’نہیں چاہتے فوج شہریوں پر بندوق اٹھائے، فوج کو غیر آئینی اقدام سے روکیں گے‘: چیف جسٹس

عام شہریوں کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلانے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ عدالت فوج کو پابند کرے گی کہ وہ غیر آئینی اقدام نہ کرے۔ ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انھوں نے اپوزیشن اور حکومت میں ہوتے ہوئے بہت سے سپہ سالاروں سے ملاقاتیں کیں لیکن ان کا ایک ہی مقصد ہوتا تھا کہ ملک ترقی کرے۔

لائیو کوریج

  1. باجوڑ دھماکے میں 44 افراد کی ہلاکت: ’میرے سامنے میرے شاگرد کی لاش پڑی تھی‘

    file

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    باجوڑ میں آج قیامت صغری ہے۔ ہر گاؤں، قوم، قبیلے کا کوئی نہ رشتہ دار اس واقعہ میں ہلاک ہوا ہے، ہر کوئی ماتم کر رہا ہے۔‘

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں باجوڑ کے ریسکیو 1122 کے شفٹ انچارج حبیب الرحمن اتوار کے دن جمیعت علمائے اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے دھماکے کے دو منٹ بعد ہی اس مقام پر پہنچ چکے تھے۔

    یہ اتوار کا دن تھا جب خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ورکرز کے کنونشن میں کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے جب ایک دھماکہ ہوا جس میں اب تک 44 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہو چکے ہیں۔

    حبیب الرحمن نے بی بی سی کو بتایا کہ ’کئی زخمی شور مچا رہے تھے کہ ہمیں بچاؤ، ہمیں بچاؤ۔ کچھ بالکل ساکت تھے۔ وہ صدمے اور خوف کی کیفیت میں تھے۔‘

    ’ایک زخمی کافی بری حالت میں تھا۔ اس نے بے چینی سے مجھے کہا کہ ہسپتال پہنچاؤ، مجھے بچاؤ۔ میں نے اس کا سانس بحال کرنے کے لیے سی پی آر کیا لیکن اس کی سانسیں ختم ہو گئیں۔‘

  2. نواز شریف چند ہفتوں میں واپس آ کر قانون کا سامنا کریں گے، شہباز شریف

    shehbaz

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف چند ہفتوں میں پاکستان واپس آ کر قانون کا سامنا کریں گے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان کے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ کو انٹرویو دے رہے تھے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کو سازش کے تحت جھوٹے مقدمے میں سزا دلوائی گئی جو بے نقاب ہوچکی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ملک کے خلاف سازش کی، ان کا احتساب ہونا چاہیے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کو فوج اور آرمی چیف کےخلاف سازش کی گئی جس میں کچھ فوجی اور ان کے خاندان کے افراد بھی شامل تھے۔

    شہباز شریف نے دعوی کیا کہ نو مئی کو سازش کی گئی جس کے ’سرغنہ عمران خان تھے۔‘

    ’اس دن پلان تھا کہ فوج کا تختہ الٹ دیں اور ملک میں خانہ جنگی ہو جائے۔ میں سو فیصد معلومات کی بنیاد پر بات کر رہا ہوں۔‘

    ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’میں انتظامیہ کا سربراہ ہوں، عدلیہ کا نہیں۔‘

    الیکشن سے متعلق سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت اتحادیوں سے سیٹ ایڈجسمنٹ ممکن ہے۔