آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

عمران خان کا چیف جسٹس سے ’جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کی سازش‘ پر تحقیقات کرانے کا مطالبہ

سابق وزیر اعظم عمران خان نے چیف جسٹس کو لکھے خط میں ’قتل کی سازش، بربریت اور ریاستی دہشتگردی‘ کے واقعات کی جامع تحقیقات کی استدعا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’ہر عدالتی پیشی پر میں اپنی جان خطرے میں ڈالتا ہوں۔‘

لائیو کوریج

  1. پولیس کی جانب سے فائرنگ کی خبریں جھوٹی ہیں: پنجاب حکومت

    پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کی جانب سے زمان پارک میں کارکنوں پر فائرنگ کی خبریں جعلی ہیں۔ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ زمان پارک میں کارروائی کرنے والے پولیس اہلکار کسی قسم کا اسلحہ لے کر نہیں گئے۔

    خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر منگل کی رات سے ہی ایسی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گولیوں کے خول اٹھائے دیکھا جا سکتا ہے۔

    تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی بدھ کی صبح ٹوئٹر پر ایک پیغام میں دعویٰ کیا کہ پولیس آنسو گیس اور واٹر کینن کے بعد اب فائرنگ کر رہی ہے۔ انھوں نے بھی گولیوں کے چند خولوں کی تصویر ٹویٹ کی تھی۔

  2. اس وقت جو آپریشن چل رہا ہے اس کا کوئی جواز نہیں ہے: اسد عمر

    رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کی لاہور کی رہائش گاہ زمان پارک پر ’اس وقت جو آپریشن چل رہا ہے اس کا کوئی جواز نہیں ہے۔‘

    ان کے مطابق عمران خان ہمیشہ ہی قانون کے رستے پر چلتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ معاملہ 18 مارچ تک ہے۔ ان کے مطابق لاہور ہائی کورٹ بار کے ذریعے یقین دہانی کرائی جا چکی ہے کہ عمران خان پیش ہو جائیں گے۔

  3. عمران خان کے وارنٹ کی منسوخی کی درخواست، چیف جسٹس کی اعتراضات دور کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ان کے وکیل خواجہ حارث سے کہا ہے وہ رجسٹرار کی جانب سے لگائے گئے کچھ اعتراضات دور کر رہے ہیں اور وہ باقی اعتراضات دور کریں تبھی اس پر سماعت ہو گی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ جو بائیو میٹرک اور دستخط جیسے چھوٹے چھوٹے اعتراضات ہیں وہ دور کر رہا ہوں، باقی اعتراضات دور کر کے لائیں پھر سنیں گے۔

    عدالت نے تین روز کے اندر اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کی۔

    تاہم عمران خان کے وکیل کے کہنے پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر آدھے گھنٹے میں اعتراضات دور ہو جائیں تو میں یہاں موجود ہوں، آپ دوبارہ عدالت آ جائیں۔

  4. عدالت نے پہلے ایک راستہ دیا تھا، جو کچھ ہو رہا ہے وہ آپ کا اپنا کیا دھرا ہے: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ, فرحت جاوید بی بی سی اردو اسلام آباد

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی وارنٹ گرفتاری کی منسوخی سے متعلق درخواست اعتراضات سمیت سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔

    اس سے قبل عمران خان کے وکیل خواجہ حارث ایک مقدمے کی سماعت کے بعد اچانک روسٹرم پر آ گئے اور عمران خان کے وارنٹ گرفتاری پر بات شروع کر دی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ ابھی تو آپ کی درخواست فکس نہیں ہوئی، مقرر ہوئی تو دیکھوں گا، چیف جسٹس اس عدالت نے پہلے ریلیف دیا تھا مگر اس کا کیا ہوا؟ چیف جسٹس عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہوا دیکھیں گے اس کے کیا نتائج ہو سکتے ہیں۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ’آپ کا کیس آج اعتراضات کے ساتھ لگا ہوا ہے اسے دیکھیں گے۔‘

    چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ’کیا آپ نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیے ہیں؟ خواجہ حارث نے کہا کہ ’لاہور میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ عدالت کے سامنے ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ ’جو کچھ ہو رہا ہے وہ آپ کا اپنا کیا دھرا ہے، اس عدالت نے پہلے ایک راستہ دیا تھا۔‘

  5. زمان پارک آپریشن میں درجنوں اہلکاروں سمیت 60 سے زیادہ زخمی

    زمان پارک میں عمران خان کی گرفتاری کے لیے شروع کیے جانے والے آپریشن کو اب 20 گھنٹے سے زیادہ کا وقت گزر چکا ہے اور طبی حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران پی ٹی آئی کے کارکنوں کے پتھراؤ اور پولیس کی شیلنگ سے 62 افراد زخمی ہو چکے ہیں جن میں سے بیشتر پولیس اہلکار ہیں۔

