’حزبِ اختلاف بلیم گیم نہ کھیلے، آپ تجاویز دیں، ہماری حمایت کریں۔‘

  5. ’متوسط اور اس سے نیچے کے طبقے عمران خان کی ترجیح ہیں‘

    سینیٹر شبلی فراز کے مطابق وبا کے دوران سب سے پہلے امداد کا مستحق مزدور طبقہ ہے۔

    ’وہ لوگ جو اپنے دن کی کمائی سے اپنے بچوں کے سامنے رات کا کھانا رکھتے ہیں۔‘

    ان کے مطابق متوسط اور اس سے نیچے کے طبقے وزیر اعظم عمران خان کی ترجیح ہیں اور ان کے درد کو وزیر اعظم خوب سمجھتے ہیں۔

  6. پاکستان: سینیٹ میں کورونا وائرس پر بحث کا آغاز

    پاکستان کے ایوانِ بالا یعنی سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں جاری ہے اور اس وقت وزیر اطلاعات شبلی فراز تقریر کر رہے ہیں۔

    سینیٹر فراز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے حالات امریکہ جیسے دیگر ممالک سے کہیں بہتر ہیں۔

    ’ایک ایسا ملک جس کا صحت کا نظام تقریباً ناپید ہے۔۔۔ ہم ایک ایسے بحران کا سامنا کر رہے ہیں جس سے دنیا کی کوئی بھی طاقت نبرد آزما نہیں ہو سکی۔‘

  7. برونڈی نے عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں کو ملک بدر کر دیا

    مشرقی افریقہ کے ملک برونڈی نے عالمی ادارہ صحت کے نمائندے سمیت تین اور ماہرینِ صحت کو ملک بدر کرنے کا حکم دیا ہے اور انھیں ملک سے نکلنے کے لیے صرف 48 گھنٹے دیے گئے ہیں۔

    برونڈی کی وزارت خارجہ نے اس فیصلے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ ملک میں 20 مئی کو صدارتی انتخابات منعقد ہوں گے اور ملک کو کورونا وائرس کی وبا کے دوران ایسا کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

    زیادہ تر انتخابی ریلیوں میں شرکا سماجی دوری اور دیگر احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرتے دیکھے گئے ہیں۔

    ملک میں اب تک کورونا وائرس کے صرف 15 مصدقہ مریض ہیں جبکہ ایک ہی موت ریکارڈ کی گئی ہے تاہم بین الاقوامی مبصرین کو ان اعدادوشمار پر شک ہے۔

  8. انڈین پریمیئر لیگ کے انعقاد پر خدشات برقرار

    انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) دنیا کی بہترین ٹی 20 کرکٹ لیگ ہے جس میں انڈیا اور دنیا بھر سے بہترین کرکٹرز شرکت کرتے ہیں۔

    عام طور پر اس کا انعقاد مارچ اور جون کے درمیان ہوتا تھا۔ تاہم تاریخ میں پہلی مرتبہ آئی پی ایل کو گذشتہ اپریل میں غیر معینہ مدت تک معطل کر دیا گیا تھا۔

    یہ فیصلہ انڈیا میں لگائے جانے والے لاک ڈاؤن کے باعث کیا گیا تھا۔ تاہم اس فیصلے کے ایک ماہ بعد بھی ہمیں آئی پی ایل کے انعقاد کے حوالے سے کوئی حتمی تاریخ معلوم نہیں ہے۔

    اس حوالے سے چہ مگوئیاں چل رہی ہے کہ شاید لیگ کو صرف انڈین کھلاڑیوں تک محدود کر دیا جائے تاہم اس تجویز سے تمام ٹیمیں خوش نہیں ہیں۔

    گذشتہ ماہ سری لنکا نے آئی پی ایل کا انعقاد کرانے پیشکش کی تھی تاہم اس حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی جس سے یہ اندازہ لگایا جا سکے کہ کیا یہ لیگ انڈیا سے باہر کروائی جا سکتی ہے یا نہیں۔

    خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بورڈ حکام نے بتایا کہ اس ٹورنامنٹ کی منسوخی کے باعث انڈین کرکٹ بورڈ کو تقریباً 53 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو گا۔

  9. آپ اکیلے ہی آئیں، ساتھی ریستوران فراہم کرے گا!

    تھائی لینڈ میں ریستورانوں کو سماجی دوری کے قوائد کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلنے کی اجازت مل گئی ہے تاہم جن لوگوں کو اکیلے کھانے سے کوفت ہوتی ہے ان کے لیے ایک خوشخبری بھی ہے!

