’شہباز شریف سے ملاقات مثبت رہی، حکومتیں تشکیل پا چکیں اب عوام کے مسائل پر بات ہو گی‘: علی امین گنڈاپور

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اُن کی وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی پہلی ملاقات مثبت رہی ہے جس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی، خیبرپختوا کو وفاق کی جانب سے واجبات کی ادائیگی اور انتخابات میں مبینہ دھاندلی جیسے معاملات پر بات ہوئی۔ دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں لگاتار دوسرے روز بھی مندی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس میں 753 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی ہے۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, وزیراعظم شہباز شریف نے محسن نقوی، محمد اورنگزیب اور احد چیمہ سمیت 19 ارکان کے نام کابینہ کے لیے تجویز کر دیے

    Naqvi

    ،تصویر کا ذریعہPMLN

    وزیراعظم شہباز شریف نے نئی وفاقی کابینہ کے ارکان کے نام صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھجوا دیے ہیں۔

    شہباز شریف نے صدر کو محمد اورنگزیب، احد چیمہ اور محسن نقوی کو بھی وفاقی وزرا بنانے کی تجویز دی ہے۔ یہ تینوں ابھی نہ تو اسمبلی کے رکن ہیں اور نہ ہی سینیٹ کا حصہ ہیں۔ ان تینوں کو وفاقی وزیر بنانے کے لیے صدر کو تجویز دی گئی ہے۔ اسحاق ڈار اور مصدق ملک بھی 12 مارچ کو سینیٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔ ان دونوں کو بھی وفاقی وزیر بنانے کے لیے صدر کو خصوصی تجویز دی گئی ہے۔

    نئی مجوزہ وفاقی کابینہ میں خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ، چوہدری سالک حسین، عبدالعلیم خان، جام کمال خان، انجنیئر امیر مقام، سردار اویس احمد خان لغاری، عطااللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی، قیصر احمد شیخ، میاں ریاض حسین پیرزادہ، محمد اسحاق ڈار اور مصدق ملک شامل ہیں۔

  2. جسٹس نعیم افغان نے بطور سپریم کورٹ جج حلف اٹھا لیا

    Justice Naeem Akhtar Afghan

    ،تصویر کا ذریعہAdeel Sarfraz

    جسٹس نعیم افغان نے بطور سپریم کورٹ جج حلف اٹھا لیا ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس نعیم افغان سے حلف لیا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل جسٹس نعیم افغان بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس رہ چکے ہیں۔

  3. وزیراعلیٰ پختونخوا کا سائفر پر تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

    Taimur Jhagra

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے سائفر معاملے پر چيف جسٹس پاکستان سے جلد از جلد جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔

    مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے مطالبہ کیا کہ انتخابی دھاندلی پر بھی کمیشن بنا کر اس کی تحقیقات کی جائیں۔

    انھوں نے کہا کہ ’فارم 45 کے مطابق ہمارے لوگ جیتے ہوئے ہیں اس پربھی کمیشن بنایا جائے، جب تک ہماری سیٹیں ہمیں نہیں دی جاتیں، احتجاج جاری رہے گا، اپنے حق کے لیے آخری حد تک جائيں گے۔‘

    جلسے سے خطاب میں سینیٹر فیصل جاوید نے کہاکہ فارم 47 والی حکومت کو نہیں مانتے، مینڈیٹ کا احترام کرنا ہوگا۔

    تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے انصاف اور سیاسی کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  4. شعیب خان: کراچی انڈر ورلڈ کا وہ کردار جس کے دبئی تک پھیلے ’جوئے کے نیٹ ورک‘ پر ہاتھ ڈالنے کے لیے گورنر کو آرمی چیف تک جانا پڑا

  5. اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتیں عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کریں، میرے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلانا ہے تو چلائیں: سابق صدر عارف علوی

    Alvi

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    سابق صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتیں عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کریں۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ ملک کو جوڑنے کے لیے سیاسی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے، ملک میں عوامی مینڈیٹ کی قدر کی جائے اور جس کا جو مینڈیٹ ہے اسے دیا جائے، ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے ملک کو جوڑنا ضروری ہے اوراس کا آغاز مینڈیٹ تسلیم کرنے سے ہوگا۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صدر عارف علوی نے کہا کہ انھیں بھی سائفر بھیجا گیا تھا اور انھوں نے اسے دیکھا بھی۔ انھوں نے کہا کہ میرا حلف کہتا ہے کوئی راز پتا چلے تو وزیر اعظم کی اجازت کے بغیر نہ بتاؤں، وزیر اعظم حلف اٹھاتا ہے کہ اسے اگر پتا چلے کوئی راز عوامی مفاد میں ہے تو وہ اسے سامنے لائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اکثریتی فیصلوں میں عدالت نے آرٹیکل 6 کا ذکر نہیں کیا، میرے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلانا ہے تو چلائیں اور غیر آئینی اقدامات کا الزام لگانے والے عدالتوں میں جائیں۔