    لاہور کے طبی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 54 پولیس اہلکار مختلف ہسپتالوں میں لائے گئے ہیں جبکہ آٹھ عام شہری بھی جھڑپوں میں نشانہ بنے ہیں۔

  6. ’میں نے کون سا اتنا بڑا جرم کیا تھا کہ میرے گھر پر حملہ کیا گیا‘ عمران خان

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے کہا ہے کہ کسی سیاسی لیڈر کے گھر پر ایسے شیلنگ نہیں کی گئی۔

    بدھ کی صبح اپنے خطاب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ کل دوپہر سے میرے گھر پر حملہ ہوا ہے، میں نے کون سا اتنا بڑا جرم کیا تھا کہ میرے گھر پر حملہ کیا گیا۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’میں اس وقت جب آپ سے بات کر رہا ہوں تو بھی باہر شیلنگ ہو رہی ہے۔‘

    عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ٹانگ ٹھیک ہونے کے بعد وہ دو بار عدالتوں میں پیش ہوئے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ’میرے خلاف وارنٹ یہ ہیں کہ پولیس مجھے عدالت میں پیش کرے، وہ عدالت جہاں میں سکیورٹی کی وجہ سے نہیں جا سکا۔‘

  7. زمان پارک میں پولیس اور رینجرز عمران خان کی گرفتاری کے لیے کوشاں, ترہب اصغر بی بی سی اردو لاہور

    لاہور میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں اس وقت پولیس اور رینجرز کی بڑی تعداد عمران خان کی گرفتاری کے لیے موجود ہے۔

    زمان پارک کے باہر تحریک انصاف کے کارکنان پولیس اور رینجرز کو اس گرفتاری سے روکنے کی کوشش کر رہے ہے۔

  8. بریکنگ, باقاعدہ درخواست کے بغیر کیسے سی سی پی او لاہور کو طلب کریں: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

    لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے تحریکِ انصاف کی جانب سے فوری طور پر لاہور میں جاری آپریشن روکنے کا حکم دینے کی استدعا رد کر دی ہے۔

    تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری بدھ کی صبح جسٹس امیر بھٹی کی عدالت میں پہنچے اور درخواست کی کہ وہ سی سی پی او لاہور کو طلب کریں اور زمان پارک میں جاری آپریشن روکنے کا حکم دیں۔

    اس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بغیر کسی درخواست کے سی سی پی او کو کیسے بلوایا جا سکتا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ حالات بہت خراب ہیں۔ اس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پہلے کبھی ایسا ہوا کہ آپ پٹیشن لائے ہوں اور اس پر آرڈر نہ ہوا ہو۔

    وکیل اظہر صدیق کا کہنا تھا کہ درخواست پر عمران خان سے دستخط کروانا مشکل ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس صورت میں کوئی اور پٹیشن دائر کر دے تاہم بغیر درخواست کوئی حکم نہیں دیا جا سکتا۔

  9. پولیس کے بعد اب رینجرز براہ راست ہمارے کارکنان اور رہنماؤں کے سامنے آ گئی ہے: عمران خان

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہمارے کارکنان اور رہنماؤں کو گذشتہ روز سے پولیس کی کارروائیوں کا سامنا ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے آنسو گیس اور کارکنان کو منشتر کرنے کے لیے کیمیکل والا پانی استعمال کیا ہے۔

    عمران خان کے مطابق اس وقت ان کا براہ راست مقابلہ رینجرز سے ہے۔ انھوں نے کہا میرا اس اسٹیبلشمنٹ سے یہ سوال ہے جو نیوٹرل ہونے کے دعویدار ہیں۔ کیا یہ آپ کا نیوٹریلٹی کا آئیڈیا ہے؟ اس وقت رینجرز نہتے کارکنان اور رہنماؤں سے لڑ رہی ہے جبکہ ان کے لیڈر کو ایک غیرقانونی وارنٹ گرفتاری کا سامنا ہے۔

    ان کے مطابق یہ مقدمہ پہلے ہی عدالت کے سامنے ہے اور یہ سب ایک ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب حکومت انھیں اغوا اور ممکنہ طور پر قتل کرنا چاہتی ہے۔

  10. پولیس کی زمان پارک پر بھاری شیلنگ: اسد عمر کا الزام

  11. آج اسلام آباد ہائی کورٹ جو بھی حکم دے گی اس پر عمل کریں گے: فواد چوہدری

    تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اب سے کچھ دیر بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عمران خان کے وارنٹ کا معاملہ سنیں گے۔