    بینکاک کے ایک ریستوران، میزون سائیگون‘ کے مالک نے مہمانوں کو خوش کرنے کے لیے ہر میز پر ننھے پانڈا رکھ دیے ہیں۔

  10. پاکستان بھر میں 100 سے زائد، صرف کوئٹہ میں 35 صحافی کورونا وائرس سے متاثر: پی ایف یو جے

    پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر شہزادہ ذوالفقار نے کہا ہے کہ دوسرے شہروں کے مقابلے میں کوئٹہ شہر میں کورونا سے متاثرہ صحافیوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

    بی بی سی کے محمد کاظم سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ شہر میں متاثرہ صحافیوں اور دیگر کارکنوں کی تعداد 35 ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ پاکستان بھر میں کورونا سے متاثرہ صحافیوں کی مجموعی تعداد 100 سے زیادہ ہے۔

    تاہم ان کا کہنا تھا کہ میڈیا سے تعلق رکھنے والے تمام لوگ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران اس بیماری کا شکار نہیں ہوئے۔

    پی ایف یو جے کے صدر کے مطابق شاید ان میں سے بعض لوگ عام لوگوں سے رابطوں یا اس نوعیت کی دیگر وجوہات سے متاثر ہوئے ہوں گے۔

    خیال رہے کہ کوئٹہ میں پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے محکمہ صحت سے صحافیوں اورمیڈیا ورکرز کے ٹیسٹ کا خصوصی اہتمام کروایا تھا۔

    مجموعی طورپر اب تک شہر میں 130 سے زائد میڈیا کارکنوں کا ٹیسٹ کروایا گیا ہے۔

  11. بریکنگ, روس: ایک دن میں تقریباً 10 ہزار نئے مریض

    روس نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9974 نئے مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    گذشتہ 11 دنوں میں ملک میں روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 10 ہزار مریض سامنے آ رہے تھے اور یہ 2 مئی کے بعد سے ایک دن میں سامنے آنے والے نئے مریضوں کی سب سے کم تعداد ہے۔

    اس کے ساتھ ملک میں متاثرین کی کُل تعداد 252245 ہوگئی ہے۔

    روس میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 93 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں اموات کی کُل تعداد 2305 ہوگئی ہے۔

  12. ساتھی ڈاکٹروں کے لیے حفاظتی لباس کا انتظام کرنے والی ڈاکٹر صائمہ

    کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان میں کچھ ڈاکٹر اپنی مدد آپ کے تحت اپنے اور اپنے سٹاف کے لیے حفاظتی لباس کا بندوبست کر رہے ہیں۔

    راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر صائمہ دوسرے شہروں میں موجود ڈاکٹروں کے لیے ان سب چیزوں کا بندوبست کرتی ہیں، مگر کیسے؟ مزید جاننے کے لیے دیکھیے یہ ویڈیو۔

  13. بلوچستان میں مقامی منتقلی کے 93 فیصد کیسز، ’عام لوگوں کا طرز عمل مناسب نہیں‘

    محکمہ صحت حکومت بلوچستان نے کورونا وائرس کے مقامی منتقلی کے کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان تیزی کے ساتھ اس وبا کی لپیٹ میں آ رہا ہے۔

    محکمے کی جانب سے یومیہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں کورونا کے مقامی منتقلی کے کیسز 2093 پہنچ چکے ہیں جو کہ مجموعی کیسز کا 93 فیصد ہیں۔

    ان میں سے سب سے زیادہ کیسز 1909 کوئٹہ سے ہیں جو کہ مجموعی مقامی منتقلی کے کیسز کے 87.33 فیصد ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں لاک ڈاﺅن کے دوران اعدادوشمار انتہائی خطرناک تھے لیکن اب بدقستی سے لاک ڈاﺅن کو اٹھانے کے بعد ان میں ایک بڑا اضافہ یقینی ہے کیونکہ اس بیماری کے حوالے سے عام لوگوں کا طرز عمل مناسب نہیں۔

    رپورٹ کے مطابق لوگوں کو نہ صرف اپنی صحت کا احساس نہیں بلکہ وہ دوسروں کے تحفظ کا بھی خیال نہیں رکھ رہے ہیں۔

  14. برازیل: ’جنگلات کے خاتمے سے مزید وباؤں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے‘

    ’دنیا کو متاثر کرنے والی اگلی مہلک وبا ایمازون کے بارانی جنگلات سے جنم لے سکتی ہے۔‘

