منگل کے روز نیوزی لینڈ اور انڈیا کی ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والا ورلڈ کپ 2019 کا پہلا سیمی فائنل بارش کے باعث ریزرو ڈے یعنی اضافی دن میں داخل ہو گیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے تاکہ اگر میچ بارش کے باعث پہلے دن مکمل نہ ہو پائے تو اسے اگلے دن تک ملتوی کر دیا جائے۔
قواعد کے مطابق انڈیا اور نیوزی لینڈ کا میچ وہیں سے شروع ہو گا جہاں منگل کے روز بارش کے باعث اسے ملتوی کرنا پڑا تھا۔
دوسری جانب اگر آج انڈیا اپنی اننگز میں 20 اوورز کھیل لیتا ہے اور اس کے بعد بارش کے کے باعث میچ نہیں ہو پاتا تو میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس نظام کے تحت کیا جائے گا۔
بصورتِ دیگر راؤنڈ روبن مرحلے میں زیادہ پوائنٹس کی وجہ سے انڈیا فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق ریزرو ڈے کے لیے ٹکٹوں کی فروخت نہیں کی جائے گی، لیکن جن لوگوں کے پاس پہلے سے ٹکٹ موجود ہیں اور وہ میچ نہیں دیکھنا چاہتے وہ اپنے ٹکٹ عطیہ کر سکتے ہیں۔