آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پنجاب پولیس کے چھاپے، 12 ن لیگی رہنماؤں کی اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کی درخواست

وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی عطا تارڑ اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود سمیت 12 رہنماؤں نے حفاظتی ضمانت کی درخواست دی ہے۔ یہ درخواست پنجاب اسمبلی میں تشدد، توڑ پھوڑ اور ماورائے قانون سرگرمیوں کے الزام میں پنجاب حکومت کی مدعیت میں مسلم لیگ ن کے 11 ایم پی ایز کے خلاف مقدمات درج ہونے کے بعد کی گئی ہے۔

لائیو کوریج

  1. ’جبر و تشدد سے مثال بنانے کے لیے ایک آسان ترین ہدف چُنا گیا‘ سابق وزیراعظم عمران خان

    سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے چیف آف سٹاف شہباز گل کو اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال شفٹ کیے جانے کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری بربریت دیکھ کر مہذب دنیا پر سکتہ طاری ہو گا۔‘

    انھوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ ’بدترین پہلو تو یہ ہے کہ منصفانہ عدالتی کارروائی کے بغیر جبر و تشدد سے مثال بنانے کے لیے ایک آسان ترین ہدف چُنا گیا ہے۔‘

  2. شہباز گل اس وقت تشویش ناک حالت میں ہیں، پنجاب کے وزیر برائے جیل خانہ جات

    پنجاب کے وزیر برائے جیل خانہ جات کرنل ریٹائرڈ محمد ہاشم کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پمز ہسپتال میں شہباز گل اس وقت تشویش ناک حالت میں ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ ’اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کو نزدیکی ہسپتال میں بھیجنے کا ہمارا فیصلہ ٹھیک تھا۔‘

    ان کا مزید کہنا ہے کہ ’کاش شہباز گل کا تعلق بھی پاکستان کے کسی شاہی خاندان سے ہوتا۔ ماضی میں لوگوں نے کہیں زیادہ غلط باتیں کیں۔ شروع میں روک دیا جاتا تو بات یہاں تک نہ پہنچتی۔ عمران خان نے کبھی بھی کسی ادارے کے بارے میں غلط بات کرنے کا درس نہیں دیا۔‘

  3. شہباز گل کو جسمانی ریمانڈ پر بھیجنے کے فیصلے پر تشویش ہے: ایچ آر سی پی

    ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان یا ایچ آر سی پی کا کہنا ہے کہ اسے ایک سیاسی نوعیت کے مقدمے میں رہنما تحریک انصاف شہباز گل کو جسمانی ریمانڈ پر بھیجنے کے فیصلے پر تشویش ہے۔

    ایک بیان میں ایچ آر سی پی نے کہا ہے کہ ’ریمانڈ کے دوران تشدد کے الزامات کی صاف و شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔‘

  4. ’ممکن نہیں کہ شہباز گل نے یہ سب عمران خان کی اجازت کے بغیر کیا ہو‘

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ شہباز گل پر کسی قسم کا تشدد نہیں ہونا چاہیے اور یہ ظاہر ہونا چاہیے کہ پاکستان میں قانون ہے۔

    جیو نیو پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے تسلیم کیا کہ شہباز گل نے فوج میں رینکس کا نام لے کر بغاوت پر اکسانے کی کوشش کی۔ وہ کہتے ہیں کہ اپنی سیاسی لڑائیاں خود لڑنی چاہیے اور مسلح افواج یا عدلیہ کو اس سے باہر رکھنا چاہیے۔

    ’اس کے کوئی ثبوت نہیں کہ شہباز گل کا یہ اپنا فیصلہ تھا۔ یہ ممکن نہیں عمران خان کی اجازت کے بغیر یہ ہوا ہو۔۔۔ یہ ایک حکمت عملی کے تحت ہو رہا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ٹرول کرنے والے 18 اکاونٹس کا تعلق انڈیا سے تھا اور ادارے کی توہین کے لیے ایک سکرپٹ پر عمل ہوا۔