    برازیل سے تعلق رکھنے والے ماہر ماحولیات ڈیوڈ لاپولا نے خبردار کیا ہے کہ جانوروں کی پناہ گاہوں میں انسانی مداخلت اور جنگلات کی بڑے پیمانے پر کٹائی کورونا وائرس جیسی وباؤں کے پھیلاؤ کی ایک بڑی وجہ ہو سکتے ہیں۔

    سائندانوں کے مطابق جن آبادیوں کو جنگلات کی جگہ پر بنایا جاتا ہے وہاں جانوروں سے انسانوں میں داخل ہونے والی بیماریوں کے پنپنے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔ کورونا وائرس کے بارے میں بھی یہی خیال کیا جاتا ہے۔

    ڈیوڈ لاپولا کے مطابق ایمازون کے جنگلات میں کئی وائرس چھپے بیٹھے ہیں اور ’ہمیں وہاں اپنی قسمت نہیں آزمانی چاہیے۔‘

    برازیل اور لاطینی امریکہ کے دیگر ممالک میں واقع دنیا کے سب سے بڑے بارانی جنگلات خطرناک رفتار سے غائب ہو رہے ہیں اور صرف اس سال کے پہلے چار ماہ میں 1202 مربہ کلومیٹر پر محیط جنگلات کاٹ دیے گئے۔

  15. پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر: یومِ علی کے جلوس پر پابندی، نماز عید حفاظتی تدابیر کے ساتھ تمام مساجد میں ادا کرنے پر اتفاق

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کی میزبانی میں اس خطے کے تمام مذہبی مکاتب فکر کے علما کا رمضان المبارک کے آخری عشرے اور عید الفطر کے موقع پر ضابطہ اخلاق طہ کرنے کے حوالے سے ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

    صحافی ایم اے جرال کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق تمام علما نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر یوم علی کے موقع پر جلوس نہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ختم القرآن کی تقاریب صرف دعا تک محدود رکھنے تک اتفاق کیا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق مساجد میں اعتکاف کرنے والے افراد کی تعداد محدود رکھی جائے گی جبکہ نماز عید احتیاطی تدابیر کے ساتھ عیدگاہوں کے علاوہ تمام بڑی و چھوٹی مساجد میں ادا کی جائے گی.

  16. فلپائن: دارالحکومت سمیت ملک کا وسطی حصہ سمندری طوفان کی زد میں

    وسطی فلپائن جمعرات کو ایک طاقتور سمندری طوفان کی زد میں آ گیا ہے اور کورونا کے باعث گھروں میں محصور افراد کو ان کے علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات تک پہنچانے کا پُرخطر عمل جاری ہے۔

    ٹائیفون ونگ فونگ ملک کے جس صوبے سے ٹکرایا ہے وہاں کے ساحلی علاقوں میں تقریباً دو لاکھ افراد کچی بستیوں اور مکانوں میں رہتے ہیں۔

    یہی نہیں، بلکہ مزید لاکھوں افراد ان علاقوں میں بھی رہتے ہیں جو اب طوفان کے راستے میں ہیں۔ ملک کا دارالحکومت منیلا بھی ان علاقوں میں شامل ہے۔

    تاہم وائرس کے خطرے کے پیش نظر ہنگامی امداد کے سنٹر بھی اپنی کُل گنجائش کا نصف ہی استعمال کر رہے ہیں اور ہر پناہ گزین کے لیے ماسک پہننا ضروری ہے۔

  17. انڈیا: ایک ہزار کلومیٹر پیدل سفر کرنے والے مزدور بس کی زد میں آ کر ہلاک

    انڈیا کی شمالی ریاست اتر پردیش کی پولیس کے مطابق پیدل مسافت کرنے والے چھ مزدور بس کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے ہیں۔

    بدھ کی شب جب یہ واقعہ پیش آیا تو یہ مزدور ریاست پنجاب سے ریاست بہار میں اپنے آبائی گھروں کی جانب پیدل سفر کر رہے تھے۔

    ان کا یہ سفر تقریباً ایک ہزار کلو میٹر یعنی 621 میل کا تھا۔

    خیال رہے کہ مارچ میں لگائے گئے لاک ڈاؤن کے باعث انڈیا میں لاکھوں افراد مختلف ریاستوں میں پھنس گئے تھے۔ صنعتوں، بسوں اور ٹرینوں کی اچانک بندش کے باعث ہزاروں مزدور گھروں تک پیدل سفر کرنے پر مجبور ہو گئے تھے۔

