آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پاکستان میں متاثرین 27 ہزار کے قریب، سینیٹ اجلاس میں شمولیت کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی

پاکستان میں کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 27 ہزار کے لگ بھگ ہے جبکہ ہلاکتوں کی کُل تعداد 611 ہے۔ سینیٹ سیکریٹریٹ نے اپنے اگلے اجلاس کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے جس میں تمام سینیٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں آنے سے قبل اپنا اپنا کورونا ٹیسٹ لازمی کروائیں۔

لائیو کوریج

  1. جانیے گھر بیٹھے ماسک بنانے کی ترکیب

  2. پاکستان میں پلازما تھیراپی سے علاج کا پہلا تجربہ, فرحت جاوید، بی بی سی اردو، اسلام آباد

    حیدر آباد کے ایک عمر رسیدہ شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ان کی حالت مسلسل خراب ہو رہی تھی۔ ڈاکٹروں نے انھیں وینٹیلیٹر پر منتقل کیا تاکہ وہ باآسانی سانس لے سکیں۔

    اس دوران ان کی ڈاکٹر بیٹی نے ہسپتال کے حکام سے گزارش کی کہ ان کے والد کا علاج ’پلازما تھیراپی' کے ذریعے کیا جائے۔ ڈاکٹروں نے ان کی درخواست قبول کر لی اور اب وہ پاکستان میں کووڈ 19 کے پہلے ایسے مریض بن گئے ہیں جن کے علاج کے لیے پلازما تھیراپی کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔

    حیدر آباد کے لیاقت یونیورسٹی ہسپتال میں کورونا وائرس سے متعلق فوکل پرسن ڈاکٹر آفتاب نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 53 سالہ اس مریض کو ایسے شخص کے خون کا پلازما منتقل کیا گیا ہے جو کورونا وائرس سے صحتیاب ہو چکا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مریض کے اہلخانہ نے ’رضاکارانہ طور پر خود کو اس تجربے کے لیے پیش کیا ہے۔‘

    پلازما تھیراپی کیا ہے اور پاکستان میں اس طریقے سے کووڈ 19 کے مریضوں کا علاج کیسے ہو رہا ہے؟ جاننے کے لیے کلک کیجیے

  3. شبلی فراز: احتیاط نہ کی گئی تو دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑے گا

    وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کو کھولنے کا قدم عوام کے تعاون سے ہی کامیاب ہو سکتا ہے تاہم اگر شہریوں نے احتیاط نہ کی تو حکومت کو دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑے گا۔

    وزیر اطلاعات نے جمعے کی صبح ٹوئٹر پر ایک بیان شیئر کرتے ہوئے کہا: ’عوام کی صحت کی حفاظت اور معاشی روانی کوساتھ لے کر چلنا ہے۔ل اک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کا فیصلہ پِسے ہوئے کمزور طبقات کے لیے جذبہ احساس کا مظہر ہے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ اس طرح چھوٹے کاروباروں کو سہارا ملے گا جبکہ طویل المعیاد لاک ڈاؤن چھوٹے کاروبار والوں کے روزگار کو ہمیشہ کے لئے ٹھپ کرسکتا ہے۔

    انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری شعبوں کیلئے بنائے گئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا اور کہا کہ کورونا پوری قوم کا مشترکہ مسئلہ ہے اور عوام کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہے۔

  4. لاہور: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر دو ہزار سے زائد کیسز درج

    لاہور میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اب تک دفعہ 144 اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی پر 2197 ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں۔

    لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کی ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید کی جانب سے جاری کی جانے والی تفصیلات کے مطابق شہر میں 7845 موٹرسائیکل اور گاڑیاں بند کر دی گئیں۔

  5. امریکہ سے پاکستان واپس آنے کے خواہش مند افراد کے لیے ضروری معلومات

  6. ’ارطغرل پر پاکستان میں اتنا اچھا ردِ عمل آیا کہ بیان نہیں کر سکتا‘

  7. طلبا کی سہولت کے لیے ’ریڈیو ایجوکیشن پروگرام‘ پر غور

    وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کے دور دراز علاقوں تک فاصلاتی تعلیم کے منصوبے کو توسیع دینے کے لئے ’ریڈیو ایجوکیشن پروگرام‘ شروع کرنے پرغور کر رہی ہے۔

    ریڈیو پاکستان کی خبر کے مطابق شفقت محمود نے کہا کہ حکومت طلبا کی سہولت کے لیے تجاویز، طریقہ کار اور ٹیلی ایجوکیشن سسٹم کو مستحکم بنائے گی۔ گب کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑی جماعتوں کے لیے آن لائن نظام تعلیم کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

  8. قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کو طلب

    قومی اسمبلی کی جانب سے جاری ہونے والی ایک بیان کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 54 کی شق 1 کے تحت قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کو سہ پہر تین بجے اسلام آباد میں طلب کیا ہے۔

    اس سے قبل دوران قومی اسمبلی کے ورچوئل اجلاس سے متعلق کمیٹی نے صحت سے متعلق حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز کے تحت قومی اسمبلی کے ممبران اور عملے کی صحت کو یقینی بناتے ہوئے قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد کرنے کی سفارش کی تھی۔