  5. عمران خان شہباز گل کو ملک سے فرار کرانے کی سازش کر رہے ہیں: شازیہ مری

    وفاقي وزير برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری کا دعویٰ ہے کہ عمران خان پنجاب اور کے پی کی حکومت کی مدد سے شہباز گل کو ملک سے فرار کرانے کی سازش کر رہے ہیں۔

    انھوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’شہباز گل وفاقی پولیس کا ملزم ہے، اسے پنجاب پولیس کی مدد سے اغوا کیا جا رہا ہے۔‘

  6. ’شہباز گل کو جیل سے اغوا کیا گیا‘

    رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ’شہباز گل کو جیل سے اغوا کیا گیا‘ ہے۔

    ٹوئٹر پر وہ کہتے ہیں کہ ’اپنی مرضی کے بورڈ سے مرضی کے سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا کون سے قانون میں لکھا ہے؟ پاکستان اس وقت بد ترین فسطائیت کا سامنا کر رہا ہے۔ کارکنان ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔‘

    تحریک انصاف نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دعویٰ کیا ہے کہ شہباز گل کو ’ایمبولینس میں آکسیجن لگا کر شفٹ کیا جا رہا ہے۔‘

  7. بریکنگ, اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کو اڈیالہ جیل سے تحویل میں لے لیا

    نامہ نگار اعظم خان کے مطابق اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کو اڈیالہ جیل سے تحویل میں لے لیا ہے اور انھیں ایمبولینس پر لے جایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پمز ہسپتال میں ان کا میڈیکل چیک اپ کرایا جائے گا۔

  8. شہباز گل کی حوالگی کا معاملہ، حکومت نے رینجرز کو طلب کر لیا

    وزارت داخلہ نے عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کے حکم پر عملدرآمد کے لیے رینجرز اور ایف سی کو اڈیالہ جیل بھیجنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق اڈیالہ جیل میں اسلام آباد پولیس اور پنجاب پولیس کے دستے موجود ہیں۔ تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ بغاوت پر اکسانے کے مقدمے کے ملزم شہباز گل کی طبیعت ناساز ہے تاہم وفاقی وزیر اطلاعات نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس عمران خان کے حکم پر شہباز گل کو اغوا کرنا چاہتی ہے۔

    خیال رہے کہ آج اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے شہباز گل کو مزید دو روز کے لیے جسمانی ریمانڈ پر بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

  9. ’عمران خان کے حکم پر پنجاب حکومت شہباز گل کو اغوا کر رہی ہے‘

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے نہ کرنا توہین عدالت ہے۔

    ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ’عمران خان اور پنجاب حکومت نے عدالت کے واضح حکم کی توہین کی ہے۔ وفاقی پولیس کے ملزم کو عمران خان کے حکم پر پنجاب حکومت اغوا کر رہی ہے۔ شہباز گل طبی طور پر بالکل ٹھیک ہیں۔‘

    انھوں نے کہا کہ شہباز گل کے کیس میں تحقیقات ہو رہی ہیں تو عمران خان نے پنجاب حکومت کے آئی جی کو استعمال کیا اور یہ سلسلہ کل سے جاری ہے۔ ’یہ اختیارات کا ناجائز استعمال ہے۔‘

    ’شہباز گل اڈیالہ جیل میں وفاقی پولیس کے قیدی ہیں۔ کوئی قانون اجازت نہیں دیتا کہ پنجاب حکومت خط لکھ کر روبکار جاری کروائے۔‘

    ادھر ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے عدالت کا فیصلہ جیل حکام کے حوالے کر دیا ہے۔ ’اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے ہیں۔ اسلام آباد کیپیٹل پولیس عدالت کے احکامات پر عمل درآمد کرے گی اور خوش اسلوبی سے تعاون کی امید رکھتی ہے۔ تفتیشی ٹیم کے سربراہ ایس ایس پی انویسٹیگیشن خود اس تمام عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔‘

    دوسری جانب رہنما تحریک انصاف فرخ حبیب نے عمران خان کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کو احکامات کی اطلاع ’افواہ سازی کی شرمناک کوشش‘ قرار دیا ہے۔

  10. ’عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کو چیلنج کریں گے‘

    رہنما تحریک انصاف فرخ حبیب کہتے ہیں کہ فیصل آباد کے ریٹرننگ افسر نے ’بلاجواز‘ عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ اسے ’فوری چیلینج کریں گے۔ انشا اللہ عمران خان (کے) کاغذات بحال ہوں گے۔ NA108 سے الیکشن لڑیں گے۔‘

  11. بریکنگ, این اے 108 فیصل آباد ضمنی انتخاب: عمران خان کے کاغذات نامزدگی ’اثاثوں کی تفصیل اطمینان بخش نہ ہونے پر‘ مسترد

    این اے 108 فیصل آباد کے ضمنی انتخاب سے قبل ایک ریٹرننگ افسر نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے ہیں۔

    ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب نے نامہ نگار ترہب اصغر کو بتایا ہے کہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی وجہ سٹیٹمنٹ آف ایسٹسز اینڈ لائیبلٹیز کی غیر تسلی بخش ڈکلیریشن ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس کی وجہ جعلی دستخط نہیں، جیسا کہ مقامی ذرائع ابلاغ پر دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

    الیکشن کمیشن کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ ’عمران خان کے کاغذات نامزدگی دستخط تصدیق معاملے کی وجہ سے مسترد نہیں ہوئے۔

    ’عمران خان کے کاغذات نامزدگی اثاثوں کی تفصیل اطمینان بخش نہ ہونے پر مسترد ہوئے۔ میڈیا سے گزارش ہے کہ تصدیق کے بغیر خبر نشر نہ کرے۔‘

    خیال رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کی خالی قرار دی گئیں تمام نو نشستوں سے خود الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔

  12. شہباز گل پر جسمانی ریمانڈ کے دوران کوئی تشدد نہیں کیا گیا: اسلام آباد پولیس

    اسلام آباد پولیس نے عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل پر تشدد کے الزامات کی تردید کی ہے۔

    ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے بیان میں ترجمان اسلام آباد نے کہا ہے کہ شہباز گل پر ’جسمانی ریمانڈ کے دوران کوئی تشدد نہیں کیا گیا۔‘

    ’عدالت میں پیشی کے دوران شہباز گل نے ایسی کوئی بات نہیں کی۔ شہباز شبیر کا باقاعدہ میڈیکل کروایا گیا جس کے مطابق کوئی تشدد نہیں ہوا۔ عدالتوں اور معزز ججز نے میڈیکل کا باقاعدہ معائنہ کیا۔‘

  13. تحریک انصاف کا فارن فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کو جواب دینے سے انکار

    پاکستان تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے کے نوٹس کا جواب دینے سے انکار کردیا ہے۔

    تحریک انصاف نے یہ تحریری جواب سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان کے ذریعے ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل اسلام آباد کی ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ بیگ کو بھجوایا ہے۔

    اس تحریری جواب میں تحریک انصاف نے ایف آئی اے کو بتایا کہ آپ کو جوابدہ ہیں نہ ہی معلومات فراہم کرنے کے پابند ہیں، دو دن میں نوٹس واپس نہ لیا تو قانون کے تحت آپ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    جواب میں نوٹس بھجوانے کو ایف آئی اے کی بدنیتی قرار دیا گیا اور کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی سے تفصیلات اور دستاویزات طلب کرنا ایف آئی اے کے دائرہ کار میں نہیں۔

    تحریک انصاف نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا یہ فیصلہ نہیں ہے بلکہ یہ محض ایک رپورٹ ہے۔

    الیکشن کمیشن ایف آئی اے یا کسی اور ادارے کو اس رپورٹ کی بنیاد پر حکم نہیں دےسکتا، ایف آئی اے کے پاس پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کے تحت کارروائی کا اختیار نہیں، جاری کیاگیا نوٹس ایف آئی اے ایکٹ سے بھی متصادم ہے۔

