آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

بپرجوائے سے پاکستان میں بڑے نقصان کا خطرہ ٹل گیا، متاثرین کو حکومتی ہدایات تک واپسی کی اجازت نہیں ہو گی

پاکستان کی وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کے مطابق سمندری طوفان بپرجوائے سے ملک کے ساحلی علاقوں میں بڑے نقصان کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ ادھر انڈیا کے محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کی شدت میں ایک درجہ کمی آئی ہے اور شام تک مزید کمزور ہونے کا امکان ہے۔

لائیو کوریج

  1. سندھ میں سائیکلون سے ’بنیادی مسائل کی وجہ سے‘ نقصان کا خدشہ, سحر بلوچ/بی بی سی اردو، کراچی

    پاکستان کے محکمۂ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ سائیکلون بپر جوائے کی رفتار کم ہوئی ہے مگر اس کی شدت برقرار ہے اور امکان ہے کہ یہ سندھ کے ساحلی علاقوں کی جانب آدھی رات کو پہنچے گا۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق سمندری طوفان کا انڈین ریاست گجرات کی طرف جھکاؤ زیادہ ہے مگر سندھ میں انفراسٹرکچر اور بنیادی مسائل کی وجہ سے نقصان کا خدشہ ہے۔

    قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے این ڈی ایم اے نے ساحلی علاقوں میں 75 ریلیف کیمپ قائم کیے ہیں مگر بدین، ٹھٹہ، ملیر، کورنگی اور کیماڑی میں ایسے کئی لوگ ہیں جنھوں نے اپنے گھر نہیں چھوڑے، لہذا ریلیف کیمپوں میں اتنے لوگوں کی تعداد موجود نہیں جس کی توقع تھی۔

  2. سائیکلون بنتے کیسے ہیں؟

    پاکستان کے حکام کے مطابق سمندری طوفان بپر جوائے آج رات سندھ کے ساحلی علاقے کیٹی بندر سے ٹکرائے گا۔

    آخر یہ سائیکلون یا سمندری طوفان بنتا کیسے ہے؟ جانتے ہیں کومل فاروق اور کرن فاطمہ کی اس ویڈیو میں۔

  3. ’بپر جوائے گجرات میں جاکھو بندرگاہ سے قریب 40 کلو میٹر دور‘

    انڈین میٹرولاجیکل ڈپارٹمنٹ کے مطابق بپر جوائے گجرات کے ساحل جاکھو بندرگاہ سے قریب 40 کلو میٹر جبکہ دیوبھومی دوارکا سے 110 کلو میٹر کی دوری پر ہے۔

    اس نے کہا ہے کہ بپر جوائے کا انڈین ساحلوں سے ٹکرانے کا عمل جاری ہے۔

  4. طوفان کا انڈیا و پاکستان کے ساحلوں سے گزرنے کا عمل ’رات دیر تک مکمل ہوگا‘

    پاکستان میٹرولاجیکل ڈپارٹمنٹ کے مطابق بحیرۂ عرب میں سمندری طوفان بپر جوائے گذشتہ تین گھنٹوں کے دوران شمال مشرق کی جانب مزید مڑ گیا ہے۔

    اس کی جانب سے آج شب آٹھ بجے کی اپ ڈیٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ کراچی کے جنوب سے 245 کلومیٹر، ٹھٹہ سے 200 کلو میٹر اور کیٹی بندر سے قریب 150 کلو میٹر کی دوری پر ہے۔

    اس کے مطابق بپر جوائے کا انڈیا میں گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ طوفان کا انڈیا و پاکستان کے ساحلوں سے گزرنے کا عمل ’رات دیر تک مکمل ہوگا۔‘

    اس کا کہنا ہے کہ سسٹم کے گرد ہواؤں کی رفتار 100 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ جبکہ اس کے مرکز میں 140 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ لہروں کی اونچائی 20 سے 25 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

  5. بپر جوائے کا شمال مشرق کی جانب مڑنے سے پاکستان کے ساحل کیٹی بندر سے فاصلہ بڑھ گیا

    پاکستان میٹرولاجیکل ڈپارٹمنٹ کے مطابق بپر جوائے سندھ کے جنوب مشرق میں کیٹی بندر اور انڈین گجرات کے ساحل سے آئندہ دو سے چھ گھنٹوں کے بیچ گزرے گا۔

    ساڑھے چھ بجے جاری کردہ اپ ڈیٹ کے مطابق اس ’انتہائی شدید‘ سمندری طوفان کے قریب ہواؤں کی رفتار 100 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہیں۔

    یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سمندری طوفان کا پاکستان کے صوبہ سندھ میں کراچی سے فاصلہ 245 کلو میٹر، ٹھٹہ سے 210 کلو میٹر اور کیٹی بندر سے 145 کلو میٹر ہے۔

    پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق فاصلہ بڑھنے کی وجہ یہ ہے کہ بپر جوائے گذشتہ تین گھنٹوں کے دوران شمال مشرق کی جانب مزید مڑ گیا ہے۔

  6. بپر جوائے: سمندری طوفان کا انڈیا میں گجرات کے ساحلوں سے ٹکرانے کا عمل شروع

    انڈیا کے میٹرولاجیکل ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں سائیکلون بپر جوائے کا ملک کے ساحلوں سے ٹکرانے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

    اس کے مطابق سمندری طوفان گجرات کے ضلعے دیوبھومی دوارکا سے 130 کلو میٹر جبکہ جاکھو بندرگاہ سے 70 کلومیٹر سے فاصلے پر ہے۔

    انڈین میٹرولاجیکل ڈپارٹمنٹ کے سربراہ نے کہا ہے کہ لینڈ فال کا عمل ساحلی علاقوں سوراشٹر اور کچھ میں شروع ہوا ہے اور دیر رات تک جاری رہے گا۔

    سمندری طوفان کی وجہ سے گجرات کے ساحلی علاقوں میں صورتحال تبدیل ہوئی ہے جبکہ خدشہ ہے کہ تیز ہوائیں اور بارشیں جاری رہیں گی۔

  7. گجرات کے بعض اضلاع میں آندھی اور تیز بارشیں

    انڈیا سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بپر جوائے کی گجرات کے ساحل سے ٹکر سے قبل ریاست کے بعض اضلاع جیسے دوارکا، جام نگر، موربی اور راجکوٹ کے کچھ مقامات پر آندھی کے ساتھ تیز بارشیں ہو رہی ہیں۔

    گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سنگھوی نے کہا ہے کہ کچھ قصبوں سے بجلی کے کھمبے گِرنے کی اطلاعات آئی ہیں۔

    ممبئی میں گیٹوے آف انڈیا کے مقام پر لہریں اونچی اور تیز ہوگئی ہیں اور لوگوں کو ساحل سمندر پر جانے سے روکا جا رہا ہے۔

  8. سندھ اور بلوچستان کے ساحلی اضلاع میں آج اور کل بارشوں کی پیشگوئی

    پاکستان میٹرولاجیکل ڈپارٹمنٹ کے مطابق بحیرۂ عرب میں سائیکلون بپر جوائے جنوب مشرقی سندھ کی جانب کیٹی بندر اور انڈین گجرات کے ساحل سے ممکنہ طور پر آج شام ٹکرائے گا۔

    دوپہر تین بجے کے قریب جاری کردہ بیان کے مطابق سمندری طوفان کا کراچی سے فاصلہ قریب 220 کلومیٹر، ٹھٹہ کے جنوب سے 210 کلو میٹر اور کیٹی بندر سے 130 کلو میٹر ہے۔

    ااس کا کہنا ہے کہ آج اور کل سندھ کے اضلاع کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، شہید بینظیر آباد اور سانگھڑ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں ہوسکتی ہیں۔

    جبکہ بلوچستان کے اضلاع حب، لسبیلا اور خضدار میں بھی آج اور کل کہیں کہیں بارشیوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    ’لینڈ فال آج رات متوقع‘

    ادھر پاکستان میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے چار بجے کی اپ ڈیٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ لینڈ فال آج دیر رات متوقع ہے۔

    سمندری طوفان کی ساحلوں سے ٹکر کے خدشے کے پیش نظر سندھ میں حکام نے 81 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے جبکہ انڈیا میں گجرات کے حکام نے ساحلی پٹی سے 94 ہزار افراد کی نقل مکانی مکمل کی ہے۔

    یوں اب تک انڈیا اور پاکستان کے ساحلوں سے ایک لاکھ ستر ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا گیا ہے۔

  9. بریکنگ, بپرجوائے انڈیا کی جاکھو بندرگاہ سے 120 کلومیٹر دور، کچھ اور سوراشٹرا کے لیے الرٹ جاری

    انڈیا کے محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان بپرجوائے جاکھو بندرگاہ سے تقریباً 120 کلومیٹر دور ہے جبکہ دوارکا سے اس کا فاصلہ 170 کلومیٹر ہے۔

    حکام نے ریاست گجرات کے ساحلی اضلاع کچھ اور سوراشٹرا کے لیے وارننگ جاری کر دی ہے۔ انڈیا کے محکمہ موسمیات کے مطابق بپرجوائے آج شام تک جاکھو بندرگاہ سے ٹکرائے گا۔

