آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پیٹرولیم مصنوعات: عمران خان کی ملک گیر احتجاج کی کال، کراچی ضمنی انتخابات میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک

سابق وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر اتوار کی شام ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے۔ اُدھر صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں این اے 240 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ کے اختتام پر فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حالات اب قابو میں ہیں اور گنتی کا عمل جاری ہے۔

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا

    مگر بی بی سی اردو کی لائیو کوریج جاری ہے۔ تازہ ترین خبروں کے لیے نیا صفحہ وزٹ کریں۔

  2. ٹریفک حادثے میں دانیال عزیز ’شدید زخمی‘، وزیر اعظم کا اظہار افسوس

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شکر گڑھ میں مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کے ساتھ ہونے والے ٹریفک حادثے پر دُکھ کا اظہار کیا ہے۔

    وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق دانیال عزیز اس حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔ ’وزیرِ اعظم کا دانیال عزیز کی اہلیہ سے فون پر رابطہ، دانیال عزیز کی صحت یابی کے لیے دعا گو۔‘

    اس بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو دانیال عزیر کی صحت یابی تک علاج معالجے کے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے اور حادثے میں ہلاک ہونے والے شخص کے اہلیخانہ سے اظہار افسوس کیا ہے۔

  3. ’سرکاری گھر اور گاڑی نہیں لی‘, مفتاح اسماعیل

    وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا کہ ان کو آلاٹ کیے گئے گھر کی تزئین و آرائش پر ’سرکاری خزانے سے 48 لاکھ کے اخراجات آئے ہیں۔‘

    ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انھوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون کے گھر میں رہائش پذیر ہیں اور انھیں منسٹرز انکلیو میں ایک گھر آلاٹ کیا گیا ہے تاہم ان کا اس گھر میں شفٹ ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

    وہ کہتے ہیں کہ ’اس گھر پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا۔ میں نے سرکار سے کار نہیں لی اور نہ ہی پیٹرول یا تنخواہ لیتا ہوں۔‘

  4. ’ملزمان کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے‘: الیکشن کمیشن کی پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت, این اے 240 ضمنی انتخاب میں فائرنگ اور تصادم

    چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے قومی اسمبلی حلقہ 240 کراچی میں قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف صوبائی الیکشن کمشنر، سندھ پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے۔

    ایک بیان میں ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ’ملزمان کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے تخریبی عناصر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے، قانون کے تحت کارروائی کرنے کا حکم جاری کیا اور کسی قسم کی نرمی نہ برتنے کی تاکید بھی کی ہے۔

    ’ مزید یہ کہ صوبائی الیکشن کمشنر کو ہدایت کی واقعہ کی رپورٹ فوری الیکشن کمیشن کو ارسال کرے تاکہ کمیشن کی سطح پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔‘

    ’امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے میں ملوث شرپسندوں کے خلاف کارروائی کریں‘

    دوسری طرف الیکشن کمشنر سندھ نے ڈی جی رینجرز سندھ کو خط میں ’امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے میں ملوث شرپسندوں اور مجرموں کے خلاف کارروائی‘ کی درخواست کی ہے۔

    اس خط میں کہا گیا ہے کہ ’این اے 240 کورنگی میں ضمنی الیکشن جاری ہے، الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے مجاز اتھارٹی کے نوٹس میں آیا ہے لانڈھی اور کورنگی کے مختلف علاقوں میں چند ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے ہیں۔

    ’پولنگ کے انعقاد اور نتائج کی گنتی کے عمل میں خلل پڑ رہا ہے۔ پولنگ کا سامان پولنگ سٹیشنوں سے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کورنگی ریٹرننگ آفیسر (آر او) کے دفتر تک پہنچانا ہے۔ آپ سے درخواست ہے کہ رینجرز کے متعلقہ افسران کو مزید ہدایت کریں، امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے میں ملوث شرپسندوں اور مجرموں کے خلاف کارروائی کریں۔

    اس میں یہ گزارش کی گئی کہ ’ایک پولنگ سٹیشن سے دوسرے پولنگ سٹیشن تک نقل و حمل کے دوران پولنگ میٹریئل اور عملے کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنائیں۔‘

