قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس: پیر کو اجلاس بلانے کا کہا لیکن صدر کوئی فیصلہ نہیں کر سکے، مسلم لیگ ن
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت صدارت کے عہدے اور حلف کے ساتھ انصاف نہیں کر سکے ہیں اورقومی اسمبلی کے اجلاس پر وہ ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کر سکے ہیں۔ اس سے قبل سینیٹر اسحاق ڈار نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدر مملکت نے سمری پر اجلاس نہ بلایا تو 29 فروری کو سپیکر آئینی طورپر خود اجلاس طلب کر سکتا ہے۔
لائیو کوریج
یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا!
بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے تاہم یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔
26 فروری کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں
مریم نواز وزیر اعلیٰ، شہباز شریف وزارت عظمیٰ کے امیدوار: شریف خاندان میں اقتدار کی تقسیم میں ’تبدیلی‘ کی وجوہات کیا ہیں؟
لاہور میں خاتون کے لباس کی وجہ سے توہین مذہب کا الزام: ’اگر چیخ کر ہجوم کو قائل نہ کرتی تو حالات بدتر ہوتے‘
کوئٹہ میں ڈی سی کے دفتر کے باہر مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجی کیمپ ہٹا دیا گیا, محمد کاظم، بی بی سی اردو

قوم پرست جماعتوں پر مشتمل چار جماعتی اتحاد نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر قائم اپنا احتجاجی کیمپ ہٹا دیا ہے۔ تاہم اتحاد کے رہنماؤں کا کہنا ہے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
یہ کیمپ پشتونخواملی عوامی پارٹی ، نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے قائم کیا گیا تھا۔
17 روز سے قائم اس کیمپ میں دھرنے کی وجہ سے ڈپٹی کمشنر کے دفتر اور اس سے متصل کمشنر کے دفتر کے مین گیٹ بند ہوگئے تھے۔
یہ پہلا موقع تھا کہ اس کیمپ کی وجہ سے دو ہفتے سے زائد کے عرصے تک کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے دفاتر کے عملے کے لیے گاڑیوں میں دفاتر تک آمدورفت ممکن نہیں ہوئی۔

اس احتجاجی کیمپ کی وجہ سے شہر کے وسطی علاقوں میں ٹریفک کے بھی مسائل پیدا ہوئے۔
ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما قادرعلی نائل نے بتایا کہ ان کا احتجاج دھاندلی کے خلاف تھا۔ ان کے مطابق چونکہ اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے اس لیے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر سے احتجاجی کیمپ کو ہٹا دیا گیا ہے، لیکن احتجاج ختم نہیں ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کو بلوچستان بھر میں وسعت دی جا رہی ہے اور ہرضلع اور تحصیل میں آر اوز اور ڈی آر اوز کے دفاتر کے باہراحتجاج ہوگا۔
حالیہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بلوچستان میں نوازلیگ کے سوا باقی تمام اہم جماعتوں نے احتجاج کیا، جن میں جمیعت العلما اسلام اور پیپلز پارٹی بھی شامل تھیں، جن کو بلوچستان سے زیادہ نشستیں ملیں۔
صدر کی طرف سے نئی منتخب اسمبلی کا اجلاس بلانے میں تاخیر اختیار کا ناجائز استعمال ہے: شازیہ مری
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ صدر عارف علوی کی طرف سے نئی منتخب اسمبلی کا اجلاس بلانے میں تاخیر اپنے اختیار کا ناجائز استعمال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر عارف علوی کی ہر آئین شکنی اور عہدے کا غلط استعمال تاریخ کا حصہ رہے گا، قومی اسمبلی کے انتخابات مکمل ہو چکے، صدر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔
اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ صدر پر لازم ہے کہ وہ وزیراعظم کی سمری پر بلاتاخیر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کریں تاکہ قومی اسمبلی متحرک ہو۔
نومنتخب رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا کہ صدر عارف علوی ایک شخص کی وفاداری کے بجائے آئین کی پاسداری کریں۔
انھوں نے کہا کہ یہ وہی صدر ہیں جنھوں نے ماضی میں قومی اسمبلی کو غیر آئینی طریقے سے ختم کیا، صدر ماضی کی طرح آئین سے کھیلنے سے گریز کریں۔
لیبیا میں کشتی حادثے میں ملوث ملزم کو 20 سال قید اور جرمانے کی سزا, شہزاد ملک، بی بی سی اردو

،تصویر کا ذریعہReuters
لیبیا میں کشتی حادثے میں ملوث ملزم کو 20 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
ملزم شہزاد الٰہی نے شکایت کنندہ کے بھتیجے کو اٹلی بھجوانے کے نام پر 23 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔
احسن اقبال نامی متاثرہ شہری لیبیا کشتی حادثے میں مر گئے تھے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف سنہ 2023 کمپوزیٹ سرکل گجرانوالہ میں مقدمہ درج ہوا تھا۔
ترجمان کے مطابق سپیشل جج سنٹرل محمد نعیم شیخ نے مقدمے کی سماعت مکمل کرتے ہوئے شہزاد الٰہی کو 20 سال قید اور 14 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی۔
ایوان صدر اس وقت سازشوں کا گڑھ بنا ہوا ہے، 29 فروری کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہر صورت ہو گا: عطا تارڑ

