آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب: ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کالعدم، سپریم کورٹ کا پرویز الٰہی سے آج رات ہی حلف لینے کا حکم

پاکستان کی سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حمزہ شہباز کے وزارت اعلیٰ کے نوٹیفیکیشن کو غیرقانونی قرار دے دیا ہے اور گورنر پنجاب کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ رات ساڑھے گیارہ بجے تک پرویز الٰہی سے وزارت اعلیٰ کا حلف لیں۔

لائیو کوریج

  1. پیپلز پارٹی مفاہمت کے ذریعے حل نکالنا چاہتی ہے: حسن مرتضیٰ

    مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر حسن مرتضی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی مفاہمت کے ذریعے حل نکالنا چاہتی ہے۔

  2. وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب: اللہ کی ذات سے پرامید ہیں، حمزہ شہباز

    وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف مقامی ہوٹل پہنچ گئے جہاں وہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور آزاد اراکین پنجاب اسمبلی کے مشترکہ پارلیمانی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

  3. بریکنگ, روپے کی قدر میں مزید گراوٹ، ڈالر کی قیمت 229 روپے تک پہنچ گئی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں ہونے والا اضافہ جمعہ کے روز بھی جاری رہا اور کاروبار کے دوران ڈالر کی قیمت 229 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

    گذشتہ روز ڈالر کی قدر کاروبار کے دوران 228 روپے کی حد تک جانے کے بعد 226.81 روپے پر بند ہوئی تھی۔

    جمعے کے روز انٹر بنک میں ڈالر 229 پر ٹریڈ ہو رہا ہے جب کہ اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت 231 تک پہنچ گئی۔

    کرنسی ڈیلروں کے مطابق ملک کا سیاسی بحران اور بیرونی ذرائع سے کسی فنانسنگ کے نہ آنے کی وجہ سے روپے کی قدر مسلسل گر رہی ہے۔

  4. پنجاب اسمبلی کا اہم اجلاس اور سکیورٹی صورتحال

    سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی پنجاب اسمبلی اجلاس کی حساسیت کے پیش نظر سکیورٹی اہلکاروں کو انتہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی کرنے کی ہدایت۔

    سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے پنجاب اسمبلی اجلاس کی سکیورٹی پر تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ہیومن شیلڈ کے طور پر اراکین اسمبلی کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور دوران ڈیوٹی تحمل، برداشت اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔

    انھوں نے پنجاب اسمبلی کی عمارت اور اطراف میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شخص کو تلاشی کے بغیر اسمبلی کی عمارت اور ایوان میں ہر گز داخل نہ ہونے دیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کے اطراف کی بلند عمارات پر سنائپر تعینات کئے گئے ہیں۔

    اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری،ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر) مستنصر فیروز،ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر ، ایس پی ڈولفن سکواڈ سعد عزیز، ایس پی ہیڈ کوارٹرز، ایس پی سول لائنز،دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

    سی سی پی او نے سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ اراکین اسمبلی کی پنجاب اسمبلی آمد کے دوران روٹ پر ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جائے اور ڈولفن سکواڈ،پیرو ٹیمیں پنجاب اسمبلی بلڈنگ اور اطراف میں پٹرولنگ بڑھا دیں۔

  5. پی ٹی آئی کے ارکان پنجاب اسمبلی آنے کے لیے بسوں میں سوار

    پاکستان تحریک انصاف کے ارکان صوبائی اسمبلی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے ہونے والے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے نجی ہوٹل سے بسوں میں سوار ہو گئے ہیں۔

    پی ٹی آئی ارکان نے بسوں میں سوار ہوتے وقت موجودہ پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

    اراکین کو نماز کے لیے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اسمبلی کے اندر ہی نماز ادا کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

    پنجاب اسمبلی کا اجلاس شام چار بجے ہو گا۔ اسمبلی اجلاس میں موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ مہمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

  6. مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہیٰ پنجاب اسمبلی پہنچ گئے، زرداری کے بیان پر تبصرے سے انکار

    مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہی پنجاب اسمبلی پہنچ گئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں کی جانب سے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرادری کے چوہدری پرویز الہی سے متعلق بیان پر پوچھے گئے سوال پر انھوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہیں گے۔

    واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ میری اور پرویز الٰہی کی ذاتی لڑائی ہے؟‘

    اس پر ردعمل کے لیے جب مقامی صحافیوں نے چوہدری مونس الہی سے سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’میں اس پر کچھ نہیں کہوں گا۔‘

  7. قومی اسمبلی کا اجلاس27 جولائی کو طلب

    صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس27 جولائی کو طلب کر لیا۔

    قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس بروز بدھ سہ پہر 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہو گا۔

    صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق 1 کے تحت تفویض شدہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے طلب کیا ہے۔

  8. پنجاب کے وزیر اعلی کا انتخاب: اسمبلی سمیت شہر بھر میں غیر معمولی سکیورٹی

    پنجاب میں وزیر اعلی کے انتخاب سے قبل پولیس نے اسمبلی سمیت شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔

    لاہور پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے پنجاب اسمبلی سمیت شہر بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایت کی۔

    ترجمان لاہور پولیس کے مطابق 4 ایس پیز، 11 ایس ڈی پی اوز، 17 ایس ایچ اوز، اینٹی رائٹ فورس، ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس اہلکاروں سمیت 1400 سے زائد افسران اور جوان تعینات کیے گئے ہیں۔

    سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ نے کہا کہ تمام اراکین اسمبلی، ایوان اور اجلاس کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی اور کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے یا شہر کا امن متاثر کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے کل پولیس اور چیف سیکرٹری کو اسمبلی کے باہر سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا تھا جب کہ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری نے اسمبلی میں پولیس تعینات کرنے کی درخوست کی تھی۔

    ادھر تحریک انصاف کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے کہا گیا ہے کہ ڈیپٹی اسپیکر کے خط پر عملدرآمد، یعنی اسمبلی میں پولیس کے تعیناتی، توہین عدالت ہو گی۔

  9. پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری میں اضافہ ، چینی سرمایہ کاری میں کمی, تنویر ملک ، صحافی

    پاکستان میں گزشتہ مالی سال کے دوران چین سے ہونے والی سرمایہ کاری میں 29 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ امریکہ کی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھا گیا۔

    سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال میں امریکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا سب سے بڑا ملک تھا اور اس کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری 50 فیصد زیادہ تھی۔

    سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق یورپی ممالک سوئٹزرلینڈ، ہالینڈ اور جرمنی کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

    پاکستان میں گزشتہ مالی سال میں 1.868 ارب ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی جس میں اس سے پہلے سال میں تین فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو 1.821 ارب ڈالر تھی۔

  10. بیرونی قرضوں کی ادائیگی: زرمبادلہ ذخائر میں 39 کروڑ ڈالر کی مزید کمی, تنویر ملک ، صحافی

    پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ایک ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر میں تقریباً 39 کروڑ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    مرکزی بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 39 کروڑ ڈالر کی کمی کے بعد اس کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر 9.3 ارب ڈالر کی سطح تک گر گئے ہیں۔

    مرکزی بینک کی جانب سے زرمبادلہ ذخائر میں کمی کی وجہ بیرونی قرضے کی ادائیگی کو قرار دیا گیا ہے۔

    پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 15.24 ارب ڈالر کی سطح پر موجود ہیں جن میں سٹیٹ بینک کے پاس 9.3 ارب ڈالر کے علاوہ کمرشل بینکوں کے پاس 5.9 ارب ڈالر موجود ہیں۔

    پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو گزشتہ کئی ہفتوں سے مسلسل کمی کا سامنا ہے جن میں جولائی کے پہلے ہفتے میں صرف اس وقت کچھ بہتری آئی تھی جب چینی بینکوں کی جانب سے پاکستان کو 2.3 ارب ڈالر کا قرضہ ملا۔

    تاہم بیرونی ادائیگیوں کی وجہ سے یہ ایک بار پھر دباؤ میں آئے اور گزشتہ دو ہفتوں سے ان میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

  11. پنجاب اسمبلی کا اجلاس: حمزہ شہباز اور پرویز الہیٰ میں سے کون بنے گا وزیر اعلیٰ پنجاب؟ فیصلہ آج ہو گا

    پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے وزیر اعلی کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہو رہا ہے۔ مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز اورتحریک انصاف کے حمایت یافتہ مسلم لیگ ق کے چوہدری پرویز الہٰی پھر آمنے سامنے ہیں۔

    ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کی جیت کے بعد دونوں جماعتوں کی جانب سے کامیابی کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب اسمبلی کا اہم اجلاس آج سہ پہر چار بجے طلب کیا گیا ہے، پنجاب اسمبلی میں مہمانوں کا داخلہ بند ہو گا، میڈیا پریس گیلری سے کوریج کرے گا، موبائل فون لے جانے کی اجازت بھی نہیں ہو گی۔

    پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے 15 ارکان، مسلم لیگ ن کے تین اور ایک آزاد رکن نے حلف اٹھا لیا جو ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔

    یاد رہے کہ یکم جولائی کو سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا دوبارہ انتخاب 22 جولائی کو ہو گا۔

    پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات کو چیئرمین عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے پی ٹی آئی اور ق لیگ پنجاب کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں 186 ارکان شریک ہوئے۔

    دوسری جانب ن لیگ کی جانب سے حتمی نمبرز جاری نہیں کیے گئے البتہ گذشتہ روز عطا تارڈ کا کہنا تھا کہ ان کے تعداد 180 کے قریب ہیں۔

    17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے بعد پنجاب میں اپوزیشن کا پلڑا بھاری ہو گیا، پی ٹی آئی کے 178 اور مسلم لیگ ق کے10 ارکان کو ملا کر اپوزیشن ارکان کی تعداد 188ہو گئی۔

    ضمنی الیکشن میں چار نشستوں پر کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن کے پنجاب میں 168 ارکان ہو گئے تاہم ایک رکن نے ابھی حلف نہیں اٹھایا ہے۔

    اگر اس رکن نے حلف اٹھا لیا تو ن لیگ 168، پیپلزپارٹی سات، آزاد ارکان کی تعداد تین اورراہ حق پارٹی کے ایک ووٹ کےساتھ حکومتی اتحاد کے ارکان کی تعداد179بنتی ہے۔

  12. سارے اداروں کو وارننگ دے رہا ہوں، ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا تو قوم کنٹرول نہیں ہوگی: عمران خان

    عمران خان نے اپنے خطاب کے دوران مزید کہا کہ ’اگر انھوں نے چوری کے پیسوں سے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا تو سارے اداروں کو وارننگ دے رہا ہوں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے خلاف ’آصف زرداری، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان اکٹھے ہوگئے ہیں۔

    ’سب کو معلوم ہے کہ وزیر اعلیٰ تحریک انصاف کا بنے گا کیونکہ ہمارے نمبر پورے ہیں۔ انھوں نے ہمارے لوگوں کو خریدا جنھوں نے اپنے ضمیروں کا سودا کیا۔‘

    ’اتحادیوں کو جہاں سے بھی حکم ملا انھوں نے ہمارا ساتھ چھوڑ دیا۔ جاوید لطیف نے بھی کہہ دیا کہ ہینڈلرز نے ہمیں یہاں دھکیلا۔‘

    وہ کہتے ہیں کہ ’ساڑھے تین سال سے میں احتساب کا کہتا رہا (لیکن) جن کے پاس پاور تھی وہ انھیں بچاتے رہے۔۔۔ ہم بے بس بیٹھے تھے۔ کون ڈیل کر رہا تھا، ہم نہیں جانتے۔

    عمران خان نے کہا کہ ’ہماری ساری جدوجہد آئین کے دائرے میں اور قانون کے مطابق رہی ہے۔ 25 مئی کو جو ہوا وہ کبھی نہیں بھولوں گا۔ ہماری پنجاب میں حکومت آئے گی تو ان افسران کے نام ہمارے ذہن میں ہیں جنھوں نے ملک کا قانون توڑا۔

    ’ہم جمہوری لوگ ہیں لیکن اگر پیسے لے کر ایسا کیا گیا تو یہ ملک سری لنکا کی طرف جائے گا۔ پھر کوئی کنٹرول نہیں کرسکتا۔‘

    وہ کہتے ہیں کہ ’پُرامن احتجاج ہمارا حق ہے۔ اگر عوام کا مینڈیٹ چوری کیا تو میں آج کہہ رہا ہوں کہ میں ذمہ دار نہیں پھر کیا ہوتا ہے، میرے کنٹرول میں لوگ نہیں رہیں گے۔ یہ جاگی ہوئی قوم ہے۔