  5. ’اگر ملک کو سنبھال نہیں سکتے تھے تو کیوں سازش کی‘

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’پُرامن احتجاج کے لیے پوری قوم، تمام شعبے کے افراد کو دعوت دیتا ہوں۔۔۔ یاد رکھیں جو مہنگائی آگے آ رہی ہے وہ اس سے کہیں زیادہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ ویڈیو لنک کے ذریعے اتوار کی رات 10 بجے بات کریں گے۔ ’میں ان لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں۔ اگر ملک کو سنبھال نہیں سکتے تھے تو کیوں سازش کی۔ ملک سہی جگہ لگا ہوا تھا، اسے کیوں ڈی ریل کیا۔

    ’کیا آپ کو آج یاد آیا ہے کہ عالمی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ بارہا کہا تھا بڑی مشکل سے لوگوں کو مہنگائی سے بچا رہے ہیں۔ پہلے ہمارے خلاف مہنگائی مارچ ہو رہی تھی۔‘

  6. بریکنگ, عمران خان کی اتوار کو ملک گیر احتجاج کی کال

    سابق وزیر اعظم عمران خان نے اتوار کو ملک گیر احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسی روز رات 10 بجے قوم سے خطاب کریں گے۔

    اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’قوم اتوار کو رات نو بجے احتجاج پر نکلے۔ 10 بجے قوم سے مخاطب ہوں گا۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’جب ہم گئے تو پیٹرول کی قیمت 150 روپے تھی۔ ہمارے دور میں تیل کی قیمت 50 روپے بڑھی۔ ہمیں بھی آئی ایم ایف نے کہا تھا آپ سبسڈی ہٹائیں۔ جب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھتی ہے تو ساری چیزیں مہنگی ہوجاتی ہے۔ ہم نے 200 ارب روپے کی سبسڈی دی۔‘

    انھوں نے کہا ہے کہ اب تک پیٹرول کی قیمت میں 85 روپے بڑھایا گیا ہے۔ ’ہم نے ڈیزل 145 روپے پر رکھا تھا۔ انھوں نے ڈیزل کی قیمت میں 115 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ اس سے ٹرانسپورٹ مہنگی ہوتی ہے۔‘

    عمران خان نے متنبہ کیا ہے کہ پیٹرول، ڈیزل اور دیگر اشیا ابھی مزید مہنگی ہوں گی۔

  7. ’جو قانون ہاتھ میں لے اس سے سختی سے نمٹا جائے‘

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے حلقہ این اے 240 میں ضمنی انتخاب کے دوران فائرنگ اور تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں اٹھانے کی اجازت نہیں۔

    بیان کے مطابق انھوں نے آئی جی کو ہدایت دی ہے کہ الیکشن کا ماحول پُرامن رکھا جائے۔ ’جو قانون ہاتھ میں لے اس سے سختی سے نمٹا جائے۔ الیکشن میں حصہ لینے والے تمام سیاسی جماعتوں کو پرامن رہنے کی ہدایت۔ ہم سیاسی لوگ ہیں، ہمیں پرامن اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔‘

  8. کراچی کے ضمنی انتخاب میں پولنگ کے دوران بے ضابطگیوں کا الزام

    مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے کراچی کے حلقے این اے 240 کے ضمنی انتخاب میں بے ضابطگیوں کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی بعض ویڈیوز میں اسلحے کی نمائش اور پولنگ عمل میں مداخلت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

    صحافی نعمت خان نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’کراچی میں آج ہونے والے ضمنی انتخاب میں ایک سیاسی جماعت کے کارکن کو بیلٹ پیپرز چوری کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔‘

  9. بریکنگ, ضمنی انتخاب میں فائرنگ سے ایک ہلاک، آٹھ افراد زخمی: پولیس سرجن

    نامہ نگار ریاض سہیل کا کہنا ہے کہ پولیس سرجن کے مطابق کراچی ضمنی انتخاب میں فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ دس افراد زخمی ہوئے ہیں۔

  10. الیکشن کمیشن: این اے 240 کے ضمنتی انتخاب میں گنتی کا عمل جاری، ’حالات اب کنٹرول میں ہیں‘

    الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ضمنی انتخاب کے دوران فائرنگ کے بعد صوبائی سطح پر اقدامات کیے گئے ہیں اور اب حالات کنٹرول میں ہیں۔

    بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کا کہنا ہے کہ ’صوبائی سطح پر پہلے ہی ایکشن لیا جا چکا ہے۔ ہم سب کی توجہ اس پر ہے۔ حالات اب قابو میں ہیں۔‘

    اس کا کہنا ہے کہ این اے 240 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ کے اختتام کے بعد اب گنتی کا عمل شروع ہوگیا ہے اور جیسے ہی آر او آفیسر نتائج دے گا انھیں شیئر کیا جائے گا۔