،تصویر کا ذریعہPTV
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت صدارت کے عہدے اور حلف کے ساتھ انصاف نہیں کر سکے ہیں اورقومی اسمبلی کے اجلاس پر وہ ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کر سکے ہیں۔
عطا تارڑ کے مطابق ایوان صدر اس وقت سازشوں کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ ان کے مطابق ’صدر مملکت جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے لیے پی ٹی آئئ کے کارکن بنے ہوئے ہیں۔‘
عطا تارڑ نے کہا کہ پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے لیے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سمری بھیجی گئی مگر انھوں نے اس پر کوئی عمل نہیں کیا ہے۔ ان کے مطابق 29 فروری کو تو سپیکر خود اجلاس طلب کر لیں گے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ’29 فروری کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہر صورت ہو گا۔‘
بدعنوانی کے مقدمات میں جیل میں بند ہوں، کیا آئی ایم ایف کو خط میں یہ سب لکھیں گے؟
عطا تارڑ نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کرپشن کے مقدمات میں جیل میں بند ہیں تو پھر آپ کس حیثیت سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے جا رہے ہیں۔
انھوں نے سوال کیا کہ ’کیا آپ ان خطوط میں لکھیں گے کہ مجھ پر اور میری اہلیہ پر اربوں کے کرپشن کے مقدمات قائم ہیں۔ کیا آپ بیرون ملک سے ملنے والے تحائف بیچے ہیں۔ اپنی کابینہ سمیت 190 ملین پاؤنڈ کا ڈاکہ ڈالا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’خط میں لکھیے گا کہ میں بدعنوان ہوں اور جیل میں قید ہوں۔‘
نوید انتھونی: سندھ اسمبلی کے پہلے مسیحی ڈپٹی سپیکر کون ہیں؟
انتھونی نوید ڈپٹی سپیکر سندھ منتخب

،تصویر کا ذریعہPTV
پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی انتھونی نوید ڈپٹی سپیکر سندھ منتخب ہو گئے ہیں۔ انھوں نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا ہے۔ ان سے سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے حلف لیا۔
انتھونی نوید 111 ووٹ لے کر ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لیے کامیاب قرار دیے گیے ہیں۔
ان کے مدمقابل ایم کیو ایم کے راشد خان امیدوار تھے جنھیں 36 ووٹ ملے۔ تحریک انصاف کے آزاد اراکین نے بائیکاٹ کیا تھا۔
تحریک انصاف کا سندھ میں سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعلیٰ سندھ کے انتخابات میں بائیکاٹ کا اعلان
تحریک انصاف نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے صوبائی صدر علیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا بھی بائیکاٹ کیا جائے گا۔
علیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے۔
صدرمملکت نے سمری پر اجلاس نہ بلایا تو 29 فروری کو سپیکر آئینی طور پر خود اجلاس طلب کر سکتے ہیں: اسحاق ڈار

سینیٹر اسحاق ڈار نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر مملکت نے سمری پر اجلاس نہ بلایا تو 29 فروری کو سپیکر آئینی طورپر خود اجلاس بلا سکتا ہے۔
ان کے مطابق آئین میں بڑا واضح ہے کہ اگر اجلاس نہیں بلایا جاتا تو 21 ویں روز سپیکر کو اجلاس بلانے کااختیار ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق 21 دن کی آئینی مہلت کے حساب سے 29 فروری آخری تاریخ بنتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’صوبوں میں بھی اگر گورنر اجلاس نہیں بلاتا تو وہاں بھی یہی اصول لاگو ہوگا۔‘
اسحاق ڈار نے کہا کہ پارلیمانی افئیرز کی طرف سے صدر مملکت کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری بھیجی جا چکی ہے۔
سندھ میں وزیراعلیٰ کا انتخاب کل ہو گا، ایم کیو ایم نے بھی اپنے امیدوار کا اعلان کر دیا
سندھ کے وزیراعلیٰ کے لیے ووٹنگ کل دو بجے سندھ اسمبلی میں ہو گی۔ نو منتخب سپیکر سید اویس قادر شاہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے آج نامزدگی فارم جاری کیے جائیں گے جن کی شام تک سکروٹنی اور اعتراضات وصول کیے جائیں گے۔ پیر کی دوپہر دو بجے الیکشن ہوگا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہیں جبکہ ایم کیو ایم جانب سے علی خورشیدی امیدوار ہوں گے۔
واضح رہے کہ سندھ کے نو منتخب سپیکر سید اویس شاہ دوسری بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔
آج سپیکر کے لیے ہونے والے انتخاب میں انھیں 111 ووٹ ملے ہیں۔ ان کے مدمقابل ایم کیو ایم کی صوفیہ شاہ کو 36 ووٹ ملے۔
وہ پی پی پی کے سینیئر رہنما سید خورشید شاہ کے بڑے بھائی کے بیٹے اور ان کے داماد ہیں۔ سنہ 2018 کے الیکشن میں وہ پہلی بار روہڑی اور صالح پٹ کے صوبائی حلقے سے کامیاب ہوئے اور انھیں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ مقرر کیا گیا تھا۔
تعلیم کے لحاظ سے وہ انجینیئر ہیں۔ زمینداری کے علاوہ وہ پتھروں کے کاروبار سے بھی منسلک رہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سید اویس قادر شاہ نے سپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہونے کے بعد حلف اُٹھا لیا

