نواز شریف اکتوبر میں پاکستان آئیں گے اور مسلم لیگ ن کی الیکشن مہم کی قیادت کریں گے: شہباز شریف

سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشاورت کے بعد طے پایا کہ نواز شریف اکتوبر میں پاکستان واپس آئیں گے اور اپنے خلاف کیسز میں قانون کا سامنا کریں گے۔ دوسری جانب توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو قید کی سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور کو ’او ایس ڈی‘ بنانے کا ٹوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. یہ لائیو پیج کوریج اب ختم کی جا رہی ہے

    یہ لائیو پیج اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے۔ بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج کے لیے اس لنک پر کلک کیجیے

  2. میرے خلاف ایک منظم مہم چلائی گئی، میرا تبادلہ کسی اور جگہ کر دیا جائے: جج ہمایوں دلاور کا اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط

    خط

    ،تصویر کا ذریعہIHC

    توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنانے والے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج ہمایوں دلاور نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط میں اپنے تبادلے کی درخواست کی ہے۔

    واضح رہے کہ یہ خط 17 اگست کو لکھا گیا تاہم اس کی تفصیلات اس وقت سامنے آئی ہیں جب ہمایوں دلاور کو اُن کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے او ایس ڈی (آفیسر آن سپیشل ڈیوٹی) بنا دیا گیا ہے۔

    ہمایوں دلاور کے تبادے کا یہ نوٹیفیکشین اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی ہدایت پر جاری کیا گیا۔

    جج ہمایوں دلاور نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط میں لکھا کہ ’ایک سیاسی جماعت کے چیئرمین کے خلاف الیکشن ایکٹ کے تحت کریمنل کمپلینٹ کا فیصلہ سنایا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر میرے خلاف مہم چلائی گئی۔‘

    انھوں نے مزید لکھا کہ ’سوشل میڈیا مہم کے باعث دنیا بھر کے مختلف افراد کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ میری فیملی کو بھی دھمکیاں موصول ہوئیں۔‘

    خط میں جج ہمایوں دلاور ن یہ بھی لکھا کہ ’میرے بچوں کو سکول جانے میں دشواری اور ناخوشگوار صورتحال کا سامنا ہے، میرے اور میرے خاندان کے خلاف منظم مہم چلائی گئی۔‘

    ہمایوں دلاور کے مطابق برطانیہ میں ٹریننگ کے دوران دیگر جوڈیشل افسران کے ہمراہ ناخوشگوار حالات سے گزرنا پڑا اور ان وجوہات کی بنا پر درخواست ہے کہ میرا تبادلہ کسی اور جگہ کر دیا جائے۔

  3. پاکستان کی ترقی بلوچستان کے ترقی کے بغیر ممکن نہیں، نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

    نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی کے بغیر ممکن نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے پہلے دورہ کوئٹہ کے موقع پر نگراں وزیر اعلی علی مردان ڈومکی سے بات چیت کے دوران کیا۔

    وزیرِ اعلی ہاؤس پہنچنے پر وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ نگران وزیرِاعظم کو بلوچستان کے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان نہ صرف قدرتی وسائل سے مالا مال ہے بلکہ اس کی اصل طاقت یہاں کی با صلاحیت افرادی قوت ہے۔

    انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

  4. توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو سزا سنانے والے جج ہمایوں دلاور ’او ایس ڈی‘ بنا دیے گئے, شہزاد ملک، بی بی سی اُردو ڈاٹ کام

    نوٹیفیکشین

    ،تصویر کا ذریعہIHC

    توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنانے والے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج ہمایوں دلاور کو اُن کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے او ایس ڈی (آفیسر آن سپیشل ڈیوٹی) بنا دیا گیا ہے۔

    ہمایوں دلاور کے تبادے کا یہ نوٹیفیکشین اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی ہدایت پر جاری کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ ہمایوں دلاور نے بطور ٹرائل کورٹ جج سابق وزیر اعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں پانچ اگست کو قید کی سزا سنائی تھی۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ ایک نئی تخلیق کردہ پوسٹ ہے تاہم اس ضمن میں مزید تفصیلات نہیں دی گئی ہیں۔

  5. بریکنگ, نواز شریف اکتوبر میں پاکستان آئیں گے اور الیکشن مہم کی قیادت کریں گے: شہباز شریف

