سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کو ٹرسٹی وزیر اعلی رکھنے پر کسی بھی فریق نے کوئی اعتراض نہیں کیا اور وہ محدود اختیارات کے ساتھ اپنے عہدے کے فرائض ادا کریں گے۔
جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے وزیر اعلیٰ کے امیدوار چودھری پرویز الٰہی کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
درخواست میں پرویز الہی نے ڈپٹی سپیکر کی اُس رولنگ کو چیلنج کیا تھا جس کی بنیاد پر مسلم ق کے ارکان اسمبلی کے ووٹوں کو مسترد کر دیا گیا تھا۔
تین رکنی بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔
چھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ صوبے کا وزیر اعلیٰ اور اس کی کابینہ کے بغیر تصور نہیں ہے، اس لیے صوبے کے عوام کی بہتری اور گورننس کے لیے حمزہ شہباز بطور ٹرٹسی وزیر اعلیٰ فرائض ادا کریں گے۔
تین رکنی بنچ نے پابند کیا ہے کہ حمزہ شہباز اپنے اختیارات سے کوئی سیاسی فائدہ نہیں اٹھائیں گے اور نہ ہی ایسے انتظامی اقدام کر سکیں گے جس سے ان کے حامیوں کو کوئی مدد ہوسکے۔
اس کے ساتھ ساتھ تحریری فیصلے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ فیصلہ آنے تک حمزہ شہباز آئین کے ساتھ وفادار رہتے ہوئے بطورِ وزیر اعلی اپنے اختیارات محدود رکھیں گے۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے وکلا ڈپٹی سپیکر کی رولنگ پر جواز پیش نہیں کرسکے۔
عدالت نے باور کرایا کہ اس صورت میں وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی حیثیت پر شکوک ہیں اور حمزہ شہباز کو منتخب وزیر اعلی نہیں کہا جا سکتا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ فریقین کے درمیان بالکل یکم جولائی والی صورتحال ہو چکی ہے اور یکم جولائی کو فریقین کی رضا مندی سے حمزہ شہباز کو ٹرسٹی وزیر اعلی بنایا گیا تھا۔
سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے قرار دیا ہے کہ حمزہ شہباز ٹرسٹی وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ کسی آئینی پیچیدگی یا خلا سے بچا جا سکے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ حمزہ شہباز انتظامی اقدامات، تقرر اور پولیس کارروائی کے ذریعے اپنی جماعت اور حامیوں کو کسی طرح سیاسی فائدہ نہیں دے سکتے۔
سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے حکم دیا ہے کہ مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت کا تحریر کردہ خط بھی آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری تمام متعلقہ ریکارڈ 25 جولائی کو عدالت میں پیش کریں۔
پرویز الہی کی درخواست پر اب سماعت 25 جولائی کو اسلام آبااد میں ہو گی۔