آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پنجاب پولیس کے چھاپے، 12 ن لیگی رہنماؤں کی اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کی درخواست

وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی عطا تارڑ اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود سمیت 12 رہنماؤں نے حفاظتی ضمانت کی درخواست دی ہے۔ یہ درخواست پنجاب اسمبلی میں تشدد، توڑ پھوڑ اور ماورائے قانون سرگرمیوں کے الزام میں پنجاب حکومت کی مدعیت میں مسلم لیگ ن کے 11 ایم پی ایز کے خلاف مقدمات درج ہونے کے بعد کی گئی ہے۔

لائیو کوریج

  1. شہباز گل پر تشدد کر کے عمران خان کے خلاف بیان لینے کی کوشش کی جا رہی ہے: اسد عمر

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ شہباز گل پر تشدد کر کے عمران خان کے خلاف بیان لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہباز گل پر تشدد کر کے عمران خان کے خلاف بیان لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ان سے ملاقات ہوئی ہے وہ ٹھیک ہیں اور انھیں بتایا ہے کہ پارٹی لیڈر اور کارکن ان کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے صرف موبائل فون کا بہانہ بنا رہے ہیں، پولیس نے پہلے ہی دن ان سے فون لے لیے تھے۔

    اسد عمر نے کہا کہ شہباز گل پر تشدد کیا گیا ہے اور یہ سچ ہے کہ پہلی رات انھیں چکی میں رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز گل کے جس بیان پر مقدمہ درج ہوا وہ تو لائیو نشر ہوا تھا۔

  2. موجودہ حکومت عمران خان اور فوج کے درمیان دراڑیں ڈالنا چاہتی ہے: سینیٹر فیصل جاوید

    پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ آج کے حکمران عمران خان اور فوج کے درمیان دراڑیں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    پاکستان کی پارلیمان کے ایوان بالا سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی وفاق کی علامت والی جماعت ہے، یہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی نمائندگی کرتی ہے۔

    انھوں نے حکمران جماعت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان وفاق کی علامت ہیں اور یہ ان کے اور فوج کے درمیان تعلقات میں دراڑ ڈالنا اور دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

    انھوں نے موجودہ اتحادی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اس امپورٹڈ حکومت نے ملک کو معاشی طور پر پیچھے دھکیل دیا ہے، عام عوام مشکل حالات میں زندگی گزار رہی ہے اور انھیں عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔‘

  3. شہباز گل جسمانی ریمانڈ کیس میں فیصلہ محفوظ، جسم کے پرائیویٹ حصوں پر تشدد کا الزام

    اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ مسترد ہونے کے حکم کے خلاف نظر ثانی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

    شہباز گل کے خلاف اداروں کو بغاوت پر اکسانے کا الزام ہے۔

    گذشتہ ہفتے جوڈیشل مجسٹریٹ نے شہباز گل کی جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی درخواست مسترد کر دی تھی جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ جسمانی ریمانڈ مسترد کیے جانے کے حکم پر نظر ثانی کی جائے۔

    آج سماعت کے دوران شہباز گل کی جانب سے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سپیشل پراسیکوٹر راجہ رضوان عباسی نے نظرثانی درخواست پر دلائل دیے۔

    سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ معمولی نوعیت کے کیسز میں آٹھ دس روز کا ریمانڈ دیا جاتا ہے یہ تو مجرمانہ سازش کا کیس ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پولیس تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کے موبائل میں کافی مواد موجود ہے۔

    ان کے مطابق ملزم سے مزید ریکوری اور تحقیقات ہونی تھیں۔

    انھوں نے کہا کہ خدشہ ہے کہ ثبوت مٹا دیے جائیں گے۔

    دوسری جانب شہباز گل کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ شہباز گل کو موقع سے گرفتار کیا گیا اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہباز گل نے اپنا موبائل فون جیب میں ڈالا۔

    شہباز گل کے وکیل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی اجازت کے بغیر بغاوت کا مقدمہ درج نہیں کیا جا سکتا اور عدالت پراسیکیوشن سے معلوم کرے کہ کیا وفاقی کابینہ کی اجازت لی گئی تھی۔