    ’قوم کنٹرول نہیں ہوگی، زرداری اور یہ سب چھپتے پھریں گے۔ ڈالر 250 روپے کا ہوگیا ہے۔ نیوٹرلز کو کہا تھا کہ معیشت کوئی نہیں سنبھال سکے گا۔ قوم کو تکلیف ہے لیکن یہ دانت نکال رہے ہیں۔‘

    چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ’ساری قوم کو کہہ رہا ہوں، اگر انھوں نے مینڈیٹ چوری کیا تو آپ نے چُپ کر کے نہیں بیٹھنا۔۔۔ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے۔

    ’اگر پیسے دے کر لوگوں کو خریدا گیا تو میں آپ سے کل پھر مخاطب ہوں گا اور کل کسی اور قسم کا احتجاج ہوگا۔‘

  13. بریکنگ, ’ہم نے اس الیکشن کمشنر کے نیچے عام انتخابات نہیں لڑنا‘: عمران خان

    سابق وزیر اعظم عمران خان نے موجودہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کے ہوتے ہوئے آئندہ عام انتخابات نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

    انھوں نے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’جو کردار موجودہ الیکشن کمشنر نے ادا کیا، انھیں سزا دینی چاہیے۔

    ’انھوں نے ہمیں الیکشن ہرانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا۔ سکندر سلطان جیسا بد دیانت الیکشن کمشنر نہیں دیکھا۔‘

    وہ کہتے ہیں کہ ’اس نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات اور ضمنی الیکشن کو بارش کی وجہ سے ملتوی کر دیا ہے۔ ایسا پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔۔۔ یہ تحریک انصاف کے خلاف فیصلے دیتا ہے۔‘

  14. ’186 ارکان کپتان کی تقریر سن رہے ہیں‘

    سابق وزیر اعظم عمران خان نے لاہور میں تحریک انصاف اور ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کیا ہے۔

    عمران خان کے چیف آف سکیورٹی سٹاف شہباز گل کہتے ہیں کہ ’186 ارکان کپتان کی تقریر سن رہے ہیں۔‘

    رہنما تحریک انصاف فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ ’پاکستان تحریک انصاف اور اتحاد کے 186 اراکین صوبائی اسمبلی کی تعداد پوری ہوگئی ہے۔‘

    ادھر دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا ہے۔

    صوبائی رکن رانا مشہور کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، اتحادی جماعتوں اور آزاد اراکین پنجاب اسمبلی نے بھرپور شرکت کی ہے۔

  15. بریکنگ, آئی جی، چیف سیکریٹری ایم پی ایز کو مرضی سے ووٹ ڈالنے کے لیے تحفظ فراہم کریں: لاہور ہائیکورٹ

    پنجاب کے ایم پی ایز کی مبینہ ہراسانی اور وزیر اعلی کے انتخاب شفاف طریقے سے کروانے کی درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ جاری کیا ہے جس میں آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ایم پی ایز کو اپنی مرضی سے ووٹ ڈالنے کے لیے تحفظ فراہم کریں۔

    جسٹس عالیہ نیلم نے تحریک انصاف کی درخواستوں پر دو صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا ہے۔ اس کے مطابق ’آئی جی اور چیف سیکریٹری یقینی بنائیں کہ دونوں سائیڈ کے ارکان مرضی کے مطابق وزیراعلی کے انتخاب میں ووٹ ڈالیں۔‘

    لاہور ہائیکورٹ نے ہدایت دی ہے کہ سرکاری وکیل متعلقہ افسران کو عدالتی حکم سے آگاہ کریں۔

    فیصلے میں لکھا ہے کہ ’آئی جی پنجاب کی رپورٹ کے مطابق کسی ایم پی اے کو ہراساں نہیں کیا گیا۔ آئی جی پنجاب کے مطابق کسی ایم پی اے کو تھریٹ نہیں کیا گیا۔‘

    خیال رہے کہ تحریک انصاف نے ایم پی ایز کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کا اقدام چیلنج کیا تھا۔

  16. تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے ایک دوسرے پر ہارس ٹریڈنگ کے الزامات جاری

