آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پاکستان میں متاثرین 27 ہزار کے قریب، سینیٹ اجلاس میں شمولیت کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی

پاکستان میں کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 27 ہزار کے لگ بھگ ہے جبکہ ہلاکتوں کی کُل تعداد 611 ہے۔ سینیٹ سیکریٹریٹ نے اپنے اگلے اجلاس کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے جس میں تمام سینیٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں آنے سے قبل اپنا اپنا کورونا ٹیسٹ لازمی کروائیں۔

لائیو کوریج

  1. خیبر میڈیکل یونیورسٹی ایک دن میں 1000 سے زیادہ کورونا ٹیسٹ کرنے میں کامیاب

    خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا کے مطابق صوبے میں کورونا کے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور بدھ کو صوبے میں 1500 سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے۔

    ان میں سے 1085 ٹیسٹ خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں کیے گئے۔

    اب تک صوبے میں 26585 ٹیسٹ کیے جا چکی ہیں جن میں سے 3712 مثبت آئے تھے۔

  2. بلوچستان: متاثرہ افراد میں سے نصف کی عمر 15 سے 44 کے درمیان, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    بلوچستان میں کورونا وائرس سے متائثر ہونے والے نصف سے زائد افراد کی عمریں 15 سے 44 سال کے درمیان ہیں۔

    محکمہ صحت بلوچستان کی یومیہ رپورٹ میں جن 1659 افراد کا تجزیہ پیش کیا گیا ہے ان میں سے 1005 کی عمر 15 سے 44 سال کے درمیان ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں 30 سے 44 سال کی عمر والے افراد کورونا سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

    سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 465 افراد کی عمر 15 سے 29 سال کے درمیان ہے۔ جبکہ 300 افراد کی عمر 45 سال سے 59 سال کے درمیان ہے۔

    صوبے کے متاثرین میں 1310 مرد اور 349 خواتین شامل ہیں۔

  3. قطر میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے پروازوں کا اعلان

    سمندر پار پاکستانیوں کے لیے وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ قطر میں پھنسے 5500 پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے اگلے دو ہفتوں میں پانچ پروازیں چلائی جائیں گی۔

    قطر میں موجود پاکستانی کمیونٹی سے ایک ٹیلی کانفرنس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں اپنی نوکریوں سے نکالے جانے والے 700 پاکستانیوں کو بلامعاوضہ پاکستان لایا جائے گا اور ان کی واپسی کے ٹکٹ کا خرچہ ان کی کمپنیاں اٹھائیں گی۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ بےروزگار افراد کو کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے نوکریاں دی جائیں گی۔

  4. ’کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے دس لاکھ رضاکار حکومت کی مدد کر رہے ہیں‘

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے دس لاکھ رضاکار راشن کی تقسیم میں اس وقت حکومتی اداروں کی مدد کر رہے ہیں۔

    ریڈیو پاکستان کے مطابق ایک تقریب میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں انھوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس قوم کی خدمت میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ صرف گجرانوالہ میں 82839 رضاکاروں نے کورونا فورس میں شمولیت اختیار کی ہے جن میں سے 10612 نے تربیت مکمل کر لی ہے اور 2400 سے زائد نے مختلف اداروں اور محکموں کے لیے کام کرنا شروع کر دیا ہے۔

  5. خیبر پختونخوا کو جدید بائیوسیفٹی کیبنٹس بھیج دی گئیں

    پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے مطابق خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کو وائرس سے بچاؤ کے لیے ضروری سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔

    ایک بیان کے مطابق پی ڈی ایم اے نے ٹیسٹنگ میٹریل کومحفوظ اورمخصوص درجہ حرارت میں رکھنے کے لئے تین جدید بائیوسیفٹی کیبنٹس محکمہ صحت کو بھیجی ہیں۔

  6. لاک ڈاؤن جنسی بیماریوں کو ختم کرنے کا نادر موقع ہے

  7. فیصل ایدھی کا ’ایک کورونا ٹیسٹ نیگیٹیو‘

    پاکستان کے مشہور سماجی کارکن اور ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ نیگیٹیو آیا ہے۔