    سلمان صفدر نے کہا کہ شہباز گل کے خلاف سزائے موت اور عمر قید کی دفعات لگائی گئیں۔ انھوں نے سوال کیا کہ میڈم آپ بتائیں، کیا اس تقریر پر سزائے موت کی دفعات بنتی ہیں۔

    شہباز گل کے وکیل نے الزام عائد کہا کہ شہباز گل کے پرائیویٹ حصوں پر تشدد کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ تصویریں دکھا سکتے ہیں۔

    سلمان صفدر نے کہا کہ شہباز گل پر مزید تشدد کا خدشہ موجود ہے۔

    سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق شہباز گل پر زیرحراست تشدد نہیں کیا گیا۔

    ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ مسترد ہونے کے حکم کے خلاف نظر ثانی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

  4. وفاقی کابینہ نے برطانیہ میں موجود سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا

    پاکستان کی وفاقی کابینہ نے سابق مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی منظوری دے دی ہے۔

    پاکستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ قومی احتساب بیورو کی سفارش اور وفاقی کابینہ کی منـظوری کے بعد سابق مشیر شہزاد اکبر کا نام ای سی ایل پر ڈالا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ شہزاد اکبر تحریک انصاف دور حکومت میں عمران خان کے مشیر برائے احتساب اور امور داخلہ رہے لیکن انھوں نے رواں سال جنوری میں اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔ اس وقت وہ برطانیہ میں موجود ہیں۔

    وزارت داخلہ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ وفاقی وزیر قانون کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی ای سی ایل معاملات کا جائزہ لیتی ہے جس نے اس کیس پر کابینہ کو اپنی رائے دی۔

    واضح رہے کہ نیب کی جانب سے الزام ہے کہ بطور سربراہ ایسٹ ریکوری یونٹ شہزاد اکبر نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

    شہزاد اکبر کا نام بحریہ ٹاون کے مالک ملک ریاض اور برطانوی این سی اے کے درمیان قانونی کیس سے بھی جوڑا جاتا ہے جس کے تحت ملک ریاض ایک تصفیے کے تحت 2019 میں 19 کروڑ پاؤنڈ یا 38 ارب روپے ادا کرنے کو تیار ہوئے تھے اور بعد میں یہ رقم حکومت پاکستان کو منتقل کی گئی۔

    وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے حال ہی میں الزام عائد کیا تھا کہ شہزاد اکبر نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی ایما پر اس معاملے میں ملک ریاض کی مدد کی اور برطانیہ سے وصول ہونے والا پیسہ سپریم کورٹ میں بحریہ ٹاون کے جرمانے کی مد میں ادا کر دیا گیا۔

    نیب کی جانب سے اس معاملے پر ایک انکوائری کا آغاز کیا گیا اور اسی معاملے میں مبینہ طور پر تفتیش میں شامل نہ ہونے پر نیب نے سفارش کی کہ شہزاد اکبر کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

    ادھر شہزاد اکبر کی جانب سے اس فیصلے پر ردعمل میں کہا گیا ہے ’ابھی تک کوئی کیس نہیں بنا لیکن میرا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’میں دو بار نیب سے رابطہ کرچکا ہوں کہ این سی اے تفصیے پر میرا بیان ویڈیو لنک یا پھر پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے لیا جا سکتا ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ نیب غیر جانب دارانہ انکوائری میں دلچسپی نہیں رکھتا۔‘

  5. پاکستان کے مسائل کا حل وفاقی وزرا پر پرچے درج کروانے سے نہہں نکلے گا، شاہد خاقان عباسی

    رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل کا حل وفاقی وزرا پر پرچے درج کروانے سے نہیں نکلے گا۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’وفاق اور پنجاب میں تناؤ کی گنجائش نہیں۔ صوبے اپنا کام کریں، وفاق اپنا کام کرے، لوگوں کی خدمت کریں۔‘

    ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’آپ (پنجاب) نے احتجاج کرنا ہے، ضرور کریں۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’پنجاب میں ایک سیاسی مسئلہ پیدا ہوا، تو عدالتی فیصلے سے حل نکلا حالانکہ وہ فیصلہ قانون کے مطابق نہیں تھا۔ ہم نے وہ فیصلہ تسلیم کیا۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’صوبے اپنا اپنا کام کریں۔ اگر پاکستان کے مسائل کا حل وفاقی وزرا پر پرچے درج کرنے سے ہے تو ضرور کریں۔‘

    ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’پٹرول کی قیمت طے کرنا اوگرا کا کام ہے جو ایک نظام کے تحت قیمت کا تعین کرتا ہے۔ ہم نے کوئی ٹیکس نہیں لگایا۔ حکومت کے پاس جیب سے پیسہ دینے کی گنجائش نہیں ہے۔‘

    ’ہم چاہتے ہیں کہ مہنگائی کم ہو، لیکن تیل کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ کے حساب سے طے ہوتی ہے۔‘

  6. 'شہباز گل کے ساتھ غیرقانونی سلوک روا رکھنے پر پولیس افسران کو ان کے عہدے سے ہٹایا جا رہا ہے'

    پنجاب کی صوبائی کابینہ کے وزیر محمد بشارت راجہ نے یہ ٹویٹ کیا کہ ڈی آئی جی اور سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ایک سیاسی قیدی شہباز گل کے ساتھ غیرقانونی اقدامات کرنے پر ان کی مجرمانہ خاموشی کی بنیاد پر ان کے عہدوں سے ہٹایا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ پیر کی شام مقامی نجی چینل جی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ شہباز گل پر دوران قید تشدد کیا گیا ہے۔ تاہم منگل کو پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے پنجاب کے وزیرداخلہ نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا اور یہ بتایا کہ شہباز گل پر کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں کیا گیا ہے اور نہ کسی کی جرات ہے کہ ان کو کوئی ہاتھ لگا سکے۔ تاہم بعد میں انھوں نے یہ ٹویٹ بھی کر دیا کہ ان کے علم میں غیرقانونی اقدامات کی تفصیلات آئی ہیں۔

  7. شہباز گل کو چکی میں رکھنے پر ڈی آئی جی اور جیل سپرنٹینڈنٹ کے خلا فوری کارروائی کا حکم

    پنجاب کے وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر نے اڈیالہ جیل میں شہباز گل کو غیر قانونی طور پر چکی میں رکھنے پر ڈی آئی جی اور جیل سپرنٹینڈنٹ کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

    اپنے ایک ٹویٹ میں انھوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر پریس ٹاک کے بعد میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ جیل داخلے کی پہلی رات شہباز گل کو غیر قانونی طور پر چکی میں رکھا گیا، جو کہ کسی بھی قیدی کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے۔

  8. پاک سوزوکی کمپنی کی تیار کردہ گاڑیوں کی قیمتوں میں 75000 سے تقریباً دو لاکھ روپے تک کی کمی, تنویر ملک، صحافی

    پاک سوزوکی کمپنی کی جانب سے گاڑیوں کے مخلتف ماڈلوں کی قیمت میں 75000 سے 147000 روپے کی کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ انڈس موٹرز کمپنی نے پہلے ہی ڈالر کی قیمت میں کمی کی وجہ سے اپنی تیار کردہ گاڑیوں کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ پاک سوزوکی کے مطابق آلٹو کار کی مختلف اقسام میں نوے ہزار سے 116000 روپے تک کی کمی کی گئی ہے۔

    ویگنار کار کی مختلف اقسام کی گاڑیوں میں 128000 سے 147000 روپے کی کمی کی گئی ہے، کلٹس کار کے مختلف ماڈلوں میں 125000 سے 145000 روپے تک کی کمی کی گئی ہے۔

    سوفٹ کار کے مختلف ماڈلوں میں ہونے والی کمی 169000 سے 199000 روپے تک ہے۔ راوی گاڑی کی قیمت میں 75000 روپے کی کمی کی گئی ہے اور بولان کی قیمت میں 79000 روپے کی کمی کی گئی ہے۔

  9. فیٹف قوانین کے نفاذ کے حوالے سے حکومت پاکستان کی سول ایویشن کو ہدایات پر عمل شروع, تنویر ملک ، صحافی