    نواز شریف

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کی سینیئر لیڈرشپ سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ ہوا ہے کہ نواز شریف اکتوبر میں پاکستان واپس جائیں گے اور مسلم لیگ ن کی الیکشن مہم کی سربراہی کریں گے۔

    جمعہ کی دوپہر لندن میں شریف خاندان نے اس ضمن میں مشاورت کے لیے میٹنگ کا انعقاد کیا تھا جس میں پارٹی کے لندن میں موجود رہنما بھی شامل تھے۔

    بعدازاں اپنے بڑے بھائی نواز شریف اور دیگر پارٹی رہنماؤں کی موجودگی میں میڈیا سے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مشاورت کے نتیجے میں طے پایا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اکتوبر میں پاکستان آئیں گے تاہم انھوں نے اس ضمن میں کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان واپس جا کر قانون کا سامنا کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ شفاف احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے بغیر پاکستان کی ترقی ناممکن ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عدالتوں نے نواز شریف کے ساتھ دوہرا معیار اپنایا۔ ’جس بینچ نے پانامہ کیس کا فیصلہ کیا اور اس میں سے اقامہ نکالا، اس سے قطع نظر کے پانامہ کیس میں نواز شریف کا ذکر ہی موجود نہیں تھا، انھوں نے سازش کے تحت نواز شریف کو ملوث کیا۔‘

    انتخابات سے متعلق ایک سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ انھوں نے آئین اور قانون کے مطابق وقت سے پہلے اسمبلیاں تحلیل کیں اور اب یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ وقت پر الیکشن کا انعقاد کریں۔

  6. وزیراعظم آفس: ’سرکاری اہلکار حساس معلومات کے حصول کی غرض سے ہونے والے ہیکرز حملوں سے ہوشیار رہیں‘

    تفصیل

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    حکومت پاکستان نے سرکاری افسران کو ’موبائل فون ہیک ہونے‘ اور ’حساس معلومات‘ کے ممکنہ حصول کی کوششوں کے حوالے سے متنبہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ افسران موبائل فون پر موصول ہونے والے پیغامات کے حوالے سے چوکنا رہیں۔

    وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ’سکیورٹی اداروں نے حساس معلومات کے حصول کے لیے سینیئر سرکاری افسران کے موبائل فون ہیک کرنے کی کوشش کا پتہ لگایا ہے۔ اس کام میں ملوث عناصر، سینیئر سرکاری اہلکاروں کے نام پر، ریاستی حکام اور بیوروکریسی کے افسران سے حساس معلومات حاصل کرنے کی مذموم کوشش کرتے ہیں۔‘

    یہ بھی بتایا گیا ہے اس ذیل میں واٹس ایپ پر موبائل ہیکنگ لنکس بھیج کر معلومات کے حصول کی بھی کوشش کی گئی۔

    حکومت کی تمام سرکاری افسران کو اس ضمن میں چوکنا رہنے اور ایسے کسی بھی میسیج کا جواب نہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا موبائل پیغام موصول ہونے پر فوری طور پر کابینہ ڈویژن کو اطلاع دی جائے۔

  7. ’معاملہ لفٹ کے اردگرد گھومتا رہا‘ ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کا احوال

  8. عمران خان کو سنگین خطرات لاحق ہیں، ان کا وزن بھی کم ہو گیا: بشریٰ بیگم کا سپریم کورٹ میں بیان حلفی

    سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بیگم نے سپریم کورٹ میں بیان حلفی جمع کرایا ہے جس کے مطابق عمران خان کی زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

    بیان حلفی کے مطابق ’جیل میں عمران خان کی صحت خراب ہو رہی ہے اور دوران قید ان کا وزن بھی کم ہوا ہے۔ ستر سالہ شخص کی گرتی صحت ان کی زندگی کیلئے سنگین خطرہ ہے۔

    بشریٰ بیگم کے مطابق ’میں ے اپنا بیان حلفی جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ مشکلات اور تاخیر کے باعث عمران خان سے بائیس اگست کو اٹک جیل میں ملاقات ہوئی۔‘

    بیان حلفی کے مطابق ’عمران خان آئین اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس جدوجہد میں وہ ہر قربانی دینے اور مشکل کا سامنے کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

  9. الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں اور ووٹر رجسٹریشن کا عمل ایک ساتھ 14 دسمبر تک مکمل کر لیں: مسلم لیگ ن کا مطالبہ