  11. ’مسلح جتھوں نے الیکشن کمیشن کے عملے کو یرغمال بنایا‘, ایم کیو ایم پاکستان

    ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی کے ضمنی انتخاب کے دوران ’پُرتشدد کاروائیوں اور پولنگ عمل میں رُکاوٹ‘ کی مذمت کی ہے۔

    ایک بیان میں ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کا کہنا ہے کہ ’ایک منظم پلاننگ کے تحت پولنگ کے عمل کو متاثر کیا گیا اور ایم کیو ایم پاکستان کے پولنگ ایجنٹس کو تشدد کا نشانہ بنا کر پولنگ سٹیشنز سے باہر نکالا گیا۔‘

    ’مسلح جتھوں نے الیکشن کمیشن کے عملے کو یرغمال بنایا اور پولنگ سٹیشنز پر تالے لگا دیے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے رہے۔‘

    ایم کیو ایم پاکستان نے الزام لگایا ہے کہ ’پی ایس پی اور ٹی ایل پی کے غنڈہ عناصر اپنے سربراہوں کی سرپرستی میں مسلح ٹولیوں کی شکل میں نکلے اور پورے حلقے میں خوف و ہر اس پھیلایا۔‘

  12. ’سعد حسین کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی‘

    سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں ٹی ایل پی کے سربراہ حافظ سعد رضوی کی کار پر گولیوں کے نشان دیکھے جاسکتے ہیں۔

    ایک ٹویٹ میں فرخ ورائچ کہتے ہیں کہ ترجمان ٹی ایل پی وزیر علی اعوان کے مطابق ’حافظ سعد حسین رضوی کی گاڑی پہ فائرنگ، فائرنگ پی ایس پی کی جانب سے کی گئی۔‘

    تاہم پی ایس پی نے الزام لگایا ہے کہ یہ فائرنگ ٹی ایل پی کے کارکنان کی جانب سے کی گئی تھی۔

  13. دوبارہ حکومت ملی تو تیل اور بجلی کی قیمیں کم کریں گے: فواد چوہدری

    سابق وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو دوبارہ حکومت ملی دوبارہ تیل اور بجلی کی قیمتی کم کریں گے۔

    ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ `ملک چلانا کوئی پرائیویٹ انڈسٹری چلانا نہیں ہے، معاشی ترقی کے لیے انرجی کا سستا ہونا انتہائی اہم ہے۔

    تاہم ان کی ٹوئٹ کے جواب میں مسلم لیگ ن کی رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا ہے کہ `پٹرول، بجلی، گیس، دوائی، آٹا، چینی، آلو، پیاز اور تیل سوچی سمجھی حکمت ِ عملی کے تحت مہنگا کیا گیا۔‘

    `سوچی سمجھی سازشی حکمتِ عملی کے تحت ملک کی معیشت کو تباہ کیا۔‘

  14. بریکنگ, کراچی ضمنی انتخاب: ’ہلاک ہونے والے شخص کو سر میں گولی لگی‘, ریاض سہیل، بی بی سی، کراچی

    پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سعید کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت سیف الدین کے نام سے ہوئی ہے جس کے سر میں گولی لگی اور انھیں مردہ حالت میں جناح ہسپتال لایا گیا۔

    انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ زخمیوں میں 30 سالہ محمد ادریس کو سر پر شدید ضرب آئی ہے۔ 18 سالہ ولید کو ٹانگ میں گولی لگی ہے جبکہ 42 سالہ خالد چوہان کو بھی سر پر چوٹ آئی ہے۔

  15. این اے 240 کا کوئی بھی پولنگ سٹیشن نارمل نہیں تھا, ریاض سہیل، بی بی سی اردو، کراچی

    این اے 240 کے کل 309 میں سے کوئی بھی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں تھا۔ 203 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس اور 106 کو حساس قراردیا گیا تھا۔

    ضمنی انتخاب کے سلسلے میں اس حلقے میں پولگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے جبکہ علاقے میں فائرنگ کے واقعے کے بعد سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

    پاک سرزمین پارٹی اور تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان نے ایک دوسرے پر فائرنگ کا الزام عائد کیا ہے۔

    حلقے میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار 855 تھی، جن میں مرد ووٹروں کی تعداد 2لاکھ 94 ہزار 385، جبکہ خواتین ووٹروں کی تعداد 2لاکھ 35 ہزار 470 تھی۔

