برطانیہ: ایسٹر کے بعد سے کیئر ہومز میں 4343 ہلاکتیں ریکارڈ ہوئیں

دنیا بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ سے زیادہ ہے۔ دوسری جانب روس میں ایک دن میں چھ ہزار چار سو سے زیادہ افراد میں کورونا کی تشخیص کے بعد ملک میں متاثرین کی کُل تعداد ایران سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔

لائیو کوریج

  1. کووڈ 19: ایران میں متاثرین کی مجموعی تعداد 92584 ہو گئی، 5877 ہلاکتیں

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہاں پور کے مطابق 28 اپریل کو ملک میں کووڈ 19 سے متاثرہ 111 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرین کی کل تعداد 92584 ہوگئی ہے۔

    آئی آر آئی این این رولنگ نیوز چینل کے ذریعے براہ راست نشر کی جانے والی ایک نیوز کانفرنس میں جہان پور کا کہنا تھا کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 71 مریض ہلاک ہوئے اور اب اموات کی مجموعی تعداد 5877 ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 72439 ہوگئی ہے جبکہ 2983 مریض انتہائی نگہداشت کے یونٹس (آئی سی یو) میں ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران میں اب تک مجموعی طور پر 442590 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  2. انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاریاں، چین تنقید کی زد میں

    چین

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ہیومن رائٹس واچ نے چین سے ان دو کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے جنھیں ایک ویب سائٹ بنانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس ویب سائٹ پر کورونا وائرس سے متعلق ایسی معلومات کو محفوظ کیا جاتا تھا جنھیں حکومت ہر جگہ سے سنسر کر رہی تھی۔

    چن میئ اور کائی وی نے ٹرمینس 2049 کے نام سے ایک ویب سائٹ بنائی جہاں صارفین سرکاری طور پر سنسر کی گئی رپورٹس اور سوشل میڈیا پوسٹس شیئر کرسکتے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کائی کو ان کی گرل فرینڈ کے ساتھ حراست میں لیا گیا۔

    ہیومن رائٹس واچ کے محقق یاقیو وانگ کا کہنا ہے ’چین میں کووڈ 19 کے بارے میں معلومات تک آزادانہ رسائی کی کمی ہی عالمی وبائی بیماری کا باعث بنی ہے۔ دنیا بھر کی حکومتوں کو بیجنگ پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ غلط طریقوں سے نظربند کیے گئے کارکنوں اور صحافیوں کو فوری طور پر رہا کریں۔‘

    چین میں اس وبا کا آغاز ہوتے ہی متعدد صحافی اور کارکن لاپتہ ہوگئے تھے۔ گذشتہ ہفتے ووہان سے حراست میں لیے گئے ایک چینی صحافی دو ماہ لاپتہ رہنے کے بعد واپس پہنچے۔ اس سال کے آغاز سے اب تک دو دیگر افراد کے بارے میں کوئی خبر نہیں مل سکی ہے۔

  3. عالمی ادارہ صحت: ویکسین اور خوارک کی ترسیل میں خلل کا اندیشہ

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ وہ تشخیصی ٹیسٹ اور حفاظتی سامان و آلات کی کھیپ میں تیزی لا رہا ہے اور اس سلسلے میں اب اس کی توجہ لاطینی امریکہ پر ہے جہاں کووڈ 19 تیزی سے پھیل رہا ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کے آپریشنز کی معاونت اور رسد کے سربراہ پال مولنارو کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ویکسین کی ترسیل اپریل میں متاثر ہوئی اور اگر مئی تک یہ سلسلہ جاری رہا تو حفاظتی ٹیکوں میں پیدا ہونے والے خلا کے ساتھ ساتھ خوراک کی ترسیل و رسد میں بھی خلل پڑے گا۔

    مولنارو نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی ورچوئل نیوز بریفنگ میں بتایا ’ہم بین الاقوامی ہوائی نقل و حرکت کے نظام پر کافی حد تک انحصار کرتے ہیں لیکن اب اس کی بندش سے ہمیں متبادل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔‘

  4. کورونا وائرس: مدافعتی نظام کی مضبوطی سے آپ کووِڈ 19 سے محفوظ رہ سکتے ہیں؟

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    طاقت دینے والے نام نہاد مشروبات اور وِٹامن مصنوعات کو بھول جائیں، یہ اس جدید دور میں جادوئی ٹوٹکوں سے بڑھ کر کچھ نہیں ہیں۔

    سنہ 1918 میں وِکس ویپورب کے ایک اشتہار کی سرخی تھی ‘ہسپانوی انفلوئنزا کیا ہے اور اس کا علاج کیسے کیا جائے؟‘

