بدھ تین نومبر کو کھیلے جانے والے دونوں میچز گروپ ٹو کے ہوں گے۔
دن کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کا سامنا دبئی کے میدان میں سکاٹ لینڈ سے ہوگا۔ نیوزی لینڈ کا یہ تیسرا میچ ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اس میچ کی مدد سے اپنے نیٹ رن ریٹ کو بہتر بنائیں تاکہ افغانستان کے قریب پہنچ سکیں۔
اپنے پہلے دونوں میچوں میں انھیں پاکستان سے شکست ہوئی اور انڈیا کو انھوں نے ہرا دیا۔ سکاٹ لینڈ اپنے دونوں میچ افغانستان اور نمیبیا کے خلاف ہار چکی ہے۔
دن کا دوسرا میچ ابو ظہبی کے میدان پر کھیلا جائے گا اور یہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔
پاکستان سے شکست کے باوجود افغانستان نے اپنے دونوں میچ جن میں فتح حاصل کی، انھیں بڑے مارجن سے جیتا اور ان کا نیٹ رن ریٹ ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کے بعد سب سے اچھا ہے۔
اگر وہ انڈیا کو کسی طرح سے شکست دینے میں کامیاب ہو گئے تو اس سے نہ صرف انڈیا کا ٹورنامنٹ ختم ہو جائے گا، بلکہ نیوزی لینڈ کے لیے سیمی فائنل میں کوالی فائی کرنا بے حد دشوار ہو جائے گا۔
انڈیا نے اپنے پہلے دونوں میچوں میں شکست کھائی ہے اور ان کا نیٹ رن ریٹ بھی بہت متاثر ہوا ہے۔ انھیں اب اپنے تینوں میچوں میں نہ صرف بہت بڑے مارجن سے جیت حاصل کرنی ہے بلکہ ساتھ ساتھ یہ امید بھی کرنی ہے کہ دیگر نتائج بھی ان کے حق میں جائیں لیکن ان کی تقدیر اب ان کے اپنے ہاتھ میں نہیں ہے۔