    ان کے مطابق دنیا میں بانی تحریک انصاف عمران خان جیسا کوئی لیڈر نہیں۔ عارف علوی نے کہا کہ حلفاً کہتا ہوں جب بھی بانی پی ٹی آئی سے بات ہوئی انھوں نے کہا میری کوئی ترجیح نہیں۔ عارف علوی نے کہا کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ سے متعلق ریفرنس نہیں بھیجنا چاہیے تھا، یہ بانی پی ٹی آئی کا بھی خیال تھا۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ اپنے وکلا کو کہا ہے کہ وہ عدالت میں درخواست جمع کرائیں، بانی پی ٹی ائی سے ملاقات کرنی ہے۔ بانی تحریک انصاف میرے لیڈر تھے ہیں اور رہیں گے، میں نے اتنا دیانتدار اور ایماندار آدمی نہیں دیکھا، جو قوم کو اکٹھا کرلے ایسی کوالٹی کسی میں نہیں۔

    عارف علوی کے مطابق انھوں نے منع کیا تھا اسمبلی سے نہ جائیں اور خیبرپختونخوا اسمبلی نہ توڑیں۔

    عارف علوی نے کہا کہ ’میں احتساب، جمہوری اقدار اور پارٹی کے اصول پر قائم رہا، پارٹی کا اصول تھا کرپشن کے خلاف رہوں، میں کرپشن کےخلاف رہا، میں نے آئین کی پاسداری کی جو مناسب تھا وہ کیا۔‘

    ان کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات ہونا چاہیے، ملک کے استحکام اور معیشت کے لیے ضروری ہے ایک دوسرے کو جوڑا جائے، پاکستان کوجوڑنے کے لیے سیاسی لوگ اور اسٹیبلشمنٹ کردار ادا کرے۔

  6. تحریکِ انصاف کا کوئٹہ میں مظاہرہ: ’ تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو چھین کر عوامی رائے کی توہین کی گئی‘, محمد کاظم، بی بی سی اردو

    Balochistan

    پاکستان تحریکِ انصاف نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں احتجاجی ریلی نکالنے کے علاوہ احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

    احتجاجی ریلی کا آغاز تحریک انصاف کے دفتر سے ہوا۔

    ریلی کے شرکا نے مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے کوئٹہ پریس کلب پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    Quetta

    ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا کہ عوام نے 8 مارچ کو تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف ہرقسم کے پروپیگینڈہ کو مسترد کرکے ان کو بھرپور مینڈیٹ دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو چھین کر عوامی رائے کی توہین کی گئی۔

    مقررین نے مطالبہ کیا کہ ان تمام نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے جن پر ان کو اکثریت حاصل تھی۔

  7. لاہور میں تحریکِ انصاف کا احتجاج: سردار لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کر لیا گیا

    پاکستان تحریکِ انصاف کے لاہور میں کیے جانے والے احتجاج کے دوران سردار لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    اطلاعات کے مھابق سلمان اکرم راجہ کو اچھرہ میں احتجاجی ریلی کے دوران حراست میں لیا گیا۔

    اس کے علاوہ میاں محمود الرشید کے بیٹے ڈاکٹر حسن محمود کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ میاں محمود الرشید کے بیٹے کو شادمان میں ریلی سے حراست میں لیا گیا۔ رکن پنجاب اسمبلی ہارون اکبر کو بھی اچھرہ سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    یاد رہے تحریک انصاف نے آٹھ فروری کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی کال پر آج (10 مارچ کو) ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں انتخابی دھاندلی کے خلاف پُرامن احتجاج میں شریک رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔

  8. پاکستان کے 14ویں صدرآصف علی زرداری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    Asif Zardari

    ،تصویر کا ذریعہPPP

    پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زردرای نے ملک کے 14ویں صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

    صدر آصف علی زرداری کی تقریب حلف برداری آج شام چار بجے ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ آصف زرداری سے ان سے حلف لیا۔

    گذشتہ روز آصف علی زرداری 411 ووٹ لے کر ملک کے صدر منتخب ہوئے تھے۔

  9. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • پاکستان کے 14ویں صدرآصف علی زرداری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا
    • عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف تحریکِ انصاف کے ملک بھر میں مظاہرے
    • لاہور میں تحریکِ انصاف کے سردار لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کر لیا گیا
  10. جسٹس نعیم اختر افغان آج بطور سپریم کورٹ جج اپنے عہدے کا حلف لیں گے

    Naeem Akhtar Afghan

    ،تصویر کا ذریعہBalochistan High Court

    جسٹس نعیم اختر افغان آج بطور سپریم کورٹ جج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس نعیم اختر افغان سے عہدے کا حلف لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں منعقد ہو گی۔

    سپریم کورٹ کے ججز، سینیئر وکلا، عدالتی عملہ حلف برداری میں شریک ہو گا۔ جسٹس نعیم اختر افغان بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

  11. بی بی سی اردو کی نئی لائیو پیج کوریج میں خوش آمدید

    گذشتہ روز کی خبروں کے لیے اس لنک پر کلک کیجیے۔