    کمیٹی نے متبادل دن پر ہونے والی تقریباً تین گھنٹے طویل پارلیمانی بحث کو حکومت کی طرف سے کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے، ملک کی معیشت پر وائرس کے اثرات اور اس کی بحالی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات تک محدود رکھنے کی سفارش کی تھی۔

  9. لاک ڈاؤن میں ہر کوئی ’بنانا بریڈ‘ کیوں ڈھونڈ رہا ہے؟

  10. اسلام آباد میں نئے مریض، متاثرین کی کُل تعداد 25837 ہوگئی

    پاکستان کی سرکاری ویب سائٹ کووڈ ڈاٹ گوو ڈاٹ پی کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کے 37 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثریں کی کُل تعداد 25837 ہوگئی ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان میں 1764 نئے مریضوں میں کورونا کی تشخیص ہوئی جو کہ ایک دن میں اب تک سامنے آنے والی سب سے بڑی تعداد ہے۔

  11. پاکستان واپس آنے والوں کے لیے خصوصی پروازیں، دبئی ایئر پورٹ کے مناظر

  12. بریکنگ, عالمی ادارہ صحت: پاکستان میں 86 فیصد مقامی منتقلی کے کیسز

    عالمی ادارہ صحت نے اپنی سات مئی کا رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 24073 مصدقہ متاثرین میں سے 20725 یعنی 86 فیصد مریضوں کو مقامی منتقلی کی وجہ سے وائرس لگا ہے۔

    بقیہ 14 فیصد وہ متاثرین ہیں جن کو بیرون ملک سفر کے دوران وائرس لگا۔

    مقامی منتقلی کے سب سے زیادہ متاثرین اسلام آباد میں ہیں جہاں 503 مریض یعنی 96 فیصد کو مقامی سطح پر وائرس لگا ہے۔

    سب سے بڑے صوبے پنجاب میں مقامی منتقلی کے مریض 83 فیصد (یعنی 7547 مریض) ہیں جبکہ سندھ میں 90 فیصد (یعنی 7766 مریض) مقامی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔

  13. پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں امتحانات منسوخ، اگلی جماعتوں میں پرومشن کا اعلان, ایم اے جرال، صحافی

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب ثانوی و انٹرمیڈیٹ بورڈ میرپور کے تحت رجسڑڈ طلبہ و طلبات کے تحریری امتحانات کا انعقاد نہ ہونے پر تمام طلبہ و طلبات کو بغیر امتحانات کے اگلی کلاسزمیں پرموٹ کرنے کی منظوری دے دی۔

    محکمہ کےنوٹیفکیشن کے مطابق ثانوی شعبہ میں جماعت نہم اور انٹرمیڈیٹ کے شعبہ میں سال اول یعنی ایف اے اور ایف ایس سی میں زیر تعلیم تمام طلبہ و طلبات کو اگلی کلاسزمیں بغیر امتحانات کے پرموٹ کر دیا گیا ہے.

    ان طلبہ و طلبات سے اگلے سال جماعت دہم اور سال دوم کےامتحانات لیے جائیں گے اور ان کلاسز میں حاصل کیے جانے والے مارکس کو کلاس نہم اور سال اول کے مارکس کے طور پر شمار کیا جائے گا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق جن طلبہ و طلبات نے ایف اے و ایف ایس سی کے امتحانات دینا تھے انکو گذشتہ برس کی کلاسوں میں حاصل کردہ مارکس دے کر نتائج مرتب کیے جائیں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق شعبہ ثانوی میں جماعت دہم اور انٹرمیڈیٹ میں سال دوم کے جو طلبہ و طلبات مختلف مضامین میں فیل ہیں اور انکو ضمنی امتحانات میں حصہ لینا ہے ان سے تحریری امتحان ہر صورت لیا جائے گا جس کے لیے تاریخ اعلان بعد میں کیا جائے گا.

  14. بریکنگ, پنجاب میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں تقریباً ہزار نئے متاثرین کی شناخت

    پنجاب کے صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے رات گئے ٹویٹ میں صوبے میں سامنے آنے والے نئے متاثرین کی تفصیلات دی گئیں جس کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں کل 956 نئے متاثرین کی شناخت ہوئی ہے جس کے بعد پاکستان بھر میں کل متاثرین کی تعداد 25800 ہو گئی ہے۔

    انھیں 24 گھنٹوں میں صوبے میں 19 مزید افراد کی ہلاکتیں بھی ہوئی جس کے بعد پنجاب میں کل 194 اموات اور پاکستان بھر میں کُل 605 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

    اس ٹویٹ میں مزید یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں ایک روز میں 4199 ٹیسٹس کیے گئے ہیں۔

  15. بلوچستان: گذشتہ 24 گھنٹوں میں دو اموات، 66 نئے مریض

    محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کورونا کے 66 نئے مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں جبکہ دو مزید ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔

    تازہ اعدادوشمار کے مطابق بلوچستان میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 1725 ہو چکی ہے جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 24 ہے۔

