مختلف ممالک میں موجود 180 پاکستانی اب تک کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں: دفتر خارجہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ محتاط اندازوں کے مطابق دنیا بھر کے مختلف ممالک میں لگ بھگ 180 پاکستانی اب تک کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
وزارت خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے یہ اعدادوشمار ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں بات چیت کرتے ہوئے بتائے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی ملک میں ایک، کسی میں چار اور کسی میں دس پاکستانی ہلاک ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک خاص طور پر مغربی ممالک میں پرائیویسی (مریضوں کی معلومات خفیہ رکھنا) کا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے معلومات نہیں مل پا رہی ہیں۔
عائشہ فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ چند ممالک میں مریضوں میں شہریت کی بنیاد پر تفریق نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی علیحدہ تفصیلات ہمارے سفارت خانوں کو فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے ان 180 پاکستانیوں میں سے 30 پاکستانی سعودی عرب میں ہلاک ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے ایک اجلاس میں آگاہ کیا تھا کہ سعودی عرب میں کورونا سے اب تک 30 پاکستانی ہلاک جبکہ 150 کے لگ بھگ اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔
وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ 180 پاکستانیوں کی ہلاکت کا اندازہ آزاد ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر لگایا گیا ہے کیونکہ بہت سے ممالک اس حوالے سے فی الحال تفصیلات جاری نہیں کر رہے ہیں۔