    جیسے جیسے سمندری طوفان انڈیا کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ویسے ویسے ان علاقوں میں آندھی، تیز ہواؤں اور بارش کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انڈیا کے علاقے مانڈوی میں بی بی سی کے نامہ نگار عامر پیرزادہ کے مطابق شہر میں بارش اور آندھی میں شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

  10. بپرجوائے: ’اگر میرے گھر کو کچھ ہو گیا تو میں تین دن کے بچے کے ساتھ کہاں جاؤں گی؟‘

    ’سمندری طوفان سے اگر میرے گھر کو کچھ ہو گیا تو میں اپنے بچے کے ساتھ کیسے رہوں گی، میں کہاں جاؤں گی‘

    یہ کہنا ہے انڈیا کی ریاست گجرات کے ضلع کچھ کے ساحلی علاقے مانڈوی سے تعلق رکھنے والی شہناز کا۔

    شہناز کے بیٹے صرف تین دن کے ہیں اور دونوں ماں بیٹا بپرجوائے سمندری طوفان کے پیش نظر اپنے گھر سے نقل مکانی کر کے 45 کلومیٹر دور پیپری گاؤں میں ایک سکول میں قائم عارضی کیمپ میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

    اس سکول میں متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کر کے آنے والے تین سو افراد عارضی طور پر مقیم ہے۔

    بپرجوائے آج انڈین ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا اور ایسے میں شہناز اپنے تین دن کے بچے کو سنبھالنے کے ساتھ ساتھ سمندری طوفان سے ان کے گھر کو پہنچنے والے ممکنہ اثرات کے متعلق بھی پریشان ہیں۔

    واضح رہے کہ انڈین حکام کے مطابق گجرات کے ساحلی علاقوں سے تقریباً 70 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل بی بی سی کے نامہ نگار عامر پیرزادہ نے رپورٹ کیا تھا کہ مانڈوی کے علاقے میں سڑکیں سنسان ہیں، لوگ گھروں کو تالے لگا کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں۔

  11. بریکنگ, سمندری طوفان بپر جوائے کی رفتار میں کمی، کیٹی بندر سے رات کو ٹکرانے کا امکان

    پاکستان کی وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بپر جوائے کی رفتار میں کمی آئی ہے تاہم طوفان کے مرکز میں شدت برقرار ہے۔ اور اب وہ سندھ کے ساحلی علاقے کیٹی بندر سے رات کو ٹکرانے کا امکان ہے۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ طوفان نے اپنا رخ تبدیل کیا ہے جس سے وہ کراچی سے دور ہو رہا ہے مگر پھر بھی احتیاط کی ضرورت ہے کیونکہ اس کے باعث کراچی حیدر آباد اور دیگر اضلاع میں تیز آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان کے باعث ٹھٹہ، بدین، سجاول، میر پور خاص پر اس کے اثرات مرتب ہوں گے۔

  12. سمندری طوفان بپر جوائے: این ڈی ایم اے کی جانب سے حفاظتی و احتیاطی تدابیر

  13. بریکنگ, انڈین گجرات سے 70 ہزار افراد کا انخلا، ساحلی علاقے مانڈوی کی سڑکیں سنسان

    بپرجوائے سمندری طوفان کے انڈیا کی ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے میں چند گھنٹے باقی ہیں اور ضلع کچھ کے ساحلی شہر مانڈوی کی سڑکیں سنسان ہیں۔

    بپر جوائے کے پیش نظر ریاست گجرات کے ساحلی اضلاع سے تقریباً 70,000 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    بی بی سی ہندی کے نامہ نگار عامر پیرزادہ کے مطابق ان افراد کو قریبی علاقوں میں سکولوں میں قائم عارضی کیمپوں میں رکھا گیا ہے۔ بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق ان عارضی پناہ گاہوں میں متاثرہ افراد کو رکھا گیا ہے۔ عامر پیرزادہ کے مطابق ان علاقوں سے انخلا کرنے والے افراد غیر یقینی کا شکار تھے کہ جانے کب وہ واپس اپنے گھروں کو آ سکیں گے۔

    انڈین حکام کی جانب سے ریسکیو میں مدد کے لیے چھ امدادی ٹیمیں اہم علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں۔

  14. بریکنگ, سمندری طوفان بپر جوائے کیٹی بندر سے 155 کلومیٹر دور رہ گیا

    بحیرۂ عرب میں موجود ’بپر جوائے‘ نامی سمندری طوفان بدستور پاکستان اور انڈیا کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ بپرجوائے جمعرات (آج) کو پاکستان کے ساحلی علاقے کیٹی بندر سے ٹکرائے گا۔

    پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے کی جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق بپر جوائےگذشتہ چھ گھنٹوں سے شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، سمندری طوفان کراچی کے جنوب سے 230 کلومیٹر ، ٹھٹہ سے 235 کلومیٹر دور ہے، جبکہ یہ ساحلی علاقے کیٹی بندر سے 155 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق سمندری طوفان کے مرکز اور اطراف میں ہوا کی رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ طوفان کے مرکز کے اطراف سمندر میں شدید طغیانی ہے، اور طوفان کے مرکز کے گرد لہریں30 فٹ تک بلند ہو رہی ہیں۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق 15جون کو طوفان کیٹی بندر اور انڈین گجرات کے درمیان سے گزرے گا، طوفان ساحل سے ٹکرانے کے وقت ہواؤں کی رفتار100 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے جبکہ 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی بھی چل سکتی ہیں۔

    این ڈی ایم اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق سندھ کے اضلاع ٹھٹہ، سجاول، تھرپارکر، میرپور خاص، بدین اور عمر کوٹ میں شدید آندھی اور موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔

    جبکہ کراچی، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار ، سانگھڑ اور بینظیر آباد میں آندھی، جکڑ چلنے کے ساتھ ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جبکہ بلوچستان کے اضلاع حب، لسبیلہ اور خضدار میں بھی آندھی و بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

  15. بپر جوائے: اوماڑہ کے ساحل پر طغیانی سے ایک گھر اور کشتی کو جزوی نقصان

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے اوماڑہ میں جمعرات کی صبح سمندری لہروں میں طغیانی کے باعث ایک گھر اور ایک کشتی کو نقصان پہنچا ہے ۔

    اسسٹنٹ کمشنر پسنی محمد جان بلوچ نے بی بی سی کو فون پر بتایا کہ سمندری لہروں میں طغیانی کے باعث جمعرات کی صبح فش فیکٹری کے علاقے میں واقع گھروں میں پانی داخل ہوا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ سمندر کی لہروں کی وجہ سے اس علاقے میں ایک گھر کو جزوی نقصان پہنچنے کے علاوہ ایک کشتی کو بھی نقصان پہنچا۔ تاہم گھر خالی ہونے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    اسسٹنٹ کمشنر پسنی نے بتایا کہ گزشتہ شام بھی تین گھروں میں سمندر کا پانی داخل ہوا تھا جن کے مکین اپنے عزیزو اقارب کے ہاں منتقل ہو گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو سرکاری کیمپ قائم کیے گئے ہیں ان میں ابھی تک کوئی شہری نہیں آیا ہے۔

  16. بریکنگ, بپر جوائے: ریاست گجرات کے مختلف اضلاع سے انخلا، دوارکا گمٹی گھاٹ پر سمندر میں طغیانی

    سمندری طوفان بپر جوائے کے پیش نظر انڈین ریاست گجرات کے مختلف اضلاع سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ دوارکا گمٹی گھاٹ پر سمندر لی لہروں میں طغیانی دیکھنے میں آئی ہے۔

    بی بی سی کے نامہ نگار تیجس ویدیا جو انڈین ریاست گجرات میں دوارکا گمٹی گھاٹ پر موجود ہیں نے بتایا ہے کہ گھاٹ پر سمندر کی لہروں میں طغیانی دیکھنے میں آ رہی ہے جبکہ شہر میں تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔

    ان کے مطابق شہر میں تمام دکانیں اور کاروبار بند ہے اور حکام شہریوں کو گھروں میں محفوظ رہنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب ریاست گجرات کے مختلف ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوط مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

  17. بپر جوائے کے پیش نظر بلوچستان سے کراچی مسافر گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد

    بلوچستان ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے سمندری طوفان کے پیش نظر بلوچستان سے مسافر گاڑیوں کی کراچی جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    ایک سرکاری اعلامیہ کے مطابق یہ پابندی آج سے 17جون تک تین دن کے لیے عائد کی گئی ہے۔

    صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق یہ پابندی سمندری طوفان بپر جوائے کے باعث آندھی اور موسلا دھار بارش کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔

    بلوچستان ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی جس میں گاڑی کے روٹ پرمٹ کی معطلی و منسوخی شامل ہو گی۔

  18. بریکنگ, بپر جوائے: ریاست گجرات کے علاقوں سوراشٹرا اور کچ میں ایمرجنسی نافذ، انڈین بحریہ کے بحری جہاز و ہیلی کاپٹر الرٹ