    تحریک انصاف کا مزید کہنا ہے کہ سپریم کورٹ متعدد فیصلوں میں الیکشن کمیشن کو انتظامی ادارہ قرار دے چکی ہے، الیکشن کمیشن عدالت ہے نہ ہی ٹریبونل ہے۔

  14. شہباز گل کے دوبارہ جسمانی ریمانڈکا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

    شہباز گل کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ شہباز گل کے وکلا نے فیصلہ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ اس درخواست میں ایڈیشنل سیشن جج اور آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر پولیس افسران کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ہی شہبازگل کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق ضلعی عدالت نے سنی تھی۔

    دوسری طرف عدالتی حکم پر پولیس شہباز گل کو لینے کے لیے اڈیالہ جیل روانہ ہو گئی ہے۔ پولیس اہلکار تحریری فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی کے ساتھ جیل کی طرف روانہ ہوئے۔

    ضلعی عدالت کی طرف سے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے نام روبکار میں ملزم شہباز گل کو تفتیشی افیسر طلعت محمود کے حوالے کرنے کا کہا گیا ہے۔

  15. تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کے خلاف قانون حرکت میں آچکا ہے: خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ آصف کہتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر فوج مخالف منفی مہم پر ان اکاؤنٹس کے خلاف قانون حرکت میں آچکا ہے جن کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں تحریک انصاف نے خیرات کے پیسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیے اور شوکت خانم کا نام استعمال کیا۔

    وہ کہتے ہیں کہ ’لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے متاثرین کے خلاف ہونے والی مہم میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ تحریک انصاف الیکشن کمیشن کے فیصلے سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔‘

    ’اقتدار چھن جانے کے بعد ایک شخص اتنا ڈسپریٹ ہوچکا ہے جو سازش کے الزام لگا رہا ہے۔۔۔ 25 ہزار ڈالر پر امریکہ میں لابنگ کے لیے بندہ رکھا گیا۔‘

    ان کا کہنا ہے کہ ’قانون حرکت میں آچکا ہے۔ شہدا کے لواحقین اور فوج کے خلاف جو باتیں کی گئیں وہ کوئی محب وطن نہیں کرسکتا۔‘

    خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ فوج کے خلاف منفی مہم میں اکثر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے جبکہ فارن فنڈنگ کیس میں 18 اکاؤنٹس کا تعلق انڈیا سے ہے۔

    تاہم انھوں نے زور دیا کہ ان کی حکومت سیاسی انتقام پر یقین نہیں کرتی۔

  16. شہباز گل کو پولیس کے حوالے کرنا سازش کا حصہ ہے: عمران خان

    سابق وزیراعظم عمران خان نے شہباز گل کو دوبارہ پولیس کے حوالے کرنے کے کے حکم پر تفتیش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک سازش کا حصہ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ شہباز گل کو نامعلوم مقام پر لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے اور اس تشدد کی وجہ سے ان کی ذہنی اور جسمانی صحت متاثر ہوئی ہے۔

    ان کے مطابق اس سازش کا مقصد مجھے اور تحریک انصاف کو ہدف بنانا ہے۔ عمران خان کے مطابق شہباز گل سے زبردستی بیان لینے کی اسی طرح کوشش کی جا رہی ہے جس طرح سوشل میڈیا کارکنان سے بیان لیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ یہ بالکل قابل قبول نہیں ہے۔ ان کے مطابق ہم شہباز گل پر ہونے والے تشدد کو روکنے کے لیے نہ صرف تمام سیاسی اور قانونی اقدامات اٹھائیں گے بلکہ ہمارے خلاف ہر غیرقانونی اور غیرآئینی اقدام کا بھی رستہ روکیں گے۔