    ایف اے ٹی ایف قوانین کے نفاذ پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلامیے کے مطابق بیرون ملک سے پاکستان آنے اور جانے والے ہوائی مسافروں کو کسٹم ڈکلریشن (بشمول کرنسی ڈیکلریشن ) فارم بھرنا پڑے گا۔

    پاکستان سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے بورڈنگ پاس کا اجراء کسٹمز ڈیکلریشن فارم سے مشروط کر دیا اور پاکستانی ائیرپورٹس پر بیرون ملک سے آنے والے مسافر بھی کسٹم ڈیکلریشن فارم فل کریں گے۔

    پاکستان آنے والی فلائٹ کے دوران فضائی میزبان مسافروں کو کرنسی و کسٹم ڈیکلریشن فارم پر کرنے کا اعلان کریں گے اور انٹرنیشنل ارائویل میں کسٹمز کاونٹر پر ڈیکلریشن کی تفصیل امیگریشن سے قبل فراہم کرنا ہونگی۔

    ترجمان سی اے اے پاکستان کسٹمز کو تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر عملہ متعین کرنے کی ہدایت کردی ہے اور مسافروں کو کسٹمز اور ائیرلائنز کا عملہ معاونت فراہم کرے گا

    فیٹف کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے لیے سی اے اے، کسٹمز اور ائیرلائنز کو مکمل معاونت فراہم کرے گا۔

  10. جولائی میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں 13 فیصد کی کمی, تنویر ملک ، صحافی

    پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں موجودہ مالی سال کے پہلے مہینے جولائی میں جون کے مہینے کے مقابلے میں 13 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

    جولائی میں مجموعی طور پر ٹیکسٹائل برآمدات 1.5 ارب ڈالر رہیں جو اگست 2021 کے بعد ایک مہینے میں سب سے کم ٹیکسٹائل برآمدات رہیں۔

    دوسری جانب جولائی کے مہینے میں تیل مصنوعات کی درآمدات میں جون کے مہینے کے مقابلے میں 61 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور اس مہینے تیل مصنوعات کی فراہمی کا حجم 1.4 ارب ڈالر رہا۔

    پاکستان کی درآمدات میں کمی کی وجہ سے جولائی کے مہینے میں ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 45 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

  11. جولائی 2022 میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے 2.5 ارب ڈالر ملک بھجوائے گئے, تنویر ملک، صحافی

    جولائی 2022 میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں 2.5 ارب ڈالر کی رقوم موصول ہوئیں۔

    ترسیلات زر نے مسلسل 26 مہینوں تک 2 ارب ڈالر سے زائد کی ریکارڈ آمد کا تسلسل برقرار رکھا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق نمو کے لحاظ سے جولائی 2022 کے دوران ترسیلات زر میں ماہ بہ ماہ بنیادوں پر 8.6 فیصد اور سال بہ سال بنیادوں پر 7.8 فیصد کمی ہوئی۔

    یہ کمی بڑی حد تک جولائی میں عید کے سبب کاروباری دنوں کی کم تعداد کی عکاس ہے جو 17 رہے جبکہ اس سے پچھلے مہینے میں کاروباری دنوں کی تعداد 22 دن اور جولائی 2021 میں 18 رہی تھی۔

    جولائی 2022 میں ترسیلات زر کی آمد کے اہم ذرائع میں سعودی عرب سے 580.6 ملین ڈالر وصول لیے، متحدہ عرب امارات سے 456.2 ملین ڈالر، برطانیہ سے 411.7 ملین ڈالر اور امریکہ سے 254.3 ملین ڈالر پاکستان آئے ہیں۔

  12. فارن فنڈنگ کیس: اسلام آباد ہائی کورٹ نے لارجر بینچ تشکیل دے دیا

    اسلام آباد ہائیکورٹ کےقائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا شوکاز نوٹس معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دینے کا حکم دے دیا ہے۔ لارجر بینچ میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار شامل ہیں جو اس مقدمے پر سماعت 18 اگست کو کریں گے۔

    گذشتہ روز ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل انور منصور اور شاہ خاور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

    انور منصور ایڈووکیٹ نےکہا کہ حنیف عباسی کیس میں سپریم کورٹ کا واضح فیصلہ موجود ہے، آئین کے مطابق وفاقی حکومت کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف ایکشن لے سکتی ہے۔