،تصویر کا ذریعہScreen Grab
سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے اُمید وار سید اویس قادر شاہ 111 ووٹ لے کر سپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔
سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اویس قادر سے حلف لیا۔
سپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں آج سپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی۔ اس ووٹنگ میں کُل 147 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے اویس قادر نے 111 ووٹ حاصل کیے تاہم ان کے مدمقابل ایم کیو ایم کی صوفیہ شاہ کو 36 ووٹ ملے۔
اس وقت ڈپٹی سپیکر کے لیے ووٹنگ کے انتظامات کیے جارہے ہیں
سپیکر منتخب ہونے کے بعد اویس قادر نے اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ ’پوری کوشش کی جائے گی کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں، اس ہاؤس میں ماضر میں جو کُچھ ہوا اُسے بھول کر آگے بڑھیں گے۔
کشیدگی کے چند ہفتوں بعد پاکستان نے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر کام کی منظوری کیوں دی؟
چولستان ریلی میں ٹرک دوڑانے جانے کا تجربہ کیسا رہا؟
سندھ اسمبلی میں سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ جاری

،تصویر کا ذریعہScreenGrab
سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کو سادہ اکثریت حاصل ہے۔ پی پی پی کی جانب سے سپیکر کے لیے سید اویس شاہ اور ڈپٹی سپیکر کے لیے انتھونی نوید کو نامزد کیا گیا ہے۔
جبکہ دوسری طرف، متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے سپیکر کے لیے صوفیہ شاہاور ڈپٹی سپیکر کے لیے راشد خان امیدوار ہیں۔
سندھ اسمبلی میں آج اتوار کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو منتخب کیا جائیگا، ایوان میں اکثریتی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے سپیکر کے لیے سید اویس شاہ اور ڈپٹی سپیکر کے لیے انتھونی نوید کو نامزد کیا ہے، ایم کیو ایم کی جانب سے سپیکر کے لیے صوفیہ شاھاور ڈپٹی سپیکر کے لیے ایم کیو ایم کے راشد خان امیدوار ہیں۔
اسمبلی میں اپوزیشن میں ایم کیو ایم، سنی کاؤنسل، جی ڈی اے اور جماعت اسلامی شامل ہے۔
ایم کیو ایم کے علاوہ دیگر اپوزیشن جماعتوں نے گزشتہ روز حلف برداری کا بطور احتجاج بائیکاٹ کیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ نو آزاد اراکین نے سنی کاؤنسل میں شمولیت اختیار کی ہے۔
اتوار کے روز اجلاس شروع ہونے کے بعد ان 9 اراکین نے بطورِ ممبر صوبائی اسمبلی حلف اٹھا لیا۔
’اوپن بُک ایگزامینیشن‘: کمرہِ امتحان میں کتابیں کھول کر پرچے حل کرنے کا نظام پاکستان میں قابلِ عمل ہے؟
پی ٹی آئی نے وزیرِ اعلٰی پنجاب کے لیے نیا امیدوار نامزد کر دیا
پاکستان تحریکِ انصاف نے وزیرِ اعلٰی پنجاب کے اپنا نامزد امیدروار نامزد کر دیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ بانی چیرمین عمران خان نے میاں اسلم اقبال کو وزیر اعلی پنجاب کے عہدے کے لئے نامزد کیا تھا۔
ان کا دعوٰی ہے کہ میاں اسلم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
حماد اظہر کا کہنا ہے اس صورتحال کے بعد، میاں اسلم اقبال کی مشاورت سے پارٹی قیادت نے وزیراعلی کے لیے رانا آفتاب احمد خان کو نامزد کر دیا ہے۔
انھوں نے اس بات کا اعلان سماجی رابظے کی ویب سائٹ X (سابق ٹوئٹر) پر کیا۔
دوسری جانب، مسلم لیگ ن نے وزارتِ اعلٰی کے لیے مریم نواز کو نامزد کر رکھا ہے۔ مسلم لیگ کا دعوٰی ہے کہ ان کی جماعت کو پنجاب اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل ہے۔
X پوسٹ نظرانداز کریںX کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
آٹھ فروری کو بوتل ہی ٹوٹ گئی: وسعت اللہ خان کا کالم