    سمندری طوفان بپر جوائے جمعرات کو انڈین ریاست گجرات کے ضلع کچ میں جاکھو بندرگاہ کے قریب ٹکرائے گا۔ ریاست کے ساحلی اضلاع میں شدید بارش کا امکان ہے اور ہوا کی رفتار 120-130 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھ کر 150 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے۔

    انڈین محکمہ موسمیات نے سوراشٹرا اور کچ کے اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ انڈیا کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بپر جوائے شدید نوعیت کا طوفان ہے اور اس کے باعث سڑکوں، ریلوے لائینوں، فصلوں اور مکانات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

    انڈین حکام کے مطابق تیز آندھی اور شدید بارش کے باعث بجلی اور مواصلات کے نظام میں بھی خلل پڑ سکتا ہے۔ ریاست گجرات کے کچ، دوارکا، جام نگر، پوربندر، راجکوٹ، موربی اور جوناگڑھ کے علاقوں میں موسلادھار بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔

    انڈین وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ 24 گھنٹے صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔ حکام کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے این ڈی آر ایف نے 12 ٹیمیں تعینات کی ہیں جبکہ 15 ٹیموں کو تیار رہنے کی ہدایات کی ہے۔

    انڈین کوسٹ گارڈ اور بحریہ نے ریسکیو کے کاموں کے لیے بحری جہاز اور ہیلی کاپٹروں کو تعینات کر دیا ہے۔ آرمی ایئر فورس اور انجینئر ٹاسک فورس کے یونٹ کشتیوں اور ریسکیو آلات کے ساتھ الرٹ ہیں۔

  19. بریکنگ, بپر جوائے: سندھ میں 81 ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل، سمندری طوفان آج دوپہر کیٹی بندر سے ٹکرائے گا

    بحیرۂ عرب میں موجود ’بپر جوائے‘ نامی سمندری طوفان کا رُخ بدستور پاکستان اور انڈیا کے ساحلی علاقوں کی جانب ہے۔بپرجوائے جمعرات کی دوپہر پاکستان کے ساحلی علاقے کیٹی بندر سے ٹکرائے گا۔

    پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے کے مطابق بپر جوائےگذشتہ چھ گھنٹوں سے شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، سمندری طوفان کراچی کے جنوب سے 247 کلومیٹر دور ہے، سمندری طوفان کیٹی بندر سے 181 کلومیٹر دور ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق سمندری طوفان کے مرکز اور اطراف میں ہوا کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جبکہطوفان کے مرکزکے اطراف سمندر میں شدید طغیانی ہے، اور طوفان کے مرکز کے گردلہریں30 فٹ تک بلند ہورہی ہیں۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق 15جون کی دوپہر طوفان کیٹی بندر اورانڈین گجرات کے درمیان سے گزرے گا، طوفان ساحل سے ٹکرانے کے وقت ہواؤں کی رفتار100 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے جبکہ 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی بھی چل سکتی ہیں۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق سمندری طوفان کے ممکنہ اثرات سے تھرپارکر، بدین اور ٹھٹھہ کے اضلاع اورکراچی ڈویژن میں بارش کا امکان ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اب تک 81 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پی ڈی ایم اے سندھ کے مطابق مقامی انتظامیہ کی جانب سے 75 کے قریب ریلیف کیمپس لگائے گئے ہیں۔ پاک فوج، نیوی اور رینجرز کی مدد سے ٹھٹھہ، سجاول، بدین سے اب تک تقریباً 73 ہزار افرادکو محفوظ کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

    کیمپوں میں خوراک و طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور تمام متعلقہ ادارے طوفان کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر ہائی الرٹ پر ہیں۔

  20. بپرجوائے آج دوپہر کیٹی بندر اور بھارتی گجرات سے گزرے گا، تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر

    قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بپرجوائے این ای او سی میں بپر جوائے کی پیشرفت مسلسل مانیٹر کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کی آن لائن میٹنگ رات ایک بجے منعقد ہوئی۔

    سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ادارے کا کہنا تھا کہ چیف آف سٹاف این ڈی ایم اے نے این ای او سی سے براہ راست متعلقہ ڈیوٹی افسران سے تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ لی۔

    میٹنگ میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر، نیول ہیڈ کوارٹر کراچی، پی ڈی ایم اے سندھ، محکمہ موسمیات کراچی کے افسران نے شرکت کی۔

    ٹویٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان آج دوپہر میں کیٹی بندر اور بھارتی گجرات سے گزرےگا۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ اثرات میں آندھی طوفان کیساتھ شدید بارش متوقع ہے۔

    پی ڈی ایم اے سندھ نے بتایا کہ اب تک اکیاسی ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ ادارے طوفان کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر ہائی الرٹ پر رہیں۔