    ان کے مطابق الیکشن کمیشن کے پاس سیاسی جماعتوں کی سکروٹنی کا اختیار ہے، جب بھی فنڈنگ یا اس قسم کے دیگر معاملات ہوتے ہیں تو سپریم کورٹ کو ریفرنس بھیجنا ہوتا ہے۔

    تحریک انصاف کے وکلا نے کہا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو تمام تر دستاویزات فراہم کردی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ ہم نے تبدیلی کی ہے۔

    ان کے مطابق مختلف وجوہات کی بنا پر اکاؤنٹس ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا۔ تحریک انصاف کے وکلا کے مطابق پیسہ یہاں سے صوبوں کے اکاؤنٹس میں گیا ہے اس سے ان کو ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا۔

    عدالت نے تحریک انصاف کی کی الیکشن کمیشن کا شوکاز نوٹس معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی اور رجسٹرار آفس کو لارجر بینچ کی تشکیل کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 18 اگست تک ملتوی کر دی۔

  13. شہباز گل کا مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی

    اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی اپیل پر شہباز گل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے۔

    بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کی اپیل پر سماعت اسلام آباد کی مقامی عدالت کی ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے کی۔ جج نے ریمارکس دیے کہ ابھی انھیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس آرڈر کی کاپی نہیں ملی جس کے ذریعے سے جسمانی ریمانڈ کی درخواست دوبارہ سننے کا حکم دیا گیا ہے۔

    جج زیبا چوہدری نے مزید ریمارکس دیے کہ ابھی تفتیش کا ریکارڈ بھی دیکھنے کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل گذشتہ ہفتے جوڈیشل مجسٹریٹ نے شہباز گل کی جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

    سیشن عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی اپیل ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی تھی۔

    اس مقدمے میں پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے دوران سماعت کہا کہ وہ آج دلائل دینا چاہتے ہیں اور پھر اس کے بعد عدالت نوٹس جاری کر سکتی ہے۔ انھوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے لکھا کہ اگر ضرورت ہو تو ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔

    جج نے پوچھا کہ کون سی ایسی چیزیں ہیں جن کی مزید تفتیش کی ضرورت ہے؟ پراسیکیوٹر نے کہا کہ قانون میں 15 دن کے ریمانڈ کی گنجائش موجود ہے جبکہ شہباز گِل کا صرف دو دن کا جسمانی ریمانڈ دیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ابھی نتیجے تک پہنچنے کے لیے بہت سے پہلوؤں پر تفتیش کی ضرورت ہے، ابھی تفتیش باقی ہے کہ اس سازش میں شہباز گِل کے ساتھ اور کون شامل تھا۔

    ان کے مطابق ابھی یہ بھی دیکھنا ہے کہ ٹرانسکرپٹ کہاں تیار ہوا اور کس نے کیا۔ پراسیکیوٹر رضوان عباسی کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نے ان تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھے بغیر فیصلہ دیا۔

  14. بریکنگ, حکومت کے ہر فیصلے کا ذمہ دار ہوں اور ساتھ کھڑا ہوں: مفتاح اسماعیل

    وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ حکومت کے ہر فیصلے کا ذمہ دار ہوں اور ساتھ کھڑا ہوں۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم اب پاکستان کا سری لنکا سے موازنہ نہیں کرسکتے، آگے بھی مستقبل میں مشکل فیصلے کرتے جائیں گے۔

    پی ٹی آئی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ آپ نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے توڑا، گیس کا سرکلر ڈیٹ 1400 ارب روپے تک پہنچا دیا، ایل این جی لوکل گیس کے نرخوں پر بیچ دی گئی۔

    انھوں نے کہا کہ دنیا کا سستا ترین ایل این جی ٹرمینل لگانے پر ہمیں جیل بھیج دیا گیا، پونے چار سال میں 19 ہزار 300 ارب روپے کا قرض چڑھا دیا گیا، گزشتہ حکومت میں 1500 ارب کا سرکلر ڈیٹ میں اضافہ ہوا۔