  17. مسلسل 11 کاروباری دنوں کے بعد ڈالر کی قیمت میں تقریباً ایک روپے کا اضافہ, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں مسلسل 11 کاروباری روز میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد بدھ کے روز اس میں تقریباً ایک روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    بدھ کے روز انٹر بینک میں ایک ڈالر کی قیمت 214.88 روپے پر بند ہوئی جس میں گذشتہ روز کی 213.90 روپے کی قیمت کے مقابلے میں 98 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    پاکستان میں 28 جولائی 2022 کو ایک ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 293.94 پر بند ہوئی تھی تاہم اس کے بعد ڈالر کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھا گیا اور مسلسل 11 روز میں ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی گئی۔ ڈالر کی قیمت 213.90 کی حد تک گر گئی۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں تین روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور ڈالر کی قیمت 216 روپے پر بند ہوئی۔

    کرنسی ڈیلرز اور تجزیہ کاروں کے مطابق ڈالر کی قیمت میں اضافے کی ایک وجہ تو قیمت کے کافی زیادہ گرنے کے بعد ایک تکنیکی تصحیح ہوتی ہے یعنی قیمت میں بہت زیادہ کمی یا اضافہ ہو جائے تو اس میں کچھ رد و بدل ہوتا ہے۔

    تجزیہ کار سمیع اللہ طارق نے اسے تکنیکی تصحیح قرار دیا کیونکہ کوئی ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوئی جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں اچانک اضافہ ہو جائے۔

    ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ کے مطابق اس کی ایک وجہ افغانستان کی جانب ڈالر کی سمگلنگ بھی ہے جو کچھ دن کی سختی کے بعد دوبارہ شروع ہو گئی ہے جس نے ڈالر کی قیمت پر اثر ڈالا۔

    سمیع اللہ طارق کے مطابق ڈالر کی سمگلنگ انٹر بینک پر اثر نہیں ڈال سکتی، اس کا اثر اوپن مارکیٹ پر پڑ سکتا ہے۔ ادھر پراچہ کے مطابق افغانستان میں ڈالر 225 روپے اور پشاور میں 220 روپے پر بِک رہا ہے۔

  18. شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ دینے پر فواد چوہدری کی جج پر کڑی تنقید

    تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کو دو دن کے لیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے پر فیصلہ سنانے والی جج پر کڑی تنقید کی ہے۔

    انھوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ سیاسی کارکنان کا پولیس تشدد کرنے کے لیے ریمانڈ مانگ رہی ہے۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے بُدھ کو شہباز گل کو جیل سے نکال کر مزید تفتیش کے لیے دو دن کے لیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔

  19. بریکنگ, شہباز گل مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ مسترد ہونے کے حکم کے خلاف نظر ثانی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ان کا مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔

    اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ’میں نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تفصیلی جائزہ لیا ہے، پولیس کی نامکمل تفتیش کی دلیل سے متفق ہوں۔‘

    عدالت کا کہنا تھا کہ مطمئن ہیں کہ شہباز گل سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی۔ کیس کی تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید 48 گھنٹوں کے لیے شہباز گل کو پولیس کے حوالے کیا جائے۔

    شہباز گل کے خلاف اداروں کو بغاوت پر اکسانے کا الزام ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے جوڈیشل مجسٹریٹ نے شہباز گل کی جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی درخواست مسترد کر دی تھی جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ جسمانی ریمانڈ مسترد کیے جانے کے حکم پر نظر ثانی کی جائے۔

    فیصلہ محفوظ ہونے سے قبل سماعت کے دوران شہباز گل کی جانب سے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سپیشل پراسیکوٹر راجہ رضوان عباسی نے نظرثانی درخواست پر دلائل دیے۔

    سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ معمولی نوعیت کے کیسز میں آٹھ دس روز کا ریمانڈ دیا جاتا ہے یہ تو مجرمانہ سازش کا کیس ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پولیس تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کے موبائل میں کافی مواد موجود ہے۔

    ان کے مطابق ملزم سے مزید ریکوری اور تحقیقات ہونی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ خدشہ ہے کہ ثبوت مٹا دیے جائیں گے۔

