خیبر پختونخوا میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی تقاریر کے لیے سکرین نصب کی جائیں گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے خیبر پختونخوا میں احتجاج کا پلان ترتیب دے دیا گیا ہے جس کے تحت پرویز خٹک اور دیگر صوبائی قائدین مختلف شہروں میں احتجاج میں شامل ہوں گے۔
آج سے دوبارہ شروع ہونے والے حقیقی آزادی لانگ مارچ کے سلسلے میں صوبائی قائدین مانسہرہ جائیں گے جہاں صوبائی صدر کا دوپہر 2:30 بجے ہر ڈسٹرکٹ میں داخلے پر ریلی کی شکل میں استقبال کیا جائے گا۔
ریلی کا قافلہ کم از کم 50 گاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی شام 4:00 بجے لائیو تقریر بڑی سکرین پر نشر کرنے کے انتظامات کیے جائیں گے۔
قائدین نے بتایا کہ جماعت کی جانب سے جاری احتجاج میں ضلع کی سطح پر بڑی تعداد میں مظاہرین شامل ہوں گے۔
صوبائی قائدین میں صدر پرویز خٹک، اسد قیصر، شاہ فرمان، عاطف خان، شہرام خان ترکئی اور فضل محمد خان شامل ہوں گے جو ہزارہ ڈویژن اور پشاور ریجن کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے۔
اس پروگرام کے تحت آج مانسہرہ اور کل جمعہ کے روز ایبٹ آباد میں صوبائی قائدین پہنچیں گے۔ اس کے بعد سنیچر کے روز ہری پور، اتوار کے روز نوشہرہ، اس کے بعد چارسدہ، صوابی، مردان، پشاور، خیبر اور مہمند ضلع میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔
صوبائی قائدین نے بتایا کہ ان اضلاع میں مقامی قائدین اور کارکن بڑی تعداد میں شرکت کریں گے اور اس کے بعد جب لاہور سے روانہ ہونے والی لانگ مارچ اسلام آباد پہنچے گی تو پشاور ریجن، ملاکنڈ، ہزارہ ریجن اور جنوبی اضلاع سے قائدین اور کارکن اسلام آباد پہنچیں گے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں پی ٹی آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری علی امین گنڈہ پور کی قیادت میں قافلے مختلف شہروں میں جائیں گے۔ اس سلسلے میں آج یہ قافلہ لکی مروت پہنچے گا جبکہ کل یعنی جمعہ کے روز ضلع بنوں اور اتوار کے روز یہ قافلہ ضلع کرک میں پہنچے گا۔
اس قافلے کا مقامی سطح پر استقبال کیا جائے گا جہاں بڑی سکرین پر عمران خان کی تقریر نشر کی جائے گا۔