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ڈالر 17 جولائی کے بعد ہمارے کنٹرول سے نکل گیا تھا، ہم نے ڈالر کو 239 روپے پر کنٹرول کرنا شروع کیا لیکن اب ڈالر نیچے آرہا ہے، میں پہلے بھی کہتا تھا کہ درآمد کم ہوگی تو روپیہ مضبوط ہوگا، ہم نے غیرضروری اشیا کی درآمد پر پابندی لگائی ہے، 10 فیصد ایکسپورٹ نہ کرنے والوں پر اضافی ٹیکس لاگو کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اب ڈالر کی آمد زیادہ اور اخراج کم ہے۔

  15. بریکنگ, ٹانک میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملہ، دو اہلکار ہلاک

    ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم نئی آبادی میں بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے والی ایک پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر مسلح افراد کی فائرنگ سے نثار اور پیر رحمان نامی اہلکار ہلاک ہو گیے ہیں۔

    ٹانک پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے دو پولیس اہلکار موقعے پر ہی ہلاک ہوئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہے۔

    ٹانک میں دس روزہ پولیو مہم گذشتہ روز شروع ہوئی تھی، جو کہ 24 اگست تک جاری رہے گی۔

  16. بریکنگ, آئی ایم ایف پروگرام شروع ہو چکا، پیٹرول کی قیمت پر ایک روپیہ بھی ٹیکس نہیں لگایا: مفتاح اسماعیل

    وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آئی ایم کا پروگرام شروع ہو چکا ہے اور رواں ماہ آئی ایم ایف کی بورڈ میٹنگ ہوجائے گی۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستانی روپے کی قیمت کو مضبوط کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ڈالر کی قدر کو کنٹرول کرنا شروع کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک کی درآمدات بند کرنے کے سخت فیصلے نے پاکستانی روپے کو مستحکم کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں درآمدات اور برآمدات کے کل حجم اور مالیت کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ گذشتہ شام تک پاکستانی بینکوں سے جتنے ڈالرز نکلے تھے اس سے زیادہ واپس آئِے۔

    انھوں نے گذشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑ کر ملکی معیشت کو مشکل میں ڈال دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ یکم اگست سے 15 اگست تک پاکستانی روپے کی قدر دنیا کی مضبوط کرنسیوں میں ہوئی ہے۔

    ملک میں پیٹرول کی بڑھتی قیمت پر ان کا کہنا تھا کہ میں نے میڈیا پر یہ نہیں کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھے گی بلکہ کہا تھا کہ پیٹرول پر ٹیکس نہیں لگے گا۔ اس وقت پیٹرول پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ ہمیں سستا گیس لینے پر جیل بھیجا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت آج بہتر ہے۔

    انھوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت کے مقابلے میں درآمدات میں 20 فیصد کمی جبکہ برآمدات میں پانچ فیصد اضافہ ہوا ہے۔

  17. انڈس موٹرز کی جانب سے کاروں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں کاریں تیار کرنے والی ایک بڑی کمپنی انڈس موٹرز نے اپنی تیار کردہ کاروں کی قیمت میں 260000 سے 1140000 روپے تک کمی کا اعلان کیا ہے۔

    کمپنی کے مطابق یہ کمی ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد کی گئی ہے۔

    ٹویوٹا کرولا کے ماڈلز میں 330000 سے 440000 روپے تک کی کمی کی گئی ہے تو یارس کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 260000 سے 310000 روپے کی کمی کی گئی ہے۔

    ٹویوٹا ہیلکس ریوو ماڈلز کی قیمت میں 650000 سے820000 روپے کی کمی کی گئی ہے اور فارچونر ماڈلز کی قیمت میں 910000 سے 1140000 روپے کی کمی کا اعلان کیا

  18. پاکستان کا اندرونی و بیرونی قرضہ 60 ہزار ارب تک پہنچ گیا, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان کے ذمے واجب الادہ اندرونی و بیرونی قرضے کا مجموعی حجم 59.6 ٹریلین یعنی 59 ہزار چھ سو ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔

    پاکستان کے مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 30 جون 2022 کو مالی سال کے اختتام تک، گذشتہ سال کے مقابلے میں اس قرضے میں 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق گذشتہ مالی سال میں قرضوں میں تقریباً 12000 ہزار ارب کا اضافہ ہوا۔ ملک کا قرضہ اور جی ڈی پی کے درمیان تناسب بھی گذشتہ مالی سال میں 89.2 فیصد ہوگیا جو اس سے پہلے 85.7 فیصد تھا۔

  19. موٹروے ایم 5 پر مسافر بس اور آئل ٹینکر میں تصادم ، 20 مسافر ہلاک

    موٹروے ایم فائیو پر بہاولپور کے قریب لاہور سے کراچی آنے والی مسافر بس اور آئل ٹینکر میں حادثے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک جبکہ چھ زخمی ہو گئے ہیں۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق ایم فائیو موٹروے پر لاہور سے کراچی آنے والی مسافر بس اور آئل ٹینکر میں تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور آخری اطلاعات تک حادثے میں کم از کم 20 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔

    موٹروے حکام کے مطابق تصادم کے بعد حادثے کے مقام پر موٹروے کئی گھنٹے تک بند رہی۔ موٹروے حکام کے مطابق ملتان سکھر موٹروے پر نجی کمپنی کی سلیپر بس تیز رفتاری کے دوران ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔

    ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے افسران فوری موقع پر پہنچے جبکہ مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود تھیں۔

    ترجمان کے مطابق حادثے کے باعث لگنے والی آگ اس قدر شدید اور خوفناک تھی کہ دور سے دکھائی دے رہی تھی۔ ان کے مطابق جلتی ہوئی بس سے نو مسافروں کو زندہ نکالا گیا اور انھیں فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

    ترجمان کا مزید بتانا تھا کہ امدادی ٹیموں کو آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے۔

    آئی جی خالد محمود کی ہدایات پر موٹروے پولیس نے ایمرجنسی کرائسسز سنٹر بنا دیا ہے۔

    لاہور سے رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس 2009 ماڈل کی تھی جو نجی کمپنی کے تحت چلتی تھی۔ سلیپر بس لاہور سے کراچی کے لیے رات نو بجے روانہ ہوئی۔

    بس کمپنی ذرائع کے مطابق بس میں دو ڈرائیور سوار تھے۔ تمام سٹاف نے سکھر میں تبدیل ہونا تھا۔ بس میں کل 24 مسافر سوار تھے۔ جن میں سے دو مسافروں نے حیدرآباد اترنا تھا جبکہ 22 مسافروں نے کراچی جانا تھا۔

  20. دھاندلی کے باوجود ہماری جیت کے بعد حکومت گھبرا گئی ہے، عمران خان کا دعویٰ

    عمران خان نے پنجاب میں 17 جولائی کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن اور صوبائی انتظامیہ پر دھاندلی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے وہ یہ انتخابات جیتے ہیں تب سے حکمران اتحاد ’گھبرا‘ گیا ہے۔

    اینکرپرسن فریحہ ادریس کے ساتھ ایک انٹرویو میں اُنھوں نے کہا کہ اسی لیے اُن کے خلاف توشہ خانہ اور ممنوعہ فنڈنگ جیسے مقدمات کے ذریعے کارروائی کی جائے گی۔

    سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں نے سوچا ہے کہ ان پر دباؤ ڈالا جائے اور ہراساں کیا جائے۔

    اس ضمن میں اُنھوں نے شہباز گل کے بارے میں بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اُنھیں حوالات میں برہنہ کر کے اُن پر تشدد کیا گیا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ شہباز گل نے جو کہا وہ نہیں کہنا چاہیے تھا کیونکہ اس سے یہ تاثر ملا کہ وہ فوج کو اکسا رہے ہیں، لیکن ان پر بہرحال ظلم کیا گیا ہے۔

    سابق وزیرِ اعظم نے دعویٰ کیا کہ شہباز گل سے کہا جاتا رہا کہ وہ عمران خان کے خلاف بیان دیں اور کہیں کہ فوج کے خلاف بیان اُنھوں نے عمران خان کے کہنے پر دیا۔

    تاہم اپنے انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر وہ ایسی کوئی بات کرنا چاہتے تو شہباز گل کا سہارا لیے بغیر خود ہی کہہ دیتے۔