  5. قرنطینہ کاٹنے کے منفرد اور دلچسپ طریقے

    کورونا وائرس سے متاثرہ افراد یا ان سے رابطے میں آنے والوں کو قرنطینہ یا تنہائی میں رکھا جاتا ہے۔ لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو دلچسپ طریقوں سے اپنے آپ کو دوسروں سے الگ تھلگ رکھے ہوئے ہیں۔وہ کیا طریقے ہیں، دیکھیے اس دلچسپ ویڈیو میں۔

  6. مصر: وائرس اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ہنگامی حالت میں توسیع

    مصر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی نے منگل کے روز صحت اور سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ملک میں نافذ ہنگامی صورتحال کی مدت میں تین ماہ تجدید کا حکم دیا ہے۔

    اپریل 2017 میں مصر کے دو گرجا گھروں میں ہونے والے بم دھماکوں کے بعد سے ملک میں ہنگامی صورتحال کا نفاذ ہے۔ ان دھماکوں کی ذمہ داری دولت اسلامیہ نے قبول کی تھے۔

    ہنگامی صورتحال کی مدت میں یہ نئی توسیع اس وقت سامنے آئی ہے جب عرب دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا یہ ملک کورونا وائرس کی بیماری کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔

    صدرارتی محل سے جاری ہونے والے حکم نامے میں کہا گیا ہے ’سرکاری صحت اور سلامتی کی سنگین صورتحال کے پیش نظر، منگل 28 اپریل سے تین ماہ کے لیے ملک بھر میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا گیا ہے۔‘

    وزارت صحت کے مطابق 100 ملین آبادی والے مصر میں اب تک 4782 افراد میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے جن میں سے 337 ہلکا اور 1236 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  7. کورونا وائرس: نیشنل ہیلتھ سروس کے لیے 50 لاکھ پاؤنڈ جمع کرنے والے 99 سالہ فوجی سے ملیے

    ٹام مور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سابق فوجی ہیں۔ ان کی عمر 99 سال ہے۔ جب انھوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نیشنل ہیلتھ سروس کی مدد کرنے کا ارادہ کیا تو ان کا خیال تھا کہ وہ صرف ایک ہزار پاؤنڈ چندہ اکٹھا کر پائیں گے لیکن عطیات کی رقم 50 لاکھ پاؤنڈ سے بھی تجاوز کر گئی۔یہ خبر سننے پر ٹام کا ردِعمل کیا تھا، دیکھیے اس ڈیجیٹل ویڈیو میں۔

  8. جرمنی میں انفیکشن کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ

    germany

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    گذشتہ ہفتے جرمنی پُرامید تھا کہ وہاں کے شہری لاک ڈاؤن کی پابندیوں پر عمل پیرا ہیں۔ بعد میں ان پابندیوں میں کچھ نرمی کی گئی، چھوٹی دکانوں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی اور کچھ طلبا کلاسوں میں واپس آئے۔

    لیکن منگل کے روز حکام نے خبردار کیا کہ انفیکشن کی شرح ایک بار پھر سے بڑھتی جارہی ہے۔

    اس کا مطلب یہ ہے کہ 10 متاثرہ افراد دوسرے 10 افراد کو بھی متاثر کریں گے۔ گذشتہ ہفتے یہ شرح 0.7 تک کم ہوگئی تھی۔۔ یعنی یہ وائرس دس متاثرہ افراد میں سے صرف سات افراد کو متاثر کر سکے گا۔

    اس وبائی مرض کو شکست دینے کے لیے انفیکشن کی شرح کا 1 سے کم ہونا ضروری ہے۔

    گذشتہ روز جرمنی میں 1144 نئے متاثرین اور 163 اموات رپورٹ کی گئیں۔

  9. روس: ایک دن میں 6411 نئے مریض، متاثرین کی مجموعی تعداد ایران سے بڑھ گئی

    روس

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    روس میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 6411 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 93558 ہوگئی ہے۔

    روس میں کورونا وائرس کی وبا کے آغاز سے لے کر اب تک انفیکشن کی تعداد میں یہ سب سے بڑا اضافہ ہے۔

    ماسکو میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قائم کیے گئے ہیڈ کوارٹر نے 28 اپریل کو ٹیلیگرام چینل پر بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 83 علاقوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ 6411 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ مزید 72 ہلاکتیں ہوئیں۔‘

    ہیڈکوارٹر کے مطابق مرنے والوں کی کل تعداد اب 867 ہے جبکہ 8456 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    اس نئے اضافے کا مطلب یہ ہے کہ روس میں متاثرین کی تعداد اب ایران سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔

    اس سے قبل 26 اپریل کو کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریضوں کی تصدیق کی گئی تھی جو 6361 تھی۔

  10. کیا لیموں کے رس سے کورونا کا علاج ہو سکتا ہے؟

    کیا لیموں کے رس سے کورونا کا علاج ہو سکتا ہے؟ ایسے سوال اور ان سے جُڑی کئی افواہیں انٹرنیٹ پر گردش کر رہی ہیں۔ انٹرنیٹ پر پھیلنے والی افواہوں میں کتنی حقیقت ہے، جانیے بی بی سی کی عالیہ نازکی سے۔۔۔

  11. چین: کورونا وائرس ٹیسٹنگ کٹس پر انڈیا کی تنقید ’غیر ذمہ دارانہ‘ ہے

    انڈیا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    چین نے کورونا وائرس کے لیے چینی ٹیسٹنگ کٹس کا استعمال بند کرنے کے انڈین فیصلے پر تنقید کی ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چینی حکام نے اس فیصلے کو غیرمنصفانہ اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔

    انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے پیر کو کہا تھا کہ وہ نتائج کی درستگی میں مسائل کی وجہ سے دو چینی کمپنیوں سے حاصل کردہ اینٹی باڈیز ٹیسٹ کٹس واپس کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    انڈیا میں چینی سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چین کو اس فیصلے پر تشویش ہے اور یہ کہ چینی حکام نے ان کٹس کی معائنے کے بعد تصدیق کی تھی۔

  12. سنگاپور میں مزید 528 مریض، متاثرین کی تعداد 15 ہزار کے قریب

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    سنگاپور کی وزارتِ صحت کے مطابق منگل کو ملک میں مزید 528 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو کہ حالیہ دنوں میں متاثرین کی تعداد میں سب سے کم اضافہ ہے۔

    اس اضافے کے بعد ملک میں متاثرین کی تعداد 14951 ہو گئی ہے۔

    حکام کے مطابق نئے مریضوں میں سے بیشتر تارکینِ وطن ملازمین ہیں۔

    خیال رہے کہ سنگاپور اس وقت جنوبی مشرقی ایشیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے

  13. کورونا وائرس: سب سے زیادہ اموات کن 10 ممالک میں ہوئیں؟

    • امریکہ 56201
    • اٹلی 26977
    • سپین 23521
    • فرانس 23293
    • برطانیہ 21092
    • بیلجیم 7207
    • جرمنی 5842
    • ایران 5806
    • چین 4633
    • برازیل 4543
  14. کورونا وائرس آپ کے جسم کے ساتھ کیا کرتا ہے؟

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGES

    کورونا وائرس گذشتہ برس دسمبر میں سامنے آیا لیکن اب کوویڈ-19 عالمی وبا کی شکل اختیار کر گیا ہے۔

    اس بیماری میں مبتلا ہونے والے زیادہ تر افراد میں اس بیماری کا اتنا اثر نہیں ہوتا اور وہ صحت یاب بھی ہو رہے ہیں، تاہم کچھ افراد اس کی وجہ سے ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ تو سوال یہ ہے کہ یہ وائرس جسم پر کیسے اثر انداز ہوتا ہے، اس کے نتیجے میں کچھ افراد ہلاک کیوں ہو رہے ہیں اور اس بیماری کا علاج کیسے کیا جاتا ہے؟

  15. کورونا: پاکستان میں مصدقہ مریضوں میں سے ’27 فیصد متاثرین لاہور میں‘

  16. انڈیا: کورونا کی روک تھام کے لیے شہروں کے درمیان دیواریں تعمیر ہو گئیں

    دیوار

    ،تصویر کا ذریعہBBC Tamil

    جنوبی انڈیا کی ریاست تمل ناڈو کے ایک ضلع میں کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہمسائیہ ریاست آندھرا پردیش سے ملحقہ سرحد پر دیواریں تعمیر کی گئی ہیں۔

    تمل ناڈو کے ویلور ضلع اور آندھرا پردیش کے چٹور ضلع کے درمیان گاڑیوں کی آمدورفت کو روکنے کے لیے اتوار کے روز سرحد کے ساتھ ہی دو داخلی اور خارجی راستوں پر تقریبا 5، 5 فٹ لمبائی کی دیواریں کھڑی کی گئیں۔

    ضلع ویلور کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد تارکین وطن مزدوروں کے داخلے کی جانچ پڑتال کرنا ہے جو بعض اوقات جائز اجازت نامے کے بغیر ہی ریاست میں داخل ہوجاتے ہیں۔

