چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پنجاب، سندھ اور خیبروپختونخوا کے چیف سیکرٹریز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی پولرائزیشن اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیش نظر انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کو مزید چوکس و خبردار رہنے کی ضرورت ہے تاکہ الیکشن کا شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔
کل بروز 16 اکتوبر کو قومی اسمبلی کی آٹھ اور پنجاب اسمبلی کی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات منعقد ہوں گے جن کے نتائج کو ملکی سیاسی منظرنامے میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ان انتخابات میں پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیرِاعظم عمران خان آٹھ میں سے سات نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ان ضمنی انتخبات میں صوبہ پنجاب میں قومی اسمبلی کی تین جبکہ صوبائی اسمبلی کی بھی تین نشستوں، خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کی تین نشستوں اور سندھ میں قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر الیکشنز کا انعقاد ہو گا۔
جن حلقوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے ان میں این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 157 ملتان، این اے 237 ملیر، این اے 239 کورنگی کراچی، پی پی 241 بہاولنگر، پی پی 209 خانیوال اور پی پی 139 شیخوپورہ شامل ہیں۔
پنجاب میں این اے 157 ملتان سے شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہربانو قریشی پی ٹی آئی کی امیدوار ہیں جن کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے علی موسیٰ گیلانی ہیں۔
فیصل آباد میں این اے 108 میں عابد شیر علی اور این اے 118 میں مسلم لیگ (ن) کی شزرا منصب علی عمران خان کے مدِمقابل ہیں۔
یاد رہے کہ جولائی میں پنجاب میں ہونے والے گذشتہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی صوبائی اسمبلی کی 20 نشستوں میں سے 15 پر کامیابی حاصل کی تھی۔
ایک طرف عمران خان اپنی پارٹی کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں تو دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما مریم نواز اپنے والد نواز شریف سے ملنے لندن میں موجود ہیں۔
کراچی کے این اے 239 کے لیے 22 امیدوار مقابلہ کریں گے جن میں عمران خان، ایم کیو ایم (پاکستان) کے نئیر رضا اور ٹی ایل پی کے محمد یاسین کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔
دوسرے حلقے میں بھی سربراہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ کے درمیان بھرپور مقابلے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں این اے 22 کے امیدوار عمران خان، جے یو آئی (ف) کے محمد قاسم، جماعت اسلامی کے عبدالواسع اور آزاد امیدوار محمد سرور ہیں۔ این اے 24 سے انتخاب لڑنے والوں میں عمران خان، اے این پی کے صوبائی سربراہ ایمل ولی خان، جماعت اسلامی کے مجیب الرحمٰن اور آزاد امیدوار سپارلے مہمند شامل ہیں۔
جبکہ این اے 31 کے امیدواروں میں سابق وزیراعظم عمران خان، اے این پی کے رہنما حاجی غلام احمد بلور، جماعت اسلامی کے محمد اسلم اور دیگر شامل ہیں۔