    ن لیگ کے سینیئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ان کی جماعت کو یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جلد از جلد انتخابات کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے آئینی فریضہ انجام دے گا۔

    احسن اقبال نے پاکستان مسلم لیگ کے وفد کے ہمراہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد میڈیا کو تفصیلات بتائی ہیں۔ ان کے مطابق ہم نے الیکشن کمیشن کو جلد از جلد انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔

    احسن اقبال کے مطابق ہم یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جلد سے جلد ایک ایک منتخب حکومت آئے اور پھر آئینی اور جمہوری طور پر منتخب ہونے کے بعد ملکی معیشیت کو مستحکم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

    ان کے مطابق الیکشن کمیشن سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ کمیشن خواتین کی انتخابی عمل میں ووٹ کے ذریعے مؤثر شمولیت کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کرے۔

    احسن اقبال کے مطابق انھوں نے الیکشن کمیشن سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ نفرت انگیز تقاریر کو مؤثر مانیٹرنگ کا نظام متعارف کرایا جائے۔ ان کے مطابق ایسی مذہبی، لسانی اور نفرت پر مبنی تقاریر سے انتخابات میں تشدد آتا ہے۔

    احسن اقبال نے کہا کہ ان کی جماعت نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ حلقہ بندیوں کے عمل کے ساتھ ساتھ ووٹر رجسٹریشن کی حتمی تاریخ کا بھی اعلان ہونا چاہیے تا کہ ایک ساتھ ہی یہ دونوں مراحل تکمیل کو پہنچیں اور ہر ایک کے پاس انتخابات کے دن بھی وہی ووٹر لسٹیں موجود ہوں جو نئی حلقہ بندیوں کے ساتھ مکمل ہوں۔

    سابق وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے عمل میں 54 دن درکار ہوں گے اور پھر اس کے عام انتخابات فروری کے وسط میں ہو سکیں گے۔

  10. عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ سمیت وکلا کو لفٹ سے بحفاظت نکال لیا گیا

    عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ سمیت متعدد وکلا اسلام آباد ہائی کورٹ کی بلڈنگ کی لفٹ میں تقریباً آدھے گھنٹے تک پھنسے رہنے کے بعد باہر نکال لیا گیا ہے۔

    ان کے معاون وکیل کے مطابق وہ عمران خان کی درخواستوں پر سماعت کے بعد جب باہر نکلے تو پھر لفٹ کے ذریعے نیچے آ رہے تھے کہ لفٹ میں پھنس گئے۔ تاہم آدھے گھنٹے تک لفٹ میں پھنسے رہنے کے بعد ان وکلا کو باہر نکالا گیا۔

    ہائی کورٹ کی انتظامیہ کے مطابق جس لفٹ میں وکلا پھنس گئے تھے وہاں پر پنکھا بھی دستیاب نہیں تھا۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  11. ’میں اب آپ کی عدالت نہیں آؤں گا‘: توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ کا چیف جسٹس سے مکالمہ, سحر بلوچ بی بی سی اردو

    Sardar Latif Khosa

    آج جب میں توشہ خانہ کیس سے متعلق عمران خان سزا معطلی اور ضمانت کی اپیلوں کی سماعت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچی تو عدالتی لفٹ میں عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ بھی موجود تھے جو میری طرح چیف جسٹس کی عدالت کا رخ کر رہے تھے مگر بظاہر اچھے موڈ میں نہیں لگ رہے تھے۔

    جمعے کو سماعت ساڑھے گیارہ بجے شروع ہونا تھی مگر اس وقت تک کوئی بھی جج کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھا اور پھر پونے بارہ بجے سماعت شروع ہو گئی۔

    چیف جسٹس عامر فاروق کے بینچ کے دوسرے رکن جسٹس طارق محمود جہانگیری تھے۔

    عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکلا کو روسٹرم پر آنے کی ہدایت کی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز آج عدالت میں پیش نہیں ہوئے تو ان کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ امجد پرویز کی طبیعت اچھی نہیں تھی۔ مقدمے کی کارروائی ملتوی کر دی جائے۔

    عدالت کے اعتراض پر معاون وکیل نے کہا کہ یہ قدرتی امر ہے جو انسان کے بس میں نہیں ہے۔