    پی ٹی آئی نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ’چونکہ مرکزی بارڈر کراسنگ پر شناخت ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں اسی لیے کچھ لوگ دور دراز کے مقامات پر ایسی جگہوں کا استمال کرتے ہیں جن کے بارے میں کم لوگوں کو علم ہو۔‘

    کچھ حکام نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ دونوں ریاستوں کے مابین گاڑیوں کی آمدورفت کو روکنے کے لیے یہ دیواریں ایک ’عارضی اقدام‘ ہے۔

  17. ویکسین کی دریافت تک اولمپکس کا انعقاد خطرے میں

    olympics

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    جاپان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سربراہ یوشیتاکے یوکوکورا نے خبردار کیا ہے کہ جب تک کہ کورونا وائرس کی ویکسین دریافت نہیں کر لی جاتی، اگلے سال اولمپکس کا انعقاد مشکل ہو گا۔

    یوکوکورا کا کہنا تھا ’میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ جاپان کو اولمپکس کی میزبانی کرنی چاہئے یا نہیں، لیکن ایسا کرنا مشکل ہوگا۔‘

    اس کھیل کو اس سال سے 2021 تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔ لیکن آیا اولمپکس کی نئی تاریخ دینا ممکن بھی ہے یا نہیں، ماہرین نے اس بارے میں شبہات کا اظہار کیا ہے۔

    جاپان کےمقامی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے، ٹوکیو 2020 کے صدر یوشیرو موری کا کہنا تھا کہ اگر دنیا اس وبائی مرض کی لپیٹ میں رہی تو اولمپکس کے انعقاد میں 2021 سے زیادہ تاخیر نہیں کی جا سکتی۔

    ان کا کہنا تھا ’اس صورت میں اولمپکس کو منسوخ سمجھیں۔‘

  18. ماسک پہن کر بہرے افراد کو اپنی بات کیسے سمجھائیں؟

    mask

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    جب سے کورونا وائرس کی وبا پھیلی ہے تقریباً ہر شخص نے چہرے پر ماسک پہن رکھا ہے اور ایسے میں لب شناسی (کسی بہرے شخص کا ہونٹوں کی حرکت سے بات سمجھنا) اچانک ہی مشکل ہوگیا ہے۔

    لیکن گھبرانے کی بات نہیں کیونکہ انڈونیشیا کے درزیوں نے اس مسئلے کا بھی بہترین حل نکال لیا ہے اور وہ ہے ’سی تھرو ماسک‘ یعنی ایسا ماسک جس میں ہونٹوں کی حرکت دیکھی جا سکے گی۔

    مکاسر میں رہنے والے ایک شوہر اور بیوی کی جوڑی نے اپنے جیسے بہرے لوگوں کی مدد کے لیے کپڑے میں شفاف پلاسٹک لگا کر ماسک تیار کرنا شروع کیے ہیں۔

    52 سالہ فیضہ بدرالدین کہتی ہیں ’جب سے یہ وبائی بیماری شروع ہوئی ہے ہر ایک نے چہرے پر نقاب پہن رکھے ہیں۔ اب ہم ان کے لب نہیں پڑھ سکتے۔۔ ایسے میں ہم بہرے لوگوں کے لیے یہ سمجھنا بہت مشکل ہے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ اس سے انھیں بہت ساری غلط فہمیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بدر الدین اور اس کے شوہر گاہکوں کے لیے تکیے، بستر کی چادریں اور پردے سینے کا کام کرتے تھے۔

    لیکن جب آرڈر ملنا ختم ہو گئے تو بدرالدین نے اپنے جیسے بہرے افراد کی مدد کے لیے ماسک تیار کرنے والی ویڈیوز تلاش کرنا شروع کیں۔

    اپریل کے آغاز سے وہ فی یوم درمیانے اور بڑے سائز کے دو درجن کے قریب ماسک تیار کر رہے ہیں۔

    ایک ماسک کی قیمت 10000 سے 15000 روپیہ (65 سے 97 سینٹ) کے درمیان ہے۔

    کورونا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

  19. انڈیا: مسجد پر حملے کی وائرل ویڈیو کی پوری کہانی

  20. کیا لہسن کھانے اور گرم پانی پینے سے کورونا وائرس بچا جا سکتا ہے؟

    کیا لہسن کھانے اور گرم پانی پینے سے کورونا وائرس بچا جا سکتا ہے؟ ایسے سوال اور ان سے جڑی کئی افواہیں انٹرنیٹ پر گردش کر رہی ہیں۔انٹرنیٹ پر پھیلنے والی افواہوں میں کتنی حقیقت ہے، جاننے کے لیے دیکھیے ہماری ڈیجیٹل ویڈیو میں۔