  20. سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ 28 اگست کو ہی ہو گی: سپریم کورٹ

    سپریم کورٹ نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست نمٹاتے ہوئے حکم دیا ہے کہ پولنگ 28 اگست کو ہی ہو گی۔

    بدھ کو سپریم کورٹ میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے حلقہ بندیوں کے خلاف درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں ہوئی۔

    بلا مقابلہ منتخب نمائندوں کے وکیل خالد جاوید خان عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھی یونین کمیٹیوں کی تعداد کا تعین حکومت کرتی ہے، آبادی کے علاوہ دیگر عوامل کو مدنظر رکھ کر ہی حد اور حلقہ بندی ہوتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا حلقہ چار لاکھ کا ہو یا 10 لاکھ کا، وزیراعظم کے لیے ووٹ برابر ہوتا ہے۔

    چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ حلقہ بندی اتنی عمومی نوعیت کی بھی نہیں ہونی چاہیے، الیکشن کمیشن کو ہمیں سمجھانا ہو گا کہ حلقہ بندی کس بنیاد پر کی جاتی ہے، مسئلہ صرف انتخابات کا نہیں ترقیاتی سکیموں اور فنڈز کا بھی ہوتا ہے۔

    جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ اندرون سندھ سے کیسز آئے کہ دو اضلاع کو ملا کر ایک حلقہ بنایا گیا ہے، دوسری جانب ایک ضلع کے دو دو حلقے بھی بنائے گئے ہیں، ایک حلقہ 10 لاکھ اور ساتھ والا چار لاکھ کا ہو تو یہ زیادتی ہے، درست نمائندگی نہ ہونے اور فنڈز کی وجہ سے ہی جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی بات ہو رہی ہے، کسی دوسرے کیس میں ان نکات پر الیکشن کمیشن کا موقف سنیں گے۔

    خالد جاوید خان کا کہنا تھا کہ ووٹوں کے تناسب میں فرق بلدیات سے قومی اسمبلی تک ہر حلقے میں ہوتا ہے۔

    اس موقع پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ ایم کیو ایم نے جو نکات سپریم کورٹ میں اٹھائے وہ سندھ ہائی کورٹ میں کیوں نہیں لیے؟ پولنگ سے چند دن قبل پہلے مرحلے کا الیکشن روکنے کی استدعا کی گئی، ہائی کورٹ نے کہا جنوری سے جون تک ایم کیو ایم والے کیوں سوئے رہے؟

    انھوں نے سوال کیا کہ اپیل میں نئے نکات کا جائزہ کیسے لے سکتے ہیں؟

    عدالت نے حکم دیا کہ ایم کیو ایم پہلے مناسب فورم سے رجوع کرے، حقائق کا تعین ہونے پر ہی قانونی نکات عدالتوں میں اٹھائے جا سکتے ہیں، کوئی بھی آئینی عدالت حقائق کے درست تعین کے بغیر فیصلہ نہیں کر سکتی، جو نکات ہائی کورٹ میں نہیں اٹھائے گئے انھیں اپیل میں براہ راست نہیں سنا جا سکتا۔

    خالد جاوید خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو حلقوں کی تعداد تبدیل کرنے کا اختیار آئین بھی نہیں دیتا، حلقوں کی تعداد آئین اور قانون میں متعین کردہ ہوتی ہے۔

    اس موقع پر ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے اپنے دلائل میں کہا کہ ایم کیو ایم نے حلقہ بندی اتھارٹی سے رجوع ہی نہیں کیا، الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومت مل کر کام کرتے ہیں، الیکشن کمیشن کی ہدایت پر کئی حدبندیاں تبدیل کی گئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ووٹرز کو حدبندی سے کوئی فرق نہیں پڑتا، سیاسی جماعتوں کا مسئلہ صرف میئر کے الیکشن کا ہے، کون جانے یہ میئر کس جماعت سے منتخب ہو گا۔