    ان کے مطابق ’عدالت جو بھی حکم دے گی اس پر عمل کریں گے۔‘

    واضح رہے کہ تحریک انصاف نے عمران خان کے خلاف وارنٹ گرفتاری اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھے ہیں۔ پی ٹی آئی کی درخواست پر آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سماعت کریں گے۔

  12. وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی علی الصبح ایک بار پھر سروسز ہسپتال پہنچ گئے

    نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی علی الصبح ایک بار پھر سروسز ہسپتال پہنچ گئے ہیں۔

    وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ سے زخمی ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری سمیت دیگر زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی ہے۔

    نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’سیاسی کارکنوں کی اشتعال انگیزی اور پتھراؤ کے باوجود پولیس فورس نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔ان کے مطابق پولیس فورس کے افسر اور جوان فرض کی ادائیگی کے دوران زخمی ہونے۔

    نگران وزیراعلیٰ کے مطابق قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا۔

  13. لاہور کے کچھ علاقوں میں آج سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے

    کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ آج بدھ کو مال روڈ۔دھرم پورہ، جیل روڈ، گڑھی شاہو، مغلپورہ اور میاں میر کے سکولز و کالجز بند رہیں گے۔ ان کے مطابق ان علاقوں کے تمام سرکاری و نجی سکولز و کالجز بند رہیں گے۔

    کمشنر لاہور کی جانب سے سیکریٹری سکولز و ہائر ایجوکیشن و ڈی سی لاہور کو آگاہ کردیا گیا۔

  14. زمان پارک سے تازہ ترین

  15. تحریک انصاف کی اپنے کارکنان کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت

    پاکستان تحریک انصاف نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے کارکنان کو چیئرمین عمران خان کے زمان پارک رہائش گاہ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

    ان اکاؤنٹس سے یہ دعوے بھی کیے جا رہے ہیں کہ پولیس نے نہتے کارکنان پر پسپائی کے بعد فائرنگ کی ہے۔ تحریک انصاف نے اس واقعے کو جلیانوالہ باغ اور ماڈل ٹاؤن جیسے واقعات قرار دیا ہے۔

  16. ’ایک اور صبح کا پرعزم آغاز‘ عمران خان نے کارکنان کے ساتھ تازہ ترین تصویر شیئر کر دی

  17. بریکنگ, عمران خان کی گرفتاری کی کوشش: مراد سعید کا زمان پارک کے چاروں اطراف سے پولیس پیش قدمی کا دعویٰ

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور پولیس نے ایک بار پھر عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش میں زمان پارک میں ایک بار پھر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے چاروں اطراف سے پیش قدمی کی ہے۔

    مراد سعید نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس گیٹ کے اندر داخل ہو رہی ہے۔

    تاہم انھوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ پولیس پیش قدمی کرتے ہوئے زمان پارک کے گیٹ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہے یا زمان پارک میں عمران خان کے گھر کے گیٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

  18. بریکنگ, 18 مارچ کو عدالت پیش ہوں گا، اب میری گرفتاری کا کوئی جواز نہیں بنتا: عمران خان

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 18 مارچ کوعدالت پیش ہونے کی تحریری یقین دہانی جمع کروا دی ہے اب میری گرفتاری کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

    عمران خان نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب عوام سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر اشتیاق اے خان کو کوڈ آف کرمنل پروسیجر سیکشن 76 کے تحت ایک شیوریٹی بانڈ جاری کیا کہ میں 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہوں گا۔ جس کے بعد میری گرفتاری کا جواز نہیں بنتا۔‘

    ’انتشار سے بچنے کے لیے شوریٹی بانڈ جاری کیا اور اب میری گرفتاری کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا لیکن یہ لندن پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے پھر سے غیر قانونی کاروائی کے لیے تیار ہیں۔‘

    عمران خان نے کہا کہ اب یہ پھر سے زمان پارک کو فتح کرنے کے لیے بھاری نفری اور رینجرز کو تیار کر رہے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ’کل دوپہر سے جیسے پولیس نے زمان پارک پر حملہ کیا ایسا لگ رہا تھا کہ یہ مقبوضہ کشمیر ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح سے پولیس نے پارٹی کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

    وارنٹ گرفتاری سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ اسلام آباد کی ایف ایٹ کچہری کی عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں اور ان کو پتا ہے کہ میں وہاں سکیورٹی کی وجہ سے پیش نہیں ہوا۔

  19. عمران خان کی گرفتاری کی کوشش: پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں تصادم، دن بھر زمان پارک کے اطراف کیا ہوتا رہا؟

  20. مجھے نہیں پتا جیل میں کیا ہو گا مگر میں تیار ہوں: عمران خان