برطانوی انتخابات: کب کیا ہوا

برطانیہ میں جمعرات کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد 650 میں سے 640 سے زیادہ نشستوں کے نتائج آ چکے ہیں اور کوئی بھی جماعت حکومت سازی کے لیے درکار سادہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, برطانوی انتخابات کے تازہ ترین نتائج اور پارٹی پوزیشن

    نتائج کا نقشہ
  2. بریکنگ, ’لیبر پارٹی کی اقلیتی حکومت کا امکان موجود ہے‘

    لیبر پارٹی کے شیڈو چانسلر جان میکڈونل

    لیبر پارٹی کے شیڈو چانسلر جان میکڈونل کا کہنا ہے کہ انھیں افسوس ہے کہ ان کی جماعت اکثریت حاصل نہیں کر سکی تاہم انھوں نے کہا کہ لیبر پارٹی کی اقلیتی حکومت کا امکان موجود ہے۔

    جان میکڈونل کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں ہم ایک مستحکم حکومت بنا سکتے ہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ لیبر پارٹی کسی ڈیل یا اتحاد کے بارے میں غور نہیں کر رہی۔ ’لوگ سیدھی بات اور ایمانداری کی سیاست چاہتے ہیں۔ وہ پس پردہ ڈیلز اور اتحاد نہیں چاہتے۔‘

    انھوں نے کہا کہ اب ٹریزا مے کی ذمہ داری یہی ہے کہ وہ مستعفی ہو جائیں اور انھیں امید ہے کہ وزیراعظم مے یہ بات سمجھ جائیں گی کہ ان کا اقتدار جاری نہیں رہ سکتا۔

  3. بریکنگ, ’مے کہیں نہیں جا رہیں‘

  4. لیبر پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں فتح کا احساس

  5. برطانوی تاریخ میں سب سے زیادہ خواتین اراکینِ پارلیمان

    • ان انتخابات میں برطانیہ کی تاریخ کی سب سے زیادہ خواتین اراکین منتخب ہوئی ہیں۔
    • آئندہ آنے والے برطانوی پارلیمان میں 200 سے زیادہ خواتین ہوگی۔ 2015 میں یہ تعداد 196 تھی۔
    • اس کے علاوہ ان انتخابات میں خواتین امیدواروں کی تعداد 30 فیصد تھی جو کہ 2015 میں 26 فیصد تھی۔
    • چنانچہ اوسط کے لحاظ سے خواتین امیدوار بڑھی ہیں مگر خواتین امیدواروں کی اصل تعداد 1036 سے کم ہو کر 983 رہ گئی ہے۔
  6. ’خود اپنے پیر میں نہیں بلکہ سر میں گولی ماری ہے‘

    کنزرویٹو پارٹی کے رکنِ پارلیمان نائجل ایونز نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی نتائج ان کی جماعت کے لیے تباہ کن رہے ہیں۔ ایونز ربل ویلی سے اپنی نشست جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کنزرویٹو پارٹی نے اپنے کلیدی حامیوں یعنی بزرگ ووٹرز پر ہی ’حملہ کر دیا تھا‘۔

    انھوں نے کہا کہ ’ہم نے خود اپنے پیر میں نہیں بلکہ سر میں گولی مار لی ہے۔‘

  7. بریکنگ, ’لوگوں نے امید کو ووٹ دیا‘

    لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کوربن نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی جماعت کے لیے ناقابلِ یقین نتائج ہیں کیونکہ لوگوں نے امید کو ووٹ دیا ہے۔ کل نوجوان اور بوڑھے سب اکٹھے ہو گئے تھے۔

  8. بریکنگ, زیک گولڈ سمتھ رچمنڈ پارک کی نشست سے کامیاب

    کنزرویٹو پارٹی کے رہنما زیک گولڈ سمتھ رچمنڈ پارک کی نشست سے کامیاب ہو گئے ہیں۔ وہ اسی نشست پر ضمنی انتخاب میں لبرل ڈیموکریٹ امیدوار سے ہارے تھے تاہم اس وقت انھوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا تھا۔

    زیک گولڈ سمتھ
  9. بی بی سی کے نائب سیاسی مدیر جان پنر کا کہنا ہے کہ اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاتا کہ ٹریزا مے مستعفی ہوں گی یا نہیں۔