    ضمنی انتخاب میں 25 امیدوار تھے تاہم اصل مقابلہ ایم کیوایم ، پیپلزپارٹی ، تحریک لبیک اور پاک سرزمین پارٹی کے مابین متوقع ہے۔

    خیال رہے کہ تحریک انصاف نے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا جبکہ جماعت اسلامی نے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا۔

    عام نتخابات 2018 میں ایم کیوایم پاکستان اقبال محمد علی خان 61165 لیکر کامیاب ہوئے تھے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے محمد آصف 30535 ووٹ لیکر دوسرے اور تحریک انصاف کے فرخ منظور 29941 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر تھے۔

  16. بریکنگ, لانڈھی میں فائرنگ سے ایک ہلاکت، چار افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق

    کراچی کے ضمنی انتخاب میں فائرنگ اور تصادم کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ڈائریکٹر جناح ہسپتال کا کہنا ہے کہ لانڈھی میں فائرنگ سے اب تک ایک شخص کی لاش اور چار زخمیوں کو لایا جاچکا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’ہلاک ہونے والے شخص اور چاروں زخمیوں کو گولیاں لگی ہیں۔‘

    اس ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والی جماعتوں پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے ایک دوسرے کے کارکنان پر فائرنگ کا الزام لگایا ہے۔

  17. کراچی ضمنی انتخاب: ’جو لوگ ہنگامہ آرائی میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی‘, شرجیل میمن کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کے لیے رینجرز تعینات

    وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں ضمنی انتخاب کے دوران فائرنگ اور مسلح تصادم کے بعد پولیس نے صورتحال کو کنٹرول میں لیا ہے اور اس مقام پر رینجرز پہنچ گئے ہیں۔

    نجی چینل اے آر وائے نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ آئی جی کو سختی سے ہدایات کی ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والے لوگوں کو گرفتار کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا ہے کہ این اے 240 بڑا حلقہ ہے جس میں فائرنگ کی اطلاعات کے بعد پولیس وہاں پہنچ گئی تھی۔

    وہ کہتے ہیں کہ امن و امان ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور پولیس نے کچھ لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔

    بعد ازاں ایک بیان میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پولیس حکام کے مطابق پانچ سے چھ لوگ زخمی ہیں جنھیں ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ’آئی جی سندھ کو وزیراعلی نے ہدایت کی ہے کہ شرپسندوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ پولیس اور ریِنجرز تعینات ہے فائرنگ کے واقعات وہاں ہوئے جہاں پولنگ سٹیشن نہیں تھے۔‘

    کراچی کو کسی صورت میں پرانے طرز عمل پر نہیں جانے دیں گے ۔‘

  18. بریکنگ, کراچی میں ضمنی الیکشن: پولنگ کے اختتام پر فائرنگ

    کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 میں ضمنی الیکشن کے موقع پر فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق لانڈھی 6 کے پولنگ کیمپ کے پاس مرکزی شاہراہ پر فائرنگ ہوئی ہے۔

    یہ نشست ایم کیو ایم کے اقبال محمد علی کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ اس ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف حصہ نہیں لے رہی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کیا گیا ہے۔

    نامہ نگار ریاص سہیل کا کہنا ہے پولنگ کے اختتام پر پی ایس پی اور ٹی ایل پی کے کارکنان آمنا سامنا ہوا اور اس نے تصادم کی شکل اختیار کر لی۔

    علاقے میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں پولنگ سٹیشنز کے آس پاس کے علاقوں میں مارکیٹس بند کر دی گئیں ہیں۔

    پولیس اور رینجرز علاقے میں صورتحال کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    • مارکیٹس کو بروقت بند کرنے سے 4000 میگا واٹ بجلی بچا سکتے ہیں: حکومت

      وفاقی حکومت نے مہنگے تیل سے پیدا ہونے والی بجلی کی بچت کے لیے قومی سطح پر عادات بدلنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بروقت مارکیٹیں بند کرنے سے 4000 میگاواٹ تک بجلی بچائی جاسکتی ہے۔

      اسلام آباد میں وفاقی وزرا نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

      وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ `گذشتہ رات تیسری مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانی پڑی اس کی دو وجوہات تھیں ایک تو پی ٹی آئی حکومت سے ملنے والی کھنڈر معاشی صورتحارل اور غلط پالیسیاں تھیں، ہمارے پاس دو آپشن تھے کہ ہم فوری الیکشن میں جاتے اور عبوری حکومت معاشی فیصلے کرتی یا ہم خود مشکل فیصلے کرتے۔`

      ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ جو مکمل نہیں ہوا اور اس کی تکمیل کا تمام ترانحصار دسمبر کی کارکردگی پر تھا، اس موقع پر سابق حکومت نے جاتے جاتے سبسڈی دے دی جس کا مقصد آنے والوں کے لیے مشکلات پیدا کرنا تھا۔

      خواجہ آصف نے کہا کہ گذشتہ رات پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود اب بھی متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) جو کہ پٹرولیم مصنوعات پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات بھی کرتا ہے میں رائج نرخوں سے کم ہے، اگر معیشت اچھی ہوتی اور دھچکے برداشت کرسکتی تو فوری طور پر مشکل فیصلے نہ کرتے۔

      `آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا ۔ چالیس پچاس سال سے نقصان میں جانے وا لے درجنوں سرکاری اداروں کی نجکاری کی جائے تا کہ انھیں بہتر انداز سے چلایا جاسکے۔ پاکستان سٹیل مل ، پی آئی اے ،ایس این جی پی ایل ، ایس ایس جی ایل ، ڈسکوز سمیت دیگر 90 فیصد ادارے خسارے میں چل رہے ہیں ان کی نجکاری ہونی چاہیے اور ان اداروں کے ملازمین کوایک اچھا گولڈن شیک ہینڈ دیا جائے تا کہ وہ کوئی اور کام کرسکیں۔‘

      وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں پر رات ایک بجے تک مارکیٹیں کھلی ہوتی ہیں حالانکہ 365 دن سورج نکلتا ہے لیکن ہم اس سے استفادہ نہیں کرتے، ہماری پوری قوم با لخصوص تاجروں سے اپیل ہے کہ وہ مہذب ممالک میں رائج اوقات اپنائیں۔

      انھوں نے کہا کہ تیل ، بجلی ،گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کا مقابلہ کفایت شعاری سے ہی ممکن ہے۔

    • یکم جولائی سے کینسر اور عام ادویات تمام ہسپتالوں میں مفت ملیں گی: حمزہ شہباز

      وزیراعلی پنجاب حمزہ شہبازنے ایوان وزیراعلیٰ میں پریس کانفرنس پریس میں کے دوران کہا ہے کہ 48 گھنٹے میری کابینہ اور اراکین بیٹھے رہے لیکن اجلاس شروع ہوتا اور رکتا رہا میرے پاس نمبرز بھی پورے تھے۔

      ئی جی کو بلانے کے مطالبے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئینی و قانونی راستے دیکھے آئی جی کا وہی حشر ہوتا جو ڈپٹی سپیکر کا ہوا تھا۔

      وزیراعلی پنجاب حمزہ شہبازنے کہا کہ`میں خوش ہوں کہ بجٹ پیش ہو گیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔

      ان کا کہنا تھا کہ `4 سال ہسپتالوں میں ادویات نہیں ملتی تھیں لیکن یکم جولائی سے کینسر اور عام ادویات تمام ہسپتالوں میں مفت ملیں گی۔

      `میں نے انتظامیہ کو کہا ہے کہ میں سفارش نہیں کروں گا لیکن ایماندار افسر لگائیں اور عوام کی داد رسی کریں پرویز الہی اور عمران خان کان کھول کر سن لیں جب تک اللہ چاہے گا میں یہاں بیٹھا ہوں میں عوام کی خدمت کے لئے یہاں پر موجود ہوں۔‘

      ان کا کہنا تھا کہ `میں خود میدان عمل میں نکلتا ہوں پرائس کنٹرول کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں کچن کی 8 آئٹمز کو ایک خاص حد کے اندر رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، پرانے معاہدوں کی وجہ سے یہ سب ہو رہا ہے 3 ماہ میں ہمیں یہ بجٹ دینا پڑا یہ مشکل وقت گزر ہی جائے گا انتخاب کا وقت آئے گا تو ہم عوام کو خاصا ریلیف دے چکے ہوں گے کسی امیر ترین ملک میں بھی پٹرول پر سبسڈی نہیں دی جاتی۔‘

      حمزہ شہباز نے کہا کہ `ہم نے صوبے میں 50 لاکھ ٹن گندم خریدی اور 2200 روپے فی من دے کر کسانوں کو ان کا حق دیا آج عالمی منڈی میں گندم کی قیمت 5000 روپے فی من ہو چکی ہے مجھے کہا گیا کہ آپ گندم اور آٹے پر سبسڈی دے رہے ہیں تو آپ کیخلاف نیب کا کیس بن سکتا ہے لیکن میں نے غریب عوام کے حق میں فیصلہ کیا۔‘