    صوبائی محکمہ صحت کے مطابق اس وقت صوبے بھر میں مشتبہ مریضوں کی کُل تعداد 16 ہزار سے زائد ہے۔

    صوبے میں اب تک 13241 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ آج (جمعرات) کیے گئے ٹیسٹوں کی تعداد 476 ہے۔

    بلوچستان میں مجموعی طور پر 209 مریض اب تک صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

  16. بریکنگ, گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آ گیا

    گورنر سندھ عمران اسماعیل کا دوسرا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انھوں نے آگاہ کیا ہے کہ آج انھیں ان کے دوسرے کورونا ٹیسٹ کے نتائج موصول ہوئے ہیں۔

    ’میری امید کے برخلاف یہ ٹیسٹ دوبارہ مثبت آیا ہے۔ میں ان تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں جنھوں نے میرے لیے دعائیں کی۔ میری تربیت میں مقابلہ کرنا ہے۔ اللہ نے مجھے لڑنے کی طاقت دی ہے اور میں مقابلہ جاری رکھوں گا۔‘

    یاد رہے کہ گورنر سندھ میں 28 اپریل کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

  17. کراچی میں اموات زیادہ نہیں بلکہ کم ہوئی ہیں: گورنر سندھ

    گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ہسپتالوں اور قبرستانوں سے حاصل کیے گئے اعدادوشمار اس بات کا واضح اظہار کرتے ہیں کہ اگر شہر کی آبادی کے تناسب سے بات کی جائے تو موجود وقت میں اموات کی مجموعی تعداد میں اضافہ نہیں بلکہ تھوڑی کمی ہوئی ہے۔

    یاد رہے کہ عمران اسماعیل خود بھی کورونا کا شکار ہیں اور فی الحال قرنطینہ میں اپنا وقت گزار رہے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کا مزید کہنا ہے کہ کورونا وائرس ایک فلو ہے اور اگر ہم فلو کے اعدادوشمار پر میڈیا میں بات چیت کا آغاز کر دیں تو ایسا محسوس ہو گا جیسے صورتحال بہت تشویشناک ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایسا ہی دیگر عام بیماریوں کے حوالے سے بھی ہے، بدقسمتی سے بیماری سے زیادہ افراتفری گندی سیاست سے پھیل رہی ہے۔

  18. سرکاری و نجی دفاتر نو مئی کے بعد بھی بند رہیں گے: مرتضی وہاب

    مشیر وزیر اعلی سندھ مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ ماسوائے تعمیراتی صنعت سے متعلقہ چند شعبوں کے تمام کاروبار اور بزنس جو نو مئی تک بند ہیں وہ آئندہ بھی بند رہیں گے۔

    نجی ٹی وی کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عوام میں اس طرح کا خیال پیدا ہوا ہے جیسے نو مئی کے بعد بیشتر کاروبارِ زندگی کھل جائے گا مگر ایسا نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آج کی میٹنگ کے بعد جو دستاویز جاری کیا ہے اس کے مطابق تمام وہ سرکاری اور نجی دفاتر جو نو مئی سے پہلے بند تھے وہ آئندہ بھی بند رہیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ چھوٹی دکانوں کے علاوہ تمام شاپنگ مالز، شاپنگ پلازے، بڑی مارکیٹیں اور تعلیمی ادارے بدستور بند رہیں گی۔ انھوں نے کہا کہ ریستوران، ہوٹلز، شادی ہالز، سینیما اور ایسے دیگر عوامی مقامات بند رہیں گے جبکہ سماجی و مذہبی اجتماعات پر وہی پابندی برقرار رہے گی جو نو مئی تک تھی۔

  19. خیبرپختونخوا: وزیر اعلی کے معاونِ خصوصی کورونا سے صحت یاب

    وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش کورونا کے مرض سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔

    کامران بنگش کا کورونا ٹیسٹ چند روز قبل مثبت آیا تھا تاہم حالیہ ٹیسٹ میں انھیں کورونا وائرس سے پاک قرار دیا گیا ہے۔

    اپنے ایک پیغام میں کامران بنگش نے عوام کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔

  20. گلگت بلتستان میں مصدقہ متاثرین کی تعداد 394 ہو گئی

    محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے چھ نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد اس خطے میں کورونا مریضوں کی تعداد 394 ہو گئی ہے۔

    اس دورانیے میں چار مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں اور اب یہاں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 292 ہو گئی ہے۔

    گلگت بلستان میں اب تک کورونا کے باعص تین مریض ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اس وقت خطے کے ہسپتالوں میں زیرِ علاج مریضوں کی تعداد 292 ہے۔

    گلگت بلستان محکمہ صحت کے مطابق یہاں کورونا سے صحت مند مریضوں کی شرح 74 فیصد ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی شرح صرف 0.76 فیصد ہے۔

    گلگت بلستان میں سب سے متاثرہ ضلع استور ہے جہاں پر اس وقت 63 مریض ہیں جبکہ گلگت میں 21 مریض ہیں۔ 867 افراد کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار ہے۔