    اُن کے صاحبزادے سعد نے بی بی سی کی فرحت جاوید کو بتایا کہ ان کے والد کا ایک کورونا ٹیسٹ نیگیٹیو آ چکا ہے اور ایک اور ٹیسٹ جمعرات کی شب کیا گیا تھا جس کا نتیجہ ابھی آنا ہے۔

    یاد رہے کہ فیصل ایدھی میں کورونا کی تشخیص سے کچھ ہی دن پہلے ان کی وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔ فیصل ایدھی میں کورونا کی تشخیص کے بعد وزیراعظم کا بھی کورونا ٹیسٹ ہوا تھا تاہم وہ بھی نیگیٹیو آیا۔

  8. کورونا کے باعث سرحدوں کی بندش، طورخم پر پھنسے سینکڑوں افغان شہری وطن روانہ

  9. برطانیہ میں کووڈ 19 سے ہلاک ہونے والے طبی اہلکاروں کی کہانیاں

    برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیلتھ ورکر، نرس اریمہ نسرین تھیں۔

    36 برس کی اریمہ کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے ہیلتھ ورکرز میں سب سے کم عمر بھی تھیں۔ وہ برمنگھم کے والسل مینور ہسپتال میں کام کرتی تھیں۔

    ان کی موت کا اعلان ان کی ایک ساتھی نرس ایمی او رُوک کے ساتھ کیا گیا۔ دونوں ہی تین، تین بچوں کی مائیں تھیں۔

    ان کی ایک ساتھی روبی اختر نے کہا ہے کہ ’اریمہ ایک بہت ہی پیاری اور سچی شخصیت تھیں۔‘

    رائل کالج آف نرسنگ مِڈلینڈ کے ڈائریکٹر مائیک ایڈم نے کہا کہ ’کوئی کورونا وائرس کا شکار ہوجائے تو یہ ایک المیہ ہے اور اگر ایک نرس اس کا شکار ہو جائے تو یہ اور بھی بڑا المیہ ہے۔‘

    اریمہ نسرین کا تعلق پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے شہر میرپور سے تھا۔ ان کے چار بھائی اور تین بہنیں تھیں جو بچپن ہی سے برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔

    وہ اپنے بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھیں۔ ان کا بچپن اپنی نانی کی خدمت میں گزرا جس کی وجہ انھیں نرسنگ کا پیشہ بہت پسند تھا۔

  10. ’معیشت کی بحالی کے لئے لاک ڈاؤن میں نرمی لانا چاہتے ہیں‘

    پاکستان کے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کی بحالی کے لئے لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی لانا چاہتی ہے۔

    ریڈیو پاکستان کے مطابق انھوں نے کہا کہ کئی مغربی ممالک بھی اسی لیے لاک ڈاؤن میں نرمی لا رہے ہیں کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے ان کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے عنقریب منعقد ہونے والے خصوصی اجلاس میں کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بحث کی جائے گی۔

  11. شاہ محمود قریشی: کورونا سے نمٹنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان کی ضرورت ہے

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے ایک نیا نیشنل ایکشن پلان ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔

    ریڈیو پاکستان کی خبر کے مطابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت 18ویں ترمیم کو ختم نہیں بلکہ بہتر کرنا چاہتی ہے۔

  12. سکول کب کھلیں گے؟ قومی رابطہ کمیٹی آج فیصلہ کرے گی

    تعلیمی اداروں کو اگلے ماہ کی یکم تاریخ سے کھولنے کی سفارشات پر غور کرنے کے لیے جمعرات کو پاکستان کی قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس کی صدارت وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

    ریڈیو پاکستان کے مطابق وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے اس سے قبل اسلام آباد میں صوبائی وزرا کی کانفرنس کی صدارت کی تھی جس میں پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے نمائندوں نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سکولوں کو بند رکھنے کی تجویز دی۔