    اگر وہ نہ جانے کا فیصلہ کرتی ہیں تو جس طریقے سے وہ حکومت چلاتی ہیں اس میں تبدیلی دیکھی جائے گی۔

    ہم دیکھیں کہ وزیراعظم کو اب عمومی طور پر اپنے ارکانِ پارلیمان کی بات غور سے سننی ہوگی۔

    تاہم لیبر پارٹی کے لیے صورتحال یکسر مختلف دکھائی دیتی ہے۔

  10. برطانوی پاؤنڈ رات میں گرا مگر اب مستحکم

    منڈیوں میں گذشتہ شب برطانوی پاؤنڈ کی قیمت میں کمی ہوئی تاہم اب بظاہر اس کی قیمت مستحکم ہوگئی ہے۔

  11. بریکنگ, مے کی کابینہ کے نو وزرا کو شکست

    ان انتخابات میں اب تک برطانوی وزیرِ اعظم ٹریزا مے کی کابینہ کے نو وزرا کو شکست ہوئی ہے۔

    ان میں وزیرِ خزانہ جین ایلیسن، کیبینٹ آفس کے وزیر بین گرمر، ڈیفڈ کے وزیر جیمز وارٹن، وزیرِ صحت نکولا بلیک وڈ، وزیرِ تعلیم ایڈورڈ ٹمپسن کے علاوہ گیون بارویل، راب ولسن، سائمن کربی اور ڈیوڈ مواٹ شامل ہیں۔

  12. ’ٹریزا مے کا الیکشن کروانا غلطی تھی‘

    کنزرویٹوو پارٹی کو 313 سیٹیں ملی ہیں جبکہ لیبر پارٹی نے 260 سیٹیں جیتی ہیں۔

    بی بی سی کے ڈیوڈ ڈمبلبی کا کہنا ہے کہ ایسا ’کوئی راستہ نہیں‘ کہ کنزرویٹیو پارٹی اکثریت کے لیے درکار 236 سیٹیں جیت سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’ٹریزا مے آئندہ سالوں میں یقین اور اعتماد کے لیے الیکشن کروا رہی تھیں اور اس میں وہ ناکام ہوگئی ہیں۔‘

    چند ہفتے قبل جب انھوں نے اس الیکشن کا اعلان کیا تھا تو ان کے پاس 17 سیٹوں کی اکثریت حاصل تھی مگر اب ایسا نہیں ہے۔‘

  13. اگر کوئی بھی اکثریت حاصل نہ کرے تو کیا ہوگا؟

    برطانوی پارلیمان

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    کنزرویٹو پارنی نے دارالعوام میں اپنی اکثریت کھو دی ہے تاہم وہ اب بھی ایوان میں سب سے بڑی جماعت ہے۔

    اگر کوئی بھی جماعت انتخابات میں سادہ اکثریت حاصل نہ سکے تو کیا ہوتا ہے؟ کیا وہ جماعت حکومت بناتی ہے جس کے پاس سب سے زیادہ نشستیں ہوں؟

    ایسا نہیں ہے۔ وہ جماعت جو 650 کے ایوان میں سب سے زیادہ نشستیں جیتے گی یقیناً الیکشن کی فاتح قرار دی جائے گی اور اس کا رہنما ہی تقریباً ہمیشہ ملک کا نیا وزیراعظم بنتا ہے۔

    تاہم اس مرتبہ شاید ایسا نہ ہو۔ یہ بھی ممکن ہے کہ وہ جماعت جو دوسرے نمبر پر آئی ہے دیگر جماعتوں کی مدد سے حکومت بنائے۔

  14. سٹی بینک کے ماہرین کی ٹریزا مے کے استعفے کی پیش گوئی

    عالمی بینک سٹی گروپ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں ٹریزا مے آج وزیراعظم کا عہدہ چھوڑ دیں گی۔

  15. ان انتخابات میں گذشتہ انتخابات کے مقابلے میں جہاں حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کو 12 نشستیں کم ملی ہیں وہیں لیبر پارٹی کو29 نشستوں کا فائدہ ہوا ہے

  16. بریکنگ, کوئی بھی جماعت سادہ اکثریت نہیں حاصل کر سکی

    برطانیہ میں جمعرات کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد دارالعوام کی 650 میں سے 640 سے زیادہ نشستوں کے نتائج آ چکے ہیں اور کوئی بھی جماعت حکومت سازی کے لیے درکار سادہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