ابھی تک کوئی غیر متوقع نتیجہ نہیں آیا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
صدارتی انتخاب کے ابتدائی نتائج میں ڈونلڈ ٹرمپ کو روایتی طور پر رپبلکن جماعت کے حق میں ووٹ دینے والی ریاستوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ان ریاستوں میں انڈیانا، الاباما، کینٹکی، مغربی ورجینیا، اوکلاہوما، ٹینیسی اور جنوبی کیرولائنا شامل ہیں۔
دوسری جانب ہلیری کلنٹن کو ابتدائی نتائج میں ان ریاستوں میں کامیابی ملی ہے جہاں روایتی طور پر ڈیموکریٹک امیدوار کامیاب ہوتے آیے ہیں۔
ان ریاستوں میں ورمونٹ، ڈیلاویئر، میری لینڈ، میساچوسٹس اور نیو جرسی شامل ہیں۔
دو اہم ریاستوں شمالی کیرولائنا اور اوہائیو میں پولنگ ختم ہو چکی ہے جہاں بالترتیب 15 اور 18 الیکٹرول ووٹ ہیں تاہم ابھی تک یہاں سے نتائج آنا شروع نہیں ہوئے ہیں۔
شمالی کیرولائنا میں رائے منقسم تھی جہاں نئے ووٹرز کا جھکاؤ ہلیری کی جانب جبکہ دیہی علاقوں کے غریب سفید فام ووٹرز ٹرمپ کے حق میں تھے۔
اوہائیو کا شمار ان ریاستوں میں ہوتا ہے جہاں سخت مقابلہ ہے۔اس ریاست کے بارے میں دلچسپ بات یہ ہے کہ اس نے دوسری جنگ عظیم کے بعد سے ہمیشہ اس امیدوار کو ووٹ دیا جو بعد میں صدر منتخب ہوا۔
اس کے علاوہ نظریں ورجینیا پھر بھی ہیں جہاں پولنگ کے بعد کے ابتدائی جائزوں کے مطابق کانٹے کے مقابلہ ہے۔ اس ریاست میں نسلی، صنفی اور تعلیمی لحاظ سے بڑی تقسیم ہے۔