    تاہم خیبر پختونخوا نے اگلے ماہ سے سکول کھولنے کی تجویز دی ہے۔

  13. بریکنگ, ایک دن میں 1523 نئے متاثرین کی شناخت، لگاتار چوتھے دن ہزار سے زیادہ نئے متاثرین

    پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کنٹرول (این سی او سی) کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے روزانہ جاری کی گئی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق چھ مئی کو ملک میں 1523 نئی متاثرین کی شناخت ہوئی جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔

    این سی او سی کے مطابق اب تک پاکستان میں مجموعی طور پر 24073 متاثرین کی شناخت ہو چکی ہے جس میں سے 564 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 6464 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

    چھ مئی کو ملک میں یومیہ سب سے زیادہ ٹیسٹ کرنے کا بھی نیا ریکارڈ قائم ہوا اور 24 گھنٹوں میں کُل 12196 ٹیسٹس کیے گئے۔

  14. بریکنگ, قومی اسمبلی کا اجلاس 11 مئی کو طلب، اراکین اسمبلی کو لانے کے لیے خصوصی پروازیں چلیں گی

    کورونا وائرس کی وبا کے دوران قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے حوالے سے پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 11 مئی کو سہ پہر تین بجے ہوگا۔

    اس اجلاس میں شرکت کرنے کی غرض سے ارکان کے لیے کراچی اور کوئٹہ سے خصوصی پروازیں چلیں گی۔

    اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس ایک دن کے وقفے سے ہوا کرے گا جس میں کورم کی نشاندہی نہیں کی جائے۔

    یہ بھی بتایا گیا کہ اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا صورتحال، معیشت پر اثرات اور حکومتی اقدامات کے بارے میں تین گھنٹے بحث ہوا کرے گی۔

    اجلاس میں وقفہ سوالات، توجہ دلاؤ نوٹس، تحاریک استحقاق نہیں لی جائے گی جبکہ ملاقاتیوں کا پارلیمنٹ ہاؤساور لاجز میں داخلہ نہیں ہوگا۔

    اس کے علاوہ فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی وزرا اپنے عملے کا ایک رکن ساتھ لاسکیں گے جبکہ اجلاس کی کارروائی کی کوریج کے لیے صحافیوں کی تعداد کافیصلہ پی آر اے کرے گی۔

    سفارش کی گئی کہ اجلاس سے قبل ارکان پارلیمنٹ اور سیکریٹریٹ کے عملے کے کورونا وائرس ٹیسٹ کرائے جائیں۔

  15. جنسی ہراس کا الزام ثابت، پاکستانی وزارت خارجہ کا اہلکار برخاست

  16. بریکنگ, خیبر پختون خوا کے صوبائی وزیر کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت

    پاکستان کے صوبے خیبر پختون خوا میں صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد نے ٹوئٹر پر پیغام دیا کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انھوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

  17. پاکستان میں متاثرین 27 ہزار کے قریب، سینیٹ اجلاس میں شمولیت کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی

  18. اب امریکی صدر ٹرمپ کا روزانہ کورونا ٹیسٹ ہوگا:وائٹ ہاؤس

  19. پاکستان میں اب تک کی تازہ ترین صورتحال!

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے 1487 متاثرین رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ 24 گھنٹوں میں اتنے مصدقہ مریض رپورٹ ہوئے ہوں۔

    اب تک ملک میں کل متاثرین کی تعداد 24037 ہو گئی ہے جبکہ 564 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

    پاکستان میں اب تک کووڈ 19 سے 6452 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

  20. کورونا وائرس کی وبا آخر کب ختم ہوگی؟

    کورونا وائرس کی وجہ سے اب دنیا بھر میں اربوں لوگ لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے اپنے گھروں میں بند ہیں۔ معیشتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور کروڑوں افراد بے روزگار ہوئے ہیں۔مگر کیا یہ وبا کبھی ختم ہوگی اور اگر ہاں تو اس میں کتنا عرصہ لگ سکتا ہے، دیکھیے اس ڈیجیٹل ویڈیو میں۔