    لطیف کھوسہ نے چیف جسٹس سے مخاطب ہو کر کہا کہ یہ ان فیئر ہے، یہ ایک جیل میں پڑے شخص کی زندگی کی تیں دن مانگ رہے ہیں، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ عام طور پر جمعے کو دو رکنی بینچ تشکیل نہیں دیے جاتے مگر آج اس کیس کے لیے ڈویژن بینچ بنایا گیا تھا۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ’ٹرائل کورٹ نے جو کیا غلط کیا۔

    لطیف کھوسہ نے کہا کہ آپ سزا معطلی کے لیے تیار ہی نہیں ہیں۔ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ اس کیس میں سقم موجود ہیں۔

    چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ چلیں پھر پیر کو اس پر سماعت کر لیتے ہیں۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ خدارا اس ادارے کو ایسا نہ بنائیں کہ آپ کا ماتحت آپ کی بات نہ مانے۔

    لطیف کھوسہ نے کہا کہ ’اب میں آپ کی عدالت میں نہیں پیش نہیں ہوں گا، آپ جو مرضی فیصلہ کر لینا۔‘

    لطیف کھوسہ جب روسٹرم سے آ رہے تھے تو کمرہ عدالت میں موجود پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وکلا فکس بینچ نامنظور اور شیم شیم کے نعرے لگانا شروع ہو گئے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے وکلا سے کہا کہ وہ جو بھی کرنا چاہتے ہیں باہر جا کر کریں، یہاں کمرہ عدالت میں وہ ایسا کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔

  12. اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی کارروائی پیر تک ملتوی کردی

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم اور چیرمین پاکستان تحریک انصاف کی سزا معطلی اور ضمانت کی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری ان درخواستوں پر سماعت کی۔

    عدالت نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس پر کارروائی ملتوی کر دی۔

    عمران خان کی جانب سے لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ، بابر اعوان، بیرسٹر گوہر علی خان، شعیب شاہین اور دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔

    عمران خان کی بہین علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔

    الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز عدالت پیش نہیں ہوئے۔ ان کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ’امجد پرویز کی طبیعت انتہائی خراب ہے، اسی لیے میں پیش ہورہا ہوں۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ’ضمانت کا معاملہ چل رہا ہے یہ غلط بات ہے۔‘ معاون وکیل نے کہا کہ ’ایسے حالات تو کسی کے ساتھ بھی ہو سکتے ہیں۔‘

    عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ’جی نہیں، ایسا کسی کے ساتھ نہیں ہوسکتا، میری کل طبیعت خراب تھی مگر آیا۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’یہ انتہائی غلط اقدام ہیں، ٹوٹل دس منٹ کے دلائل دینے ہیں۔‘

  13. ان کیمرا سماعت کے بعد شاہ محمود قریشی مزید تین دن کے لیے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے, شہزاد ملک بی بی سی اردو

    Shot

    ،تصویر کا ذریعہScreenshot

    آفیشل سیکرٹس ایکٹ کی خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے مزید تین دن کے جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی ہے۔

    سائفر مقدمے میں شاہ محمود قریشی پہلے بھی چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی حراست میں رہ چکے ہیں۔

    عمران خان کے ایک وکیل شاہ خاور نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کیمرہ سماعت کے دوران ایف آئی اے نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ انھوں نے سابق وزیرخارجہ سے سائفر کی ریکوری کرنی ہے اس وجہ سے ان کا مزید نو دن کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ تاہم ان کے مطابق عدالت نے صرف تین روزہ ریمانڈ کی منظوری دی ہے۔

    عمران خان کے وکلا نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی تھی۔

  14. سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ, شہزاد ملک بی بی سی اردو

    آفیشل سیکرٹس ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں ان کیمرہ سماعت کے دوران فریقین کو سننے کے بعد شاہ محمود قریشی کے مزید جسمانی ریمانڈ سے متعلق استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

    شاہ محمود قریشی کے وکیل شعیب شاہین اور سپیشل پراسیکوٹر شاہ خاور عدالت میں پیش ہوئے۔ شاہ محمود قریشی کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے مزید نو روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ شاہ محمود قریشی کے وکیل شعیب شاہین کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی گئی۔

    آفیشل سیکرٹس ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذولقرنین نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔

  15. سائفر کیس: شاہ محمود قریشی کو آفیشل سیکرٹس ایکٹ کی خصوصی عدالت پہنچا دیا گیا

    Shah Mahmood Qureshi

    ،تصویر کا ذریعہscreenshot

    وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کو آفیشل سیکرٹس ایکٹ کے تحت قائم کردہ خصوصی عدالت پہنچا دیا گیا ہے۔ گذشتہ پیشی پر عدالت نے شاہ محمود قریشی کو چار دن کے جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا۔

    شاہ محمود قریشی کو ایف آئی اے کی ٹیم نے قیدیوں والی وین میں متعلقہ عدالت کے داخلی دروازے تک پہنچایا۔

  16. بلوچستان کے مقامی گلوکار کی آواز کا جادو، نگراں وزیراعظم نے پل بنانے کی ہدایات جاری کر دیں

    نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بلوچستان کے ایک مقامی گلوکار کے مطالبے پر متعلقہ حکام کو پل بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ مقامی گلوکار نے گانا گا کر نگراں وزیراعظم سے یہ مطالبہ کیا تھا کہ ’وزیراعظم کاکڑ صاحب پنجرہ پل بناؤ، بلوچستان دھرتی سے اپنا فرض نبھاؤ‘۔

    اس گانے کے جواب میں نگراں وزیراعظم نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’پنجرہ پل کی تعمیر نو کے لیے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ بہت جلد بلوچستان کے عوام کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ ان شاء اللہ‘۔۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  17. سائفر مقدمے میں ایف آئی اے شاہ محمود قریشی کو آج خصوصی عدالت میں پیش کرے گی

    Qureshi

    وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کو آج آفیشل سیکرٹس ایکٹ کے تحت قائم کردہ خصوصی عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ پیشی پر عدالت نے شاہ محمود قریشی کو چار دن کے جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا۔

    شاہ محمود قریشی سمیت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور سابق جنرل سیکریٹری تحریک انصاف اسد عمر پر بھی سائفر کے معاملے میں آفیشل سیکرٹس ایکٹ کے تحت مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔

  18. الیکشن کمیشن کی دی گئی تاریخ پر انتخابات کرائیں گے: نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی

    مرتضیٰ سولنگی

    ،تصویر کا ذریعہAPP

    نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن جس تاریخ کا اعلان کرے گا، اس پر انتخابات کرائیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے مؤقف کے پیچھے کھڑے ہیں، ہم الیکشن کمیشن کے اختیارات نہیں لینا چاہتے۔

    وزیراطلاعات کے مطابق آرٹیکل 218 (3) کے تحت آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی بھرپور مدد کریں گے۔

    جمعرات کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ آرٹیکل 51 کے تحت الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں کرنے کا پابند ہے اور اس نے شیڈول بھی دے دیا ہے۔

    نگراں وزیراطلاعات نے کہا کہ آئین میں لکھا ہے کہ ملک کو منتخب نمائندے چلائیں گے، الیکشن کمیشن اگر سمجھتا ہے کہ نگراں حکومت آزادانہ، منصفانہ، شفاف انتخابات کرانے میں ہماری مدد کرے تو ہم مدد کریں گے۔

  19. برکس اجلاس: کیا امریکہ کو ٹکر دینے کے لیے اس اتحاد میں توسیع ہو رہی ہے؟

  20. توشہ خانہ کیس: سپریم کورٹ نے حکومت سے عمران خان کی اٹک جیل میں حالتِ زار پر رپورٹ طلب کر لی

    ٹوئٹر

    سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف سابق وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر سماعت کل (جمعہ) تک ملتوی کرتے ہوئے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو ہدایت کی ہے کہ وہ 28 اگست تک چیئرمین تحریک انصاف کی اٹک جیل میں حالت زار سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروائیں۔

    واضح رہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی نے ٹرائل کورٹ کے توشہ خانہ کیس میں سزا دیے جانے کو کالعدم قرار دینے سے متعلق درخواست سپریم کورٹ میں جمع کروا رکھی ہے۔ جمعرات کو اس کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

    دورانِ سماعت عمران خان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا اسلام آباد ہائی کورٹ میں یہ معاملہ تاحال زیر سماعت ہے، جس پر سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ وہ اس معاملے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ کا انتظار کرے گی اور پھر اس پر اپنا فیصلہ سُنائے گی۔

    سپریم کورٹ نے حکومت کو حکم دیا کہ وہ 28 اگست تک چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جیل میں حالت زار سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائیں۔