    رواں ماہ کے آغاز میں حکومت کی جانب سے خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ مزدوروں کی گھروں تک واپسی ممکن ہو سکے تاہم اب بھی مزدوروں کے پیدل واپس جانے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔

    خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق اس سے قبل بدھ کی رات ریاست مدھیا پردیش میں اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک ٹرک کی زد میں آنے والے آٹھ مزدور ہلاک ہو گئے تھے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ریاست مہاراشٹر میں پٹری پر سوئے ہوئے 16 مزدوروں کو ایک مال گاڑی نے کچل دیا تھا جس کے بعد حکام نے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

  18. دنیا بھر سے کھیلوں کی تازہ ترین خبریں!

    جیسے جیسے دنیا کے مختلف ممالک میں پابندیوں میں نرمی کی جا رہی ہے ویسے ہی کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہونے کی امید بھی پیدا ہو رہی ہے۔

    • کرکٹ ویسٹ انڈیز کے چیف ایگزیکٹو جونی گریو کا ماننا ہے کہ جون، جولائی میں ہونے والا دورہ انگلینڈ معمول کے مطابق ہو گا تاہم ان کے کھلاڑی سفر سے متعلق یقیناً گھبراہٹ کا شکار ہوں گے۔
    • انگلش فٹبال کلب ٹوٹن ہیم کے سٹار کھلاڑی ڈیلی علی آج کل جس گھر میں اپنے بھائی اور شریک حیات کے ساتھ لاک ڈاؤن میں وقت گزار رہے ہیں وہاں چاقو بردار ڈاکؤوں نے ڈاکا ڈالا ہے۔
    • برطانیہ میں پیشہ وارانہ کھلاڑیوں کو حکومت کی جانب سے ٹریننگ میں واپسی کے لیے ہدایات دی گئی ہیں۔
    • پیشہ وارانہ غیرملکی گالفرز کو امریکہ میں کھیلنے سے قبل ملک میں کچھ عرصہ قرنطینہ میں رہنا ہو گا جس کے بعد وہ اگلے ماہ سے پی جی اے ٹوئر سیزن کا آغاز کر سکیں گے۔
    • جنوبی کوریا میں خواتین گالفرز نے جمعرات کے روز کےایل جی پی اے چیمپیئن شپ کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ ایک ایسا ایونٹ ہے جو تماشائیوں کے بغیر منعقد کروایا گیا ہے۔
    • ڈارٹس کے دو مرتبہ کے عالمی چیمپیئن گیری اینڈرسن گھر پر ایک براڈ بینڈ کا مسئلے حل کرنے کے بعد پی ڈی سی ہوم ٹوئر میں شرکت کریں گے۔
  19. کورونا وائرس: وبا کے دنوں میں کس کا کاروبار چمکا اور کون ڈوبا؟

    کورونا وائرس کی وبا نے عالمی معیشت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے لیکن اس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے کچھ کمپنیوں کا کاروبار غیرمتوقع طور پر چمکا بھی ہے۔

    لیکن ان کامیابیوں میں بھی ناکامیوں کا ذائقہ موجود ہے۔

  20. سپین: ملک کی پانچ فیصد آبادی میں کورونا وائرس موجود

    سپین کی حکومت کی جانب سے بدھ کو جاری کی جانے والے ایک تحقیق کے مطابق ملک کی کُل آبادی میں سے پانچ فیصد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے لیکن دارالحکومت میڈرڈ سمیت ملک کے وسطی علاقوں میں یہ شرح 10 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔

    وزیر صحت سیلواڈور اِلا کے مطابق تقریباً 20 لاکھ ہسپانوی شہریوں کو کورونا وائرس کا انفیکشن ہو چکا ہے۔

    تحقیق، جس میں 60 ہزار افراد سے نمونے لیے گئے، کے نتائج کے مطابق ملک کے وسطی حصوں نے وبا کے پھیلاؤ کی سب سے بھاری قیمت چکائی اور سب سے زیادہ اموات بھی انھی علاقوں میں ریکارڈ کی گئیں۔

    میڈرڈ میں انفیکشن کی شرح 11.3 فیصد رہی، بارسیلونا میں 7.1 فیصد لیکن سیویل میں صرف 2.3 فیصد۔

    سپین کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جو کورونا وائرس کی وبا سے سب سے بُری طرح متاثر ہوئے۔ ملک میں اب تک 27 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں اور تقریباً 228600 افراد متاثر ہیں۔