    پنجاب میں کل وزارت اعلیٰ کا انتخاب ہونے جا رہا ہے جس میں تحریک انصاف و اتحادیوں کے امیدوار پرویز الہیٰ کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز سے ہوگا۔

    اس دوران دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔

    مسلم لیگ کی رکن سنبل مالک کا الزام ہے کہ ق لیگ کی جانب سے انھیں 40 کروڑ کی آفر کی گئی ہے جبکہ تحریک انصاف کے رکن سعید رفاقت گیلانی کہتے ہیں کہ انھیں ایک ارب سے زیادہ کی پیشکش کی گئی ہے۔

    ادھر صوبائی وزیر داخلہ عطا اللہ تارڑ نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور تین ارکان کو قانونی نوٹس بھیجے ہیں اور کہا ہے کہ ان پر عائد کردہ الزامات جھوٹے ہیں کیونکہ انھوں نے تحریک انصاف کے کسی رہنما کو پیسوں کی پیشکش نہیں کی ہے۔

  17. ’کیا ریاست پاکستان چاہتی ہے کہ ہمارے نوجوان جذبات میں آ کر بندوق اٹھا لیں؟‘

    حکومتی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنے کارکنان کو پُرامن رہنے کی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ ’ہم نے جذبات کو قابو میں رکھ کر سیاسی مقابلہ کرنا ہے۔‘

    بنوں میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے قبائلی علاقوں میں ’جے یو آئی کے علما کی ٹارگٹ کلنگ‘ کی مذمت کرتے ہوئے اتور کو خیبر پختونخوا میں احتجاج کی کال دی ہے۔

    وہ کہتے ہیں کہ ’کون عدم استحکام پیدا کر رہا ہے ہم جانتے ہیں۔۔۔ کیا ریاست پاکستان چاہتی ہے کہ ہمارے نوجوان جذبات میں آ کر بندوق اٹھا لیں؟‘

    ’اس ملک کو بچانے میں ہمارا بھی کردار ہے۔ فوج اس ملک کو نہ بچا پاتی اگر عوام اس کے پیچھے نہ ہوتی۔۔۔ ملک میں افراتفری نہیں چاہتے۔‘

    وہ کہتے ہیں کہ ’عمران خان کی حکومت کے خاتمے سے ہم نے پاکستان کو بچایا ہے، اس حکومت کا خاتمہ پاکستان کی بقا کے لیے ضروری تھا۔‘

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’(وزیر اعظم) شہباز شریف غیر ضروری شرافت دکھا رہے ہیں۔ میں نے حکومت کو کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں ڈالا جائے۔‘

  18. ’ایسی کوئی اطلاعات نہیں،‘ خواجہ آصف کا نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے سوال کا جواب

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے نئے آرمی چیف کی ’تعیناتی کا پراسس‘ شروع ہونے سے متعلق اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر ادارے نیوٹرل ہو رہے ہیں تو یہ بہت خوش آئند بات ہے۔‘

    انھوں نے جمعرات کو پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’ہم نے الیکشن میں مداخلت نہ کر کے ایک نئی روایت کو جنم دیا ہے۔ اگر کوئی اور ادارہ جیسے اسٹیبلشمنٹ نے مداخلت چھوڑ دی ہے تو ہمیں خوشی ہونے چاہیے، بجائے یہ کہ ان کے سربراہ پر تنقید کی جائے۔‘

    ’اداروں کا نیوٹرل ہونا آئین میں شامل ہے۔ یہ اچھی شروعات ہے جس کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔‘

    خیال رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نومبر میں ریٹائر ہوجائیں گے۔

  19. تحریک انصاف ’نئے الیکشن کمیشن اور انتخابات پر گفتگو کے لیے تیار‘

    رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ ان کی جماعت ’نئے الیکشن کمیشن کی تشکیل اور انتخابات کے فریم ورک پر گفتگو کے لیے تیار‘ ہے۔

    ’لیکن ایک طرف آپ ہارس ٹریڈنگ سمیت ہر حربہ آزما رہے، چلیں جب شوق پورا ہو جائے بتا دیں۔‘

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں دو کیمپ بن چکے ہیں جن میں سے ’شہباز شریف کا کیمپ الیکشن نہیں چاہتا۔‘

  20. بریکنگ, کابینہ کی سابق ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان کو نیب چیئرمین بنانے کی منظوری: خواجہ آصف